▼

Thursday, 6 August 2026

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 06 اگست 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 06 August-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۶/اگست ۶۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ عدالت ِ عظمیٰ میں ججوں کی تعداد میں اضافے سے متعلق ترمیمی بل پارلیمنٹ میں منظور۔
٭ RBIکی جانب سے ریپو ریٹ سوا پانچ فیصد برقرار؛ آئندہ مالی سال کے آغاز میں پلاسٹک کے نوٹ جاری کرنے کا امکان۔
٭ MPSC گروپ-C خدمات کے مشترکہ ابتدائی امتحان کیلئے درخواست دہی کی مدت میں توسیع۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن کے کچرے سے متعلق علیحدہ ضوابط کا اعلان۔
٭ کوریا ماسٹرز بیڈمنٹن ٹورنامنٹ میں ہندوستانی خواتین کھلاڑیوں کی فتوحات۔
اور۔۔۔٭ جائیکواڑی منصوبے میں پانی کی آمد میں کمی؛ اخراج میں بھی تخفیف۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
پارلیمنٹ نے عدالت ِ عظمیٰ میں ججوں کی تعداد میں اضافے کے ترمیمی بل کو منظوری دے دی ہے۔ قانون اور انصاف کے وزیر ارجن رام میگھوال نے کل راجیہ سبھا میں یہ بل پیش کیا، اس بل پر بحث کے بعد ایوان نے اسے لوک سبھا کو واپس بھیج دیا۔ لوک سبھا پہلے ہی اس بل کو منظوری دے چکی ہے۔ اس بل میں چیف جسٹس کو چھوڑ کر عدالت ِ عظمیٰ میں ججوں کی تعداد33 سے بڑھا کر 37 کرنے کی تجویز ہے۔ اس سال مئی میں صدرِ جمہوریہ دروپدی مرمو نے اس سلسلے میں ایک حکمنامہ جاری کیا تھا۔
***** ***** *****
حزبِ اختلاف کی جانب سے شور وغل کے دوران بینکرس بک اینڈ ایویڈینس بل 2026 کل لوک سبھا میں بغیر کسی بحث کے منظور کر لیا گیا۔ مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے یہ بل ایوان میں پیش کیا۔ اس بل کا مقصد بینک ریکارڈ کے شواہد سے متعلق قانون کو موجودہ ڈیجیٹل بینکنگ سیکٹر کے مطابق بنانا ہے۔ بل کے ذریعے بینکاری نظام کی موجودہ ضروریات کو پورا کرنے کیلئے قانونی فریم ورک کو جدید بنایا جائے گا۔ بل میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بینک ریکارڈ کی الیکٹرانک یا ڈیجیٹل نقولات عدالت میں درست اور قانونی ثبوت کے طور پر بھی قابل ِقبول ہوں گی۔
***** ***** *****
دریں اثناء‘ جنتر منتر احتجاجی مظاہرین پر کارروائی اور دیگر مختلف موضوعات پر حزبِ اختلاف کی جانب سے ہنگامہ آرائی کے سبب کل بھی پارلیمنٹ کی کارروائی میں خلل پڑا۔
***** ***** *****
ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) نے ریپو ریٹ کو پانچ اعشاریہ دو پانچ فیصد پر برقرار رکھا ہے۔ گورنر سنجے ملہوترا نے کل ممبئی میں آر بی آئی کی دو ماہی مالیاتی پالیسی کے جائزہ اجلاس کے بعد یہ اطلاع دی۔ ملہوترا نے آئندہ مالی سال کے آغاز میں 10 اور 20 روپے کے پلاسٹک کے نوٹ جاری کرنے کا امکان ظاہر کیا۔ ریزرو بینک نے یہ بھی خبردار کیا ہے کہ خوراک، ایندھن اور دیگر اشیاء کی قیمتیں‘ عالمی منظر نامہ، ایل نینو، جغرافیائی سیاسی عوامل کے سبب دوبارہ مہنگائی میں اضافے کا خدشہ ہے۔
***** ***** *****
وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے ہدایت دی ہے کہ تیز رفتاری سے اراضی کو حاصل کرکے صنعتی ترقی کو فروغ دیا جائے۔ وہ گزشتہ روز اس حوالے سے جائزہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ ریاست میں گڈچرولی، چندرپور، ناگپور، پونے، پال گھر، چھترپتی سمبھاجی نگر، تھانہ، رتناگیری، رائے گڑھ، ناسک اور وردھا اضلاع میں 66 ہزار 343 ایکڑ اراضی کے حصول کا عمل جاری ہے۔ وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ ریاست میں 97 مفاہمتوں کے تحت تقریباً 75 ہزار 234 ایکڑ اراضی ایکوائر کی جانی ہے‘ اور اس کیلئے ضروری کارروائی کی جا رہی ہے۔
***** ***** *****
نائب وزیر اعلیٰ سنیترا پوار نے مہاراشٹر ہاؤسنگ اینڈ ایریا ڈیولپمنٹ اتھارٹی- MHADA کی سطح پر تمام زیر التواء منصوبوں پر فوری طور پر کام شروع کرنے کی ہدایت دی ہے۔ وہ گزشتہ روز اس سلسلے میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کر رہی تھیں۔ پوار نے حکومتی سطح پر ضروری انتظامی منظوری اور فیصلہ سازی کے عمل کو تیز کرتے ہوئے عام لوگوں کو سستی رہائش فراہم کرنے کو اولین ترجیح دینے کی بھی ہدایت کی۔
***** ***** *****
مہاراشٹر پبلک سروس کمیشن نے گروپ-سی خدمات کے مشترکہ ابتدائی امتحان-2026 کیلئے درخواست دہی کی آخری تاریخ میں توسیع کر دی ہے۔ اب درخواستیں 10 اگست بروزِ پیر رات گیارہ بجکر 59 منٹ تک جمع کرائی جاسکتی ہیں۔
دریں اثناء، پبلک سروس کمیشن کی جانب سے 6 ستمبر کو ممبئی میں شیرف کے دفتر میں بیلف-کلرک کے عہدوں کیلئے امتحان ہوگا۔ یہ امتحان امراوتی، چھترپتی سمبھاجی نگر، ناگپور، ناسک، نئی ممبئی اور پونے کے ضلعی مراکز پر منعقد کیا جائے گا۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن نے کچرے کے ضائع کرنے کے انتظام سے متعلق علیحدہ اور سخت ضوابط نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جس کے تحت، وہ تمام ادارے جو یومیہ 100 کلو یا اس سے زیادہ کچرا پیدا کرتے ہیں، اب وہ اپنے کچرے کو خود پروسیس کرنے کے پابند ہوں گے۔ ان اداروں سے کہا گیا ہے کہ وہ گیلے کچرے، خشک کچرے اور دیگر قسم کے کچرے کی مناسب درجہ بندی کریں اور اسے جائے وقوع پر ہی پروسیس کریں۔ ان اداروں کو کچرے کو سائنسی طریقے سے ضائع کرنے کیلئے کمپوسٹنگ یونٹ، بائیو گیس پلانٹ یا دیگر پروسیسنگ سسٹم خود قائم کرنا بھی ضروری ہوگا۔ یہ ضوابط ریسٹوران، فنکشن ہال، مالز، کمرشیل کمپلیکس، تعلیمی اداروں اور مختلف صنعتی اداروں پر لاگو ہوں گے‘جہاں بڑی مقدار میں کچرا نکلتا ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
کاکروچ جنتا پارٹی کے بانی ابھیجیت دیپکے نے کہا ہے کہ اپنے نظریات اور سیاسی وابستگی کو بالائے طاق رکھ کر یکجا ہونے کے فیصلے کے سبب ان کی تحریک کامیاب رہی۔ وہ کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں دو روزہ کاکروج جنتا پارٹی کی میٹنگ کے پس منظر میں ایک صحافتی کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ دیپکے نے بتایا کہ سی جے پی فی الحال ایک پریشر گروپ کے طور پر کام کریگی۔
***** ***** *****
مٹی اور پانی کے تحفظ کے ریاستی وزیر سنجے راٹھوڑ نے جالنہ ضلع میں محکمے کے تحت جاری تمام کاموں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ وہ گزشتہ روز جالنہ میں ایک جائزہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے اراضی کے حصول کی وجہ سے زیرِ التواء منصوبوں کیلئے ضروری فنڈ فراہم کرنے اور گھنساونگی تعلقے میں جامب تانڈہ تالاب کی جگہ کا معائنہ کیااور منصوبے کو تیزی سے مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
***** ***** *****
ریاستی حقوقِ اطفال و تحفظ کمیشن کے چیئرمین سنجے وشنو پرانِک نے بچوں کے حقوق کے تحفظ سے متعلق تمام محکموں سے اپیل کی ہے کہ وہ بچوں کیلئے دوستانہ مہاراشٹر بنانے کیلئے ہم آہنگی سے کام کریں۔ کل، کمیشن نے بیڑ میں ایچ آئی وی سے متاثرہ بچوں کے مرکز کا دورہ کیا اوروہاں موجود سہولتوں کا معائنہ کیا۔ بعد ازاں‘ضلع کلکٹر دفتر میں بچوں کے حقوق کے تحفظ سے متعلق 18 معاملوں پر سماعت ہوئی۔ ان میں سے 10 معاملات فیصل کیے گئے۔
***** ***** *****
رکنِ پارلیمان اوم پرکاش راجے نمبالکر نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کرشنا مراٹھواڑہ آبپاشی منصوبے کو قومی منصوبے کا درجہ دے کر فوری طور پر فنڈ فراہم کرے۔ اس سلسلے میں انہوں نے کل مرکزی وزیر برائے آبی قوت سی آر پاٹل کو ایک مطالباتی محضر پیش کیا۔
***** ***** *****
پربھنی میونسپل کارپوریشن میں کل چار کوآپٹ ممبر کا تقرر عمل میں آیا۔ ان کوآپٹ ارکان کی نامزدگی کا اعلان میئر سید اقبال نے ایوان میں کیا۔ انھوں نے بتایا کہ باقی مزید دو نشستوں کے حوالے سے فیصلہ آئندہ اجلاس میں کیا جائے گا۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ ساہتیہ پریشد کا بھگونت دیشمکھ خصوصی ادبی ایوارڈ پونے کی کلپنا دودھاڑ کی کتاب جاروا کو دیا گیا۔ یہ ایوارڈز کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں تقسیم کیے گئے۔ بہترین کتب خانے کا سندھیا دیشمکھ مڑے ایوارڈ رتناگری ڈسٹرکٹ لائبریری کو اور کسم تائی دیشمکھ شاعری ایوارڈ واشم کے گجانن پھُسے کے شعری مجموعے کو اور کمار دیشمکھ ڈرامہ ایوارڈ ممبئی کے راجیو جوشی کے ڈرامے ”سنگیت تیاگ پَرو“ کو تفویض کیا گیا۔
***** ***** *****
ہندوستانی خواتین کھلاڑی رکشیتا رام راج، اسمیتا چلیہا، مانسی سنگھ، ایشا رانی بروعا، شریانشی ولی شیٹی، انمول کھرب، اور تنوی شرما نے جنوبی کوریا کے شہر آسان میں جاری کوریا ماسٹرز بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کے اگلے مرحلے میں داخلہ حاصل کرلیا ہے۔ خواتین کے ڈبلز میں ریتیکا ٹھکر اور سونالی سنگھ اور مردوں کے ڈبلز میں کرشنا پرساد گرگ اور پرتھوی رائے اور مکسڈ ڈبلز میں ایشان بھٹناگر اور اسمرتی مشرا کی جوڑی اگلے راؤنڈ میں پہنچ گئی ہیں۔ تاہم‘ مردوں کے سنگلز میں ہندوستانی کھلاڑیوں کا چیلنج ختم ہو گیا ہے۔
***** ***** *****
پیٹھن کے جائیکواڑی منصوبے سے تقریباً 22 ہزار مکعب فٹ فی سیکنڈکی رفتار سے پانی کا اخراج جاری ہے۔ ڈیم کے 18 دروازوں سے تقریباً 19 ہزار کیوبک فٹ، دائیں کینال سے ایک ہزار اور بائیں کینال سے 700 کیوبک فٹ پانی چھوڑا جا رہا ہے۔ ڈیم میں اس وقت 17 ہزار کیوبک فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی کی آمد جاری ہے اور پانی کا ذخیرہ تقریباً 93 فیصد تک پہنچ چکا ہے۔
دریں اثناء، جائیکواڑی منصوبے سے پانی کے اخراج کے سبب بیڑ ضلع کے راکشس بھون میں واقع شنی مندر کی سیڑھیوں تک پانی پہنچ چکا ہے۔ انتظامیہ نے ندی کے کنارے واقع دیہات کے شہریوں سے خصوصی احتیاط کی اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
اسی دوران‘ محکمہ موسمیات نے آج رائے گڑھ اور پونے کے ساتھ ساتھ ستارا اضلاع کے بالائی علاقوں میں بارش کا آرینج الرٹ اور مراٹھواڑہ کے تمام اضلاع میں آئندہ پانچ دنوں تک تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ عدالت ِ عظمیٰ میں ججوں کی تعداد میں اضافے سے متعلق ترمیمی بل کو پارلیمنٹ کی منظوری۔
٭ RBIکی جانب سے ریپو ریٹ سوا پانچ فیصد برقرار؛ آئندہ مالی سال کے آغاز میں پلاسٹک کے نوٹ جاری کرنے کا امکان۔
٭ MPSC گروپ-C خدمات کے مشترکہ ابتدائی امتحان کیلئے درخواست دہی کی مدت میں توسیع۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن کے کچرے سے متعلق علیحدہ ضوابط کا اعلان۔
٭ کوریا ماسٹرز بیڈمنٹن ٹورنامنٹ میں ہندوستانی خواتین کھلاڑیوں کی فتوحات۔
اور۔۔۔٭ جائیکواڑی منصوبے میں پانی کی آمد میں کمی؛ اخراج میں بھی تخفیف۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment