Saturday, 6 October 2018

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad, Date: 06.10.2018 ,Time : 8.40-8.45 am

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 06 October 2018
Time 8:40 to 8:45 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ: ۶؍اکتوبر  ۲۰۱۸؁
وَقت: صبح ۴۰:۸۔ ۴۵:۸
***** ***** *****
وزیرِ اعظم نریندر مودی اور روسی صدر ولادیمیر پوتن کے مابین ہوئی سالانہ باہمی ملاقات کے دوران 8/ اہم معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔ انسان کو خلاء میں پہنچانے کے بھارت کے اہم پروجیکٹ ’’گگن یان‘‘ میں روسی تعاون‘ روسی دفاعی نظام ایس 400/ ٹرائمف خریدنے سمیت دیگر اہم معاہدے اس میں شامل ہیں۔ وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا ہیکہ صدر پوتن سے ملاقات کے بعد باہمی شراکت کی پالیسی کو مزید تقویت ملی ہے۔ دونوں سربراہانِ مملکت کی مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر پوتن نے کہا کہ انتہا پسندی اور منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف جدوجہد کیلئے تعاون میں اضافے پر بھی دونوں ملک متفق ہوئے۔
***** ***** *****
 مرکزی وزیرِ داخلہ راجناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ نکسل ازم سمیت کسی بھی نوعیت کے تشدد کو برداشت نہیں کیاجائیگا۔ کل نئی دہلی میں ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ نکسل ازم کو جڑ سے ختم کرنے کی ضرورت ہے اور اس میں حکومت کو کامیابی مل رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ شہری نکسلی صرف تشدد بھڑکانے میں یقین رکھتے ہیں۔
***** ***** *****
 ریزرو بینک آف انڈیا نے کل اپنی چوتھی دو ماہی کریڈٹ پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے کسی بھی اہم شرح سودمیں کوئی اضافہ نہیں کیا۔ اس کریڈٹ پالیسی میں ریپو ریٹ 6/ اعشاریہ 5/ فیصد پر اور ریورس ریپو ریٹ 6/ اعشاریہ دوپانچ فیصد پر برقرار رکھا گیا۔
***** ***** *****
 ریاستی حکومت نے بھی کل ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر ڈیڑھ روپیہ تخفیف کی ہے۔ مرکزی حکومت نے اس سے قبل ڈیزل کی قیمت میں ڈھائی روپئے کمی کی تھی۔ اس طرح اب ریاست میں ڈیزل کی قیمت میں مجموعی طور پر 4/ روپئے فی لیٹر کی کمی آئی ہے۔ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کل ناسک میں اخباری نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے اس فیصلے کااعلان کیا۔
اس سے قبل مہاراشٹر پولس اکیڈمی کے 115/ ویں جلسۂ تقسیمِ اسناد میں وزیرِ اعلیٰ نے شرکت کی۔ اس موقع پر 819/ تربیت یافتہ پولس سب انسپکٹرز کو پولس فورس میں شامل کرلیا گیا۔
***** ***** *****
 ریاست کے 170/ تعلقوں میں ناکافی بارش کے باعث قحط کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے ناسک میں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان متاثرہ علاقوں میں ماہِ اکتوبر کے اواخرمیں فصلوں کی کٹائی کے بعد حتمی رپورٹ مرکزی حکومت کو روانہ کی جائیگی۔ انھوں نے مزید کہا کہ اسمارٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت ناسک شہر میں میٹرو ٹرین شروع کرنے کی تجویز زیرِ غور ہے۔
***** ***** *****
 امداد و بازآبادکاری محکمے نے ریاست کے مختلف تعلقوں میں فصلوں کی صورتحال‘ زیرِ زمین سطحِ آب او رزمین کی پیداواری صلاحیت کی معلومات یکجا کرکے تجزیہ کرنے کیلئے ایک نئی ویب سائٹ اور اَیپ تیارکیا ہے۔ اس ویب سائٹ کا افتتاح کل وزیرِ محصول چندر کانت پاٹل کے ہاتھوں ممبئی میں عمل میں آیا۔ اس موقع پر وزیرِ موصوف نے کہا کہ دیہی علاقوں میں قحط کی صورتحال کا درست تجزیہ کرنے کیلئے یہ ویب سائٹ نہایت کارآمد ثابت ہوگی۔
***** ***** *****
ریاستی ثانوی اور اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کی جانب سے منعقد کیے جانے والے دسویں اور بارہویں کے امتحانات کا ٹائم ٹیبل کل جاری کردی گیا۔ اس کے تحت بارہویں کے امتحانات 21/ فروری سے اور میٹرک کے امتحانات یکم مارچ سے شروع ہونگے۔ دونوں امتحانات 22/ مارچ تک جاری رہیں گے۔
***** ***** *****
 آکاشوانی اورنگ آباد سے روزانہ صبح 6/ بج کر 50/ منٹ پر مراٹھی زبان میں نشر کی جانے والی علاقائی خبروں کے وقت میں تبدیلی کی جارہی ہے۔ کل یعنی اتوار سے یہ خبریں روزانہ 7/ بج کر 10/ منٹ پر نشر کی جائیں گی۔
***** ***** *****
 بھارت اور ویسٹ انڈیز کے مابین جاری پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کل کھیل کے اختتام تک ویسٹ انڈیز نے 6/ وکٹوں کے نقصان پر 94/ رن بنائے تھے۔ اس سے قبل بھارت نے اپنی پہلی اننگ 9/ وکٹ پر 649/ رنوں پر ختم کرنے کا اعلان کیا۔ بھارت کی جانب سے ویراٹ کوہلی‘ پرتھوی شاہ اور رویندر جڈیجہ نے سنچریاں اسکور کیں۔ ویسٹ انڈیز کے دیویندر بشو نے 4/ وِکٹ لیے۔
***** ***** *****
 پٹرول ‘ ڈیزل اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف مختلف مطالبات سمیت کل جالنہ ضلع کے گھن سائونگی تحصیل آفس پر راشٹروادی کانگریس کی جانب سے جلوس نکالا گیا۔ اس جلوس کے بعد رکنِ اسمبلی راجیش ٹوپے نے مطالبہ کیا کہ ضلع میںناکافی بارش کے باعث تباہ ہوجانے والی فصلوں کے پنچنامے کرکے متاثرہ کسانوں کو فوری معاوضہ دیا جائے۔
***** ***** ***** 

No comments:

Post a Comment