▼

Wednesday, 16 September 2026

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 16 ستمبر 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 16 September-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۶۱/ستمبر ۶۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ خشک سالی کی صورتحال کے پیشِ نظر حکومت کسانوں کے ساتھ پوری طاقت کے ساتھ کھڑی ہے: وزیر اعلیٰ کا تیقن۔
٭ امدادِ باہمی شکر کارخانوں کو سافٹ لون یعنی رعایتی شرح پر قرض فراہم کرنے کا ریاستی کابینہ کا فیصلہ۔
٭ تہواروں کے موسم میں شہریوں کو پریشان کرنے کا مؤقف اختیار نہ کریں:حکومت کی منوج جرانگے سے اپیل؛ چنندہ رفقاء کے ساتھ جرانگے ممبئی روانہ۔
اور۔۔۔٭ بھارت نے افغانستان کے خلاف دوسرا ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میچ سات وکٹوں سے جیت کر سیریز جیت لی۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
وزیرِاعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے تیقن دیا ہے کہ ریاستی حکومت خشک سالی کی صورتحال کے پیش نظر کسانوں کی مکمل مدد کر رہی ہے۔ وہ کل‘ ریاستی کابینہ کے اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بارش کی کمی کے باعث پیدا شدہ حالات کا باضابطہ سروے آئندہ آٹھ تا دس دنوں میں شروع کیا جائے گا‘کسانوں کو حالات کے بھروسے پر نہیں چھوڑا جائے گا اور ان کی ہرممکنہ مدد کی جائیگی۔
ملک کا سب سے بڑا جہاز سازی کا مرکز رائے گڑھ ضلع کے دیگھی میں قائم کیا جائے گا، جس کیلئے کُل 27 ہزار کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی مفاہمت کی یادداشت پر کل دستخط کیے گئے ہیں۔ یہ اطلاع وزیرِاعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے دی۔ اس معاہدے سے جنگی جہازوں، تجارتی بحری جہازوں کی تعمیر کا کام دیگھی میں شروع ہو جائے گا اور جہاز سازی، جہازوں کو توڑنے، ان کی مرمت اور ری سائیکلنگ جیسے تمام کام بھی یہاں کیے جائیں گے۔ اس منصوبے سے 15 ہزار براہ راست اور 75 ہزار بالواسطہ روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔
***** ***** *****
2025-26 کے کشید ہنگام کیلئے امدادِ باہمی شکر کارخانوں کے ایف آر پی کے بقایہ جات ادا کرنے اور ان کارخانوں کو آئندہ سال کے کشید ہنگام کیلئے سافٹ لون یعنی رعایتی شرح سود پر قرض فراہم کرنے کا فیصلہ کل ریاستی کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا۔ اس کیلئے 738 کروڑ روپے بھی منظور کیے گئے۔ اس فیصلے سے گنے کے کاشتکاروں اور شکر کارخانوں کو بڑی راحت ملے گی۔
کابینہ نے ریاستی حکومت کی پچیس بڑی پالیسیوں اور پچیس بڑی اسکیموں کا تجزیے اور جائزے کیلئے ”مہاراشٹرا ٹیکنیکل اسسٹنس سیل یا Maha-Tac" کے قیام کو بھی منظوری دی۔ اجلاس میں مہاراشٹر میونسپل کونسل، نگر پنچایت اور صنعتی علاقہ ایکٹ 1965 میں ترمیم کو بھی منظوری دی گئی۔
***** ***** *****
وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کل منترالیہ میں محکمہ محصول کے ”مہا کھنیج دو“نظام اور موبائل ایپ کا آغاز کیا، اور ریاستی مہاکھنیج کنٹرول روم کا بھی انھوں نے افتتاح کیا۔ یہ نظام معدنی علاقوں کے سروے، ٹریفک کی نگرانی اور لائسنسوں کی ڈیجیٹل تصدیق، بے ضابطگیوں کی نشاندہی اور محصول میں تضاد کو کم کرنے کیلئے کارآمد ثابت ہوگا۔
***** ***** *****
وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے اُمید ظاہر کی ہے کہ مراٹھا ریزرویشن تحریک کے رہنماء منوج جرانگے اس نوعیت کے فیصلے کریں گے جس سے تہواروں کے دوران شہریوں کو کوئی تکلیف نہ ہو۔ کل‘ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ حکومت نے جرانگے کے تیرہ میں سے بارہ مطالبات کو تسلیم کر لیا ہے اور جرانگے کو بقیہ مطالبات کو پورا کرنے میں قانونی دشواریوں اور عدالت کی حکم عدولی پر مراٹھا برادری کو ہونے والے ممکنہ نقصان سے آگاہ کیا گیا ہے۔ اسی دوران‘ اس مسئلے پر نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کہا کہ جہاں حکومت مراٹھا سماج کے مفاد میں مثبت موقف اختیار کر رہی ہے، وہیں احتجاج کرنے والے افراد کو سیاسی موقف اختیار نہیں کرنا چاہیے۔
دریں اثناء‘ منوج جرانگے مراٹھا ریزرویشن سمیت مختلف مطالبات کیلئے اپنے دس رفقاء کے ساتھ کل انتروالی سراٹی سے ممبئی روانہ ہوگئے۔ ان کے ساتھ دو گاڑیاں اور دو ایمبولینسیں بھی ہیں۔ ممبئی کیلئے روانہ ہونے سے پہلے، ڈسٹرکٹ سیول سرجن ڈاکٹر راجندر پاٹل نے ان کاطبّی معائنہ کیا اور انہیں اسپتال میں داخل ہونے اور سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا، لیکن جرانگے نے مشورہ ماننے سے انکار کردیا۔یہ اطلاع محکمہ صحت کی جانب سے دی گئی۔
***** ***** *****
حکومت نے واضح کیا ہے کہ UPI کے ذریعے فرد سے فرد کے مالی لین دین پر کوئی چارج نہیں لگایا جائے گا۔ وزارت خزانہ نے یہ بھی کہا ہے کہ یو پی آئی کے ذریعے تاجروں کودو ہزار روپے تک کے لین دین اور ’زیرو مرچنٹ ڈسکاؤنٹ ریٹ‘ یعنی چھوٹے تاجروں کیلئے ایم ڈی آر اسکیم کے تحت لین دین بھی مفت رہے گا۔ وزارت خزانہ نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ MDR صرف دو ہزار روپے سے زیادہ کے کچھ تجارتی لین دین پر لاگو ہوگا۔ یہ تبدیلی 15 اکتوبر سے نافذ العمل ہوگی۔
***** ***** *****
ڈیڑھ دن کے گنپتی کا کل ریاست بھر میں روایتی عقیدت کے ساتھ وسرجن کیا گیا۔ اس کیلئے ممبئی، پونے، تھانہ، ناسک اور کوکن سمیت ریاست بھر کی بڑی ندیوں، قدرتی آبی ذخائر اور مصنوعی طورپر تیار کردہ تالابوں میں وسرجن کیلئے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
سیوا سنکلپ ابھیان ریاست میں 17 ستمبر سے 17 اکتوبر 2026 تک چلایا جائے گا، جس کے تحت اہل شہریوں کو مختلف سرکاری اسکیموں اور ضروری خدمات کا براہ راست فائدہ پہنچے گا۔ ڈویژنل کمشنر جی شریکانت نے بتایا کہ چھترپتی سمبھاجی نگر ڈویژن کے تمام آٹھ اضلاع میں اس مہم کو مؤثرطور پر چلایا جائے گا۔
پربھنی کے ضلع کلکٹر سنجے سنگھ چوہان نے تمام محکموں کو ہدایت دی کہ وہ ضلعے میں اس مہم کو مؤثر طریقے سے چلانے کیلئے مناسب باہمی رابطوں کے ساتھ تمام سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کریں۔ انہوں نے یہ بھی اپیل کی کہ شہری اس مہم کے ذریعے سرکاری اسکیموں اور خدمات سے فائدہ اٹھائیں۔
***** ***** *****
ضلع کلکٹر ونئے گوڑا جی سی نے کہا ہے کہ چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع میں بارش کے حالات میں کوئی متوقع تبدیلی نہیں ہے، اس لیے زراعت‘ محصول‘ دیہی ترقیات و دیگر تمام شعبے بارش اور فصلوں کی صورتحال پر باریکی سے نظر رکھیں۔ وہ کل‘ اس سلسلے میں منعقدہ جائزاتی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔
***** ***** *****
جالنہ ضلعے میں خریف کی فصلوں کی موجودہ صورتحال کی ایک مرتب شدہ ابتدائی رپورٹ ضلع انتظامیہ نے حکومت کو پیش کی ہے۔ بارشوں کی غیر یقینی صورتحال اور بارش کے تناسب نے فصلوں کو متاثر کیا ہے، ضلع میں 14 ستمبر تک اوسطاً صرف 81 فیصد بارش ہوئی ہے۔ ضلع کلکٹر آشیما متل نے کسانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ فصلوں کی موجودہ صورتحال اور دستیاب پانی کے وسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے محکمہ زراعت کی رہنمائی کے مطابق آئندہ فصلوں کی منصوبہ بندی کریں۔
***** ***** *****
سوچھ بھارت مشن دیہی مرحلہ دو کے تحت ”سوچھتا ہی سیوا 2026“ مہم 17 ستمبر سے 2 اکتوبر کے درمیان چلائی جائے گی۔ جالنہ ضلع پریشد کے سی ای او ڈاکٹر کرشن کانت کنواریا نے جالنہ ضلع کے تمام دیہاتوں کے ساکنان کے ساتھ ساتھ اسکولوں، کالجوں، رضاکار تنظیموں، خواتین کے مختلف محکموں اور بڑی تنظیموں سے اس میں حصہ لینے کی اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میں اُمید خود امدادی گروپ کی خواتین نے گنیش کی مورتیوں کی فروخت سے چھ کروڑ 31 لاکھ 43 ہزار روپے کا کاروبار کیاہے۔ ان خواتین نے ضلع بھر میں 253 اسٹالز لگائے تھے۔ ضلع پریشد انتظامیہ نے بتایا کہ اس اسٹال سے ایک لاکھ 17 ہزار 170 گنیش کی مورتیاں فروخت کی گئیں۔
***** ***** *****
کل 17 ویں مراٹھواڑہ مکتی سنگرام دن کے موقع پر ناندیڑ ضلع کے مدکھیڑ تعلقہ کے بارڈ میں انتظامیہ کی طرف سے ایک خصوصی پروگرام منعقد کیا جائے گا۔ بارڈ کے 33افراد کے مراٹھواڑہ کی آزادی میں حصہ لینے پر اس پروگرام میں ان کے اہلِ خانہ کا استقبال کیا جائے گا۔
***** ***** *****
دوسرے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میچ میں بھارت نے افغانستان کو سات وکٹوں سے شکست دے دی۔ گزشتہ روز دہلی میں کھیلے گئے اس میچ میں افغانستان نے پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے 160 رنز کا ہدف دیا تھا۔ ہندوستانی ٹیم نے 15ویں اوور میں تین وکٹوں کے نقصان پر 163 رنز بنالیے۔ اس جیت کے ساتھ ہی ہندوستانی ٹیم نے تین میچوں کی سیریز میں دو صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ خشک سالی کی صورتحال میں حکومت کسانوں کے ساتھ پوری طاقت سے کھڑی ہے: وزیر اعلیٰ کا تیقن۔
٭ امدادِ باہمی شکر کارخانوں کو سافٹ لون یعنی رعایتی شرح پر قرض فراہم کرنے کا ریاستی کابینہ کا فیصلہ۔
٭ تہواروں کے موسم میں شہریوں کو پریشان کرنے کا مؤقف اختیار نہ کریں:حکومت کی منوج جرانگے سے اپیل؛ چنندہ رفقاء کے ساتھ جرانگے ممبئی روانہ۔
اور۔۔۔٭ بھارت نے افغانستان کے خلاف دوسرا ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میچ سات وکٹوں سے جیت کر سیریز جیت لی۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment