Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 23 June-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ صدرِ جمہوریہ دروپدی مُرمو‘آج دوسرے مرحلے میں 65 سرکردہ شخصیات کو پدم ایوارڈ کریں گی تفویض۔
٭ ریاستی اسمبلی میں 97 ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کے ضمنی مطالبات پیش۔
٭ قانون ساز کونسل کی گیارہ نشستوں کے انتخابات کے نتائج کا اعلان، دس نشستوں پر مہایوتی کی جیت۔
٭ شیو سینا ادھو بالاصاحب ٹھاکرے پارٹی کے چھ ارکان پارلیمان ایکناتھ شندے کی سربراہی والی شیو سینا میں شامل۔
اور۔۔۔٭ ریاست میں مانسون کی پیش رفت کیلئے ماحول سازگار۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
صدرِ جمہوریہ دروپدی مُرمو آج دوسرے مرحلے میں 65 معززین کو پدم اعزاز سے نوازیں گی۔ آج کی تقریب میں دو پدم وِبھوشن، سات پدم بھوشن اور 56 پدم شری ایوارڈز تفویض کیے جائیں گے۔ اس سے قبل پہلے مرحلے میں 25 مئی کو راشٹرپتی بھون میں 66 سرکردہ شخصیات کو ان اعزازات سے نوازا گیا تھا۔
***** ***** *****
ریاستی اسمبلی کے مانسون اجلاس کا کل سے ممبئی میں آغاز ہوا۔ ابتداء میں اسمبلی اسپیکر راہل نارویکر نے نومنتخبہ ارکان سُنیترا پوار اور اَکشئے کرڈِیلے کو رکنیت کا حلف دلایا۔ بعد ازاں‘ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے سال 2026-27 کے ضمنی مطالبات پیش کیے۔ کانگریس رہنماء نانا پٹولے نے ال نینو کے اثرات کی وجہ سے جنوب مغربی مانسون کی بارش میں تاخیر کے سبب ریاست کے مختلف حصوں میں پانی کی قلّت کا مسئلہ اٹھایا۔ جس پر اسپیکر راہل نارویکر نے مناسب بحث کرنے کا تیقن دیا۔
ایوان نے آنجہانی گلوکارہ آشا بھوسلے، سمن کلیان پور، سابق وزراء اننت راؤ تھوپٹے، وٹھل راؤ دھوٹے، بلی رام کوٹکر پاٹل، کرشن راؤ دیشمکھ، پٹلیا ماوَسکر، وسنت راؤ سوریہ ونشی، سریش کمار جیتھلیا، اوشا دیوی جگدالے اور شکنتلا شرما کو خراج عقیدت پیش کیا۔ جس کے بعد ایوان کی کارروائی دن بھر کیلئے ملتوی کر دی گئی۔
***** ***** *****
قانون ساز کونسل میں وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے نو منتخب ارکان کا ایوان سے تعارف کرایا۔ اس کے بعد مملکتی وزیرِ مالیات آشیش جیسوال نے 2026-27 کے ضمنی مطالبات پیش کیے۔ اسپیکر رام شندے نے پرمود جٹھار، کُرپال تُمانے، سنجے کھوڑکے، ابھیجیت وَنجاری اور سنیل شندے کو میز چیئرمین نامزد کیا۔
***** ***** *****
دریں اثنا، ریاستی مقننہ کے مانسون اجلاس کے پہلے دن کُل97 ہزار 706 کروڑ 40 لاکھ روپے کے ضمنی مطالبات دونوں ایوانوں کے سامنے پیش کیے گئے۔ اس میں سب سے زیادہ 20 ہزار 552 کروڑ روپے پنیہ شلوک اہلیا دیوی ہولکر کسان قرض نجات اسکیم کیلئے مختص کیے گئے۔ جبکہ مرکزی حکومت کی طرف سے سرمایہ کاری کیلئے خصوصی امدادی اسکیم کے تحت ریاستوں کو بلاسودی قرض کیلئے10ہزار سات کروڑ 10لاکھ روپے کا انتظام کیا گیا ہے۔ ترقی یافتہ بھارت جی-رام-جی اسکیم کیلئے مرکزی اور ریاستی حصہ داری کے تحت سات ہزار 367کروڑ 32 لاکھ روپئے کی گنجائش رکھی گئی ہے، جبکہ سنہستھ کمبھ میلے کی منصوبہ بندی اور عمل آوری کیلئے تین ہزار کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ اسی طرح امدادِ باہمی، مارکیٹنگ اور کپڑا صنعت کیلئے22 ہزار 15 کروڑ 42 لاکھ روپے، شہری ترقیات محکمے کیلئے15 ہزار152 کروڑ 43لاکھ روپے، اور صنعت، توانائی، محنت اور کان کنی محکموں کیلئے14ہزار 760 کروڑ 48 لاکھ روپے کے اضافی مطالبات شامل ہیں۔
***** ***** *****
قانون ساز کونسل کی گیارہ نشستوں کے انتخابات کے نتائج کا کل اعلان کردیا گیا۔ مہایوتی امیدواروں نے گیارہ میں سے دس نشستوں پر کامیابی حاصل کی اور ایک آزاد امیدوار نے ناسک کی نشست پر جیت حاصل کی، جبکہ چھ نشستوں پر مہایوتی امیدوار پہلے ہی بلامقابلہ منتخب ہو چکے ہیں، اس طرح مقامی خود مختار اداروں کے نمائندوں کے ذریعے منتخب کی جانے والی قانون ساز کونسل کے دو سالہ انتخابات کے تحت 17 میں سے 16 نشستیں مہایوتی نے جیت لی ہیں‘ جبکہ مہاوِکاس اگھاڑی ایک بھی نشست حاصل کرنے میں ناکام رہی۔
کاؤنسل کے نومنتخبہ اراکین میں چھترپتی سمبھاجی نگر- جالنہ انتخابی حلقے سے سہاس شرساٹ، ناندیڑ سے امرناتھ راجورکر، لاتور-بیڑ-دھاراشیو حلقے سے بسوراج پاٹل، پربھنی-ہنگولی نشست سے شیو سینا کے سعید خان، سانگلی- ستارا سے دھیریہ شیل کدم، بھنڈارا- گوندیا سے اویناش براہمنکر، جلگاؤں سے نندکشور مہاجن، شولاپور نشست سے راجندر راؤت، امراوتی سے پروین پوٹے شامل ہیں‘ جبکہ ناگپور حلقے کے ضمنی انتخاب میں بی جے پی کے راجیو پوتدار نے کامیابی حاصل کی۔
شیو سینا کے نریندر دراڑے کو ناسک حلقے سے شکست کا سامنا کرنا پڑا اور بی جے پی رہنماء گنیش گیتے کے بھائی گوکُل گیتے اس نشست سے آزاد امیدوار کی حیثیت سے منتخب ہوئے ہیں۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
شیوسینا اُدھو بالاصاحب ٹھاکرے پارٹی کے چھ ارکان پارلیمان نے کل شیوسینا میں شمولیت اختیار کرلی۔ شندے نے ممبئی میں منعقدہ ایک اطلاعی کانفرنس میں ان ارکانِ پارلیمان کی ایکناتھ شندے کی قیادت والی شیو سینا میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔ ایکناتھ شندے نے ارکانِ پارلیمان سنجے دِینا پاٹل، سنجے دیشمکھ، سنجے جادھو، بھاؤ صاحب واکچورے، ناگیش پاٹل-آشٹِیکر اور اوم پرکاش راجے نمبالکر کا پارٹی میں استقبال کیا۔ شندے نے وضاحت کی کہ اس بغاوت کا مقصد شیو سینا کے بانی بالاصاحب ٹھاکرے کے نظریے پر عمل درآمد اور پارٹی کے ہندوتوا اُصولوں کا تحفظ کرنا ہے۔ شندے نے یقین دہانی کروائی کہ ان اراکینِ پارلیمان کو ان کے متعلقہ انتخابی حلقوں میں کاموں کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔
***** ***** *****
دریں اثناء‘ ناگیش پاٹل اور سنجے جادھو نے واضح کیا کہ اپنے حلقے میں ترقیاتی کاموں کیلئے وہ شیو سینا میں شامل ہوئے ہیں۔ وہ‘ کل پارٹی میں شمولیت کے بعد ناندیڑ طیران گاہ پر آمد کے بعد بات کررہے تھے۔
***** ***** *****
اسی بیچ، شیوسینا اُدھو بالاصاحب ٹھاکرے پارٹی کے سربراہ اُدّھو ٹھاکرے آئندہ سنیچر سے ایوت محل، واشم، ہنگولی، پربھنی، دھاراشیو اور شرڈی لوک سبھا حلقوں کا سہ روزہ دورہ شروع کریں گے۔
***** ***** *****
نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (NTA) نے NEET کے دوبارہ امتحان کا پرچہ افشاء ہونے کی خبروں کی تردید کی ہے۔ NEET-2026 کے دوسرے امتحان کا سوالیہ پرچہ امتحان سے پہلے ہی ٹیلی گرام پرافشاء ہوجانے کی افواہیں سماجی رابطوں پر گردش کررہی تھیں۔ تاہم، NTA نے وضاحت کی ہے کہ اتوار کو منعقدہ دوبارہ امتحان محفوظ اور بدعنوانی سے پاک ماحول میں منعقد ہوا ہے اور اس سلسلے میں افواہیں پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ انڈین سائبر جرائم رابطہ مرکز اور دیگر ایجنسیوں کی مدد سے ان معاملات کی تفتیش جاری ہے۔ NTA نے طلباء اور سرپرستوں سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر یقین نہ کریں اور NEET امتحان کی ویب سائٹ (www.neet.nta.nic.in) پر کسی بھی معلومات کی تصدیق کریں۔
***** ***** *****
آدھار ایپ کو شہریوں کی جانب سے بہتر پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔ پانچ مہینوں سے بھی کم عرصے میں اس ایپ پر 31 ملین ڈاؤن لوڈز کا سنگ میل عبور ہوا ہے۔ آدھار ایپ کے ذریعے، موبائل نمبر اور پتے کو اسمارٹ فون پر آسانی سے اپڈیٹ کیا جاسکتا ہے۔
***** ***** *****
پربھنی ضلعے کے مانوت تعلقے کے یش واڑی میں واقع ہنومان مندر سانحے میں مہلوکین کے ورثاء کو وزیر اعلیٰ راحت فنڈ سے 25 لاکھ روپے کی امداد دی گئی ہے۔ امدادی رقم ضلع کلکٹر کے بینک اکاؤنٹ میں جمع کر دی گئی ہے اور وزیر اعلیٰ سیکریٹریٹ نے ضلع کلکٹر کو مطلع کیا ہے کہ ہر مہلوک کے ورثاء کو پانچ لاکھ روپے کی امداد دی جائے۔ 20 جون کو مندر کے اجلاس گاہ کی چھت منہدم ہونے سے سات عقیدت مندہلاک ہوئے تھے۔
***** ***** *****
پونے کے محکمہ سماجی بہبود کی کمشنر دیپا مدھوڑ منڈے نے بیڑ میں گنّا توڑنے والے مزدوروں کے بچوں کیلئے زیرِ تعمیر سنت بھگوان بابا سرکاری ہاسٹل کا معائنہ کیا۔ اس موقعے پر انہوں نے متعلقہ افراد سے کام کی پیش رفت کے بارے میں تفصیلی معلومات حاصل کی اور کام کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
***** ***** *****
موسم: جنوب مغربی مانسون کی بارش آج نشیبی کوکن سے آگے بڑھ کر کوکن اور مغربی مہاراشٹر کے کچھ حصوں تک پہنچ گئی۔ سندھو درگ، رتناگری، رائے گڑھ، ستارا، کولہاپور، ستارا، سانگلی اور پونے اضلاع کے کچھ حصوں کے ساتھ ہی مراٹھواڑہ کے کچھ اضلاع میں مانسون سرگرم ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ دو دنوں میں جنوب مغربی مانسون کی موسمی ہواؤں کی وجہ سے ممبئی، تھانے، پال گھر، کوکن کے مختلف مقامات پر تیز ہواؤں اور بجلی کی گرج و چمک کے ساتھ اوسط بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ اسی طرح وسطی مہاراشٹر اور مراٹھواڑہ کے کچھ اضلاع میں بھی یہی صورتحال رہے گی۔
اسی دوران‘ کل شام پیٹھن اور جالنہ شہر سمیت اطراف و اکناف کے علاقوں میں بارش ہوئی۔
دریں اثناء، محکمہ موسمیات نے آج چھترپتی سمبھاجی نگر، ناندیڑ، پربھنی اور جالنہ اضلاع میں بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ صدرِ جمہوریہ دروپدی مُرمو‘آج دوسرے مرحلے میں 65 سرکردہ شخصیات کو پدم ایوارڈ کریں گی تفویض۔
٭ ریاستی اسمبلی میں 97 ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کے ضمنی مطالبات پیش۔
٭ قانون ساز کونسل کی گیارہ نشستوں کے انتخابات کے نتائج کا اعلان، دس نشستوں پر مہایوتی کی جیت۔
٭ شیو سینا ادھو بالاصاحب ٹھاکرے پارٹی کے چھ ارکان پارلیمان ایکناتھ شندے کی سربراہی والی شیو سینا میں شامل۔
اور۔۔۔٭ ریاست میں مانسون کی پیش رفت کیلئے ماحول سازگار۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment