▼

Tuesday, 25 August 2026

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 25 اگست 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 25 August-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۵۲/اگست ۶۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ پنیہ شلوک اہلیا دیوی ہولکر کسان قرض معافی اسکیم کے تحت مستفیدین میں دوسری قسط تقسیم۔
٭ ناگپور میں لتا منگیشکر یونیورسٹی اور اہلیا نگر میں ڈاکٹر بالا صاحب وکھے پاٹل ہیلتھ سائنس یونیورسٹی کے قیام کو ریاستی کابینہ نے دی منظوری۔
٭ مراٹھا ریزرویشن کے سلسلے میں سرکاری وفد کا منوج جرانگے پاٹل کے ساتھ تبادلہ خیال؛ آئندہ میٹنگ ممبئی میں کرنے کا تیقن۔
٭ سری لنکا کے خلاف دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ پر بھارت کی گرفت مضبوط۔
اور۔۔۔٭ چھترپتی سمبھاجی نگر، جالنہ، پربھنی اور ناندیڑ اضلاع کیلئے آج بارش کا یلو الرٹ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
پنیہ شلوک اہلیا دیوی ہولکر کسان قرض معافی اسکیم کے تحت پانچ ہزار 86 کروڑ روپئے کی دوسری قسط چھ لاکھ 36 ہزار 36 کسانوں کے کھاتوں میں جمع کرائی گئی۔ کل، یہ دوسری قسط ممبئی میں وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کے ہاتھوں اہل کسانوں کے بینک کھاتوں میں منتقل کی گئی۔ اس سے قبل پہلی قسط گذشتہ 7 اگست کو کسانوں میں تقسیم کی گئی تھی۔ قرض معافی اسکیم کے تحت اب تک 12 لاکھ 58 ہزار 243 اہل کسانوں میں 10 ہزار 115 کروڑ روپئے تقسیم کیے جاچکے ہیں۔
***** ***** *****
ریاستی کابینہ نے ناگپور میں لتا منگیشکر یونیورسٹی کے قیام کو منظوری دے دی ہے۔ یہ فیصلہ گزشتہ روز منعقدہ کابینی اجلاس میں کیا گیا۔ کابینہ نے کل کے اجلاس میں اہلیانگر میں ڈاکٹر بالاصاحب وکھے پاٹل ہیلتھ سائنس یونیورسٹی کے قیام، ناسک ضلعے کے پمپل گاؤں بسونت میں ایک اعلیٰ سطحی دیوانی عدالت کے قیام اور اس کیلئے عہدوں اور ذیلی اخراجات کی فراہمی کو بھی منظوری دی۔
ریاستی کابینہ نے بین الاقوامی کھیل مقابلوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ریاست کے کھلاڑیوں اور ان کے کوچز کو دئیے جانے والے نقد انعام کی پالیسی پر نظر ثانی کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ اس کے تحت یوتھ اولمپکس اور یوتھ پیرا اولمپکس میں طلائی تمغے کی انعامی رقم ساڑھے بائیس لاکھ سے بڑھا کر 50 لاکھ روپے، نقرئی تمغے کیلئے 15 لاکھ سے بڑھا کر 30 لاکھ روپے اور کانسے کے تمغے کیلئے ساڑھے سات لاکھ روپے سے بڑھا کر 20 لاکھ روپے کر دی گئی ہے۔
***** ***** *****
کابینی اجلاس کے بعد صحیفہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ کھلے خوردنی تیل کی فروختگی کیلئے ایک مثالی طریقہ کار تیار کیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ خوراک و ادویات انتظامیہ کو کھلا تیل بیچنے اور خریدنے والوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے، ان کے ساتھ ناانصافی نہ ہو اور ملاوٹ کی بھی روک تھام ہوسکے اس کومدِ نظر رکھ کر طریقہئ کار وضع کرنے کی ہدایت کی جائے گی۔
***** ***** *****
مراٹھا ریزرویشن کے تحریک کار منوج جرانگے پاٹل کے ساتھ بات چیت کیلئے ریاستی حکومت کے ایک نمائندہ وفد نے کل انتروالی سراٹی کا دورہ کیا۔ اس کمیٹی میں مراٹھا ریزرویشن ذیلی کمیٹی کے صدر رادھا کرشن وِکھے پاٹل، وزیر اُدئے سامنت اور وزیر شمبھوراج دیسائی سمیت دیگر نمائندے شامل ہیں۔ وکھے پاٹل نے اعتراف کیا ہے کہ حکومت کے کیے گئے فیصلوں پر عمل درآمد میں انتظامیہ سے غلطیاں ہوئی ہیں‘ لہٰذا‘ ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف مناسب کارروائی کا تیقن انھوں نے دیا۔ جن شہریوں کا 28 اگست تک اندراج ہوا ہے انہیں سرٹیفکیٹ اور میعاد دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے، جرانگے پاٹل نے جن کے اندراجات مل گئے ہیں لیکن وہ سرٹیفکیٹ سے محروم ہیں اُن لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ انتروالی سراٹی آئیں۔ وزیر وِکھے پاٹل نے ممبئی میں ایک میٹنگ کرنے اور حکومت سے ان مطالبات پر گفتگو کرنے کا یقین دلایا۔ دریں اثناء‘ جرانگے پاٹل نے انتباہ دیا ہے کہ 28 اگست تک مراٹھا برادری کے مطالبات اور حکومت کے فیصلوں پر عمل درآمد نہیں کیا گیا تو 29 اگست سے شروع ہونے والا احتجاج فیصلہ کن ثابت ہوگا۔
***** ***** *****
اعلیٰ اور تکنیکی تعلیم کے میدان میں نمایاں خدمات کی انجام دہی پر مرکزی حکومت کی طرف سے دئیے جانے والے اس سال کے باوقار قومی اساتذہ ایوارڈ کیلئے آئی آئی ٹی ممبئی کے پروفیسر وکرم وشال، وردھا کے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج کے ڈاکٹراَمر تاکسانڈے اور شولاپور کے گورنمنٹ ٹیکنیکل کالج کے پروفیسر ڈاکٹر سندیپان نروٹے کا انتخاب عمل میں آیا ہے۔ مراٹھواڑہ کے دو معلّمین سمیت چار اساتذہ کا بھی اسی قومی ایوارڈ کیلئے انتخاب کیا گیا ہے۔ یہ اعزازات صدرِ جمہوریہ دروپدی مُرمو کے ہاتھوں نئی دہلی کے وِگیان بھون میں آئندہ 5 ستمبر کو یومِ اساتذہ کے موقعے پر تفویض کیے جائیں گے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
ثانوی و اعلیٰ ثانوی تعلیمی ڈائریکٹوریٹ نے گیارہویں جماعت میں داخلوں کیلئے دسویں راؤنڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ طلبہ27 اگست تک اس راؤنڈ میں شریک ہوکر داخلہ لے سکیں گے۔ریاست میں گیارہویں جماعت کی ابھی بھی آٹھ لاکھ 94 ہزار سیٹیں خالی ہیں۔
***** ***** *****
مراٹھی زبان اور گرامر کی ماہر ڈاکٹر یاسمین شیخ کا گزشتہ روز پونہ میں انتقال ہوگیا، وہ 101 برس کی تھی۔ ایک یہودی گھرانے میں پیدا ہونے والی جیرُوشا رُوبین عرف یاسمین شیخ، نے اپنی پوری زندگی لسانیات اور معیاری مراٹھی کیلئے انتھک کام کیا۔ چھترپتی سمبھاج نگر کے ملند کالج میں درس و تدریس کے فرائض انجام دینے والی یاسمین شیخ نے ممبئی کے ایس آئی ای ایس کالج میں بحیثیت ِ مراٹھی پروفیسر اور شعبہئ مراٹھی کے سربراہ کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔ انھوں نے چھترپتی سمبھاجی نگر کے سرسوتی بھون کالج کے پروفیسر ناگیش انکش کی تصنیف”ماگووا“ کا پیش لفظ بھی لکھا تھا‘ جبکہ مراٹھی لیکھن مارگ دَرشِکا، مراٹھی شبدلیکھن کوش، سُگم مراٹھی وِیاکرن کوش جیسی ان کی تصنیفات تعلیمی حلقوں میں کافی مشہور ہیں۔
یاسمین شیخ کے انتقال پر مراٹھی زبان کے حلقوں میں ایک باہمت، علمی اور رہنماء شخصیت سے محروم ہوجانے کے احساس کا اظہار کیا جارہا ہے۔
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے بزرگ مصنفہ یاسمین شیخ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ ان کا لفظوں سے تعلق صرف مطالعے کی حد تک نہیں تھا بلکہ مراٹھی زبان سے ان کی بے پناہ محبت کا بین ثبوت تھا۔
نائب وزیر اعلیٰ سنیترا پوار نے بھی اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ ڈاکٹر یاسمین شیخ کے انتقال سے مراٹھی زبان کا بڑا نقصان ہوا ہے اور مراٹھی زبان کے علم کا ایک ثمر آور درخت گر گیا ہے۔
***** ***** *****
ریاستی حکومت نے امراوتی کے خواتین و اطفال ضلعی اسپتال میں آتشزدگی سے ہلاک ہونے والے شیر خوار بچوں کے لواحقین کو پانچ لاکھ روپے معاوضہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے یہ جانکاری دی۔ وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ امراوتی کے ضلع کلکٹر کو زخمی بچوں کا سرکاری خرچ پر علاج کرنے اور اس معاملے میں قصورواروں کے خلاف سخت ترین کارروائی کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
دریں اثناء‘ وزیر صحت پرکاش آبِٹکر نے اسپتال کا دورہ کرکے صورتحال کا جائزہ لیا۔ حادثے کے وقت وارڈ میں 39 شیر خوار بچے زیرِ علاج تھے۔ ان میں سے 36 بچوں کو بحفاظت باہر نکالا گیا ہے، جبکہ چھ شیر خوار بچوں کو مزید علاج کیلئے سپر اسپیشلٹی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
***** ***** *****
لاتور ضلعے میں کل ایک ضلعی سطح کی سرمایہ کاری کانفرنس منعقد ہوئی۔ اس کانفرنس میں ریاستی حکومت اور ضلعے میں نئے صنعت کاروں کے درمیان 92مفاہمت ناموں پر دستخط کیے گئے۔ اس کے ذریعے تین ہزار 66 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری متوقع ہے اور تقریباً چار ہزار 169 افراد کو روزگار فراہم ہوگا۔
***** ***** *****
شراون مہینے کی مناسبت سے کل ہنگولی ضلعے کے کلمنوری میں ایک کانوڑ یاترا کا اہتمام کیا گیا۔ یہ یاترا چنچالیشور مہادیو مندر سے رکنِ اسمبلی سنتوش بانگر کی قیادت میں دوپہر بارہ بجے شروع ہوئی۔ اس یاترا میں ضلع بھر سے عقیدت مندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
***** ***** *****
سری لنکا کے خلاف جاری دوسرے ٹیسٹ کرکٹ میچ میں بھارت نے اپنی پہلی اننگ نو وکٹ کے نقصان پر 503 رنز بناکرڈکلیئر کردی۔ دیودت پڈیکل نے 117، دھرو جُریل نے 115، رشبھ پنت نے 63 اور کپتان شبھمن گِل نے 50 رنز بنائے۔ کل دن کا کھیل ختم ہونے پر سری لنکا نے دو وکٹ کے نقصان پر آٹھ رنز بنائے تھے۔
***** ***** *****
محکمہ موسمیات نے آئندہ دو دنوں میں کوکن اور ودربھ کے بیشتر مقامات پر اور وسطی مہاراشٹرا اور مراٹھواڑہ کے متعدد مقامات پر بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ چھترپتی سمبھاجی نگر، جالنا، پربھنی اور ناندیڑ اضلاع کیلئے آج بارش کا یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ پنیہ شلوک اہلیا دیوی ہولکر کسان قرض معافی اسکیم کے تحت مستفیدین میں دوسری قسط تقسیم۔
٭ ناگپور میں لتا منگیشکر یونیورسٹی اور اہلیا نگر میں ڈاکٹر بالا صاحب وکھے پاٹل ہیلتھ سائنس یونیورسٹی کے قیام کو ریاستی کابینہ نے دی منظوری۔
٭ مراٹھا ریزرویشن کے سلسلے میں سرکاری وفد کا منوج جرانگے پاٹل کے ساتھ تبادلہ خیال؛ آئندہ میٹنگ ممبئی میں کرنے کا تیقن۔
٭ سری لنکا کے خلاف دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ پر بھارت کی گرفت مضبوط۔
اور۔۔۔٭ چھترپتی سمبھاجی نگر، جالنہ، پربھنی اور ناندیڑ اضلاع کیلئے آج بارش کا یلو الرٹ۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment