Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 17 June-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۷۱/جون ۶۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ریاست میں جون کے پہلے 15 دنوں میں نہایت کم بارش؛ کسانوں کو تخم ریزی میں عجلت نہ کرنے کا مشورہ۔
٭ مہاراشٹر کے دیہی علاقوں کیلئے پینے کے پانی کی پالیسی کا اعلان؛ منتخب امیدواروں کو توثیق شدہ ذات صداقت نامہ پیش کرنے کیلئے چھ ماہ کی حتمی توسیع۔
٭ ہر خواتین بچت گروپوں کو ایک ہیکٹر زمین پانچ برسوں کیلئے لیز پر دینے کا فیصلہ۔
٭ ترقی یافتہ بھارت کا خواب شرمندہئ تعبیر کرنے کیلئے ہر شہری کے تعاون کی ضرورت: مرکزی مملکتی وزیر نیموبین بامبھنیا کا عندیہ؛ چھترپتی سمبھاجی نگر کے مختلف صنعتی منصوبوں کا معائنہ۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ میں آئندہ پانچ دنوں میں چند ایک مقامات پر تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
ریاست میں جون کے پہلے پندرہ دنوں میں محض 27.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی‘ جس کے پیشِ نظر کسانوں کو تخم ریزی میں عجلت نہ کرنے کا مشورہ حکومت کی جانب سے دیا گیا ہے۔ اس مہینے کے پہلے نصف میں اوسطاً 103.8 ملی میٹر بارش ہوتی ہے۔ اس تناسب سے ریاست میں نہایت ہی کم بارش ہوئی۔ یہ اطلاع کل منعقدہ ریاستی کابینہ کے اجلاس میں دی گئی۔ کوکن اور وسطی مہاراشٹر میں بارش کے آغاز کا امکان ہے جبکہ ودربھ اور مراٹھواڑہ میں کل 18 جون سے بارش شروع ہوگی۔ کسانوں کو صلاح دی گئی ہے کہ بارش کی صورتحال کے مطابق ہی کھیتی سے متعلق تمام کاموں کا آغاز کریں۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ میں اس برس موسمِ برسات کی ابتداء میں ملی جلی تصویر سامنے آرہی ہے۔ پورے ڈویژن میں ماہِ جون کیلئے اوسطاً 71.5 ملی میٹر بارش متوقع ہوتی ہے۔ تاہم‘ اس برس اب تک صرف 40.7 ملی میٹر بارش ہوئی ہے۔ دھاراشیو ضلع میں جون کے مہینے میں سب سے زیادہ 112 فیصد بارش ہوئی‘ جبکہ چھترپتی سمبھاجی نگر اور جالنہ اضلاع میں سب سے کم صرف 19 فیصد بارش ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ زراعت نے کاشتکاروں سے کہا ہے کہ 75 تا 100 ملی میٹر قابلِ تخم ریزی بارش ہونے تک تخم ریزی میں عجلت نہ کریں۔
***** ***** *****
ریاست کے دیہی علاقوں میں پینے کے پانی کی قلّت کو ختم کرنے کیلئے مؤثر اور مستقل اقدامات پر زوردینے والی مہاراشٹر دیہی پینے کے پانی کی پالیسی 2026 کا‘ کل اعلان کردیا گیا۔ کل ممبئی میں منعقدہ اجلاس میں کابینہ نے اس پالیسی کو منظوری دی۔ مختلف اسکیموں کو یکجا کرکے اس پالیسی پر عمل درآمد کیا جائے گا۔
مقامی خود مختار اداروں میں محفوظ نشستوں پر منتخب ہونے والے امیدواروں کو توثیق شدہ کاسٹ سرٹیفکیٹ پیش کرنے کیلئے چھ ماہ کی حتمی توسیع کرنے کا فیصلہ بھی کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا۔ اس ضمن میں متعلقہ آرڈیننس میں ترمیم کی جائیگی‘ ڈرون اور اس کے مماثل آلات کی تیاری کے حوالے سے مہاراشٹر خودکار نظام پالیسی کو کابینی اجلاس میں منظوری دے دی گئی۔
***** ***** *****
ریاست کے ہر خاتون بچت گروپ کو ایک ہیکٹر سرکاری زمین پانچ سال کیلئے لیز پر دینے کا فیصلہ حکومت نے کیا ہے۔ وزیرِ محصول چندر شیکھر باون کُڑے نے کل ناگپور میں ایک اخباری کانفرنس میں یہ اطلاع دی۔ اس اسکیم کے تحت بچت گروپس کو جانوروں کے چارے اور بانس کی کاشت کیلئے اور چراگاہ کی تیاری کیلئے ایک لاکھ روپئے کی سبسیڈی بھی دی جائیگی۔
***** ***** *****
خاندان میں اندرونی تقسیم کیلئے باہمی رضامندی یا عدالت کے حکم پر زمین کی پیمائش کیلئے صرف 200 روپئے فیس لینے کا فیصلہ ریاستی حکومت نے کیا ہے۔ عاجلانہ پیمائش کے خواہشمند افراد اضافی فیس دیکر یہ خدمات کم وقت میں حاصل کرسکتے ہیں۔ عام پیمائش تین ماہ میں اور تیز پیمائش ایک ماہ میں مکمل کی جائیگی۔
***** ***** *****
مہاراشٹر پولس کی جدید سازی کیلئے مرکزی حکومت نے 733 کروڑ 28 لاکھ روپئے کا فنڈ منظور کرلیا ہے۔ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے سوشل میڈیا کے ذریعے یہ اطلاع دی۔ اس رقم کا 60 فیصد مرکزی حکومت اور 40 فیصد ریاستی حکومت ادا کرے گی۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ اس فنڈ سے مہاراشٹر کے محکمہئ پولس کو مزید مستعد اور فعال بنانا ممکن ہوپائے گا۔
***** ***** *****
مرکزی وزیرِ مملکت نیمو بین بامبھنیا نے کہا ہے کہ ترقی یافتہ بھارت 2047 کا خواب شرمندہئ تعبیر کرنے کیلئے ہر شہری کے تعاون کی ضرورت ہے۔ کل انھوں نے چھترپتی سمبھاجی نگر کے شیندرا اور بڑکن کے آرِک سٹی میں مختلف صنعتی منصوبوں کا معائنہ کیا۔ اس کے علاوہ دہلی- ممبئی صنعتی راہداری (DMIC) کے تحت بننے والے گرین انڈسٹرئیل کوریڈور کے بارے میں تفصیلات حاصل کیں۔ اس موقع پر انھوں نے کہا کہ یہ منصوبہ مہاراشٹر کی صنعتی ترقی کے ساتھ ساتھ روزگار پیدا کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ سمیت ریاست کے ہلدی کاشتکاروں کو بااختیار بنانے کیلئے پربھنی کی وسنت راؤ نائیک مراٹھواڑہ زرعی یونیورسٹی اور ہنگولی ضلع کے بسمت کے باڑا صاحب ٹھاکرے ہلدی تحقیق و تربیتی مرکز کے درمیان کل ایک مفاہمتی معاہدہ کیا گیا۔ اس تین سالہ معاہدے کے سبب دونوں اداروں میں سائنسی ہنرمندی‘ تجربہ گاہ اور تحقیقی وسائل کے تبادلے ممکن ہوسکیں گے۔
***** ***** *****
NEET کے پرچے افشاء ہونے کے معاملے میں وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے کے مطالبے پر کل ناگپور کے سنویدھان چوک پر کاکروچ جنتا پارٹی کی جانب سے مظاہرہ کیا گیا۔ اس مظاہرے سے قبل منعقدہ اطلاعی کانفرنس میں کاکروچ جنتا پارٹی کے بانی ابھیجیت دیپکے نے وزیر دھرمیندر پردھان کے استعفے کے مطالبے کا اعادہ کیا۔ انھوں نے 20جون کو دہلی میں دوبارہ مظاہرہ کرنے کا بھی اعلان کیا۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ میں کل مختلف تنظیموں نے اپنے مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرے کیے۔ شیوسینا اُدّھو باڑا صاحب ٹھاکرے پارٹی کی جانب سے تمام کسانوں کے قرضہ جات معاف کرنے اور سات بارہ ریکارڈ قرض سے پاک قرار دینے سمیت دیگر مطالبات پر ضلعی مراکز پر ٹریکٹر مارچ نکالا گیا۔
شکتی پیٹھ مخالف ایکشن کمیٹی نے ناگپور تا گوا مجوزہ شکتی پیٹھ ایکسپریس وے کے منصوبے کو منسوخ کرنے کے مطالبے پر ضلع ہنگولی کے کانڈلی پھاٹہ پر راستہ روکو احتجاج کیا۔ تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک اس شاہراہ پر آمد و رفت روکنے کے بعدمظاہرین نے مطالباتی محضر انتظامیہ کو پیش کیا۔
ماتنگ کرانتی مورچہ تنظیم نے درجِ فہرست ذاتوں میں ریزرویشن کی ذیلی درجہ بندی فوری نافذ کرنے اور دیگر زیر التواء مطالبات کیلئے بیڑ شہر میں ایک ریلی نکالی۔ اسی طرح مہاراشٹر ایس ٹی ملازمین کی مشترکہ ایکشن کمیٹی کی جانب سے بیڑ ڈویژنل دفتر اور تمام ڈپوؤں پر مالی مطالبات کے حق میں مہاآرتی اور گھنٹہ ناد احتجاج کیا گیا۔
غیر مشروط قرض معافی اور فصل بیمے کے مطالبے پر جاری کسان رہنماء روی کانت تُپکر کی جانب سے جاری بھوک ہڑتال کی حمایت میں لاتور میں کرانتی کاری کسان تنظیم کی جانب سے احتجاج کیا گیا اور حکومت کے قرض معافی کے سلسلے میں جاری کردہ حکمنامے کی نقل نذرِ آتش کی گئی۔
***** ***** *****
ضلع لاتور کی رینا پور پنچایت سمیتی کے تکنیکی معاون غوث پاشاہ چاند شیخ کو محکمہ انسدادِ رشوت ستانی کی ٹیم نے دس ہزار روپئے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔ اس نے شکایت کنندہ کے آبپاشی کنویں کے کام کی تکمیلی رپورٹ جاری کرنے کیلئے یہ رشوت طلب کی تھی۔
***** ***** *****
FIH ہاکی کپ کے خواتین مقابلوں میں بھارتی ٹیم نے چھ پوائنٹس حاصل کرکے سیمی فائنل میں جگہ بنالی ہے۔ نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ میں کھیلے گئے کوارٹر فائنل میں بھارت نے جاپان کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے دی۔
***** ***** *****
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ پانچ دنوں کے دوران مراٹھواڑہ کے چند ایک مقامات پر تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔ آج چھترپتی سمبھاجی نگر، جالنہ، بیڑ اور ناندیڑ اضلاع میں بارش ہوسکتی ہے‘ جبکہ 18 اور 19 کو چھترپتی سمبھاجی نگر، جالنہ اور بیڑ اضلاع میں بعض مقامات پر گرمی کی لہر برقرار رہنے کا امکان ہے۔
ممبئی کے علاقائی موسمیاتی مرکز نے پیش گوئی کی ہے کہ 19 سے 25 جون کے دوران مراٹھواڑہ میں اوسط سے زیادہ بارش ہوسکتی ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ ریاست میں جون کے پہلے 15 دنوں میں نہایت کم بارش؛ کسانوں کو تخم ریزی میں عجلت نہ کرنے کا مشورہ۔
٭ مہاراشٹر کے دیہی علاقوں کیلئے پینے کے پانی کی پالیسی کا اعلان؛ منتخب امیدواروں کو توثیق شدہ ذات صداقت نامہ پیش کرنے کیلئے چھ ماہ کی حتمی توسیع۔
٭ ہر خواتین بچت گروپوں کو ایک ہیکٹر زمین پانچ برسوں کیلئے لیز پر دینے کا فیصلہ۔
٭ ترقی یافتہ بھارت کا خواب شرمندہئ تعبیر کرنے کیلئے ہر شہری کے تعاون کی ضرورت: مرکزی مملکتی وزیر نیموبین بامبھنیا کا عندیہ؛ چھترپتی سمبھاجی نگر کے مختلف صنعتی منصوبوں کا معائنہ۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ میں آئندہ پانچ دنوں میں چند ایک مقامات پر تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment