Saturday, 17 December 2022

Text - آکاشوانی اورنگ آباد‘ علاقائی اُردو خبریں-بتاریخ: 17 دسمبر 2022‘ وقت: صبح 09:00-09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 17 December-2022
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ: ۱۷؍ دسمبر  ۲۰۲۲ء؁
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ کوکن کی ہمہ جہت ترقی کیلئے کوکن ایئریا ڈیولپمنٹ اینڈ پلاننگ اتھاریٹی کے قیام کا وزیرِ اعلیٰ کا اعلان۔
٭ مہا وِکاس آگھاڑی کی جانب سے آج ممبئی میں مہا مورچہ اور بی جے پی کی جانب سے ’’معافی مانگو‘‘ ایجی ٹیشن۔
٭ گنٹھے واری کے جعلی صداقت نامے تیار کرنے والے  5 افراد کے خلاف ناندیڑ میں مقدمہ درج۔
٭ سیاسی نظریات کو فروغ دینے کیلئے ادبی میدان کو نقصان نہ پہنچایا جائے: سمرستا ساہتیہ پریشد کی اپیل۔
اور۔۔٭ بنگلہ دیش کے خلاف پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں بھارت کو 471 رَنوں کی سبقت۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے اعلان کیا ہے کہ کوکن کی ہمہ جہت اور مجموعی ترقی کیلئے ممبئی میٹرو پولیٹن اتھاریٹی کی طرز پر کوکن ریجن ڈیولپمنٹ اینڈ پلاننگ اتھاریٹی قائم کی جائیگی۔ وزیرِ اعلیٰ نے کل رتناگیری میں ضلع کے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ جس کے بعد وہ اخباری نمائندوں سے گفتگو کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ یہ اتھاریٹی کوکن ڈویژن کی ترقی کا بیک لاگ ختم کرنے کو مدِنظر رکھ کر منصوبہ بندی اور ترقی کے کام شروع کریگی اور تملناڈو اور گجرات کی ماہی پروری پالیسی پر غور کرکے ان ہی خطوط پر یہ اتھاریٹی فیصلے کرے گی۔
دریں اثناء رتناگیری میں گورنمنٹ انجینئرنگ کالج کا سنگ ِ بنیاد بھی وزیرِ اعلیٰ نے رکھا۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں انھوں نے کہا کہ حکومت کا مؤقف ہے کہ نوجوانوں کو روزگار فراہم کیا جائے اور ان کی تعلیم کا احترام و قدر کی جائے۔
***** ***** *****
مہا وِکاس آگھاڑی کی جانب سے آج ممبئی میں مہا مورچہ نکالا جائیگا۔ گورنر بھگت سنگھ کوشیاری اور بی جے پی کے دیگر قائدین کی جانب سے عظیم رہنمائوں کے خلاف دئیے گئے مبینہ ہتک آمیز بیانات کی مذمت میں یہ جلوس نکالا جارہا ہے۔ راشٹروادی کانگریس کے ریاستی صدر جینت پاٹل نے کہا ہے کہ مہا وِکاس آگھاڑی کا یہ مورچہ ریاستی حکومت کیلئے ایک دھچکا ثابت ہوگا۔ کل ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے ملاقات کے دوران انھوں نے سوال اٹھایا کہ موجودہ حکومت مقامی خود مختار اداروں کے انتخابات کیوں نہیں کروارہی اور سرکار کو کس بات کا خوف ہے۔
اسی دوران آج بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے ممبئی میں ’’معافی مانگو‘‘ ایجی ٹیشن کیا جائیگا۔ پارٹی کے رہنماء آشیش شیلار نے کل یہ اطلاع دی۔ انھوں نے کہا کہ شیوسینا اُدّھو باڑا صاحب ٹھاکرے پارٹی کے رکنِ پارلیمان سنجئے رائوت کا‘ بھارت رَتن بابا صاحب امبیڈکر کی جائے پیدائش سے متعلق بیان اور پارٹی رہنماء سشما اندھارے کی دیوی دیوتائوں اور سنتوں کے خلاف ہرزہ سرائی کی پارٹی سربراہ اُدّھو ٹھاکرے وضاحت کیوں نہیں کرتے۔ شیلار نے کہا کہ ڈاکٹر امبیڈکر کی جائے پیدائش پر تنازعہ کھڑا کرنے کی کوشش اور ہندو دیوی دیوتائوں کی تضحیک کے خلاف یہ ایجی ٹیشن کیا جارہا ہے۔
دریں اثناء کل ناسک میں وارکری سماج کی جانب سے سشما اندھارے کے خلاف ایک ریلی نکالی گئی۔ جس میں قسم اُٹھائی گئی کہ ہندو دیوی دیوتائوں کی تضحیک کی مرتکب ہونے والی سشما اندھارے جس پارٹی میں رہیں گی اس پارٹی کو وارکری ووٹ نہیں ڈالیں گے۔
***** ***** *****
مرکزی وزیر برائے قانون و انصاف کے وزیر کرن رِجیجو نے کہا ہے کہ ایک دیش ایک فہرست رائے دہندگان کے سلسلے میں مختلف متعلقہ شعبوں سے گفت و شنید کے بعد ہی کوئی فیصلہ کیا جائیگا۔ کل لوک سبھا میں وضاحتی بیان دیتے ہوئے وزیرِ موصوف نے کہا کہ ووٹنگ کارڈ کو آدھار کارڈ سے جوڑنا اختیاری امر ہے اور جن افراد نے ووٹنگ کارڈ کو آدھار کارڈ سے نہیں جوڑا ان کے نام فہرست رائے دہندگان سے خارج نہیں کیے جائیں گے۔ انھوں نے یہ بھی وضاحت کی کہ غیر مقیم بھارتیوں کو پراکسی ووٹنگ کا اختیار دینے کی کوئی تجویز حکومت کے زیرِ غور نہیں ہے۔
***** ***** *****
وزیرِ خزانہ نرملا سیتا رمن نے کہا ہے کہ شہری مشکوک چینی ایپس کے جال میں نہ آئیں‘ اس کیلئے حکومت اقدامات کررہی ہے۔ راجیہ سبھا میں وقفۂ صفر میں انھوں نے کہا کہ گذشتہ 7 ماہ میں RBI‘ منترالیہ کے افسران اور دیگر محکموں کے اس خطرے سے نمٹنے کیلئے اجلاس منعقد کیے گئے اور چند ایپس پر کاروائی بھی کی گئی ہے۔ ترنمول کانگریس کے رکن ندیم الحق نے یہ مسئلہ راجیہ سبھا میں اُٹھایا تھا۔ 
***** ***** *****
قومی ویب سائٹ پر رجسٹرڈ شدہ تیسری جنس کے افراد آیوشمان بھارت پنت پردھان جن آروگیہ یوجناکے تحت طبّی سہولیات حاصل کرسکتے ہیں۔ مرکزی مملکتی وزیر برائے صحت ِ عامہ ڈاکٹر بھارتی پوار نے کل لوک سبھا میں یہ اطلاع دی۔
***** ***** *****
سمرستا ساہتیہ پریشد نے ترغیب دی ہے کہ سیاسی نظریات کو فروغ دینے کیلئے ایوارڈ واپس کرنے والے دانشور ادبی شعبے کو خراب نہ کریں۔ کوباڑ گاندھی کی تصنیف ’’فریکچرڈ فریڈم‘‘ کے مراٹھی ترجمے کو معلنہ ایوارڈ حکومت کی جانب سے واپس لے لیا گیا۔ جس کے بعد پیدا شدہ صورتحال پر سمرستا ساہتیہ پریشد کی جانب سے یہ مؤقف اختیار کیا۔ پریشد کے بیان میں کہا گیا کہ اس تناسب اور ایوارڈ کی حمایت کرنے والے افراد کو اپنے رویے پر نظرِ ثانی کرنا چاہیے۔ دہشت گردی‘ نکسل اِزم اور مائو اِزم ملک کے دشمن اور شدت پسندی کی ترغیب دیتے ہیں اور اس کی حمایت کرنے والوں کی مذمت ضروری ہے۔
***** ***** *****
امراوتی کے تاجر اُمیش کولہے کے قتل کے واقعے میں قومی تحقیقاتی ادارے NIA نے کل 11 ملزموں کے خلاف فردِ جرم عائد کی۔ 45 سالہ کولہے کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک متنازعہ پوسٹ پر قتل کردیا گیا تھا۔
***** ***** *****
ناسک ضلع میں جون 2013 میں بپن گلاب چند بافنا کے قتل کے مقدمے میں سیشن کورٹ نے 5 ملزموں میں سے 2 کو مجرم قرار دیتے ہوئے پھانسی کی سزا سنائی ہے، جبکہ دیگر 3 ملزمان کو بری کردیا گیا ہے۔ بافنا سے ایک کروڑ روپئے کے تاوان مانگنے کے ملزم چیتن پگارے اور امن جٹ کو مجرم قرار دیکر پھانسی کی سزا سنائی گئی۔
***** ***** *****
جعلی دستخط کرکے گنٹھے واری کے نقلی دستاویزات تیار کرنے والے 5  افراد کے خلاف ناندیڑ کے وزیرِ آباد پولس اسٹیشن میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ میونسپل کارپوریشن کے گنٹھے واری شعبے کے انجینئر وجئے دَونے کی شکایت پر یہ مقدمہ درج کیا گیا۔ ملزمین میں کارپوریشن کے اسی شعبے کا کلرک بھی شامل ہے‘ جسے پہلے ہی ملازمت سے معطل کیا جاچکا ہے۔
***** ***** *****
مہاتما گاندھی ڈیمڈ یونیورسٹی کے اورا اورنگ آباد فیسٹیو ل کا آج اور کل انعقاد کیا جارہا ہے۔ اس فیسٹیول کے تحت 19 نومبر کو غارہائے اورنگ آباد میں پہلا پروگرام منعقد کیا گیا تھا۔ آج شام مولانا آزاد کالج میں پیرا اسمٰعیل مقبرے میں صوفیانہ قوالی اور پاروتی دتا کا کتھک رقص پیش کیا جائیگا۔
***** ***** *****
بنگلہ دیش میں جاری پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں بھارت کو 471 رَنوں کی سبقت حاصل ہے۔ کل صبح تیسرے دِن کے کھیل کے آغاز میں بنگلہ دیش کی پوری ٹیم پہلی اِننگ میں 150 رَن بناکر آئوٹ ہوگئی۔ بھارت کی ٹیم نے اپنی دوسری اننگ میں شبھ من گِل کے 110  اور چیتیشور پجارا کے 102 رَنوں کی مدد سے 258 رَن بناکر اننگ ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ تیسرے دن کے کھیل کے اختتام پر بنگلہ دیش نے دوسری اننگ میں بغیر کسی نقصان کے 42 رَن بنائے تھے اور بھارت کو اب بھی 471 رَنوں کی سبقت حاصل ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ کوکن کی ہمہ جہت ترقی کیلئے کوکن ایئریا ڈیولپمنٹ اینڈ پلاننگ اتھاریٹی کے قیام کا وزیرِ اعلیٰ کا اعلان۔
٭ مہا وِکاس آگھاڑی کی جانب سے آج ممبئی میں مہا مورچہ اور بی جے پی کی جانب سے ’’معافی مانگو‘‘ ایجی ٹیشن۔
٭ گنٹھے واری کے جعلی صداقت نامے تیار کرنے والے  5 افراد کے خلاف ناندیڑ میں مقدمہ درج۔
٭ سیاسی نظریات کو فروغ دینے کیلئے ادبی میدان کو نقصان نہ پہنچایا جائے: سمرستا ساہتیہ پریشد کی اپیل۔
اور۔۔٭ بنگلہ دیش کے خلاف پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں بھارت کو 471 رَنوں کی سبقت۔

***** ***** *****

No comments:

Post a Comment