Thursday, 3 November 2022

Text - آکاشوانی اورنگ آباد‘ علاقائی اُردو خبریں-بتاریخ: 03 نومبر 2022‘ وقت: صبح 09:00-09:10

::::: سرخیاں:::::: پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں: ٭ اکتوبر میں ہوئی بارش کے باعث ہونے والے نقصانات کا بھی کسانوں کو معاوضہ ادا کرنے کا ریاستی کابینہ کا فیصلہ۔ ٭ ایتھینال کے اضافہ شدہ نرخوں کو مرکزی کابینی کمیٹی برائے اقتصادی اُمور کی منظوری۔ ٭ نائٹروجن‘ فاسفورس اور پوٹاشیم آمیز کھادوں کیلئے مرکزی حکومت کی 51 ہزار 875 کروڑ روپئے کی امداد۔ ٭ اندھیری مشرق اسمبلی حلقے کے ضمنی انتخاب کیلئے آج رائے دہی۔ ٭ پیٹھن کے جائیکواڑی ڈیم میں تیرتا ہوا شمسی توانائی منصوبہ لگانے کا مرکزی مملکتی وزیرِ خزانہ ڈاکٹر بھاگوت کراڑ کا عندیہ۔ اور۔۔٭ ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ ٹورنامنٹ میں بھارت کی بنگلہ دیش کے خلاف سنسنی خیز فتح۔ ***** ***** *****
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ اکتوبر میں ہوئی بارش کے باعث ہونے والے نقصانات کا بھی کسانوں کو معاوضہ ادا کرنے کا ریاستی کابینہ کا فیصلہ۔
٭ ایتھینال کے اضافہ شدہ نرخوں کو مرکزی کابینی کمیٹی برائے اقتصادی اُمور کی منظوری۔
٭ نائٹروجن‘ فاسفورس اور پوٹاشیم آمیز کھادوں کیلئے مرکزی حکومت کی 51 ہزار 875 کروڑ روپئے کی امداد۔
٭ اندھیری مشرق اسمبلی حلقے کے ضمنی انتخاب کیلئے آج رائے دہی۔
٭ پیٹھن کے جائیکواڑی ڈیم میں تیرتا ہوا شمسی توانائی منصوبہ لگانے کا مرکزی مملکتی وزیرِ خزانہ ڈاکٹر بھاگوت کراڑ کا عندیہ۔
اور۔۔٭ ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ ٹورنامنٹ میں بھارت کی بنگلہ دیش کے خلاف سنسنی خیز فتح۔اب خبریں تفصیل سے: ریاست کے کسانوں کو بارش کے باعث ہوئی تباہیوں کے معاوضے کے طور پر اب تک 4 ہزار 700 کروڑ روپئے کی امداد کے بعد اب اکتوبر 2022 میں ہوئی بارش کے نقصانات کیلئے بھی مالی مدد دینے کا فیصلہ ریاستی کابینہ نے کیا ہے۔ وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے کی زیرِ صدارت کل منعقدہ کابینی اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ ماہ اکتوبر میں ہوئی بارش کے باعث چند اضلاع میں 25 لاکھ ہیکٹر زمین کو نقصان پہنچا تھا۔ اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ نے انتظامیہ کو حکم دیا کہ اس ضمن میں پنچنامے جلد از جلد مکمل کیے جائیں۔ جون- جولائی سے جاری برسات کے باعث متاثرہ 40 لاکھ 15 ہزار 847 کسانوں کو مجموعی طور پر 4 ہزار 700 کروڑ روپئے امداد دی جاچکی ہے۔ یہ رقم قومی ہنگامی ادارے کے طئے کردہ تخمینے کی دوگنا سے بھی زیادہ ہے۔راج ماتا جیجائو مادر و اطفال طبّی و غذائی مشن کے چوتھے مرحلے کو بھی کل کے کابینی اجلاس میں منظوری دی گئی۔ اسکیم کے تحت آنے والے تمام دیہی‘ قبائلی اور شہری علاقوں میں صفر تا 6 برس کے بچوں میں غذا کی کمی اور بھکمری کی شرح کو کم کرنے کیلئے یہ منصوبہ چلایا جاتا ہے۔ اس سلسلے میں چیف سیکریٹری کی زیرِ صدارت ایک ریاستی سطح کی کمیٹی بھی تشکیل دی جائیگی۔

ایتھینال کی اضافہ شدہ نرخوں کو مرکزی کابینہ کی کمیٹی برائے اقتصادی اُمور نے منظوری دے دی۔ وزیرِ پیٹرولیم ہردیپ سنگھ پوری نے کل نئی دہلی میں یہ اطلاع دی۔ سی زمرے میں راب سے تیار کردہ ایتھینال کی قیمت فی لیٹر 46 روپئے 66 پیسے سے بڑھا کر 49 روپئے 41 پیسے کردی گئی ہے‘ جبکہ اے زمرے میں یہ شرح 59 روپئے 8 پیسے سے بڑھا کر 60 روپئے 73 پیسے کردی گئی ۔ آئندہ یکم دسمبر سے 31 اکتوبر 2023 تک یہ شرح نافذالعمل رہے گی۔اس بار کے ربیع ہنگام کیلئے نائٹروجن‘ فاسفورس اور پوٹاشیم کی آمیزش والی کھادوں کو رعایتی قیمت پر دینے کی مرکزی کابینہ نے کل منظوری دے دی۔ آئندہ برس 31 مارچ تک یہ سبسیڈائز شرح نافذالعمل رہے گی۔ کابینہ نے اس کیلئے 51 ہزار 875 کروڑ روپئے بھی منظور کیے۔خود کا مستقل پتہ، شناختی کارڈ اور مختلف دستاویزات کی عدم موجودگی کے باعث حقِ رائے دہی سے محروم خانہ بدوش ذاتوں اور قبائل سے تعلق رکھنے والے شہریوں کو بہت جلد اُن کا آئینی حق دیا جائیگا۔ اس طبقے کیلئے موجود قومی کمیشن کے سربراہ بھکوجی اِدھاتے نے کل ناگپور میں یہ اطلاع دی۔ انھوں نے بتایا کہ اس طبقے سے تعلق رکھنے والے شہری جہاں بھی موجود ہوں اُسی مقام پر اپنا حقِ رائے دہی استعمال کرسکیں گے۔وزیرِ محصول رادھا کرشن وکھے پاٹل نے اشارہ دیا ہے کہ ماضی کی حکومت میں صنعتوں کے قیام سے متعلق اندرونِ دس یوم قرطاسِ ابیض جاری کیا جائیگا‘ جس سے وضاحت ہوجائیگی کہ کس دور میں کونسی صنعتیں قائم ہوئیں۔ کل گوندیا میں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ وزیرِ صنعت کی جانب سے اس سلسلے میں عندیہ دیا گیا ہے جس سے واضح ہو جائیگا کس دورِ حکومت میں مہاراشٹر کن صنعتوں سے محروم ہوا۔ کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے‘ سابق وزیر آدتیہ ٹھاکرے اور قانون ساز کونسل کے قائد ِ حزبِ اختلاف امبا داس دانوے کے حالیہ بیانات پر بھی وِکھے پاٹل نے سخت نکتہ چینی کی۔اساتذہ کے اضافی امدادی مرحلے کا مسئلہ حل کرنے کا تیقن اسکولی تعلیم کے وزیر دیپک کیسرکر نے دیاہے۔ اس خصوص میں اساتذہ کی رابطہ کمیٹی کے نمائندگان سے کل کیسرکر نے منترالیہ میں ملاقات کی۔ اس موقع پر انھوں نے کہا کہ اس معاملے میں حکومت کا رویہ مثبت ہے۔ وزیرِ اعلیٰ اور نائب وزیرِ اعلیٰ کو تفصیلی طور پر آگاہ کیا جائیگا۔ بعد ازاں امداد کے اہل اساتذہ کی تعداد اور اس پر ہونے والے مصارف کا جائزہ لینے کے بعد وزیرِ اعلیٰ 15 تاریخ کو فیصلے کا اعلان کریں گے۔ اس ضمن میں اساتذہ کا جاری ایجی ٹیشن ختم کرنے کی تلقین بھی کیسرکر نے اساتذہ کو کی۔اندھیری مشرق اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخاب کیلئے آج رائے دہی عمل میں آرہی ہے۔ رمیش لٹکے کی ناگہانی موت کے باعث یہ نشست خالی ہوئی تھی۔ اُدّھو باڑا صاحب ٹھاکرے شیوسینا کی اُمیدوار رُتوجا لٹکے سمیت 7 آزاد اُمیدوار یہاں انتخابی میدان میں ہیں۔ بی جے پی نے رُتوجا لٹکے کیخلاف اپنے اُمیدوار کا نام واپس لے لیا ہے۔ اندھیری کے علاوہ بہار کی 2‘ ہریانہ، تلنگانہ، اُتر پردیش اور اُڑیسہ کے ایک۔ ایک اسمبلی حلقے میں بھی آج رائے دہی ہورہی ہے۔ ووٹوں کی گنتی اتوار کو ہوگی۔اورنگ آباد ضلع کے پیٹھن میں واقع جائیکواڑی آبی منصوبے پر تیرتا ہوا شمسی توانائی منصوبہ قائم کرنے کا اشارہ مرکزی مملکتی وزیرِ خزانہ ڈاکٹر بھاگوت کراڑ نے دیا ہے۔ کل ایک خانگی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ موصوف نے بتایا کہ اس ضمن میں انھوں نے پہلے ہی تجویز دی تھی لیکن سابقہ حکومت نے اس پر سنجیدگی سے غور نہیں کیا۔ تاہم اب نائب وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کو یہ تجویز پیش کی گئی اور اس پر غور جاری ہے۔ کراڑ نے کہا کہ یہ پروجیکٹ مراٹھواڑہ کیلئے نہایت فائدہ مند ہوگا۔ دریں اثناء سابق وزیر جینت پاٹل نے ڈاکٹر کراڑ کے الزامات کو مسترد کردیا۔ انھوں نے کہا کہ اس خصوص میں مرکز کے قومی جوہری توانائی کمیشن کی جانب سے تجویز آنا چاہیے تھا، لیکن اس کے برخلاف کراڑ نے ذاتی طور پر ریاستی حکومت کو مکتوب پیش کیا۔ اس کے باوجود ایک کمیٹی قائم کرکے اس مکتوب پر غور کیا گیا تھا۔شیوسینا رہنماء سنجے رائوت کی عدالتی تحویل کی مدت میں 9 نومبر تک توسیع کردی گئی ہے۔ رائوت کی جانب سے داخل کردہ درخواست ِ ضمانت پر کل عدالت میں سماعت ہونا تھی‘ لیکن اب یہ سماعت 9 نومبر کو ہوگی۔ گورے گائوں میں پتراچال اراضی بدعنوانی معاملے میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے 31 جولائی کو سنجے رائوت کو حراست میں لیا تھا۔اورنگ آباد کی ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی کے سینیٹ انتخابات کیلئے گریجویٹس زمرے سے کل تک مجموعی طور پر 45 درخواستیں داخل کی گئیں۔ انتخابی افسر ڈاکٹر بھگوان ساکھڑے نے یہ اطلاع دی۔آسٹریلیاء میں جاری ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں کل بھارت نے نہایت سنسنی خیز مقابلے کے بعد بنگلہ دیش کو 5 رَنوں سے شکست دے دی۔ بھارت نے پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورس میں 184 رَن بنائے، جس میں کے ایل راہل اور ویراٹ کوہلی کی غیر مفتوح نصف سنچریاں شامل تھیں۔ بارش سے متاثرہ میچ کو دوسری اننگ میں 16 اوور کا کردیا گیا اور اس کیلئے ترمیم شدہ ہدف 151 رَن بنگلہ دیش کو دیا گیا‘ لیکن بنگلہ دیش کی ٹیم 145 رَن ہی بناسکی۔ ویراٹ کوہلی کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ اس ٹورنامنٹ میں آج پاکستان کا مقابلہ جنوبی افریقہ سے ہوگا۔

No comments:

Post a Comment