Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 18 November-2023
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ: ۱۸؍نومبر ۲۰۲۳ء
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ریاست کی تعلیمی سوسائٹیوں کو گروپ یونیورسٹیز قائم کرنے کی حکومت کی منظوری۔
٭ مراٹھا سماج کو دیگرپسماندہ طبقات کے مختص کوٹے سے ریزرویشن نہ دیا جائے: او بی سی ریزرویشن بچائو جلسۂ عام میں قائدین کا مطالبہ۔
٭ ترقی یافتہ بھارت سنکلپ یاترا کی معرفت عوام کو سرکاری اسکیمات کا فائدہ پہنچانے سبھی محکمہ جات باہمی تال میل سے اقدامات کریں: مرکزی وزیرِ مملکت ڈاکٹر بھاگوت کراڑ کی ہدایت۔
٭ سماجی کارکن امر حبیب کو اس سال کا پدم وبھوشن گووند بھائی صراف ایوا رڈدینے کا اعلان۔
اور ٭ مراٹھواڑہ پانی پریشد کا جائیکواڑی آبی منصوبے میں بالائی پشتوں سے پانی چھوڑنے کے مطالبہ پر احتجاجی تحریک چلانے کا انتباہ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
حکومت نے ریاست میں تعلیمی اداروں کو گروپ یونیورسٹیاںقائم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ اس سلسلے میں کل ریاستی کابینہ کے اجلاس میں رہنما خطوط منظور کیے گئے۔ کل منعقدہ ریاستی کابینہ کے اجلاس میں اقتصادی مشاورتی پریشد کی رپورٹ پیش کی گئی۔ اس رپورٹ میں ریاست کو ایک ٹریلین ڈالر کی معیشت کا ہدف حاصل کرنے کے سلسلے میں مشاورتی پریشد نے 341 سفارشات کی ہیں ۔ بالا صاحب ٹھاکرے یادگاری ماتوشری گرام پنچایت اسکیم کی مدتِ کار میں توسیع کرنے کا فیصلہ بھی ریاستی کابینی اجلاس میں کیا گیا۔جبکہ واشم ضلعے کے منگرول پیر میں1345 ہیکٹر زرعی رقبے کو سیراب کرنے کے مقصد سے ستر ساونگا منصوبے کو بھی ریاستی کابینہ نے منظورکرلیا ہے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم فصل بیمہ اسکیم کے تحت موصولہ 47 لاکھ 63 ہزار نقصان بھرپائی کی درخواستوں کیلئے اب تک ایک ہزار 954 کروڑ روپئے کی تقسیم کو منظوری دی گئی ہے‘ اور اب تک منظورہ فنڈ میں سے 965 کروڑ روپئے درخواست گذاروں میں تقسیم کیے جا چکے ہیں۔ وزیر زراعت دھننجے منڈے نے کل ریاستی کابینہ کے منعقدہ اجلاس کے بعد یہ جانکاری دی۔ منڈے نے بتایا کہ درخواست گذاروں میں بقیہ رقم کی تقسیم کا کام بھی تیزی سے جاری ہے۔
***** ***** *****
سالانہ آٹھ لاکھ سے کم آمدنی والی دیگر پسماندہ طبقات اور معاشی طور پر پسماندہ طالبات کو تمام کورسیز کی سو فیصد تعلیمی فیس واپس کی جائیگی۔ مراٹھا ریزرویشن کے سلسے میں تشکیل کردہ کابینہ کی ذیلی کمیٹی کے منعقدہ اجلاس میں یہ فیصلہ لیا گیا۔ ریاستی کابینہ کی منظوری کے بعد اس فیصلے کو نافذ کرنے کی وضاحت اعلیٰ اور تکنیکی تعلیم کے وزیر چندرکانت پاٹل نے کی ہے۔
***** ***** *****
مراٹھا ریزرویشن کو ہماری مخالفت نہیں ہے۔ تاہم یہ ریزرویشن او بی سی کوٹے سے نہ دیا جائے۔اس طرح کا مطالبہ ریاستی وزیر برائے اغذیہ و رسد اور او بی سی رہنما چھگن بھجبل نے کیا ہے ۔ بھجبل کل جالنہ ضلع کے عنبڑ میں او بی سی ریزرویشن کے تحفظ کیلئے منعقدہ ’’او بی سی ریزرویشن بچائو‘‘ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ قانون ساز اسمبلی میں حزبِ مخالف رہنما وجے وڑیٹیوار، بی جے پی ایم ایل اے گوپی چند پڈڑکر، راشٹریہ سماج پارٹی کے قائد مہادیو جانکر نے بھی اس اجلاس میں حاضرین کی رہنمائی کی۔ بنجارہ برادری کو درج فہرست قبائل کے زمرے میں شامل کرنے اور اہل افراد کو درج فہرست ذات کے سرٹیفکیٹ دینے سمیت دھنگر سماج کو ایس ٹی کوٹے کا ریزرویشن دینے کا مطالبہ اس اجلاس میں کیا گیا۔
***** ***** *****
مراٹھا سماج کیلئے ریزرویشن کی تحریک چلانے والے منوج جرانگے پاٹل نے کل کولہاپور میں ایک جلسۂ عام سے خطاب کیا۔اس موقعے پر انھوں نے بتایا کہ حکومت مراٹھا سماج کو ریزرویشن دینے کیلئے تیار ہے، لہٰذا سبھی کو متحد ہو کر پرامن احتجاج کرنے کی اپیل انھوں نے کی۔ شاہو مہاراج چھترپتی بھی جلسے کے اسٹیج پر موجود تھے۔ جرانگے پاٹل نے کل سانگلی، ویٹا اور اسلام پور میں منعقدہ جلسوں سے بھی خطاب کیا۔
دریں اثنا دیرپا قائم رہنے والے مراٹھا ریزرویشن کیلئے ایوانِ اسمبلی میں مراٹھا ریزرویشن سے متعلق بل پاس ہونےکی ضرورت کا اظہار مراٹھا مائوڑا تنظیم کے صدر مانک رائو شندے نے کیا ہے۔ وہ کل لاتور میں مخاطب تھے۔
***** ***** *****
مرکزی وزیرِ مملکت برائے خزانہ ڈاکٹر بھاگوت کراڑ نے کہا ہے کہ چھترپتی سنبھاجی نگر ضلعے میں’’ترقی پذیر بھارت سنکلپ یاترا‘‘ جلد ہی شروع ہوگی۔ ڈاکٹر کراڑ کی صدارت میں کل ’’ترقی یافتہ بھارت سنکلپ یاترا‘‘ کے تحت مختلف اسکیموں کا جائزاتی اجلاس منعقد ہوا۔ اس موقعے پر کراڑ نے محکمہ زراعت، دیہی ترقیات، قبائلی ترقیات کے محکمے، محکمہ تعلیم، محکمہ صحت کے تال میل سے ضلعے میں آیوشمان بھارت یوجنا سے استفادے کیلئے عوام کے مفت رجسٹریشن کروانے کی ہدایت کی۔ انھوں نے مفت رجسٹریشن کیلئے آشا کارکنان‘ آنگن واڑی خدمت گاروں، طلبہ اور شہری سہولت مراکز کے تعاون سے اسکیم کے ہدف کو پورا کرنے کی ہدایت بھی دی۔ ساتھ ہی ضلعے میںسات تشہیری رتھ کے ذریعے سرکاری اسکیمات کی مؤثر تشہیر کرنے اور گرام پنچایت سطح پر تشہیری کاموں کیلئے افسران کا تقرر کرنے کی اطلاع بھی اس موقعے پر دی گئی۔
دریں اثنا ترقی یافتہ بھارت سنکلپ یاترا کے تحت کل ناندیڑ ضلعے کے کنوٹ تعلقے کے مانڈوی اور جورُلا گائوں میں عوام کو مختلف سرکاری اسکیمات کی معلومات فراہم کی گئیں۔ محکمہ صحت کی جانب سے شہریوں کی ذبابطیس‘ بلڈ پریشر اور سِکل سیل سے متعلق جانچ بھی اس موقع پر کی گئی۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی اورنگ آباد سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
مدھیہ پردیش کی تمام 230 اسمبلی نشستوں اور چھتیس گڑھ کے دوسرے مرحلے کی 70 نشستوں کیلئے کل رائے دہی عمل میں آئی۔ مدھیہ پردیش میں 76 اعشاریہ 22 فیصد جبکہ چھتیس گڑھ میں 75 فیصد سے زیادہ رائے دہی ہونے کا اندراج کیا گیا۔
***** ***** *****
چھترپتی سنبھاجی نگر کے سوامی راما نند تیرتھ ریسرچ سینٹر کے پدم وِبھوشن گووِند بھائی صراف یادگار ایوارڈ اس مرتبہ سماجی کارکن اَمر حبیب کو دیا جائےگا۔ یہ ایوارڈ 21 ہزار روپئے اور مومنٹو پر مشتمل ہے۔ 21 نومبر کو چھترپتی سنبھاجی نگر میں اَمر حبیب کو یہ ایوارڈ رسمی طورپردیا جائےگا۔
***** ***** *****
تاریخ کے بزرگ محقق پروفیسر ڈاکٹر شرد ہیباڑکر کو شری رادھا دامودر پرتشٹھان کے شری داس گنو اسٹیبلشمنٹ ایوارڈ کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔ یہ ایوارڈ شال‘ مومنٹو اور سوا لاکھ روپئوں پر مشتمل ہے۔داس گنو مہاراج کی آئندہ برسی پر 12 دسمبر کو پنڈھرپور میں یہ ایوارڈ شرد ہیباڑکر کو تفویض کیا جائےگا۔
***** ***** *****
دھارا شیو میں جاری 65 ویں مہاراشٹر کیسری کُشتی مقابلوں میں کل 65 کلو وزن کے گادی زمرہ میں کولہا پور کے سونبا اِنگڑے نے پہلا، شولاپور کے اَنیکیت مگر نے دوسرا اور وردھا کے وِنایک موڑے نے تیسرا مقام حاصل کیا۔ مٹی کے اکھاڑے کے زمرے کے کچھ مقابلے آج ہوں گے۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلعےکے 25 تحصیل ڈویژنوں میں رواں سال ماہ ِ جون سے ماہ ستمبر تک اوسطاً 75 فیصد سے کم بارش اور مجموعی طور پر 750 ملی میٹر سے کم بارش والے تحصیل منڈلوں میں قحط سالی جیسے حالات کا اعلان کیا گیا ہے۔ناندیڑ کے ضلع کلکٹر ابھیجیت رائوت نے ان متعلقہ آٹھ تعلقہ جات کے 25 محصول ڈویژنوں میں قحط سالی سے متاثرہ علاقوں کی سہولیات لاگو کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ پانی پریشد کے صدر نرہری شیوپورے نے کہا ہے کہ جائیکواڑی آبی پشتے میں فی الفور پانی چھوڑا جائے بصورتِ دیگر سخت احتجاج کیا جائےگا۔ چھترپتی سنبھاجی نگر میں مراٹھواڑہ کے حق کے پانی کیلئے گوداوری مراٹھواڑہ آبپاشی ترقیاتی بورڈ دفتر کے روبرو مظاہرہ کیا گیا۔ اس مظاہرے میں ماہر ِ آب ڈاکٹر شنکر رائو ناگرے، ڈاکٹر سرجے رائو ٹھومبرے سمیت دیگر افراد نے شرکت کی۔
***** ***** *****
شیوسینا اُدّھو بالا صاحب ٹھاکرے گروپ نے مطالبہ کیا ہے کہ دھارا شیو ضلعے کے کسانوں کو وزیرِ اعظم فصل بیمہ اسکیم کے تحت 2020 سے فصلوں کی نقصان بھرپائی جلد از جلد فراہم کی جائے اور دھارا شیو ضلعے کو قحط زدہ قرار دیا جائے۔ ان مطالبات کو لیکر کلکٹر ضلع کلکٹر دفتر کے روبرو اُدّھو ٹھاکرے شیوسینا کی جانب سے احتجاج بھی کیا گیا۔ رکنِ اسمبلی کیلاش پاٹل سمیت وفد نے ضلع کلکٹر کو مطالبات پر مبنی محضر پیش کیا۔
***** ***** *****
کسان قائد راجندر مورےآئندہ 24 نومبر کولاتور ضلعے میں سویابین کو 9 ہزار روپئے فی کوئنٹل قیمت دئیے جانے کے مطالبے پر اوسہ تعلقہ کے ماتولہ سے کلاری تک پیدل احتجاجی ریلی نکالیں گے۔ لاتور ضلعے میںخریف سیزن میں 80 فیصد سویابین کی کاشت کی جاتی ہے۔تاہم راجندر مورے نے بتایا کہ سویابین کی موجودہ قیمت پیداواری لاگت کے لحاظ سے بہت کم ہے۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلعے میں 20 نومبر سے تپِ دِق اور جذام کے مریضوں کی تلاش مہم کی شروعات ہوگی۔ اس مہم میں ٹی بی یا جذام کی تشخیص ہونے پر مریضوںکا مفت علاج کرنے کا اعلان ضلع کلکٹر ابھیجیت رائوت نے کیا ہے۔ دریںاثنا 19 نومبر کو عالمی یومِ بیت الخلا کے موقعے پر ناندیڑ ضلعے میں بھارت صفائی مہم کے تحت دیہی علاقوں میں دوسرے مرحلے کے تحت صفائی مہم چلانے کی اپیل ضلع پریشد کے سوچھ بھارت مشن کنٹرول روم نے کی ہے۔
***** ***** *****
مہاراشٹر پبلک سروس کمیشن (MPSC) کی جانب سے آج چھترپتی سنبھاجی نگر میں سول جج جونیئر زمرے اور جوڈیشیل مجسٹریٹ درجۂ اوّل عہدوں کیلئے امتحانات کا انعقاد کیا گیا ہے۔ ضلع کے 9 امتحانی مراکز پر تین ہزار 96 امیدواروں کیلئے امتحان دینےکا انتظام کیا گیا ہے۔ امتحان کے بآسانی انعقاد کیلئے ضلع انتظامیہ نے 388 افسران و ملازمین تعینات کیے ہیں۔
***** ***** *****
جنوب وسطی ریلوے کی جانب سے کاچی گوڑا۔ لال گڑھ۔ کاچی گوڑہ خصوصی ریلوے گاڑی چلائی جائےگی۔ یہ ریلوے گاڑی کاچی گوڑا سے سنیچر 18 اور 25 نومبر کو نکل کر نظام آباد‘ ناندیڑ‘ اکولہ، بھساول، احمد آباد، ابوروڑ،جودھپور، بیکانیر راستے سے پیر کو دوپہر لال گڑھ پہنچے گی۔ واپسی کے سفر میں یہ گاڑی منگل کے دِن 21 اور 28 نومبر کو لال گڑھ سے رات پونے آٹھ بجے نکل کر اسی راستے سے جمعرات کی صبح پونے دس بجے کے قریب کاچی گوڑا پہنچے گی۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ ریاست کی تعلیمی سوسائٹیوں کو گروپ یونیورسٹیز قائم کرنے کی حکومت کی منظوری۔
٭ مراٹھا سماج کو دیگرپسماندہ طبقات کے مختص کوٹے سے ریزرویشن نہ دیا جائے: او بی سی ریزرویشن بچائو جلسۂ عام میں قائدین کا مطالبہ۔
٭ ترقی یافتہ بھارت سنکلپ یاترا کی معرفت عوام کو سرکاری اسکیمات کا فائدہ پہنچانے سبھی محکمہ جات باہمی تال میل سے اقدامات کریں: مرکزی وزیرِ مملکت ڈاکٹر بھاگوت کراڑ کی ہدایت۔
٭ سماجی کارکن امر حبیب کو اس سال کا پدم وبھوشن گووند بھائی صراف ایوا رڈدینے کا اعلان۔
اور ٭ مراٹھواڑہ پانی پریشد کا جائیکواڑی آبی منصوبے میں بالائی پشتوں سے پانی چھوڑنے کے مطالبہ پر احتجاجی تحریک چلانے کا انتباہ۔
***** ***** *****
اس کے ساتھ ہی علاقائی خبریں ختم ہوئیں۔
ان خبروں کو آپ آکاشوانی سماچار اورنگ آباد اور یوٹیوب چینل‘ اورنگ آباد NEWS AIR پر دوبارہ کسی بھی وقت سن سکتے ہیں۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment