▼

Wednesday, 12 August 2026

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 12 اگست 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 12 August-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۲۱/اگست ۶۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ریاستی حکومت کا عالمی استعداد مراکز کیلئے مہاراشٹر کو ملک کا سرکردہ اور پسندیدہ ترین مقام بنانے کا عزم۔
٭ حصول ِاراضی کے معاوضے کی ادائیگی میں تاخیر پراضافی شرح سود دینے کو ریاستی کابینہ کی منظوری۔
٭ ٹریبیونل اصلاحات بل پارلیمنٹ میں منظور۔
٭ پربھنی اور جالنہ میں ترنگا یاترا ؤں کا انعقاد۔
اور۔۔۔٭ آج مراٹھواڑہ کے بیشتر اضلاع میں تیز ہواؤں کے ساتھ زوردار بارش کا امکان۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ ریاستی حکومت مہاراشٹر کو GCC یعنی عالمی استعداد مراکز کیلئے ملک کا سرکردہ اور پسندیدہ ترین مقام بنانے کیلئے پرعزم ہے۔ وہ گزشتہ روز پونے میں منعقدہ جی سی سی پروجیکٹ لیڈر شپ سمٹ سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست نے 400 نئے عالمی صلاحیت مراکز، چار لاکھ ہنر مند افراد کو روزگار کے اعلیٰ مواقع اور پچاس ہزار کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ ناسک، ناگپور اور چھترپتی سمبھاجی نگر جیسے شہروں میں بھی عالمی استعداد کے خصوصی مراکز تیار کرنے کی صلاحیت ہے۔ اس لیے وزیراعلیٰ نے کہا کہ نہ صرف ایک شہر میں سرمایہ کاری کرنے کا موقع ہے بلکہ مختلف شہروں میں موجود قابلیت، ہنر اور صنعتی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے کا بھی موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہاراشٹر کے پاس صرف ایک اچھا شہر نہیں ہے، بلکہ شہروں، ہنر اور صلاحیتوں کا ایک مکمل نیٹ ورک موجود ہے۔
***** ***** *****
ریاستی کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ اگر ریاست میں حصولِ اراضی، بازآبادکاری یا بحالی کیلئے معاوضے کی ادائیگی میں تاخیر ہوتی ہے تو زمینداروں کیلئے شرح سود میں اضافہ کیا جائے گا۔ یہ شرح ریپو ریٹ سے ایک فیصد زیادہ ہوگی۔
کل منعقدہ کابینی اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ریاست میں قابلِ تجدید توانائی کے منصوبوں کیلئے زمین کی خریداری کے لین دین پر منتقلی فیس میں 25 فیصد رعایت دی جائیگی۔ تاہم، اگر متعلقہ اراضی دوسرے مقاصد کیلئے استعمال ہوتی ہے، تو اس فیس کی رقم سود کے ساتھ وصول کی جائے گی۔ قابل تجدید توانائی کے منصوبوں کیلئے قائم کمپنیوں کے درمیان زمین کی داخلی منتقلی کی صورت میں، اس لین دین پر اسٹیمپ ڈیوٹی مکمل طور پر معاف کر دی جائے گی۔
کابینہ نے ریاست کے کالجوں میں غیر رعایتی بنیادوں پر علیحدہ این ایس ایس شعبہ، نئے نصاب اور اضافی جماعتوں کے قیام کے ساتھ ساتھ محکمہ زراعت میں ڈائریکٹر اور جوائنٹ ڈائریکٹر کے چار نئے عہدوں کے قیام کو بھی منظوری دی۔ ضلع ناندیڑ کے حدگاؤں میں ایک ضلعی اور ایڈیشنل سیشن کورٹ اور ایک سرکاری وکیل کا دفتر شروع کرنے اور لاتور ضلع میں نیل کنٹھیشور کسان امدادِ باہمی شکر کارخانہ کی طرف سے سرمائے کے اخراجات اور گردشی سرمایہ کاری کیلئے قرض لینے کو منظوری دینے کا فیصلہ بھی کل کے اجلاس میں لیا گیا۔
***** ***** *****
ریاستی حکومت نے ریاست بھر میں 500 سے زیادہ آشرم اسکولوں کا کسی غیر متعلق ادارے سے آڈٹ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے یہ ہدایات گڈچرولی ضلع کے ایک قبائلی آشرم اسکول میں سانپ کے کاٹنے سے تین لڑکیوں کی موت کے تناظر میں دی ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے اس معاملے پر ایک اجلاس طلب کرکے چیف سکریٹری کو آشرم اسکولوں کیلئے ایک جامع معائنے کا طریقہ کار قائم کرنے کی ہدایت دی۔ دریں اثناء، گڈچرولی میں متعلقہ اسکول کا لائسنس مستقل طور پر منسوخ کر دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے اس اسکول کے معائنے کے بعد خامیاں پائے جانے کے باوجود بہتری کی رپورٹ دینے والے افسر کو معطل کرنے کا بھی حکم دیا۔
***** ***** *****
نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے ہدایت دی ہے کہ عوامی خانگی شراکت داری کے ذریعے ایس ٹی کارپوریشن کی زیرِ تحویل اراضی کو ڈیولپ کرتے ہوئے اس جگہ پر بنائے جانے والے نئے بس اسٹانڈ اور دیگر ڈھانچوں کو نہ صرف جدید سہولیات سے آراستہ کیا جائے بلکہ اسے ”آئیکانک“ بھی بنایا جائے اور شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کیا جائے۔ وہ گزشتہ روز ممبئی میں منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ شندے نے یہ بھی کہا کہ مسافروں کو جدید، محفوظ اور معیاری سہولیات فراہم کرتے ہوئے ایس ٹی کارپوریشن کو مالی طور پر بااختیار بنانے کیلئے ان جائیدادوں کا صحیح اور منصوبہ بند طریقے سے استعمال کیا جائے۔
***** ***** *****
”ٹریبیونل اصلاحات بل“ پارلیمنٹ میں منظور کر لیا گیا۔ لوک سبھا میں پہلے ہی منظور ہونے والے اس بل کو راجیہ سبھا نے کل منظور کیا۔ بل کا مقصد مختلف ٹربیونلز کے سربراہان و ارکان کی اہلیت کے ساتھ تقرری، انتظامی اُمور اور کام کاج میں یکسانیت کو یقینی بنانا ہے۔ اس بل میں ”نیشنل ٹریبونل کمیشن“ کے قیام کی بھی تجویز ہے۔
دریں اثنا، نیشنل کوآپریٹیو ڈیولپمنٹ کارپوریشن ترمیمی بل اور کیرالا کا نام بدل کر کیرالم کرنے کا بل کل لوک سبھا میں بغیر کسی بحث کے منظور کر لیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی موجودہ اجلاس میں ایوان میں بغیر بحث کے منظور ہونے والے بلوں کی تعداد اب نو ہو گئی ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
قومی و ریاستی شاہراہوں پر حفاظتی انتظامات کو بہتر بنانے کیلئے چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع میں ایک ڈسٹرکٹ ایکشن فورس تشکیل دی گئی ہے۔ اس سلسلے میں ضلع کلکٹر ونئے گوڑا.جی.سی. کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ اس ایکشن فورس کے ذریعے شاہراہوں پر تجاوزات کا خاتمہ، غیر مجاز پارکنگ کی روک تھام، مخدوش سڑکوں پر ضروری اقدامات، سڑکوں اور اسٹریٹ لائٹس کی درستی، ہنگامی طبی خدمات کو فعال بنانے اور شاہراہوں پر حفاظتی انتظامات کے حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل درآمد کیا جائے گا۔
***** ***** *****
ہر گھر ترنگا مہم کے تحت مختلف پروگراموں کا انعقاد جا ری ہے۔ کل پونہ میں وزیر اعلی دیویندر پھڑنویس کی قیادت میں ترنگا ریلی نکالی گئی۔ کچھ معذور شہریوں نے بھی دو پہیہ گاڑیوں کے ساتھ اس ریلی میں حصہ لیا۔
کل پربھنی میں ترنگا ٹو وہیلر ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ اس ریلی میں ضلع کلکٹر سنجے سنگھ چوہان اور ضلع پولس سپرنٹنڈنٹ پنکج کماوت نے ٹووہیلر چلا کر شرکت کی۔
کل جالنہ ضلع کے منٹھا میں رکنِ اسمبلی ببن راؤ لونیکر کی قیادت میں ترنگا ریلی نکالی گئی۔ اس ریلی میں شہریوں، طلباء، اساتذہ اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے معززین کی بڑی تعداد موجود تھی‘ ریلی کے شرکاء کو نشے سے نجات کا حلف بھی دلایا گیا۔
دریں اثناء، نیشنل کیڈر کور یعنی (NCC) کی جانب سے آج صبح چھترپتی سمبھاجی نگر میں ترنگا ریلی نکالی جارہی ہے۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلع میں میونسپل کاؤنسلوں اور ایک نگر پنچایت کے انتخابات میں 44 امیدواروں کو تین سال کیلئے الیکشن لڑنے کیلئے نااہل قرار دیا گیا ہے۔ امیدواروں کی جانب سے انتخابات میں ہونے والے اخراجات کا حساب معینہ مدت میں متعلقہ دفتر میں جمع نہ کروانے کی پاداش میں ان کے خلاف یہ کارروائی کی گئی۔ اس میں حمایت نگر میونسپل کونسل سے 14 امیدوار، کنوٹ سے سات، عمری اور دھرم آباد سے چھ‘چھ، کندھار سے پانچ، مکھیڑ سے تین، بھوکر سے دو، اور لوہا میونسپل کونسل سے ایک امیدوار شامل ہے۔
***** ***** *****
کل‘ لاتور میں ونچیت بہوجن آگھاڑی کے کارکنوں کا ایک ورکشاپ منعقد ہوا۔ جس میں پارٹی کے مرکزی رہنما سجات امبیڈکر موجود تھے۔ ورکشاپ میں مستقبلِ قریب میں سیاسی منظر نامے اور پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے میں توسیع جیسے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میں 26 پولس افسران اور سرکاری ملازمین کو بغیر ہیلمٹ کے دو پہیہ گاڑی چلانے پر 26 ہزار روپے کا جرمانہ کیا گیا۔ پولس کمشنر پروین پوار نے تمام پولس افسران اور سرکاری ملازمین کو حکم دیا ہے کہ وہ دو پہیہ گاڑیوں کی سواری کے دوران ہیلمٹ کا استعمال لازماًکریں۔
***** ***** *****
لاتور میں تجدید شدہ آدھار سیوا کیندر کا افتتاح کل ضلع کلکٹر ڈاکٹر بھارت باستیواڑ نے کیا۔ شہریوں کو تیز، آسان اور شفاف آدھار خدمات فراہم کرنے کی غرض سے یہ مرکز شروع کیا گیا ہے۔ نئے آدھار رجسٹریشن، 5 سے 17 سال کی عمر کے بچوں کیلئے مفت بایومیٹرک اپڈیٹ، ڈیمو گرافک تبدیلیوں اور موقع پر ہی شکایات کے ازالے کی سہولتیں اس آدھار سیوا کیندر میں دستیاب ہیں۔
***** ***** *****
کنفیڈریشن آف انڈین انڈسٹری- سی آئی آئی، ویسٹرن ریجن کے نائب صدر ملن ناگ نے کہا کہ چھترپتی سمبھاجی نگر میں مہاراشٹر کی جدید مینوفیکچرنگ کو فروغ دینے کی صلاحیت ہے۔ وہ گزشتہ روز چھترپتی سمبھاجی نگر میں منعقدہ اخباری کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ ناگ نے کہا کہ چھترپتی سمبھاجی نگر کے پاس عالمی مینوفیکچرنگ سیکٹر میں بڑا کردار ادا کرنے کا موقع ہے۔
***** ***** *****
ریاست کے پونے اور ستارا اضلاع کے بالائی علاقوں میں آج بارش کا آرینج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ مراٹھواڑہ کے بیشتر اضلاع میں آج زوردار بارش ہونے کا امکان ہے۔
دریں اثناء، چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے کے پیٹھن میں جائیکواڑی ڈیم کی دائیں اور بائیں کینال سے 13سو کیوبک فٹ اس طرح مجموعی طور پر2600 مکعب فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی چھوڑا جا رہا ہے۔ اس وقت ڈیم میں پانی تقریباً 2500 کیوبک فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے داخل ہو رہا ہے اور ڈیم میں پانی کی سطح تقریباً 93 اعشاریہ تین آٹھ فیصد پر برقرارہے۔ ڈیم کے دروازے گذشتہ روز بند کر دیے گئے ہیں۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ ریاستی حکومت کا عالمی استعداد مراکز کیلئے مہاراشٹر کو ملک کا سرکردہ اور پسندیدہ ترین مقام بنانے کا عزم۔
٭ حصول ِاراضی کے معاوضے کی ادائیگی میں تاخیر پراضافی شرح سود دینے کو ریاستی کابینہ کی منظوری۔
٭ ٹریبیونل اصلاحات بل پارلیمنٹ میں منظور۔
٭ پربھنی اور جالنہ میں ترنگا یاترا ؤں کا انعقاد۔
اور۔۔۔٭ آج مراٹھواڑہ کے بیشتر اضلاع میں تیز ہواؤں کے ساتھ زوردار بارش کا امکان۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment