▼

Saturday, 5 September 2026

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 05 ستمبر 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 05 September-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۵/ستمبر ۶۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ڈی جے پر پابندی کے معاملے میں شہریوں کو اعتماد میں لے کر راستہ نکالا جائے گا:وزیرِ اعلیٰ کی یقین دہانی۔
٭ میعاد ختم ہوچکے اور قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے رکشوں کے خلاف 5 اکتوبر تک سخت کارروائی کی ہدایت۔
٭ بیڑ ضلع میں فوری طور پر خشک سالی کا اعلان کیا جائے: رکنِ اسمبلی دھننجے منڈے کا مطالبہ۔
٭ شری کرشن جنم اشٹمی جوش و خروش سے منائی گئی؛ آج دہی ہانڈی کا سنسنی خیز انعقاد۔
٭ جالنہ میں شادو مٹی کی 5 ہزار سے زائدگنیش مورتیوں کی تیاری کا عالمی ریکارڈ۔
اور۔۔۔٭ ’چائنا ماسٹرز‘ بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کے مردوں کے ڈبلز میں بھارت کی ساتوک-چراغ جوڑی سیمی فائنل میں داخل۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
ڈی جے پر پابندی کے معاملے میں شہریوں کو اعتماد میں لے کر راستہ نکالنے کی یقین دہانی وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کرائی ہے۔ کل پونے میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے یہ موقف واضح کیا۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ صوتی آلودگی کو کم کرتے ہوئے روایتی طریقے سے تہوار منانا ہی حکومت اور انتظامیہ کا مقصد ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مختلف اضلاع میں پولس اور انتظامیہ شہریوں سے بات چیت کر رہی ہے، اس کے بعد ڈی جے سے متعلق احکامات جاری کیے جا ئیں گے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے ٹیکنالوجی، جہاز سازی، طبی خدمات سمیت مختلف شعبوں میں گہری شراکت داری کی اپیل بلجیم کے وزیرِ اعظم بارٹ ڈی ویور سے کی ہے۔ کل ممبئی میں بھارت-بلجیم اعلیٰ سطحی مذاکراتی اجلاس میں وزیرِ اعلیٰ خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے طبی خدمات سمیت دیگر تمام شعبوں میں مہاراشٹر کی پیش رفت کا جائزہ پیش کیا۔
اسی دوران، بلجیم کے وزیرِ اعظم نے بھارت اور بلجیم کے درمیان بحری شعبے میں تعاون بڑھانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ وزیرِ اعظم ویور نے کل ممبئی کے باندرہ-کرلا کمپلیکس میں واقع بھارت ڈائمنڈ بورس میں ہیروں کی تجارت سے وابستہ صنعت کاروں کے ایک پروگرام سے خطاب کیا۔
***** ***** *****
میعاد ختم ہوچکے یا قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے رکشوں کے خلاف 5 اکتوبر تک خصوصی مہم چلا کر سخت کارروائی کرنے کی ہدایت نقل و حمل کے ریاستی وزیر پرتاپ سرنائیک نے موٹر وہیکل ٹرانسپورٹ محکمہ کو دی ہے۔ کل ممبئی میں ٹرانسپورٹ کمشنر کے دفتر میں منعقدہ خصوصی اجلاس سے وہ خطاب کر رہے تھے۔ سرنائیک نے کہا کہ ایسے رکشے مسافروں کی سلامتی کیلئے خطرناک ہیں۔ انہوں نے متعلقہ گاڑیوں کے خلاف قواعد کے مطابق جرمانہ اور دیگر تادیبی کارروائی کرنے کی بھی ہدایت دی۔
***** ***** *****
رکنِ اسمبلی دھننجے منڈے نے وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کو خط لکھ کر مطالبہ کیا ہے کہ بیڑ ضلع میں فوری طور پر خشک سالی کا اعلان کیا جائے۔ بارش نہ ہونے کی وجہ سے خریف کی فصلوں کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچ رہا ہے۔ منڈے نے مطالبہ کیا ہے کہ فصلوں کے نقصانات کا پنچنامہ تیار کرکے کسانوں کو مالی امداد دی جائے، سرکاری رعایتیں نافذ کی جائیں، اور مصنوعی بارش کے تجربات بھی کیے جائیں۔
***** ***** *****
ممبئی میں ضلعے کے فروغ ِہنرمندی، روزگار اور صنعت کاری رہنمائی مرکز کی جانب سے ’پنڈت دین دیال اپادھیائے عالمی ریکارڈ سازروزگار مہاکمبھ‘ کا انعقاد کیا گیا۔ ممبئی میں 29 ستمبر کو 10 مقامات پر یہ روزگار میلے منعقد کیے جائیں گے۔ ممبئی ضلع فروغِ ہنرمندی، روزگار اور صنعت کاری محکمہ کے اسسٹنٹ کمشنر نے بڑی تعداد میں رجسٹریشن کرانے کی اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
مہاراشٹر اسٹیٹ گزیٹیڈ سروسز فیڈریشن نے مطالبہ کیا ہے کہ معذور مریضوں کو سرکاری اور نیم سرکاری اسپتالوں میں مفت طبی علاج فراہم کیا جائے۔سن 2001 تک معذور مریضوں کو سرکاری اسپتالوں میں کیس پیپر فیس کے علاوہ دیگر تمام علاج مفت فراہم کیے جاتے تھے۔ تاہم‘ بعد میں ایک حکومتی فیصلے کے تحت یہ سہولت بند کردی گئی۔ تنظیم کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس فیصلے میں ترمیم کرکے معذور مریضوں کو مفت ادویات اور علاج کی سہولت فراہم کی جائے۔
***** ***** *****
سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے علاوہ دیگر عدالتوں کے ججوں کی ریٹائرمنٹ کی عمر 60 سال سے بڑھا کر 62 سال کرنے سے متعلق سپریم کورٹ کی ہدایات کو مہاراشٹر سمیت 7 ریاستوں نے تسلیم کرلیا ہے۔ اس کے مطابق ان ریاستوں میں رواں سال 31 مارچ کو یا اس کے بعد ریٹائر ہونے والے ججوں کو، اگر انہوں نے کسی دوسری جگہ ملازمت قبول نہیں کی ہے، دوبارہ اپنے عہدے پر تعینات ہونے کا موقع ملے گا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
شراون کرشن اشٹمی، یعنی ’جنماشٹمی‘ کل منائی گئی۔ مختلف مقامات پر واقع مندروں میں نصف شب کو شری کرشن کا جنموتسو منایا گیا۔ ریاست میں بھی تمام کرشن مندروں میں کرشن جنموتسو روایتی انداز میں جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔
چھترپتی سمبھاجی نگر میں پیٹھن روڈ پر واقع مہانُوبھاو آشرم، جالنہ روڈ پر واقع اِسکون مندر سمیت دیگر تمام کرشن مندروں میں عقیدت مندوں کی بڑی بھیڑ رہی۔دہی ہانڈی کا تہوار آج منایا جائے گا۔ مختلف سیاسی جماعتوں اور تنظیموں نے دہی ہانڈی توڑنے کیلئے بڑے انعامات کا اعلان کیا ہے۔
***** ***** *****
آج یومِ اساتذہ منایا جا رہا ہے۔ سابق صدرِ جمہوریہ ڈاکٹر سروپلی رادھا کرشنن کی سالگرہ کے موقع پر یہ دن منایا جاتا ہے۔ اس موقع پر آج نئی دہلی میں صدرِ جمہوریہ دروپدی مرمو کے ہاتھوں قومی اساتذہ ایوارڈز پیش کیے جائیں گے۔ اس موقع پر دیے گئے تہنیتی پیغام میں صدرِ جمہوریہ نے اساتذہ سے اپیل کی کہ وہ اپنی تدریس میں جدید ٹیکنالوجی کو شامل کریں۔ اس تقریب میں مراٹھواڑہ کے کئی اساتذہ کو بھی اعزاز سے نوازا جائے گا۔
اسی بیچ، چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن کے اسکولوں کے 12 اساتذہ کو مثالی ٹیچر ایوارڈ کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔ آئندہ 17 ستمبر کو حیدرآباد مکتی سنگرام دن کے موقع پر منعقدہ پروگرام میں یہ ایوارڈز دیے جائیں گے۔
***** ***** *****
جالنہ میں کل ایک ہی وقت میں پانچ ہزار 348 افراد نے شادو مٹی سے گنیش کی مورتیاں بنا کر عالمی ریکارڈ قائم کیا۔ یہ سرگرمی جالنہ کے JES کالج کے میدان میں منعقد ہوئی۔ ضلع کلکٹر آشیما متل کی قیادت میں ضلع انتظامیہ اور ادوِک کلب کے تعاون سے یہ پروگرام منعقد کیا گیا۔ اس ریکارڈ کو گنیز ورلڈ ریکارڈز اور لمکا بک آف ریکارڈز نے تسلیم کیا ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر کے میئر سمیر راجورکر نے کل گنیش اتسو کے پیش نظر تیاریوں کے سلسلے میں ایک اجلاس منعقد کیا۔ انہوں نے انتظامہ کو ضروری ہدایات دیتے ہوئے گنیش مورتیوں کے وسرجن کیلئے تالابوں کا انتظام اور نئی جگہوں پر مصنوعی تالاب بنانے کے سلسلے میں تفصیلی جائزہ لیا۔
***** ***** *****
جالنہ ضلع میں کُنبی، کُنبی-مراٹھا اور مراٹھا-کُنبی ذات کے سرٹیفکیٹ کیلئے ضروری دستاویزات فراہم کرنے کے مقصد سے انتظامیہ کی جانب سے خصوصی کیمپ منعقد کیے جا رہے ہیں۔ آئندہ 10 سے 16 ستمبر کے درمیان تمام تعلقہ جات میں یہ کیمپ لگائے جائیں گے۔ ضلع انتظامیہ نے شہریوں سے ضروری دستاویزات کے ساتھ ان کیمپوں سے فائدہ اٹھانے کی اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
مراٹھا ریزرویشن کے مطالبے کیلئے کل ناندیڑ میں بند منایا گیا۔ اس موقع پر مظاہرین نے ضلع کلکٹر کے دفتر تک مارچ نکال کر اپنے مطالبات کا میمورنڈم پیش کیا۔ ان مطالبات کیلئے مختلف مقامات پر راستہ روکو احتجاج بھی کیا گیا۔لاتور میں بھی سکل مراٹھا سماج کی جانب سے بند منایا گیا۔ اس موقع پر مراٹھا برادری کے افراد نے موٹر سائیکل ریلی نکالی۔ دریں اثناء، لاتور-بارشی شاہراہ پر ساکرپاٹی کے مقام پر نوجوانوں نے راستہ روکو احتجاج کیا۔ اوسہ شہر میں بھی مظاہرین نے تحصیل دفتر کے احاطے میں موجود پانی کی ٹنکی پر چڑھ کر احتجاج کیا۔
***** ***** *****
برہمن سماج کے مختلف زیرِ التوا مطالبات کیلئے جالنہ شہر میں گزشتہ چھ دن سے جاری غیر معینہ بھوک ہڑتال کو دیپک رَننَوَرے نے کل ختم کر دیا۔ ریسیڈنٹ ضلع کلکٹر رام داس دَونڈ اور تحصیلدار دھیر یہ شیل گَولی نے مذکورہ مطالبات کے سلسلے میں پیروی کرنے کی تحریری یقین دہانی کرائی۔
***** ***** *****
پر بھنی ضلع پولس نے گاڑیاں چوری کرنے والے سات افراد کے گروہ کو کل گرفتار کر لیا۔ ان کے قبضے سے چار پہیہ گاڑیاں اور ایک موبائل فون سمیت 84 لاکھ روپے مالیت کا سامان ضبط کیا گیا۔ جنتور میں گاڑی چوری کے ایک معاملے کی تفتیش کے دوران پولس نے ان ملزمان کو کرناٹک ریاست کے وجے پور سے حراست میں لیا۔ یہ ملزمان بیڑ ضلع کے رہنے والے ہیں۔
***** ***** *****
متحدہ عرب امارات میں جاری خواتین کے ایشیاء کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں آج بھارت کا مقابلہ پاکستان سے ہوگا۔ بھارت اپنے پہلے دو میچز جیت کر گروپ میں سرِفہرست ہے۔ یہ مقابلہ بھارتی وقت کے مطابق‘ رات آٹھ بجے شروع ہوگا۔
***** ***** *****
’چائنا ماسٹرز‘ بیڈمنٹن ٹورنامنٹ میں بھارت کی ساتوک سائی راج رنکی ریڈی اور چراغ شیٹی کی جوڑی نے مردوں کے ڈبلز کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ کل کھیلے گئے کوارٹر فائنل مقابلے میں ساتوک-چراغ کی جوڑی نے ڈنمارک کی حریف جوڑی کو 21-13، 16-21اور 21-18 سے شکست دے دی۔ آج شام ہونے والے سیمی فائنل میں ان کا مقابلہ ملائیشیا کی جوڑی سے ہوگا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ ڈی جے پر پابندی کے معاملے میں شہریوں کو اعتماد میں لے کر راستہ نکالا جائے گا:وزیرِ اعلیٰ کی یقین دہانی۔
٭ میعاد ختم ہوچکے اور قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے رکشوں کے خلاف 5 اکتوبر تک سخت کارروائی کی ہدایت۔
٭ بیڑ ضلع میں فوری طور پر خشک سالی کا اعلان کیا جائے: رکنِ اسمبلی دھننجے منڈے کا مطالبہ۔
٭ شری کرشن جنم اشٹمی جوش و خروش سے منائی گئی؛ آج دہی ہانڈی کا سنسنی خیز انعقاد۔
٭ جالنہ میں شادو مٹی کی 5 ہزار سے زائدگنیش مورتیوں کی تیاری کا عالمی ریکارڈ۔
اور۔۔۔٭ ’چائنا ماسٹرز‘ بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کے مردوں کے ڈبلز میں بھارت کی ساتوک-چراغ جوڑی سیمی فائنل میں داخل۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment