Friday, 2 June 2023

Text - آکاشوانی اورنگ آباد‘ علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 02 جون 2023‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.

Date: 02 June-2023

Time: 09:00-09:10 am

آکاشوانی اورنگ آباد

علاقائی خبریں 

تاریخ:۲/جون  ۳۲۰۲ء؁

وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹

***** ***** *****

::::: سرخیاں::::::

سب سے پہلے خاص خبروں کی سرخیاں:

٭ شیوراجیہ بھیشیک کو ساڑھے تین سو سال مکمل ہورہے ہیں‘ اس کے پسِ منظر میں حکومت کی جانب سے آج رائے گڑھ پر شیو راجیہ بھیشیک تقریب کا اہتمام۔

٭ گذشتہ نو سال میں ملک میں خدمات‘ بہترین حکمرانی اور غریبوں کی بہبود کو فوقیت دیکر عوامی مفاد کے کئی فیصلے کیے گئے: مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر کا دعویٰ۔

٭ پچھڑے طبقات امدادِ باہمی ہاؤزنگ اداروں کی دوبارہ ترقی کیلئے پالیسیوں کے ضمن میں حکومت کا فیصلہ جاری۔

٭ تجارتی استعمال کے LPG گیس سلنڈر کے نرخ میں 83 روپئے پچاس پیسوں کی تخفیف۔

٭ ریاستی تعلیمی بورڈ کے دسویں کے امتحانات کے نتائج آج ظاہر ہوں گے۔

٭ بیڑ ضلع میں ویدھ ناتھ امدادِ باہمی شکر کارخانے کے انتخاب بلامقابلہ۔

٭ برقی لائن کا کام مکمل ہونے کے بعد ناندیڑ سے ممبئی وندے بھارت ریلوے شروع کرنے کا مرکزی ریلوے مملکتی وزیر راؤ صاحب دانوے کا اعلان۔

اور۔۔ ٭ مردوں کے جونیئر ایشیاء چمپئن شپ ہاکی مقابلے میں بھارت فاتح۔

***** ***** *****

اب خبریں تفصیل سے:

شیوراجیہ بھیشیک کو ساڑھے تین سو سال مکمل ہورہے ہیں۔ اس کے پسِ منظر میں حکومت کی جانب سے رائے گڑھ میں منعقد شیوبھیشیک تقریب کا آج صبح ساڑھے آٹھ بجے آغاز ہوا۔ وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے اور نائب وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کے ہاتھوں کچھ دیر قبل افتتاح عمل میں آیا۔ اس موقع پر مرکزی ثقافتی وزیر شری کشن ریڈی‘ گوا کے وزیرِ اعلیٰ پرمود ساونت‘ پرادھیکرن صدر سنبھاجی راجے چھترپتی وغیرہ معززین موجود تھے۔

***** ***** *****

مرکزی وزیر اور سینئر بی جے پی رہنماء انوراگ سنگھ ٹھاکر نے کہا ہے کہ مرکزی حکومت ملک کے غریب شہریوں کی زندگی کو آسان بنانے کیلئے انتھک کوشش کررہی ہے۔ ٹھاکر کل ممبئی میں بی جے پی کے مہاجن سمپرک ابھیان کے تحت کاروباریوں سے مخاطب تھے۔ انھوں نے کہا کہ ملک کی ترقی کی ابھی بس شروعات ہوئی ہے اور ابھی اور بھی لمبا سفر طئے کرنا ہے۔ ٹھاکر نے کہا کہ دُنیا اُمید بھری نظروں سے بھارت کی جانب دیکھ رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ استحکام اور تواتر کسی بھی قوم کی ترقی کے اہم عوامل ہوتے ہیں۔ ٹھاکر نے کہا کہ حکومت نے عام آدمی کی خواہشات کو پورا کیا ہے اور کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے مقصد سے 39 ہزار سے زیادہ شرائط کو کم کردیا ہے۔ وزیرِ موصوف نے کہا کہ حکومت نے سرمایہ اخراجات کے طور پر دس لاکھ کروڑ روپئے مختص کیے ہیں جس سے سماج کے ہر طبقے کو فائدہ پہنچے گا۔ 

بعد میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ٹھاکر نے کہا کہ وزیرِ اعظم نریندر مودی کی قیادت میں مرکزی سرکار نے ایسے کام کیے ہیں جس کا عوام نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا۔ ٹھاکر نے کانگریس لیڈر راہل گاندھی کی بھی نکتہ چینی کی۔ انھوں نے کہا کہ ہر غیر ملکی دورے پر انھوں نے ملک کو بدنام کیا ہے۔ مرکزی وزیر نے کھیل اور کھلاڑیوں کیلئے سرکار کی طرف سے کیے گئے مختلف کاموں کا ذکر کیا۔ کُشتی کے کھلاڑیوں کے احتجاج کے معاملے پر انھوں نے کہا کہ سرکار تمام قانونی کارروائی کررہی ہے۔ انھوں نے کُشتی بازوں سے اپیل کہ وہ انکوائری مکمل ہونے کا انتظار کریں۔

***** ***** *****

پنڈھر پور کے آشاڑھی واریوں کیلئے جانے والی گاڑیوں کے راستوں کے ٹیکس معاف کیے جائیں گے۔ ایسا اعلان وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کیا ہے۔ واری کے پسِ منظر میں کل ممبئی میں تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر وہ مخاطب تھے۔ نائب وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس بھی اس موقع پر موجود تھے۔ پالکی راستوں پر راستوں کے ٹیکس کے ناکے شروع نہیں ہوں گے۔ اس ضمن میں مرکزی راستے آمد و رفت اور شاہراہ وزیر نتن گڈکری سے ربط قائم کرکے اس سلسلے میں بتایا گیا۔ اس کی اطلاع وزیرِ اعلیٰ نے دی۔ اس واری کیلئے فنڈ کی کمی ہونے نہیں دی جائیگی۔ یہ بات نائب وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہی ہے۔ اسی بیچ G-20 کانفرنس کے نمائندے آشاڑھی واری کا تجربہ حاصل کریں گے‘ انھیں پنڈھرپور کی واری اور اس کے تحت ثقافت کی پہچان کرانے کیلئے علیحدہ منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ یہ وفد واری کے دوران پونے آئیگا۔

***** ***** *****

پچھڑے طبقات امدادِ باہمی ہاؤزنگ اداروں کی دوبارہ ترقی کی پالیسی کل ریاستی حکومت نے ظاہر کی۔ اس ضمن میں حکومت کا فیصلہ GR کل جاری کیا گیا۔ پچھڑے طبقات ہاؤزنگ اداروں کے تحت آنے والی عمارتوں کی دوبارہ ترقی اور سہولتوں کیلئے ایسے اداروں میں بنیادی اراکین کے ضمن میں 90 فیصد پچھڑے طبقات اور دس فیصد غیر پچھڑے طبقات کا تناسب جیسا تھا ویسا رکھا گیا۔ دوبارہ ترقی کے بعد اس جگہ پر جو زیادہ مکانات تیار ہوں گے اس میں پچھڑے طبقات کا تناسب 20 فیصد اور غیر پچھڑے طبقات کا تناسب 80 فیصد ہوگا۔ کسی بھی حال میں اس تناسب میں تبدیلی نہیں ہوگی۔ یہ بات حکومت کے فیصلے میں کہی گئی ہے۔

***** ***** *****

راشٹروادی کانگریس کے صدر شرد پوار نے کل وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے سے ان کے ممبئی کی ورشا رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ تقریباً آدھا گھنٹہ ان دونوں رہنماؤں کی بات چیت ہوئی۔ تاہم بات چیت کی تفصیلات معلوم نہ ہوسکی۔ اس ملاقات کے ضمن میں وزیرِ اعلیٰ نے ایک ٹویٹ پیغام میں کہا کہ یہ ایک خیرسگالی ملاقات تھی۔ دریں اثناء صنعت کار گوتم اڈانی نے کل شردپوار سے اُن کی ممبئی کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ یہ ملاقات طئے شدہ تھی۔ بات چیت کی تفصیل معلوم نہ ہوسکی۔

***** ***** *****

تجارتی استعمال کی LPG گیس سلنڈر کے نرخ میں کل 83 روپئے 50 پیسے کم کردئیے گئے۔ 19 کلو وزن کے سلنڈر کی قیمت اب دلّی میں ایک ہزار 773 روپئے‘ تاہم ممبئی میں ایک ہزار 725 روپئے ہوگی۔ گذشتہ ماہ تجارتی استعمال کے سلنڈر کی قیمت میں 171 روپئے 50 پیسے کی تخفیف کی گئی تھی۔

***** ***** *****

ریاستی ثانوی و اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کی معرفت مارچ 2023 میں لیے گئے جماعت دسویں کے امتحان کا آج نتیجہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ پونے‘ ناگپور، اورنگ آباد، ممبئی‘ کولہاپور‘ امراوتی‘ ناسک‘ لاتور اور کوکن ان ڈویژنوں کی معرفت یہ امتحان لیا گیا۔ دوپہر ایک بجے بورڈ کی ویب سائٹ پر نتیجہ ظاہر کیا جائیگا۔ طلباء ان کے نشانات آن لائن دیکھ سکتے ہیں اور اس کی پرنٹ حاصل کرسکتے ہیں۔ نشانات کی جانچ کیلئے 12 جون تک‘ تاہم جوابی بیاض کی کاپی حاصل کرنے کیلئے 22 جون تک درخواستیں دی جاسکتی ہیں۔ طلباء کے مارکس شیٹ 14 جون کو دوپہر تین بجے متعلقہ اسکولوں میں دئیے جائیں گے۔

***** ***** *****

بھارتیہ جنتا پارٹی کی قومی سیکریٹری پنکجا منڈے جو بیڑ ضلع کے ویدھ ناتھ امدادِ باہمی شکر کارخانے کی صدر بھی ہیں اس کارخانے کے انتخاب کل بلامقابلہ ہوئے۔ الیکشن Decision آفیسر نے پنکجا منڈے سمیت بلا مقابلہ کامیابی حاصل کرنے والے 21 ڈائریکٹرس کے نام ظاہر کیے۔

***** ***** *****

ناندیڑ ریلوے اسٹیشن تک برقی لائن کا کام مکمل ہونے کے بعد ناندیڑ سے ممبئی وندے بھارت ریلوے شروع کی جائیگی۔ ایسا اعلان مرکزی ریلوے مملکتی وزیر راؤ صاحب دانوے نے کیا ہے۔ جالنہ میں سنبھاجی مہاراج گارڈن میں 150 فٹ اونچے قومی پرچم اور ریلوے انجن نصب کرنے کے کام کی بھومی پوجن تقریب کل دانوے کے ہاتھوں عمل میں آئی۔ اس موقع پر وہ مخاطب تھے۔ ملک میں تقریباً ایک ہزار 250 ریلوے اسٹیشنوں کی مرحلے وار ترقی کی جائیگی۔ اس میں ریاست کے ممبئی- چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمینل- اورنگ آباد اور جالنہ ریلوے اسٹیشن شامل ہیں۔ یہ بات دانوے نے کہی ہے۔

***** ***** *****

بھارت نے مردوں کے جونیئر ایشیاء کپ ہاکی مقابلہ کا خطاب حاصل کرلیا ہے۔ عمان میں سلالہ اسپورٹس کمپلیکس میں کل ہوئے آخری مقابلے میں بھارت نے پاکستان کو دو- ایک سے شکست دی۔ اس مقابلے میں بھارت نے چوتھی مرتبہ یہ خطاب حاصل کیا ہے۔ اس طرح بھارت اس مقابلے کا سب سے کامیاب ملک بن گیا ہے۔

***** ***** *****

::::: سرخیاں::::::

آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:

٭ شیوراجیہ بھیشیک کو ساڑھے تین سو سال مکمل ہورہے ہیں‘ اس کے پسِ منظر میں حکومت کی جانب سے آج رائے گڑھ پر شیو راجیہ بھیشیک تقریب کا اہتمام۔

٭ گذشتہ نو سال میں ملک میں خدمات‘ بہترین حکمرانی اور غریبوں کی بہبود کو فوقیت دیکر عوامی مفاد کے کئی فیصلے کیے گئے: مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر کا دعویٰ۔

٭ پچھڑے طبقات امدادِ باہمی ہاؤزنگ اداروں کی دوبارہ ترقی کیلئے پالیسیوں کے ضمن میں حکومت کا فیصلہ جاری۔

٭ تجارتی استعمال کے LPG گیس سلنڈر کے نرخ میں 83 روپئے پچاس پیسوں کی تخفیف۔

٭ ریاستی تعلیمی بورڈ کے دسویں کے امتحانات کے نتائج آج ظاہر ہوں گے۔

٭ بیڑ ضلع میں ویدھ ناتھ امدادِ باہمی شکر کارخانے کے انتخاب بلامقابلہ۔

٭ برقی لائن کا کام مکمل ہونے کے بعد ناندیڑ سے ممبئی وندے بھارت ریلوے شروع کرنے کا مرکزی ریلوے مملکتی وزیر راؤ صاحب دانوے کا اعلان۔

اور۔۔ ٭ مردوں کے جونیئر ایشیاء چمپئن شپ ہاکی مقابلے میں بھارت فاتح۔

***** ***** *****

No comments:

Post a Comment