Thursday, 15 August 2019

Regional Urdu Text  Bulletin, Aurangabad, Date : 15.08.2019 , Time : 8.40-8.45 AM

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 15 August 2019
Time: 8:40 to 8:45 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:  ۱۵؍ اگست  ۲۰۱۹ ؁
وَقت : ۴۰:۸۔ ۴۵:۸
***** ***** *****
73/ واں یومِ آزادی آج ملک بھر میں نہایت جوش و خروش کے ساتھ منایا جارہا ہے۔ تمام تعلیمی ادارے‘ سرکاری دفاتر‘ مختلف سیاسی جماعتوں و سماجی تنظیموں اور اداروںکے دفاتر پر آج صبح قومی پرچم لہرایا گیا۔ نئی دہلی میں لال قلعہ پر وزیرِ اعظم نریندرمودی نے ترنگا لہرایا اور اس کے بعد قوم سے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں نریندر مودی نے ملک کے مختلف مقامات پر بارش اور سیلاب کے باعث عوام کی مشکلات پر دُکھ کا اظہار کیا۔ انھوں نے حکومت کے اقدامات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ مسلم خواتین کو تین طلاق کے خوف سے نکالاگیا اور اس طرح کے فیصلوں کو سیاسی ترازو سے نہ تولا جائے۔ کشمیر کو خصوصی درجہ دینے والے دفعہ 370/ اور(A) 35/ کو ہٹانے سے متعلق وزیرِ اعظم نے کہا کہ حکومت مسائل کو ٹالنے اور پالنے میں یقین نہیں رکھتی۔ راجیہ سبھا اور لوک سبھا میں اس بل کی دو تہائی اکثریت سے کامیابی کے بعد اب عوام ایک ملک ایک دستور کا نعرہ فخر سے لگا سکتے ہیں۔ آبادی میں اضافے کو انھوں نے ایک چیلنج قرار دیا۔ نریندر مودی نے کہا کہ ملک میں انفراسٹرکچر کیلئے 100/ لاکھ کروڑ روپئے سرمایہ کاری کی جائیگی۔ فوجی جوانوں کی قربانی کا ذکر کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ چیف آف ڈیفنس اسٹاف عہدے کے قیام کا اعلان کیا۔
***** ***** ***** 
ریاست میں ممبئی میں منترالیہ پر وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کے ہاتھوں اور گورنر سی ودّیا ساگر رائو کے ہاتھوں پونا میں راج بھون میں پرچم کشائی کی تقریب عمل میں آئی۔ 73/ ویں یومِ آزادی کے پیشِ نظر ملک بھر میں سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔
***** ***** ***** 
اورنگ آباد میں وزیرِ حمل ونقل دیواکر رائوتے کے ہاتھوں مرکزی تقریب میں ترنگا لہرایا گیا۔ ناندیڑ میں رابطہ وزیر رام داس کدم‘ جالنہ میں ببن رائو لونیکر‘ پربھنی میں گلاب رائو پاٹل‘ ہنگولی میں اتل ساوے‘ بیڑ میں پنکجا منڈے اور لاتور میں رابطہ وزیر سنبھاجی پاٹل نلنگیکر کے ہاتھوں قومی پرچم لہرایا گیا۔ آج یومِ آزادی کی تقاریب کے حصے کے طور پر تعلیمی اداروں کی جانب سے ریلیاں نکالی جارہی ہیں اور مختلف پروگراموں کا انعقاد کیا گیا ہے۔
***** ***** ***** 
انتظامیہ نے ہدایت کی ہیکہ یومِ آزادی کے موقع پر پلاسٹک کے جھنڈوں کا استعمال نہ کریں اور پھٹے ہوئے قومی پرچم جمع کرکے اس خصوص میں بنائی گئی تعلقہ یا ضلع سطح کی کمیٹیوں کے حوالے کیے جائیں۔
***** ***** ***** 
یومِ آزادی کی مناسبت سے قوم کے نام خطاب میں صدرِ جمہوریہ رام ناتھ کووند نے ملک کے شہریوں کو ترغیب دی ہے کہ عوامی املاک کا تحفظ کریں اور کہا کہ عوام کی اُمنگوں اور خواہشات کو پورا کرنے کیلئے حکومت ہر ممکنہ قدم اُٹھائے گی۔ اپنے خطاب میں انھوں نے کہا کہ ترقی کی رفتار میں اضافہ کرنے، سرکاری انتظامیہ کو شفاف بنانے اور عوام کے معیارِ زندگی کو بلند کرنے کیلئے حکومت اقدامات کررہی ہے۔ انھوں نے اعتماد کا اظہار کیا کہ جموں و کشمیر اور لداخ کیلئے حکومت کی جانب سے لیے گئے فیصلے وہاں کی عوام کیلئے فائدہ مند ثابت ہونگے۔
***** ***** ***** 
یومِ آزادی کی مناسبت سے صدرِ جمہوریہ رام ناتھ کووند نے مسلح افواج کیلئے 135/ بہادری ایوارڈز کا اعلان کیا۔ اس میں دو کیرتی چکر‘ ایک ویر چکر‘ 14/ تمغۂ شجاعت اور 115/ فوجی میڈلز شامل ہیں۔ وِنگ کمانڈر وردھمان ابھینندن کو ویر چکر ایوارڈ دیا جائیگا۔ مرکزی وزارتِ داخلہ نے بھی ملک بھر میں پولس اہلکاروں کیلئے 946/ پولس میڈلز کا اعلان کیا۔ جن میں تین صدارتی میڈلز‘ 170/ پولس بہادری میڈلز‘ 89/ پولس ملازمین کیلئے خصوصی صدارتی میڈلز شامل ہیں۔ اس فہرست میں مہاراشٹر 46/ پولس اہلکار شامل ہیں۔ گرانقدر پولس خدمات کیلئے میڈلز حاصل کرنے والوں میں بیڑ کے پولس انسپکٹر سیّد شوکت علی ‘جالنہ کے اسسٹنٹ پولس سب انسپکٹر رام رائو راٹھوڑ‘ اور اورنگ آباد کے اے ایس آئی گورکھ چوہان شامل ہیں۔ صدرِ جمہوریہ نے جیل خانہ جات کی پولس کیلئے بھی میڈلز کا اعلان کیا۔ اس کے علاوہ دستۂ آتش فرو یعنی فائر بریگیڈ محکمے کیلئے 56/ ایوارڈز بھی دئیے جائیں گے۔
***** ***** ***** 
قومی دیہی آبرسانی اسکیم کے تحت پانچ کروڑ روپئے تک کے آبرسانی منصوبے کو اب علاقائی سطح کی کمیٹی منظوری دیگی۔ یہ اعلان آبرسانی اور صفائی کے وزیر ببن رائو لونیکر نے کل ممبئی میں کیا۔
***** ***** ***** 
نیشنلسٹ کانگریس پارٹی سربراہ شرد پوار نے مطالبہ کیا ہے کہ مغربی مہاراشٹر کے سیلاب سے متاثرہ کسانوں کے قرض پوری طرح معاف کیے جائیں۔ کل کولہا پور ضلع کے شرورتعلقے میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ہزاروں ایکڑ پر کھڑی گنے کی فصلیں زیرِ آب آگئی ہیں۔ اس لیے تخم ریزی کیلئے لیے گئے کسانوں کے قرض پوری طرح معاف کیے جائیں۔ انھوں نے یاد دلایا کہ 2005ء میں آئے سیلاب کے بعد اس وقت کی کانگریس۔ این سی پی حکومت نے 70/ ہزار کروڑ روپئے کے زرعی قرض معاف کیے تھے۔
***** ***** ***** 
مہاراشٹر پردیش کانگریس صدر باڑا صاحب تھورات نے کل وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس سے ملاقات کرکے ریاست میں سیلاب کی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ متاثرہ کسانوں کے قرض مکمل طور پر معاف کرکے انہیں نئے قرض دئیے جائیں۔
***** ***** ***** 

No comments:

Post a Comment