▼

Saturday, 8 August 2026

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 08 اگست 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 08 August-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۸/اگست ۶۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ دستکاری کا شعبہ بھارت کے غیر معمولی تنوع کی عکاسی کرتا ہے: صدرِ جمہوریہ کا اظہارِ خیال۔
٭ پنیہ شلوک اہلیا دیوی ہولکر کسان قرض معافی اسکیم کی پہلی قسط مستفیدین کے بینک کھاتوں میں جمع۔
٭ جالنہ ضلعے کے جنسی زیادتی معاملے کے مقدمے کا صرف 57 دنوں میں فیصلہ۔
٭ بیڑ ضلع میں دو کروڑ روپئے کے خوردنی تیل کا ذخیرہ ضبط؛ چار اداروں کے لائسنس منسوخ۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ کے بیشتر اضلاع کیلئے دو دن تک بارش کا یلو الرٹ جاری۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
صدرِ جمہوریہ دروپدی مُرمو نے کہا ہے کہ دستکاری شعبہ بھارت کے غیر معمولی تنوع کی عکاسی کرتا ہے۔ صدرِ جمہوریہ کل راشٹرپتی بھون میں بارہویں قومی دستکاری دن کے موقع پر ٹیکسٹائل کی وزارت کی طرف سے منعقدہ ایک خصوصی تقریب سے مخاطب تھیں۔ انھوں نے کہا کہ بنکروں کو ان کی محنت کا معاوضہ براہِ راست حاصل کرنے کی راستہ ہموار ہو گیا ہے۔ انھوں نے کہا....
Byte: President Draupadi Murmu
اس تقریب میں ملک بھر کے تین بنکروں کو سنت کبیر دستکاری ایوارڈ اور 19 کاریگروں کو قومی دستکاری ایوارڈ سے نوازا گیا‘ جبکہ چار خصوصی ڈاک ٹکٹس کا اجراء بھی عمل میں آیا۔
7 اگست 1905 کو ملک کی آزادی کی جدوجہد کے ایک حصے کے طور پر سودیشی تحریک شروع کی گئی تھی۔ اس کی یاد میں ہر سال اس دن کو قومی دستکاری دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔
اس موقعے پر وزیرِ اعظم نریندر مودی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ دستکاری سے تیار شدہ سے کم از کم ایک سامان خریدیں اور اس کی ویڈیو بناکر اسے مشتہر کریں۔
مرکزی وزارتِ ٹیکسٹائل اور ممبئی کے بنکر خدمت مرکز کے اشتراک سے چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے کے پیٹھن میں قومی یومِ دستکار منایا گیا۔
***** ***** *****
NEET امتحان کے معاملے پر طلباء کے احتجاج کے دوران مبینہ پولس کارروائی سمیت مختلف موضوعات پر حزبِ اختلاف کی ہنگامہ آرائی کے سبب کل بھی پارلیمنٹ کی کارروائی تعطل کا شکار رہی۔
دریں اثناء، مائیکرو، چھوٹی اور درمیانی صنعت ترقیاتی ترمیمی بل کل لوک سبھا میں منظور کر لیا گیا۔
***** ***** *****
لوک سبھا میں اسپیکر اوم برلا نے ”بھارت چھوڑو“ تحریک کے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ راجیہ سبھا میں بھی ”بھارت چھوڑو“ تحریک کے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ کل، 9 اگست، کوبھارت چھوڑو تحریک کو 84 سال مکمل ہورہے ہیں۔
***** ***** *****
پنیہ شلوک اہلیا دیوی ہولکر کسان قرض معافی اسکیم کے تحت‘ کل پانچ ہزار 29 کروڑ روپے کی پہلی قسط کل چھ لاکھ 22 ہزار 207 کسانوں کے کھاتوں میں جمع کی گئی۔ وزیرِ اعلی دیویندر پھڑنویس نے ممبئی میں قرض معافی اسکیم کے جائزاتی اجلاس کے بعد ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے یہ معلومات دی۔ انھوں نے بتایا کہ اس اسکیم کے تحت پہلے مرحلے میں قرض معافی کی رقم اور دوسرے مرحلے میں ترغیبی رقم جمع کی جائے گی۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ جن کاشتکاروں کے آدھار کی تصدیق ہوئی ہے‘ ان کے کھاتوں میں اس اسکیم کی رقم جمع ہونے لگی ہے۔
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے میں کل‘ تین لاکھ پانچ ہزار 540کسانوں کو قرض معافی کی پہلی قسط کے طور پر 231 کروڑ 15 لاکھ روپے جمع کیے گئے۔ چھترپتی سمبھاجی نگر امدادِ باہمی ادارے کے ڈپٹی رجسٹرار سمرت جادھو نے بتایا کہ ان میں ای-کے وائی سی مکمل کرنے والے کسان شامل ہیں۔
دھاراشیو ضلعے میں 12 ہزار 224 اہل کسانوں کے قرض کھاتوں میں 105 کروڑ 86 لاکھ 54 ہزار 704 روپئے جمع کیے گئے۔ جس کے باعث ان کسانوں کو قرض سے نجات مل گئی ہے اور آئندہ موسمِ خریف کیلئے نئے فصل قرضوں کا راستہ بھی ہموار ہو گیا ہے۔
ناندیڑ ضلعے میں 37 ہزار 471 کسانوں کی آدھار تصدیق ابھی باقی ہے‘ جبکہ 14 ہزار 156 کسان ایگری اسٹیک نمبر سے محروم ہیں۔ انتظامیہ نے کسانوں سے اپیل کی ہے کہ رجسٹریشن کے اس عمل کو جلد از جلد مکمل کریں۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
مراٹھا ریزرویشن کے تحریک کار منوج جرانگے نے انتباہ دیا ہے کہ مراٹھا ریزرویشن سے متعلق فیصلوں میں فوری ترمیم نہیں کی گئی تو آئندہ انتخابات میں اس کا جواب دیا جائے گا۔ وہ کل‘ بیڑ میں صحیفہ نگاروں سے مخاطب تھے۔ جرانگے نے حکومت سے فوری طور پر اس حوالے سے فیصلہ اور مؤقف درست کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔
***** ***** *****
پہلا گلوبل ساؤتھ فلم فیسٹیول آئندہ سال بھارت میں منعقد ہوگا۔ اس کا اعلان کل ممبئی میں برِکس ویوز بازار کے سلسلے میں منعقدہ ایک صحافتی کانفرنس میں کیا گیا۔ نیشنل فلم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر پرکاش مگدوم نے یہ اطلاع دی۔ اس دو روزہ ویوز برکس بازار کا کل اختتام عمل میں آیا۔
***** ***** *****
ڈویژنل کمشنر جی شری کانت نے کہا ہے کہ مراٹھواڑہ کی ”پسماندگی“ کی شناخت کو بدلنے اور ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز کرنے کیلئے ہر محکمے کو ذمہ داری اور تال میل کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے۔ وہ کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں اسمارٹ سٹی دفتر میں تمام علاقائی محکمہ جاتی سربراہان کے اجلاس میں ”ترقی یافتہ مہاراشٹر2030 ایکشن پروگرام“ کے عملی نفاذ کے تحت ”ترقی یافتہ مراٹھواڑہ“ کے حوالے سے بات کر رہے تھے۔ اس موقعے پر ہر محکمے کو درپیش مسائل کی یکسوئی کیلئے ایک ”وار روم“ قائم کرنے اور اس کے ذریعے زیرِ التواء مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا بھی فیصلہ لیا گیا۔
***** ***** *****
جالنہ کی خصوصی ضلع و سیشن عدالت نے بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی معاملے کے ملزم کو صرف 57 دنوں میں عمر قید اور 50 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے۔ ضلع و سیشن جج کُرپیش وجئے مورے نے کل‘ یہ فیصلہ دیا۔ عدالت نے ’منودھیریہ‘ اسکیم کے تحت متاثرہ کو تین لاکھ روپئے اضافی معاوضہ دینے کے بھی احکامات دئیے۔ یہ زیادتی کا معاملہ گذشتہ 10 جون کو پیش آیاتھا اور نسراا پور معاملے کے مقدمے سے بھی کم وقت میں اس مقدمے کا فیصلہ دیا گیا، جس سے یہ ضلعے کا تیز ترین فیصلہ دینے کا معاملہ بن گیا ہے۔
***** ***** *****
بیڑ ضلعے میں خوردنی تیل کی ری پیکنگ اور ذخیرہ اندوزی کے قوانین کی خلاف ورزی پر چار اداروں کے لائسنس منسوخ کر دیے گئے ہیں اور تقریباً دو کروڑ روپئے مالیت کے خوردنی تیل کا ذخیرہ بھی ضبط کیا گیا ہے۔ ان میں بیڑ شہر میں دو آئل ری پیکنگ یونٹس سمیت وَڑوَنی کا ایک تجارتی ادارہ اور ماجل گاؤں کا ایک گودام شامل ہے۔ اس کارروائی میں ایک کروڑ 93 لاکھ روپے مالیت کا ایک لاکھ 18 ہزار 940 کلو گرام سے زائد خوردنی تیل کا ذخیرہ ضبط کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
سرسبز دھاراشیو مہم کے دوسرے مرحلے میں دھاراشیو ضلعے میں دس لاکھ پودے لگائے جائیں گے۔ ضلع انتظامیہ نے 33 ہیکٹر سرکاری اراضی پر آئندہ 14 اگست کو صرف 12 گھنٹے میں 10 لاکھ پودے لگا کر عالمی ریکارڈ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ضلع کلکٹر کیرتی کرن پجار نے اس سرگرمی میں حصہ لینے کی اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
لاتور ضلعے کے چاکور میں پانچ سب ڈویژنوں کے پولس انسپکٹرز کا یومِ محصول کے موقعے پر ضلع کلکٹر ڈاکٹر بھارت باسٹیواڑ کے ہاتھوں استقبال کیا گیا۔ ان میں لاتور، نلنگا، اودگیر، اوسا‘رینا پور اور احمد پور کے پولس انسپکٹر شامل ہیں۔
***** ***** *****
جالنہ ضلعے کے عنبڑ کے ڈپٹی زرعی سپرنٹنڈنٹ وشوناتھ گاویت، کو انسداد رشوت ستانی دستے نے کل 17ہزار پانچ سو روپئے کی رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔ گاویت نے یہ رشوت نانا جی دیشمکھ زرعی سنجیونی اسکیم کے تحت سینچائی سے متعلق سروے کے بعد رپورٹ پیش کرنے کیلئے طلب کی تھی۔
***** ***** *****
جنوبی کوریا کے شہر آسان میں جاری کوریا ماسٹرز بیڈمنٹن ٹورنامنٹ میں آج بھارت کی رَکشِیتا رام راج اور اَسمیتا چالیہا کے مابین سیمی فائنل میچ کھیلا جائے گا۔ مینز ڈبلز میں کرشن پرساد گرگ اور پرتھوی رائے کا چیلنج کوارٹر فائنل میں ہی ختم ہو گیا۔
***** ***** *****
پیٹھن کے جائیکواڑی ڈیم سے چھ ہزار 228 کیوبک فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی کا اخراج جاری ہے۔ جبکہ ڈیم میں فی الحال دس ہزار مکعب فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی کی آمد ہو رہی ہے اور پانی کا ذخیرہ 93 فیصد پر برقرار ہے۔
***** ***** *****
دریں اثناء، محکمہ موسمیات نے آئندہ تین دنوں تک مراٹھواڑہ کے تمام اضلاع میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ جالنہ، پربھنی، ہنگولی، ناندیڑ اور لاتور اضلاع کیلئے آج اور کل چھترپتی سمبھاجی نگر، جالنہ، بیڑ، لاتور اور دھاراشیو اضلاع میں بارش کا یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ دستکاری کا شعبہ بھارت کے غیر معمولی تنوع کی عکاسی کرتا ہے: صدرِ جمہوریہ کا اظہارِ خیال۔
٭ پنیہ شلوک اہلیا دیوی ہولکر کسان قرض معافی اسکیم کی پہلی قسط مستفیدین کے بینک کھاتوں میں جمع۔
٭ جالنہ ضلعے کے جنسی زیادتی معاملے کے مقدمے کا صرف 57 دنوں میں فیصلہ۔
٭ بیڑ ضلع میں دو کروڑ روپئے کے خوردنی تیل کا ذخیرہ ضبط؛ چار اداروں کے لائسنس منسوخ۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ کے بیشتر اضلاع کیلئے دو دن تک بارش کا یلو الرٹ جاری۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment