Wednesday, 24 June 2026

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 24 جون 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 24 June-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۴۲/جون ۶۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ صدرِ جمہوریہ کے ہاتھوں دوسرے مرحلے کے پدم اعزاز تفویض؛ ریاست کی سات معزز شخصیات بھی شامل۔
٭ ریاست کے تمام پولس تھانوں میں انسدادِ منشیات دستہ قائم کرنے کا وزیرِ اعلیٰ کا اسمبلی میں تیقن۔
٭ ایس ٹی ملازمین کے مہنگائی بھتے میں اضافہ اور تنخواہ میں سالانہ اضافے کی شرح تین فیصد کرنے کا وزیرِ حمل و نقل کا اعلان۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر کے اسپتال کیلئے 10 کروڑ روپئے فوری فراہم کرنے کی ریاستی حکومت کی یقین دہانی۔
اور۔۔۔٭ ریاست میں مانسون دوبارہ فعال؛ ممبئی‘ پونا اور مراٹھواڑہ کے چند اضلاع میں بارش کی شروعات۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
راشٹرپتی بھون میں منعقدہ ایک پُروقار تقریب میں کل صدرِ جمہوریہ دروپدی مُرمو نے دوسرے مرحلے کے پدم اعزاز تفویض کیے۔ ٹینس کھلاڑی وجئے امرت راج‘ اداکار مموٹی‘ پلے بیک گلوکارہ الکا یاگنک اور کرکٹر روہت شرما سمیت 65 ممتاز شخصیات کو پدم اعزاز سے نوازا گیا۔ اس سال مرکزی حکومت نے مجموعی طور پر 131 پدم اعزاز کا اعلان کیا تھا۔ جن میں پانچ پدم وِبھوشن‘ 13 پدم بھوشن اور 113 پدم شری ایوارڈز شامل ہیں۔ کل منعقدہ تقریب میں ریاست کی سات معزز شخصیات کو بھی پدم ایوارڈز دئیے گئے۔
***** ***** *****
مرکزی وزیرِ داخلہ و امدادِ باہمی امیت شاہ نے کہا ہے کہ کسانوں کو براہِ راست شراکت داری بڑھانے کیلئے خریداری کے عمل میں دلالوں اور بیچولیوں کا کردار ختم کرنا ضروری ہے۔ کل نئی دہلی میں اٹل اکشئے اُرجا بھون میں نافیڑ کے نیلامی پورٹل کا افتتاح امیت شاہ کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ کم از کم ضمانتی نرخ کا مکمل فائدہ کسانوں تک پہنچانے کیلئے دالوں اور تلہن کی خریداری زیادہ سے زیادہ بلاواسطہ کسانوں سے کی جائے۔ امیت شاہ نے کہا کہ 2014 میں بند ہونے کے دہانے پر کھڑی نافیڑ نے وسیع اصلاحات اور شفاف کارکردگی کی بدولت آج 30 ہزار کروڑ کا کاروباراور 500 کروڑ روپئے کا منافع حاصل کیا ہے۔ انھوں نے کہا:
Byte: Home Minister Amit Shah
***** ***** *****
زراعت و کسانوں کی فلاح و بہبود کے مرکزی وزیر شیوراج سنگھ چوہان نے کل نئی دہلی میں ایل نینو کے ممکنہ اثرات کے تناظر میں موسمیاتی تغیرات اور اس کے زراعت پر مرتب ہونے والے اثرات کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔ اس اجلاس میں مختلف ریاستوں کے وزرائے زراعت‘ سیکریٹریز‘ ضلع کلکٹرز اور متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں اس برس ممکنہ کم بارش کو مدِنظر رکھتے ہوئے ضروری تیاریوں‘ متبادل فصلوں کی منصوبہ بندی اور کسانوں کے مفادات کے تحفظ پر تبادلہئ خیال کیا گیا۔
***** ***** *****
منشیات کی فروخت‘ اسمگلنگ اور استعمال کو روکنے کیلئے ریاستی حکومت کی جانب سے ایک جامع مہم چلائی جارہی ہے۔ اس سلسلے میں وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کل ریاستی قانون ساز اسمبلی میں بتایا کہ منشیات کے کاروبار اور استعمال کی مکمل روک تھام کیلئے ہر ضلع کے پولس تھانوں میں خود مختار انسدادِ منشیات اکائی قائم کی جائیگی۔ انھوں نے کہا کہ نکسل مخالف دستے اور انسدادِ بدعنوانی بیورو کے خطوط پر انسدادِ منشیات دستے میں بہترین افسران کی تعیناتی کیلئے اضافی ترغیبی اقدامات پر بھی غور کیا جارہا ہے۔
***** ***** *****
وزیرِ حمل ونقل پرتاپ سرنائیک نے کل قانون ساز کونسل میں اعلان کیا کہ ریاستی ملازمین کی طرز پر ایس ٹی ملازمین کے مہنگائی بھتے کو 53 فیصد سے بڑھا کر 58 فیصد کیا جائے گا۔ انھوں نے مکانوں کے کرایہ الاؤنس اور تنخواہ میں سالانہ اضافے کی شرح بڑھانے کا بھی اعلان کیا۔ سرنائیک نے یقین دہانی کرائی کہ مہنگائی بھتہ، مکان کرایہ بھتہ اور سالانہ اضافے سمیت تقریباً پانچ ہزار 649 کروڑ کی بقایہ رقم کی جلد ادائیگی کیلئے حکومت کوشش کررہی ہے۔ انھوں نے یہ بھی بتایا کہ ایس ٹی ملازمین نے 29 جون کو اپنا مجوزہ احتجاج واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
***** ***** *****
ریاست میں دودھ اور دودھ سے تیار ہونے والی اشیاء میں ہونے والی ملاوٹ روکنے کیلئے ”دودھ ملاوٹ قانون“ وضع کرنے کا عمل جاری ہے۔ خوراک اور ادویات انتظامیہ کے وزیر نرہری جھرواڑ نے کل قانون ساز کونسل میں ایک سوال کے تحریری جواب میں بتایا کہ اس مجوزہ قانون میں ملاوٹ کی مقدار کی بنیاد پر چھ ماہ سے لیکر عمر قید اور 10 لاکھ روپئے جرمانے کی تجویز شامل ہے۔ اس سلسلے میں ملند نارویکر نے ایوان میں سوال اٹھایا تھا۔
***** ***** *****
پردھان منتری فصل بیمہ اسکیم کیلئے پربھنی ضلع میں پانچ لاکھ 73 ہزار 302 کسانوں نے بیمے کی درخواستیں داخل کی ہیں۔ اس بنیاد پر تین لاکھ 84 ہزار 725 ہیکٹر اراضی کا بیمہ کیا گیا ہے۔ سویا بین کی فصلوں کیلئے 124 کروڑ روپئے کے بیمے کی رقم منظور کی گئی ہے، جس میں سے 123 کروڑ روپئے تقسیم کیے جاچکے ہیں۔ یہ اطلاع زرعی سپرنٹنڈنگ افسر دولت چوہان نے دی۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
آئندہ 42 مہینوں کے دوران ودربھ کے ہر ضلع میں تاڑوبا کی طرز پر ٹائیگر پروجیکٹ قائم کیا جائے گا۔ جبکہ کوکن، مغربی مہاراشٹر، مراٹھواڑہ اور خاندیش کے ہر ضلع میں تیندوا سفاری قائم کی جائیگی۔ یہ اطلاع وزیرِ جنگلات گنیش نائیک نے کل اسمبلی میں دی۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میں اسمارٹ سٹی منصوبے کے تحت تعمیر کیے گئے اسپتال کو فعال بنانے کیلئے 10 کروڑ روپئے فوری طور پر فراہم کیے جائیں گے۔ وزیر اُدئے سامنت نے کل قانون ساز کونسل کو بتایا کہ چھترپتی سمبھاجی نگر اسمارٹ سٹی منصوبے کے تحت مرکزی حکومت‘ ریاستی حکومت اور میونسپل کارپوریشن کے اشتراک سے 900 کروڑ روپئے منظور کیے گئے تھے‘ جن سے ایک جدید طرز کا اسپتال تعمیر کیا گیا۔ انھوں نے کہا کہ اس اسپتال میں طبّی آلات‘ عملے کی تقرری اور دیگر ضروریات کیلئے 10 کروڑ روپئے فراہم کرنے کیلئے ریاستی حکومت کی جانب سے میونسپل کارپوریشن کو فوری ہدایات جاری کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
کسانوں کو جعلسازی پر مبنی قرض معافی کی بجائے مکمل قرض معافی فوری طور پر دی جائے‘ اس مطالبے کے حق میں کانگریس نے ناندیڑ میں مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے کسانو ں کو معیاری کھاد اور تخم کی فراہمی‘ خواتین پر مظالم کی روک تھام‘ گیس سلنڈر، پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی، بے روزگار نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی‘ اور NEET سمیت دیگر امتحانات کی شفافیت بڑھانے کا بھی مطالبہ کیا۔
اسی دوران کانگریس کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکاڑ نے اردھاپور تعلقے میں خودکشی کرنے والے ایک کسان کے گھر جاکر اہلِ خانہ سے تعزیت کی اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
***** ***** *****
ریاست کی تقریباً 50تا 55 لاکھ سنگل مدرس کے وقار، تحفظ اور انھیں بااختیار بنانے کیلئے خود مختار جامع پالیسی چلانے کا فیصلہ ریاستی حکومت نے کیا ہے۔ یہ اطلاع خواتین اور بہبودِ اطفال کی وزیر آدیتی تٹکرے نے دی۔ ممبئی میں سنگل مدر ڈے اور مجوزہ سنگل مدر پالیسی کے حوالے سے ضلعی سطح پر منعقدہ ایک ورکشاپ سے وہ خطاب کررہی تھیں۔ اس موقع پر وزیر آدیتی تٹکرے اور ضلع کلکٹر آنچل گوئل کے ہاتھوں خواتین اور بچوں کی فلاحی اسکیموں کی تفصیلات سے متعلق کیو آر کوڈ کا اجراء بھی عمل میں آیا۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع میں 16 جون تا 31 جولائی کے دوران دست و پیچش کی روک تھام کی مہم چلائی جارہی ہے۔ ضلع پریشد کے چیف ایکزیکٹیو افسر منّو پی ایم نے تمام گرام پنچایتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے علاقوں کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے فعال کردار ادا کریں۔ اس مہم کے تحت ضلع کے اسکولوں‘ آنگن واڑی مراکز اور بنیادی صحت مراکز کے پانی کی ایف ٹی کے ذریعے جانچ کی جائیگی۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر کے علاقائی ٹرانسپورٹ دفتر کے ملازمین کی 16 جون سے مختلف مطالبات کے حق میں غیر معینہ مدت کی ہڑتال جاری ہے۔ اس ہڑتال کے باعث نئی گاڑیوں کے اندراج‘ ٹیکس‘ فٹنیس اور دیگر تمام کام متاثر ہورہے ہیں۔
***** ***** *****
ریاست میں کل ممبئی‘ ودربھ اور مراٹھواڑہ میں مانسون کی پیش قدمی نظر آئی۔ ممبئی‘ تھانہ، پونہ، کولہاپور اور مراٹھواڑہ کے چند اضلاع میں زوردار بارش ہوئی۔ چھترپتی سمبھاجی نگر شہر اور اطراف و اکناف کے علاقوں میں بھی اچھی بارش ہوئی۔آج سے مراٹھواڑہ کے مختلف علاقوں میں گرج چمک اور ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیش گوئی محکمہ موسمیات نے کی ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ صدرِ جمہوریہ کے ہاتھوں دوسرے مرحلے کے پدم اعزاز تفویض؛ ریاست کی سات معزز شخصیات بھی شامل۔
٭ ریاست کے تمام پولس تھانوں میں انسدادِ منشیات دستہ قائم کرنے کا وزیرِ اعلیٰ کا اسمبلی میں تیقن۔
٭ ایس ٹی ملازمین کے مہنگائی بھتے میں اضافہ اور تنخواہ میں سالانہ اضافے کی شرح تین فیصد کرنے کا وزیرِ حمل و نقل کا اعلان۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر کے اسپتال کیلئے 10 کروڑ روپئے فوری فراہم کرنے کی ریاستی حکومت کی یقین دہانی۔
اور۔۔۔٭ ریاست میں مانسون دوبارہ فعال؛ ممبئی‘ پونا اور مراٹھواڑہ کے چند اضلاع میں بارش کی شروعات۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment