▼

Wednesday, 19 August 2026

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 19 اگست 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 19 August-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۹۱/اگست ۶۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ جائیکواڑی منصوبے کے دوسرے مرحلے کیلئے چھ ہزار 477 کروڑ روپے سے زیادہ مالیاتی فراہمی کو ریاستی کابینہ کی منظوری۔
٭ ریاستی سرکاری ملازمین کے مہنگائی بھتے میں دو فیصد کا اضافہ۔
٭ NEET پرچہ افشاء معاملے میں مظاہرین کے خلاف پولس کارروائی کی تحقیقات کیلئے عدالتِ عظمیٰ کی جانب سے اعلیٰ سطحی کمیٹی کا قیام۔
٭ سال 2025 کے قومی کھیل ایوارڈز کا اعلان، گرینڈ ماسٹر دیویا دیشمکھ سمیت 17 کھلاڑی ارجن ایوارڈ کیلئے منتخب۔
اور۔۔۔٭ لاتور، دھاراشیو، بیڑ اور جالنہ اضلاع کیلئے آج بارش کا یلو الرٹ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
ریاستی کابینہ نے جائیکواڑی منصوبے کے دوسرے مرحلے کیلئے چھ ہزار 477 کروڑ 88 لاکھ روپئے کی فنڈ فراہمی کو منظوری دی ہے۔ اس سے گوداوری ندی کے دامن میں واقع سندپھنا ندی پر ماجل گاؤں پشتے کے کاموں میں تیزی آئے گی، جس سے چھترپتی سمبھاجی نگر، اہلیا نگر، بیڑ، پربھنی اور ناندیڑ ان پانچ اضلاع میں تقریباً ایک لاکھ 31 ہزار 652 ہیکٹر اراضی سیراب ہوسکے گی۔ اس فیصلے سے متعلقہ علاقے میں صنعتوں کو پانی کی فراہمی، ماہی گیری اور بجلی سازی کو بھی فروغ ملے گا۔
کابینہ نے پنڈھر پور کی خصوصی بازآبادکاری پالیسی کو بھی منظوری دی ہے۔ اس فیصلے سے شری وٹھل رُکمنی مندر کے علاقے اور تجارتی کامپلیکس کے منصوبے میں تین ہزار 399 کروڑ 90 لاکھ روپئے کے ترقیاتی کاموں میں تیزی آئے گی۔
کل منعقدہ کابینی اجلاس میں محکمہ تعمیرات عامہ میں ٹریڈ پلیٹ فارم سسٹم کے استعمال، کم از کم ضمانتی نرخ اسکیم کے تحت 2024-25 کے ہنگام میں خریدے گئے دھان اور اناج کی نقل و حمل کے اخراجات کیلئے 328 کروڑ 47 لاکھ روپے کی فراہمی، مہاراشٹر معدنیات ترقیات 2020 قانون میں ترمیم اور مالیات و منصوبہ بندی کے محکموں کی ازسرِ نو تشکیل کو بھی منظوری دی گئی۔
***** ***** *****
وزیر اعلی دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ خوراک و ادویہ محکمہ ریاست میں اچھی کارروائی کر رہا ہے۔ وہ کل‘ ممبئی میں صحیفہ نگاروں سے بات کر رہے تھے۔ انھوں نے وضاحت کی کہ خوردنی اشیاء سے متعلق ضابطوں کی خلاف ورزی شہریوں کی صحت کیلئے خطرناک ہو سکتی ہے۔ لہٰذا، اس حوالے سے سخت کارروائی کی ضرورت تھی اور اسی کے مطابق کارروائی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایف ڈی اے کی یہ کارروائی مستقبل میں بھی جاری رہے گی۔
***** ***** *****
ریاستی حکومت نے افسران اور ملازمین کے مہنگائی بھتے میں دو فیصد کا اضافہ کیا ہے۔ جس کے تحت ریاستی حکومت کی خدمات میں شامل افسران اور ملازمین کو اب 60 فیصد مہنگائی بھتہ ملے گا۔ اس فیصلے کے مطابق‘ جنوری سے جولائی تک کے بقایہ جات ماہِ اگست کی تنخواہ کے ساتھ ادا کیے جائیں گے۔
***** ***** *****
ریاستی حکومت نے ”مہاراشٹرا حکومت کام کاج ضابطے 2026“ لاگو کیے ہیں۔ ان نئے ضابطوں کے تحت وزیر اعلیٰ کو عدالتوں میں زیرِ التواء معاملات کو چھوڑ دیگر کسی بھی معاملے اور کسی بھی وزیر کے کیے گئے فیصلے کو تبدیل یا منسوخ کر نے کا اختیار رہے گا۔ اس کے علاوہ وزیر ِاعلیٰ کسی بھی وزیر، وزیرِ مملکت یا سیکریٹری سے انتظامی کاروبار سے متعلق کوئی بھی معلومات طلب کر سکتے ہیں اور متعلقہ محکمہ یہ معلومات فوری فراہم کرنے کا پابند ہوگا۔
***** ***** *****
عدالت ِ عظمیٰ نے NEET پرچے افشاء ہونے کیخلاف نئی دہلی میں احتجاج کرنے والے مظاہرین پر مبینہ پولس کارروائی کی تحقیقات کیلئے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ یہ کمیٹی خواتین مظاہرین کے خلاف کارروائی کی بھی تحقیقات کرے گی۔ اسی طرح عدالتِ عظمیٰ نے پارلیمنٹ پر نکالے گئے مورچے کی ویڈیو فوٹیج بھی کمیٹی کو دینے کے احکامات دئیے ہیں۔
***** ***** *****
جنوب وسطی ریلوے انتظامیہ چھترپتی سمبھاجی نگر کے رکن پارلیمان سندیپان بھومرے کی جانب سے ریلوے اسٹیشن پر ترقیات سے متعلق کیے گئے مطالبات پر کارروائی کر رہا ہے۔ علاقائی کمشنر کی اطلاع کے مطابق‘ بھومرے کے مطالبات کے تحت، 16 کوچز کی پٹ لائن کا کام مکمل کرلیا گیا ہے، اور برقی کاری اور دیگر ضروری کام جاری ہیں۔ رکنِ پارلیمنٹ بھومرے کی طرف سے چھترپتی سمبھاجی نگر ریلوے اسٹیشن کے بنیادی ڈھانچے اور مسافرین کی سہولیات کو بہتر بنانے کی مسلسل کوششوں کا مثبت اثر ہوا ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
سال 2025 کے قومی کھیل ایوارڈز کا‘کل اعلان کیا گیا۔ گرینڈ ماسٹر وِدِت گجراتی، دِیویا دیشمکھ، بیڈمنٹن خواتین کی ڈبلز کی جوڑی تریشا جالی اور گائیتری گوپی چند، ایتھلیٹکس کھلاڑی تیجسون شنکر، محمد اجمل وی اور پرینکا گوسوامی، مکے باز نریندر اور معذور نشانے باز دھنوش شری کانت سمیت 17 کھلاڑیوں کو ارجن ایوارڈ سے نوازے جانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
اسایاہ اَرومینا یاگم کو فٹ بال کے شعبے میں ان کی شاندار خدمات کیلئے ارجن لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔ ایتھلیٹکس کوچ پَروِیر سنگھ، باکسنگ کوچ چھوٹے لال یادو اور شوٹنگ کوچ نیہا نند کمار چوہان کو درونا چاریہ ایوارڈ کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ کھیلوں کے فروغ اور ترقیات میں اہم کردار ادا کرنے والے اداروں اور تنظیموں کو دیا جانے والا قومی کھیل ترقیاتی ایوارڈ پونے کی آرمی پیرا اولمپک نوڈ کو دیا جائے گا۔
***** ***** *****
سری لنکا کے گال میں جاری ٹیسٹ کرکٹ میچ کے چوتھے دن کھیل کے اختتام پر سری لنکا نے اپنی دوسری اننگ میں چار وکٹ کے نقصان پر 84 رنز بنائے تھے۔ اس طرح سری لنکا کو جیت کیلئے اب بھی مزید 288 رنوں کی ضرورت ہے ہیں۔ اس سے قبل بھارت کی دوسری اننگز کل 193 رنوں پر سمٹ گئی۔ رشبھ پنت نے سب سے زیادہ 66 رنز اسکور کیے۔
اسی دوران رشبھ پنت نے اس میچ میں ٹیسٹ کرکٹ میں اپنے 100 چھکے بھی مکمل کر لیے۔ وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے پہلے بھارتی اور دنیا کے چوتھے کھلاڑی بن گئے ہیں۔
***** ***** *****
ہالینڈ میں جاری FIH خواتین کے ہاکی عالمی کپ میں بھارتی ٹیم نے جنوبی افریقہ کو چھ -ایک کے فرق سے یکطرفہ شکست دی۔ اس جیت کے ساتھ ہی بھارتی ٹیم گروپ ڈی میں سرِفہرست مقام پرپہنچ گئی ہے۔ بھارت کی جانب سے سُنے لِتا ٹوپّو، نونیت کور، دیپیکا سہراوت، لالریمسیامی اور ساکشی رانا نے گول کیے۔
***** ***** *****
خوراک و ادویات محکمے نے چھترپتی سمبھاجی نگر شہر کے ستارا علاقے کی ہائی کورٹ کالونی اورہرسول علاقے میں واقع بلنکٹ کے دو مراکز کے خلاف کارروائی کی۔ معائنے دوران دونوں مراکز میں خوراک تحفظ، حفظانِ صحت‘ صفائی انتظامات اور ذخیرہ اندوزی کے حوالے سے کئی سنگین خامیاں پائے جانے پر بلنک کامرس پرائیویٹ لمیٹڈ کا خوردنی اشیاء کا لائسنس فوری طور پر منسوخ کر دیا گیا ہے۔ انتظامیہ کے معائنے میں اشیائے خوردونوش کے ساتھ سگریٹ بھی فروخت کرنے، ختم شدہ معیاد والی اشیائے خوردونوش کو ذخیرہ کرنے اور سبزیوں اور نان ویجیٹیرین اشیاء کو قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک ساتھ رکھنے کا انکشاف ہوا ہے۔
***** ***** *****
کاکروچ جنتا پارٹی کے بانی ابھیجیت دیپکے نے ہنگولی تعلقے کے لمباڑا مَکتا گاؤں میں واقع ضلع پریشد اسکول میں اساتذہ کی خالی جائیدادوں کو پُر کرنے اور طلباء کو ضروری سہولیات فراہم کرنے کے مطالبے پر اسکول کے روبرو احتجاج شروع کیا ہے۔ ان کے مطالبے پر محکمہ تعلیم نے اس اسکول کے پرنسپل ونود کٹکے کو معطل کر دیا ہے، تاہم دیپکے نے اساتذہ کی تمام جائیدادیں پُر کیے جانے تک احتجاج ختم نہ کرنے کا انتباہ دیا ہے۔
***** ***** *****
ناندیڑ شہر میں جلد ہی گھریلو پی این جی گیس کی فراہمی شروع ہو جائے گی، اور پہلے مرحلے میں چار ہزار گھروں کو کنکشن دیئے جائیں گے۔ شہر میں مہاراشٹر نیچرل گیس لمیٹڈ اور بی پی سی ایل کے مشترکہ منصوبے کے تحت سٹی گیس ڈسٹری بیوشن منصوبے کے تحت پی این جی گیس نیٹ ورک قائم کرنے کا کام جاری ہے۔
***** ***** *****
پربھنی کے ضلع کلکٹر سنجے سنگھ چوہان نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی ہے کہ وہ آئندہ 30 اگست تک ضلعے میں قومی اور ریاستی شاہراہوں پر موجود غیر مجاز تعمیرات اور تجاوزات کو ہٹا دیں۔ وہ 13 جولائی 2026 کو عدالت ِ عظمیٰ کی جانب سے ازخود داخل کردہ ایک عرضی کے مطابق منعقدہ جائزاتی اجلاس سے مخاطب تھے۔
***** ***** *****
لاتور میونسپل کارپوریشن میں افسران اور ملازمین کی ہڑتال کی وجہ سے انتظامی کام کاج ٹھپ ہوگئے ہیں۔ ملازمین نے برسرِ اقتدار جماعت کے چار کارپوریٹرس کے ذریعے افسران اور ملازمین پر دباؤ ڈالنے کا الزام عائد کیا ہے۔
***** ***** *****
محکمہ موسمیات نے آئندہ دو دنوں میں کوکن اور ودربھ کے بیشتر مقامات اور وسطی مہاراشٹر کے چند مقامات پر بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ مراٹھواڑہ کے لاتور، دھاراشیو، بیڑ اور جالنہ اضلاع میں آج بارش کا یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ جائیکواڑی منصوبے کے دوسرے مرحلے کیلئے چھ ہزار 477 کروڑ روپے سے زیادہ مالیاتی فراہمی کو ریاستی کابینہ کی منظوری۔
٭ ریاستی سرکاری ملازمین کے مہنگائی بھتے میں دو فیصد کا اضافہ۔
٭ NEET پرچہ افشاء معاملے میں مظاہرین کے خلاف پولس کارروائی کی تحقیقات کیلئے عدالتِ عظمیٰ کی جانب سے اعلیٰ سطحی کمیٹی کا قیام۔
٭ سال2025 کے قومی کھیل ایوارڈز کا اعلان، گرینڈ ماسٹر دیویا دیشمکھ سمیت 17 کھلاڑی ارجن ایوارڈ کیلئے منتخب۔
اور۔۔۔٭ لاتور، دھاراشیو، بیڑ اور جالنہ اضلاع کیلئے آج بارش کا یلو الرٹ۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment