Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 30 June-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۰۳/جون ۶۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ آئندہ برس سے اساتذہ اہلیتی امتحان (TET) آن لائن طریقے سے لیا جائے گا:اسکولی تعلیم کے ریاستی وزیر کا اعلان۔
٭ بے موسم بارش سے متاثرہ کسانوں کی امداد کیلئے 717 کروڑ روپے منظور؛ تاہم کانگریس نے کسانوں کی قرض معافی کو قرار دیا دھوکہ۔
٭ نصراپور میں کمسن بچی کے ساتھ جنسی زیادتی اور قتل معاملے میں ملزم کو پھانسی کی سزا۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ کے آبی ذخائر گذشتہ برس کے مقابلے کم و بیش 9 فیصد کم۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
اسکولی تعلیم کے ریاستی وزیر دادا بھوسے نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ برس سے اساتذہ اہلیتی امتحان (TET) آن لائن طریقے سے منعقد کیا جائے گا۔ وزیرِ موصوف کل اسمبلی میں اس معاملے پر بیان دے رہے تھے۔ انھوں نے بتایا کہ امتحان کیلئے ضروری بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے چیف سیکریٹری کی صدارت میں ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ انھوں نے تیقن دیا کہ آئندہ یہ امتحان مکمل شفافیت کے ساتھ منعقد کیے جائیں گے۔ انھوں نے بتایا کہ طلبہ کو اس بار ہونے والے TET کے دوبارہ امتحان کیلئے کوئی فیس ادا نہیں کرنی ہوگی۔
دوسری جانب TET امتحانی پرچہ افشاء ہونے کے معاملے پر اسمبلی کے دونوں ایوانوں میں ہنگامہ آرائی ہوئی۔ اسمبلی اسپیکر نے اس معاملے میں مخالف جماعتوں کی جانب سے تحریک ِ التواء کو مسترد کردیا‘ جس کے بعد مخالف جماعتوں کے اراکین نے اسمبلی سے واک آؤٹ کیا۔ وہیں قانون ساز کونسل میں اپوزیشن نے اس معاملے کی جانچ مرکزی تفتیشی ایجنسی (CBI) سے کرانے‘ وزیرِ تعلیم کا استعفیٰ اور محکمہ تعلیم کے کمشنر کو معطل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ایوان کے وسط میں آکر نعرے بازی کی، جس کے باعث ڈپٹی چیئرمین کو ایوان کی کارروئی آدھے گھنٹے کیلئے ملتوی کرنا پڑا۔
***** ***** *****
ریاست کے تمام تعلیمی بورڈوں کے تحت چلائے جارہے تمام اسکولوں میں مراٹھی زبان پڑھائی جارہی ہے یا نہیں‘ اس کی جانچ کیلئے خصوصی مہم چلائی جائے گی۔ وزیرِ تعلیم دادا بھوسے نے کل اسمبلی میں وقفہئ سوالات کے دوران یہ اطلاع دی۔ وزیرِ موصوف نے بتایا کہ عظیم شخصیات کی خدمات پر مبنی ایک نئی کتاب نصاب میں شامل کی جائے گی۔ انھوں نے ایک تحریری جواب میں وضاحت کی کہ کم طلبہ والے اسکولوں کو بند کرنے یا ضم کرنے کا کوئی بھی فیصلہ حکومت نے نہیں کیا ہے۔
***** ***** *****
رواں برس مارچ اور اپریل کے دوران ریاست کے مختلف علاقوں میں آندھی‘ ژالہ باری اور بے موسم بارش سے ایک لاکھ 22 ہزار ہیکٹر زرعی علاقہ متاثر ہوا تھا۔ امداد اور بازآبادکاری کے ریاستی وزیر مکرند پاٹل نے اسمبلی میں بتایا کہ کسانوں کو ہونے والے اس نقصان کے معاوضے کے طورپر سات لاکھ نو ہزار کسانوں کیلئے 717 کروڑ روپئے منظور کیے گئے ہیں۔
***** ***** *****
اسمبلی میں کانگریس پارٹی کے قائد وجئے وڑیٹیوار نے الزام عائد کیا ہے کہ ریاستی حکومت کی اعلان کردہ قرض معافی دراصل کسانوں کے ساتھ ایک دھوکہ ہے۔ انھوں نے اسمبلی میں ضمنی مطالبات پر بحث کے دوران کہا کہ اگرچہ حکومت 56 لاکھ کسانوں کو فائدہ پہنچانے کا دعویٰ کررہی ہے، لیکن مسلسل چار مرتبہ قرض کی بروقت ادائیگی کی سخت شرط عائد کرکے کسانوں کو الجھایا گیا ہے۔
***** ***** *****
ریاست میں غیر قانونی سود خوری کی روک تھام کے قانون کے نفاذ کے بعد اس معاملے میں اب تک ساڑھے گیارہ ہزار شکایات درج کرائی جاچکی ہیں۔ تعاون اور امدادِ باہمی کے ریاستی وزیر بالا صاحب پاٹل نے اسمبلی میں بتایا کہ 830 ہیکٹر سے زائد زمین ساہوکاروں سے کسانوں کو واپس دلائی گئی ہے اور 549 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
قانون ساز کونسل کے ڈپٹی چیئرمین کا چناؤ آئندہ یکم جولائی کو ہوگا۔ ڈپٹی چیئرمین رام شندے نے بتایا کہ خواہش مند امیدوار آج دوپہر 12 بجے تک نامزدگی کا پرچہ داخل کرسکتے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ آج دوپہر ایک بجے اس خصوص میں نامزدگی کے پرچوں کی جانچ کی جائیگی۔
***** ***** *****
پونے ضلع سیشن کورٹ نے کل ضلع کے نصراپور میں بچی کے جنسی استحصال اور قتل کے معاملے میں ملزم بھیم راؤ کامبلے کو پھانسی کی سزا سنائی ہے۔ خصوصی جج ایس آر سالونکے کی عدالت نے گذشتہ 25 تاریخ کو مذکورہ ملزم کو قصوروار قرار دیا تھا۔ عدالت نے ملزم کو موت کی سزا سناتے ہوئے کہا کہ یہ جرم انتہائی ظالمانہ اور غیر انسانی ہے۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ملزم کے خلاف ساڑھے تین سالہ بچی کو جنسی تشدد کا نشانہ بنانے اور قتل کے معاملے میں پیش آئے حالات اور سائنسی ثبوت مضبوط ہیں۔ عدالت نے بتایا کہ صرف عمر سزا میں سہولت دینے کا آدھار نہیں بن سکتی۔
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے اس معاملے میں تیزی سے جانچ مکمل کرنے اور فیصلہ صادر کرنے کیلئے عدالت‘ پولس اور وکلاء کا شکریہ ادا کیا ہے۔ کل اسمبلی میں دئیے گئے ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ اس کیس کے ذریعے ہمیں یہ تجربہ ہوا ہے کہ اگر تیز رفتاری سے کام کیا جائے تو انتہائی قلیل مدت میں عصمت ریزی کے ملزم کو پھانسی تک پہنچایا جاسکتا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ مکمل کارروائی کی یہ مدت صرف 59 دن رہی۔ وزیرِ اعلیٰ نے متاثرہ کے اہلِ خانہ کیلئے اس موقعے پر تعزیتی کلمات کہے اور بتایا کہ اس تیز تر انصاف فراہمی سے وہ ضرور مطمئن ہوئے ہوں گے۔ وزیرِ اعلیٰ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ بھی اسی تیز رفتاری سے کام کرنے کی کوشش کی جائیگی۔
***** ***** *****
ناسک کے ترمبکیشور سے شری سنت نیورُتّی ناتھ مہاراج کی پالکھی کل پنڈھر پور کی جانب روانہ ہوئی۔ اس مذہبی جلوس میں 50 سے زائد دِنڈیاں اور 15ہزار سے زائد وارکری شرکت کررہے ہیں۔ اسی دوران آشاڑھی واری کے موقع پر پنڈھر پور جانے والے وارکریوں کی خدمت کیلئے وزیرِ اعلیٰ امدادی فنڈ اور خیراتی اسپتال کے امدادی مرکز کی جانب سے ”چرن سیوا“ مہم اس برس بھی جاری ہے۔ اس کے تحت صحت کی جانچ، ابتدائی طبّی امداد اور دیگر طبّی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ 11 اضلاع سے گذرنے والی پالکھی کے راستوں پر تقریباً 400 آرام گاہیں شامل ہیں۔
***** ***** *****
یکم اپریل 2019 سے پہلے رجسٹر کی گئی تمام گاڑیوں پر ہائی سیکوریٹی رجسٹریشن نمبر پلیٹ (HSRP) لگوانے کی آخری تاریخ آج ختم ہورہی ہے۔ اس سلسلے میں ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں پر یکم جولائی سے موٹر وہیکل قانون کے ساتھ سخت کارروائی کی جائیگی۔ البتہ جن گاڑی مالکان نے آج 30 جون تک HSRP لگوانے کیلئے آن لائن طریقے سے وقت حاصل کرلیا ہے انھیں عارضی طور پر جرمانے سے راحت دی گئی ہے۔
***** ***** *****
گنّے کی کٹائی کرنے والے مزدوروں اور ان کے خاندانوں کے مسائل کے حل کیلئے انتظامیہ اور غیر سرکاری تنظیموں کو باہمی تال میل سے کام کرنا چاہیے۔ جالنہ کی ضلع کلکٹر آشیما متّل نے اس سلسلے میں منعقدہ ایک ضلعی سطح کے اجلاس میں یہ بات کہی۔ اس موقع پر انھوں نے گنّے کے مزدوروں کیلئے علیحدہ شناختی کارڈس جاری کرنے کیلئے نیا طریقہئ کار وضع کرنے کی ہدایت دی۔
***** ***** *****
پربھنی ضلع کے جنتور تعلقے کے گاؤں کسر میں محکمہ زراعت کی جانب سے BBF ٹکنالوجی کے ذریعے سویا بین کی کاشت کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔ ضلع کی نگراں وزیر میگھنا ساکورے بورڈیکر نے مذکورہ کھیت کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انھوں نے کسانوں سے جدید زرعی ٹکنالوجی کو اپنانے کی اپیل کی۔
***** ***** *****
ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر یونیورسٹی کے مجموعی فنڈ سے تنخواہ پر یونیورسٹی کے مختلف 38 شعبہ جات میں اساتذہ کی 116 آسامیوں پر تقرری کی جائیگی۔ آج سے آئندہ 15 جولائی تک آن لائن درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔ امیدواروں کا انتخاب تحریری امتحان اور انٹرویو کے ذریعے ہوگا۔
***** ***** *****
لاتور ضلع شہری اور دیہی علاقوں میں بغیر اجازت لگائے گئے غیر قانونی ہورڈنگز، پوسٹروں اور بینروں کے خلاف ضلع انتظامیہ، میونسپل کارپوریشن اور پولس نے مشترکہ مہم شروع کی ہے۔ اس سلسلے میں اب تک 16‘ ایف آئی آر درج کی جاچکی ہیں۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلع مرکزی امدادِ باہمی بینک کے 23 ڈائریکٹرز کے انتخاب کیلئے نامزدگی داخل کرنے کا آج آخری دن ہے۔ اب تک تین موجودہ ارکانِ اسمبلی سمیت 84 امیدوار اپنے نامزدگی کے پرچے داخل کرچکے ہیں۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلع میں آج سے تقریبا 27لاکھ 77 ہزار رائے دہندگان کیلئے SIR یعنی خصوصی نظرِ ثانی مہم کا آغاز ہورہا ہے۔ اس کے تحت 29جولائی تک حکومت اہلکار گھر گھر جاکر متعلقہ فارم پُر کریں گے۔
***** ***** *****
اس برس موسمی بارش مانسون کے آنے میں تاخیر کے باعث مراٹھواڑہ کے آبی ذخائر میں گذشتہ برس کے مقابلے تقریباً 9 فیصد کمی آئی ہے۔ خطے کے 11 بڑے آبی منصوبوں میں اوسطاً 33 فیصد قابلِ استعمال پانی باقی ہے۔ پیٹھن کے جائیکواڑی ڈیم میں پانی کا ذخیرہ 21 فیصد سے کم ہے۔ جبکہ گذشتہ برس آج ہی کے دن یہ ذخیرہ 41 فیصد تھا۔ وہیں مانجرا اور ماجل گاؤں آبی منصوبوں میں 19 فیصد‘ نمن دودھنا ڈیم میں 25 فیصد‘یلدری ڈیم میں سب سے زیادہ 51.46 فیصد جبکہ سدھیشور ڈیم میں قابلِ استعمال پانی کا ذخیرہ نہ کے برابر ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ آئندہ برس سے اساتذہ اہلیتی امتحان (TET) آن لائن طریقے سے لیا جائے گا:اسکولی تعلیم کے ریاستی وزیر کا اعلان۔
٭ بے موسم بارش سے متاثرہ کسانوں کی امداد کیلئے 717 کروڑ روپے منظور؛ تاہم کانگریس نے کسانوں کی قرض معافی کو قرار دیا دھوکہ۔
٭ نصراپور میں کمسن بچی کے ساتھ جنسی زیادتی اور قتل معاملے میں ملزم کو پھانسی کی سزا۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ کے آبی ذخائر گذشتہ برس کے مقابلے کم و بیش 9 فیصد کم۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment