Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad, Date : 16.07.2019 , Time : 8.40-8.45 AM
Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 16 July 2019
Time: 8:40 to 8:45 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۱۶؍ جولائی ۲۰۱۹
وَقت : ۴۰:۸۔ ۴۵:۸
***** ***** *****
ونچت بہوجن آگھاڑی کے رہنما ایڈوکیٹ پرکاش امبیڈکر نے کہا ہیکہ اُن کی پارٹی آنے والے مہاراشٹر اسمبلی انتخابات کیلئے کانگریس کو 40/ سیٹیں دینے کو تیار ہے۔ امبیڈکر نے کل ممبئی میں یہ بات کہی۔ انھوںنے کہا کہ کانگریس نے گذشتہ تین ودھان سبھا انتخابات کے دوران 144/ سیٹوں پر اپنے اُمیدوار کھڑے نہیں کیے تھے، لہٰذا ان سبھی سیٹوں پر کانگریس نہایت کمزور ہے۔ پرکاش امبیڈکر نے کہا کہ حال ہی میں ہوئے لوک سبھا انتخابات میں بھی کانگریس کو محض ایک سیٹ پر ہی اکتفا کرنا پڑا ہے، جس کے بعد کانگریس کو 40/ سیٹیں دی جاسکتی ہیں۔ امبیڈکر نے مزید کہا کہ اُن کی پارٹی نے اپنے فیصلے سے کانگریس کو واقف کروادیا ہے اور اب فیصلہ کانگریس کو کرنا ہے۔ پرکاش امبیڈکر نے مزید کہا کہ ونچت بہوجن آگھاڑی اور ایم آئی ایم کے اتحاد نے مہاراشٹر کی سبھی 288/ سیٹوں پر انتخاب لڑنے کی تیاری شروع کردی ہے اور اُمیدوار طئے کرنے کا کام بھی شروع کردیا گیا ہے۔
***** ***** *****
دوسری جانب بھارتیہ جنتا پارٹی نے کہا ہیکہ مہاراشٹر کا اگلا وزیرِ اعلیٰ بی جے پی سے ہی ہوگا۔ پارٹی کے قومی سیکریٹری اور مہاراشٹر کی انچارج سروج پانڈے نے اس یقین کا اظہارکیا۔ وہ کل ناسک میں نامہ نگاروں سے مخاطب تھیں۔ پانڈے نے کہا کہ انہیں اس بات کا کوئی علم نہیں ہیکہ بی جے پی اور شیوسینا میں سیٹوں کے بٹوارے کا کیا فارمولہ طئے ہوگا۔ آنے والے ریاستی اسمبلی انتخابات کیلئے بی جے پی کی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے سروج پانڈے مہاراشٹر کے دورے پر تھیں۔ انھوںنے اُمید ظاہر کی کہ ودھان سبھا انتخاب میں جیتنے والے زیادہ تر اُمیدوار بی جے پی سے ہی ہونگے۔
***** ***** *****
وہیں بی جے پی نے کانگریس پر طنز کرتے ہوئے کہا ہیکہ کانگریس۔ این سی پی اتحاد کا وزیرِ اعلیٰ بنانے کا خواب دیکھنے والوں کو چاہیے کہ وہ اس بات سے باخبر رہیں کہ اُن کی پارٹی میں کتنے اراکینِ اسمبلی بچے رہیں گے۔ تعمیرات کے وزیر رادھا کرشن وکھے پاٹل نے کل شرڈی میں یہ بات کہی۔ وکھے پاٹل‘ کانگریس کے ریاستی صدر بالا صاحب تھورات کو مستقبل میں وزیرِ اعلیٰ بنائے جانے کے بیان پر تبصرہ کررہے تھے۔ وکھے پاٹل نے دعویٰ کیا کہ حکومت کو عوام کی مکمل حمایت حاصل ہے۔ وکھے پاٹل کا کہنا تھا کہ مہاراشٹر میں لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کو ملی عوامی حمایت ودھان سبھی انتخابات میں بھی جاری رہے گی۔
***** ***** *****
پروفیسر ڈاکٹر پرمود یئولے ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی کے نئے وائس چانسلر ہونگے۔ مہاراشٹر کے گورنراور چانسلر سی ودّیا ساگر رائو نے سنت ٹکڑوجی مہاراج ناگپور یونیورسٹی کے کارگذار وائس چانسلر ڈاکٹر یئولے کو کل ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے عہدے پر نامزد کیا۔ فارمیسی میں ڈاکٹریٹ‘ ڈاکٹر یئولے تدریس‘ تحقیق اورانتظامیہ کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ ڈاکٹر یئولے آج اپنا عہدہ سنبھالیں گے۔
***** ***** *****
کسانو ں کو دی جانے والی قرض معافی اسکیم ’’چھترپتی شیواجی مہاراج شیتکری سنمان یوجنا‘‘ کے تحت یکمشت قرض لوٹانے کی مدت 31/ اکتوبر تک بڑھا دی گئی ہے۔ امدادِ باہمی کے وزیر سبھاش دیشمکھ نے کل ممبئی میں یہ اعلان کیا۔
***** ***** *****
ہنگولی ضلع میں ٹینکروں کے ذریعے کی جارہی پانی فراہمی بند کرنے میں انتظامیہ کوئی جلد بازی نہ کرے۔ ہنگولی کے رابطہ وزیر اتل ساوے نے یہ ہدایت دی۔ ہنگولی کے رابطہ وزیر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد ساوے نے کل پہلی مرتبہ ضلعے کا دورہ کیا۔ دن بھر افسران کے ساتھ میٹنگوں کے بعد ساوے نے کل شام کو اخباری کانفرنس سے خطاب کیا۔ انھوں نے کہا کہ ہنگولی میں ابھی تک اطمینان بخش بارش نہیں ہوئی ہے اور بارش کی صورتحال نازک دکھائی دیتی ہے۔ ساوے نے کہا کہ انھوںنے ضلعے کے قلّت سے متاثرہ علاقوں میں انتظامیہ کو مزید فعال بنے رہنے کی ہدایت دی ہے۔
***** ***** *****
لاتور ضلعے میں جرائم کی بڑھتی وارداتوں پر قابو پانے کی اپیل رکنِ اسمبلی اَمت دیشمکھ نے کی ہے۔ لاتور کے سپرنٹنڈنٹ آف پولس راجندر مانے سے کیے گئے مطالبے میں اَمت دیشمکھ نے کہا کہ لاتور کی پہچان ایک پُرامن اور محفوظ ضلعے کے طورپر ہے۔ اَمت دیشمکھ نے بوراوَٹی کے سابق سرپنچ بھالچندر مانے کی خودکشی معاملے کی غیر جانبدارانہ جانچ کرنے اور قصورواروں پر سخت کاروائی کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔
***** ***** *****
انتخابی کمیشن نے آنے والے مہاراشٹر اسمبلی انتخابات کے تناظر میں ووٹر لسٹ پر نظرِ ثانی مہم کے دوسرے حصے کا کل اعلان کیا۔ اورنگ آباد ضلعے میں ووٹر لسٹ پر نظرِثانی کی مہم گذشتہ کل سے شروع ہوچکی ہے اور یہ 19/ اگست تک جاری رہے گی۔
***** ***** *****
اس بار کے مرکزی بجٹ میں حکومت کی جانب سے اکائونٹ نمبر۔ پین نمبر اور آدھار نمبر کو جوڑے جانے کی سختی کو معاشی سرجیکل اسٹرائیک کہا جاسکتا ہے۔ معروف ماہرِ معاشیات چندر شیکھر تلک نے اس خیال کا اظہار کیا۔ وہ کل اورنگ آباد کے مہاتما گاندھی مشن ادارے میں ’’صنعتکاروں کیلئے بجٹ 2019‘‘ عنوان کے تحت خطاب کررہے تھے۔
***** ***** *****
اورنگ آباد ضلعے کے ویجا پور پولس اسٹیشن کے پولس نائیک گنیش پاٹل کو چھ ہزار روپئوں کی رشوت قبول کرتے ہوئے کل اینٹی کرپشن بیورو نے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔ غیر قانونی ریت کی حمل و نقل معاملے میں داخل کیس میں مدد کرنے کے عوض نائیک نے بارہ ہزار روپئوں کی رشوت کا مطالبہ کیا تھا، جس کے بعد درخواست گذار نے یہ رقم دو قسطوں میں ادا کرنے کی گذارش کی تھی۔ اس دوران رشوت کی پہلی قسط قبول کرتے ہوئے کل نائیک کو گرفتار کرلیا گیا۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment