▼

Saturday, 26 September 2026

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 26 ستمبر 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 26 September-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۶۲/ستمبر ۶۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ گنیش اتسو کے تہوار کا اختتام؛ ڈھول تاشوں کی گونج میں گن رائے کی وداعی۔
٭ تاریخی ماتھاڑی قانون برقرار رکھنے کی وزیرِ اعلیٰ کی یقین دہانی۔
٭ ایم پی ایس سی کا پرچہ افشاء کرنے کے معاملے میں مزید چار افراد گرفتار۔
٭ نائب وزیرِ اعلیٰ سنیترا پوار کا آج مراٹھواڑہ میں خشک سالی کے جائزے کیلئے دورہ۔
اور۔۔۔٭ ایشیائی کھیلوں میں 10میٹر ایئر پسٹل نشانے بازی میں بھارت کو طلائی تمغہ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
گنیش اتسو کے تہوار کا کل اختتام ہوا۔ صبح کے مرحلے میں گھریلو گنیش مورتیوں کو الوداع کہنے کے بعد دوپہر کے بعد عوامی گنیش منڈلوں کے وسرجن جلوسوں کا آغاز ہوا۔ ممبئی میں لال باغ کے راجا سمیت کئی گنیش مورتیوں کے جلوس دیکھنے کیلئے شہریوں کی بڑی تعداد جمع ہوئی تھی۔ پونے میں بھی پانچ گنیش مورتیوں کے وسرجن جلوس کے بعد دیگر منڈلوں کے جلوس نکالے گئے۔ عقیدت مندوں نے ڈھول تاشوں کی گونج میں گن رائے کو الوداع کیا۔
مراٹھواڑہ میں بھی وسرجن کی تقریب روایتی باجوں کی گونج میں جوش و خروش کے ساتھ منعقد ہوئی۔ چھترپتی سنبھاجی نگر میں گرام دیوت سنستھان گنپتی سے گنیش وسرجن کا جلوس نکالا گیا۔ شہر کے پانچ بڑے وسرجن کنوؤں پر صبح ہی سے ڈھول تاشوں کی گونج اور ’گنپتی باپا موریا‘ کے نعروں کے درمیان بچوں سے لے کر بزرگوں تک بڑی تعداد میں عقیدت مندوں نے گنپتی باپّا کو الوداع کہنے کیلئے شرکت کی۔ میونسپل کارپوریشن نے شہر میں 47 مقامات پر گنیش مورتیاں جمع کرنے کے مراکز اور نذر کی گئی اشیاء مراکز قائم کیے گئے تھے، جنہیں شہریوں کی جانب سے زبردست پذیرائی ملی۔
لاتور میونسپل کارپوریشن نے شہر میں 16 مقامات پر مورتیاں جمع کرنے کے مراکز قائم کیے۔ میونسپل کارپوریشن کے اس اقدام کو شہریوں کی جانب سے پُرجوش ردِعمل ملا۔
وہیں ناندیڑ میں روایتی باجوں کی گونج کے درمیان گنیش وسرجن کیا گیا۔ میونسپل کارپوریشن نے شہر کے مختلف علاقوں میں 17 مقامات پر مورتیاں جمع کرنے کے مراکز اور 10 مصنوعی تالاب تیار کیے تھے۔اس عمل کی بھی شہریوں کی جانب سے پذیرائی کی گئی۔
جالنہ میں میونسپل کارپوریشن نے موتی تالاب کے مقام پر گنپتی وسرجن کا انتظام کیا تھا جہاں شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔پربھنی، ہنگولی، بیڑ اور دھاراشیو اضلاع میں بھی گنیش وسرجن کی تقریبات جوش و خروش کے ساتھ اختتام پذیر ہوئیں۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے ماتھاڑی مزدوروں کو سماجی اور قانونی تحفظ فراہم کرنے والے تاریخی ماتھاڑی قانون کو کسی بھی صورت میں ختم نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ ماتھاڑی تحریک کے بانی انا صاحب پاٹل کی 93ویں سالگرہ کے موقع پر واشی کی زرعی پیداوار مارکیٹ کمیٹی میں منعقدہ مزدور اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ حکومت مزدوروں کے حقوق کے تحفظ اور انہیں باعزت زندگی فراہم کرنے کیلئے پوری طرح پابند ہے۔
***** ***** *****
چیف انتخابی کمشنر گیانیش کمار کے خلاف سپریم کورٹ میں عرضی دائر کی گئی ہے۔رائے دہندگان کی فہرستوں کی خصوصی نظرثانی سے متعلق کئی فیصلے دیگر دو الیکشن کمشنروں کی رضامندی کے بغیر کیے جانے کی خبروں کے پس منظر میں یہ عرضی دائر کی گئی ہے۔
***** ***** *****
مہاراشٹر پبلک سروس کمیشن (ایم پی ایس سی) کے ڈرگ انسپکٹر گروپ ’بی‘ کے مرکزی امتحان کا پرچہ افشاء کیے جانے کے معاملے میں مزید چار ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ملزمان میں دو امیدوار بھی شامل ہیں۔ ساجد سانڈے اور وجے کِنگار ان دونوں امیدواروں کے نام ہیں۔ سندیپ کھلاٹے اور بھیروَناتھ کدم، ان دو دیگر ملزمان پر ثالثی کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ اس معاملے میں اب تک مجموعی طور پرگیارہ افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم نریندر مودی کل اتوار کی صبح گیارہ بجے آکاش وانی پر نشر ہونے والے پروگرام ’من کی بات‘ کے ذریعے ملک کے عوام سے خطاب کریں گے۔ یہ ماہانہ ریڈیو پروگرام کی 138ویں قسط ہوگی۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم نریندر مودی کی عوامی زندگی کے25 سالہ سفر کو ’جن سیوا سے دیش سیوا‘ اس منتر سے تحریک ملی ہے اور حکومت خدمت اور بہتر حکمرانی کے نقطہئ نظر سے2047 تک ترقی یافتہ بھارت کا ہدف حاصل کرنے کیلئے کام کر رہی ہے۔ سماجی طور پر بااختیار بنانے کے ذریعے شہریوں کی زندگی میں مثبت تبدیلی لانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
دیہی علاقوں کے ہر خاندان کو نل کے ذریعے محفوظ اور وافر پینے کا پانی فراہم کرنے کے لیے حکومت کی جانب سے جل جیون مشن نافذ کیا جا رہا ہے۔ ’ہر گھر جل‘ مہم کے ذریعے دیہی خاندانوں کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ پانی کی فراہمی کا پائیدار نظام قائم کرنے پر زور دیا جا رہا ہے۔ وزیرِ اعظم نریندر مودی نے اس مہم کی کامیابی کے بارے میں بتاتے ہوئے اس کے چار اہم ستونوں پر زور دیا۔ انہوں نے کہا:
Byte: Prime Minister Narendra Modi
عوامی شراکت داری سے چلائی جانے والی اس مہم کے ذریعے دیہی علاقوں کے خاندانوں کو پینے کا پانی فراہم کرنے میں کامیابی حاصل ہو رہی ہے۔
***** ***** *****
خشک سالی کے پس منظر میں مراٹھواڑہ کے متاثرہ علاقوں میں انتظامیہ نے500 سے زیادہ کنویں تحویل میں لیے ہیں۔ ان میں سے67 کنوؤں کے ذریعے124 دیہاتوں اور91 بستیوں کو246 ٹینکروں کے ذریعے پانی کی فراہمی شروع کر دی گئی ہے۔ اس سے متعلق خبر میں کہا گیا ہے کہ دیگر ساڑھے تین سو کنوؤں سے پائپ لائن کے ذریعے پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔
***** ***** *****
نائب وزیرِ اعلیٰ سنیترا اجیت پوار آج ناندیڑ، پربھنی اور بیڑ اضلاع کے دورے پر آ رہی ہیں۔ اس دورے کے دوران وہ لوہا تعلقہ میں خشک سالی اور فصلوں کی صورتحال کا جائزہ لیں گی۔ اس کے بعد وہ پربھنی ضلع کے گنگاکھیڑ تعلقہ کے مرڈس گاؤں روانہ ہوں گی۔ بیڑ ضلع میں ماجَلگاؤں اور گیورائی تعلقہ کے دیہاتوں کا دورہ کرکے وہ کسانوں سے فصلوں کی صورتحال اورخشک سالی سے متعلق بات چیت کریں گی۔
***** ***** *****
بیڑ کے ضلع کلکٹر ویویک جانسن نے کل ضلع کے پاٹودہ، آشٹی اور شِرور کاسار تعلقوں کا دورہ کرکے خشک سالی کا جائزہ لیا۔ جانسن نے کسانوں سے بات چیت کرکے زمینی صورتحال معلوم کی۔ اس کے بعد انہوں نے بتایاکہ ضروری اقدامات کیلئے انتظامیہ کی جانب سے منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔
***** ***** *****
قومی غذائیت کے پندرہ روزہ پروگرام کے موقع پر دھاراشیو ضلع کی دو ہزار46آنگن واڑیوں میں تقریباً13ہزار سے زائد سرگرمیاں منعقد کی جا رہی ہیں۔اس کے تحت گاؤں گاؤں میں غذائیت بیداری ریلی،آنگن واڑی سطح پر مختلف مقابلوں سمیت وزیر اعظم ماتر وندن اسکیم کیلئے اندراج جیسے پروگراموں کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
***** ***** *****
لاتور ضلع میں واقع ولاس کوآپریٹیو شکر کارخانے میں بوائلر شروع کرنے کی تقریب کل منعقد ہوئی۔ اس کارخانے میں گنے کی کرشنگ کے سیزن 2025-26 کے دوران پانچ لاکھ میٹرک ٹن گنے کی کرشنگ کی گئی اور گنے کیلئے فی ٹن3131 روپے کی رقم ادا کی گئی۔ رواں سیزن بروقت شروع کرنے کیلئے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
***** ***** *****
لاتور ضلع میں ناناجی دیشمکھ زرعی سنجیونی پروجیکٹ کے دوسرے مرحلے کے تحت ’سیوا سنکلپ مہم چلائی جا رہی ہے۔سال2026 کو خواتین کسانوں کو بااختیار بنانے کا سال قرار دیا گیا ہے اور اسی پس منظر میں ’خواتین کسان قانون 2026 پر مؤثر طریقے سے عمل درآمد شروع کر دیا گیا ہے۔
***** ***** *****
جاپان میں جاری ایشیائی کھیلوں کے مقابلوں میں 10 میٹر ایئر پسٹل مکسڈ ٹیم مقابلے میں بھارت کے کمَل جیت اور سُروچی سنگھ کی جوڑی نے کل طلائی تمغہ جیتا۔ مردوں کے50میٹر رائفل تھری پوزیشنز مقابلے میں رودراکش پاٹل اور ان کی ٹیم نے چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔ گلبیر سنگھ نے 10 ہزار میٹر دوڑمیں جبکہ ساون باروال نے میراتھن مقابلے میں اور بھارتی ٹیم نے 400 میٹر ریلے میں چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔ بارانیکا ایلنگوون نے خواتین کے پول والٹ میں جبکہ ٹیبل ٹینس کے مکسڈ ڈبلز میں مانوش شاہ اور دِویا چِتڑے کی جوڑی نے کانسے کا تمغہ جیتا۔
خواتین کی کبڈی ٹیم نے نیپال کو48-24 سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔ مردوں کی ٹیم نے بھی تھائی لینڈ کو 66-28 سے شکست دے کر فائنل میں داخلہ حاصل کیا۔ بیڈمنٹن کے مکسڈ ڈبلز میں تنیشا کرسٹو اور دھرو کپیلا کی جوڑی نے کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔
ان مقابلوں میں بھارت نے اب تک 2طلائی،10 چاندی اور12 کانسے کے تمغوں سمیت مجموعی طور پر24تمغے حاصل کیے ہیں اور تمغوں کی فہرست میں بھارت 12ویں مقام پر ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ گنیش اتسو کے تہوار کا اختتام؛ ڈھول تاشوں کی گونج میں گن رائے کی وداعی۔
٭ تاریخی ماتھاڑی قانون برقرار رکھنے کی وزیرِ اعلیٰ کی یقین دہانی۔
٭ ایم پی ایس سی کا پرچہ افشاء کرنے کے معاملے میں مزید چار افراد گرفتار۔
٭ نائب وزیرِ اعلیٰ سنیترا پوار کا آج مراٹھواڑہ میں خشک سالی کے جائزے کیلئے دورہ۔
اور۔۔۔٭ ایشیائی کھیلوں میں 10میٹر ایئر پسٹل نشانے بازی میں بھارت کو طلائی تمغہ۔
***** ***** *****
اس کے ساتھ ہی آکاشوانی سے علاقائی خبریں ختم ہوئیں۔اس کے بعد ہمارے مرکز کا اگلا مراٹھی بلیٹن صبح گیارہ بجے نشر ہوگا۔
ان خبروں کو آپ AIR چھترپتی سمبھاجی نگر یوٹیوب چینل‘ پر دوبارہ کسی بھی وقت سن سکتے ہیں۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment