Saturday, 23 November 2024

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 23 نومبر 2024‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar

Date: 23 November-2024

Time: 09:00-09:10 am

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر

علاقائی خبریں 

تاریخ:  ۳۲/ نومبر ۴۲۰۲ء؁

وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹

***** ***** *****

::::: سرخیاں::::::

پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:

٭ اسمبلی انتخابات کی ووٹوں کی گنتی کے عمل کا آغاز؛ دوپہر بارہ بجے تک پہلا حتمی نتیجہ اور شام تک انتخابی صورتحال واضح ہونے کے امکانات۔

٭ نتائج کے پیشِ نظر سیاسی جماعتوں کے اجلاس؛ رہنماؤں کے دعوے اور جوابی دعوے۔

٭ پیسے بانٹنے کے مبینہ الزامات پر بی جے پی رہنماء ونود تاؤڑے کی کانگریس کو قانونی نوٹس۔

٭ چھترپتی سمبھاجی نگر میں جاری پدم فیسٹیول آج اختتام پذیر ہوگا۔

اور۔۔۔٭ بارڈر- گاوسکر سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے دِن تیز پچ پر 17 وکٹ گرے۔

***** ***** *****

اب خبریں تفصیل سے:

  اسمبلی انتخابات کیلئے ووٹوں کی گنتی کے عمل کا اب سے کچھ دیر قبل آغاز ہوچکا ہے۔ ابتداء میں صبح آٹھ بجے سے ڈاک ووٹوں کی گنتی کی جارہی ہے۔ جس کے بعد الیکٹرانک ووٹنگ مشین پرڈالے گئے ووٹ گنے جائیں گے۔ یہ اطلاع ریاست کے چیف انتخابی کمشنر ایس چوکّ لنگم نے دی۔ انھوں نے بتایا کہ ریاستی اسمبلی کی تمام 288 حلقوں میں ووٹوں کی گنتی کی جائیگی، جبکہ ناندیڑ لوک سبھا حلقے میں ضمنی انتخاب کیلئے علیحدہ گنتی مرکز قائم کیا گیا ہے۔ دوپہر بارہ بجے پہلا حتمی نتیجہ آنے کا امکان ہے۔ نتائج کی مکمل تصویر شام تک ہی واضح ہوسکے گی۔ 

***** ***** *****

ووٹوں کی گنتی کے اس عمل کیلئے چھترپتی سمبھاجی نگر میں پریسائیڈنگ آفیسر اور گنتی کیلئے نامزد ملازمین کو کل تربیت دی گئی۔ ضلع کلکٹر دلیپ سوامی نے اس موقع پر بذریعہئ ٹیلی کانفرنسنگ رہنمائی کی۔ انھوں نے کہا کہ آج کسی بھی فاتح امیدوار کو جلوس نکالنے کی اجازت نہیں دی جائیگی‘کیونکہ نتیجے کا اعلان ہونے کے فوری بعد صورتحال کچھ حد تک کشیدہ ہوتی ہے۔ اس لیے امن و انتظام کی صورتحال کے پیشِ نظر کسی کو بھی جلوس نکالنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ 

چھترپتی سمبھاجی نگر کے پولس کمشنر پروین پوار نے ووٹوں کی گنتی کے پیشِ نظر امن و امان قائم رکھنے کیلئے تعاون کی اپیل شہریوں سے کی ہے۔ 

***** ***** *****

چھترپتی سمبھاجی نگر شہر کے تین اسمبلی حلقوں کے ووٹوں کی گنتی کے مراکز کے اطراف و اکناف ٹریفک میں رُکاوٹوں کے پیشِ نظر ٹریفک راستوں میں چند تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ متبادل راستوں کا استعمال کریں۔ 

***** ***** *****

پربھنی میں ضلع کلکٹر رگھوناتھ گاؤڑے نے کل ووٹوں کی گنتی کیلئے قائم کردہ مراکز کا دورہ کرکے تیاریوں کا جائزہ لیا۔ ضلع کے تمام چار مراکز پر CCTV کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ نیم فوجی دستوں کو مقامی پولس کے ذریعے سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ 

***** ***** *****

بیڑ ضلعے میں پہلا نتیجے پرلی حلقے کا اور سب سے آخر میں آشٹی حلقے کا نتیجہ ظاہرکیا جائیگا۔ ضلع کلکٹر اویناش پاٹھک نے کل ایک اخباری کانفرنس میں یہ اطلاع دی۔ انھوں نے ضلع میں امن و امان کی برقراری کیلئے بھی اپیل کی۔ 

***** ***** *****

جالنہ ضلع میں پانچ اسمبلی حلقوں میں ہر حلقے کیلئے 14 میزوں پر ووٹوں کی گنتی کی جائیگی۔ اس کیلئے تمام تر ضروری انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔

***** ***** *****

لاتور کے ضلع کلکٹر اور ضلع انتخابی افسر ورشا ٹھاکر گھوگے نے کل گنتی کیلئے قائم کردہ مراکز کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ ضلع کے چھ حلقوں میں ہر حلقے کیلئے 14 میزوں پر ووٹو ں کی گنتی ہوگی۔

***** ***** *****

دھاراشیو ضلع کے چار اسمبلی حلقوں میں ووٹوں کی گنتی کیلئے انتظامیہ نے تیاری مکمل کرلی ہے۔ عمرگہ، تلجاپور، عثمان آباد اور پرانڈا ان چار حلقوں کیلئے کُل 387 ملازمین کو ووٹ شماری کیلئے تعینات کیا گیا ہے۔ 

***** ***** *****

اہلیا نگر ضلع کے 12 اسمبلی حلقوں میں ووٹوں کی گنتی کیلئے ایک ہزار 259 افسران و ملازمین تعینات ہیں۔ 

***** ***** *****

دریں اثناء ووٹوں کی گنتی اور نتائج کے پیشِ نظر کل سے ہی ریاست کی تمام سیاسی جماعتوں کے اجلاس جاری ہیں اور رہنماؤں کی جانب سے دعوے اور جوابی دعوے کیے جارہے ہیں۔ نائب وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کی رہائش گاہ پر کل بی جے پی قائدین کی بیٹھک ہوئی۔ مرکزی ومیر بھوپیندر یادو نے کل بی جے پی دفتر میں صورتحال کا جائزہ لیا۔ 

***** ***** *****

کانگریس کے مہاراشٹر کے ذمہ دار رمیش چینّی تھلا کی زیرِ صدارت کانگریس امیدواروں کا کل اجلاس ہوا۔ انھوں نے کہا کہ مہاوِکاس آگھاڑی میں وزارتِ اعلیٰ کے مسئلے پر کوئی تنازع نہیں ہے اور نتائج آنے کے بعد محاذ کی تمام رُکن جماعتوں کے قائدین ساتھ بیٹھ کر اس مسئلے پر فیصلے کریں گے۔ شیوسینا اُدّھو باڑا صاحب ٹھاکرے پارٹی کے رہنماء سنجے راؤت نے کہا ہے کہ مہاوِکاس آگھاڑی کے وزیرِ اعلیٰ کے نام کا فیصلہ دہلی میں نہیں بلکہ مہاراشٹر میں ہی ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ اُدّھو ٹھاکرے کی زیرِ قیادت حکومت سازی کی کوشش کی جائیگی اور آزاد امیدواروں اور چھوٹی جماعتوں سے رابطے جاری ہیں۔ 

اسی دوران کانگریس پارٹی نے ووٹوں کی گنتی کیلئے مہاراشٹر میں اشوک گہلوت‘ بھوپیش بگھیل اور جی پرمیشور کو مبصر نامزد کیا ہے۔ 

***** ***** *****

بی جے پی کے سیکریٹری وِنود تاؤڑے نے کانگریس کے قومی صدر ملک ارجن کھرگے‘ کانگریس رہنماء راہل گاندھی اور سپریہ سری نیت کو قانونی نوٹس جاری کیا ہے۔ دورانِ انتخابات پیسے بانٹنے کے بے بنیاد الزامات عائد کرکے بدنام کرنے پر بلاشرط معافی مانگی جائے ورنہ قانونی کارروائی کا انتباہ اس نوٹس میں تاؤڑے نے دیا ہے۔ 

***** ***** *****

یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں 

***** ***** *****

وزیرِ اعظم نریندر مودی کل بروز اتوار آکاشوانی پر من کی بات پروگرام کے تحت عوام سے بات چیت کریں گے۔ یہ اس سلسلے کا 116 واں پروگرام ہوگا۔ آکاشوانی اور دوردرشن کے تمام چینلز اسے صبح گیارہ بجے نشر کریں گے۔ 

***** ***** *****

مرکزی ثانوی تعلیمی بورڈ CBSE نے سنگل گرل چائلڈ اسکالر شپ اسکیم کیلئے درخواستیں طلب کی ہیں۔ سال 2024 میں سی بی ایس ای کے دسویں جماعت کے امتحانات میں کامیاب ہونے والی طالبات اس اسکیم سے مستفید ہوسکیں گی۔ اس اسکالر شپ کیلئے سی بی ایس ای کی ویب سائٹ پر آئندہ 23 دسمبر تک درخواست دی جاسکتی ہے۔ 

***** ***** *****

ریاستی ثانوی اور اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کے جماعت دہم اور بارہویں کے امتحانات کے نظام الاوقات جاری کردئیے گئے ہیں۔ اس کے مطابق بارہویں کے امتحانات آئندہ برس 11 فروری تا 18 مارچ کے دوران اور جماعت دہم کے امتحانات 21 فروری تا 17 مارچ کے دوران منعقد ہوں گے۔ ان امتحانات کا ٹائم ٹیبل بورڈ کی ویب سائٹ پر جاری کیا گیا ہے۔

***** ***** *****

مہاراشٹر پبلک سروس کمیشن نے آئندہ امتحانات کا ممکنہ ٹائم ٹیبل جاری کیا ہے۔ مہاراشٹر سول سروسیز گزیٹیڈ پریلمنری اگزامنیشن یکم دسمبرکو اور مرکزی امتحانات آئندہ برس 26 اپریل کو ہوں گے۔ مرکزی امتحان کیلئے تفصیلی اورمعروضی دونوں طرح کے متبادل موجود ہوں گے۔ آئندہ مہاراشٹر سول سروسیز گزیٹیڈ پریلمز 28 دسمبر 2025 کو ہوں گے اور مرکزی امتحان کی تاریخ کا بعد میں اعلان کیا جائیگا۔

***** ***** *****

چھترپتی سمبھاجی نگر میں جاری پدم فیسٹیول آج اختتام پذیر ہوگا۔ آج اس پروگرام میں ایتھیلیٹ پدم شری سنیتا رانی‘ سماجی کارکن پدم شری ڈاکٹر اِسمتا اور رویندر کولہے کا انٹرویو ہوگا۔ اس کے علاوہ پدم شری یو ایم پٹھان کا انٹرویو بھی دکھایا جائیگا۔ ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی کے آڈیٹوریم میں یہ پروگرام ہوگا۔

***** ***** *****

بارڈر-گاوسکر کرکٹ سیریزکے پہلے ٹسٹ میچ کے پہلے دِن کل پرتھ کی تیز گیندبازوں کیلئے مددگار وکٹ پر 17 وکٹ گرے۔ بھارتی ٹیم کے کپتان جسپریت بمراہ نے کل ٹاس جیت کر پہلے بلّے بازی کا فیصلہ کیا‘ تاہم پہلی اننگ میں بھارت کی پوری ٹیم 150 رن ہی بناسکی۔ اپنا پہلا ٹسٹ کھیلنے والے نتیش ریڈی نے سب سے زیادہ 41 رن بنائے۔ بھارتی گیندبازوں نے بھی جواب میں بہترین کارکردگی پیش کی۔ کپتان جسپریت بمراہ آسٹریلیاء کی پہلی اننگ میں اب تک پانچ کھلاڑی آؤٹ کرچکے ہیں۔ تازہ ترین خبریں آنے تک آسٹریلیاء نے نو وکٹ پر 83 رن بنالیے ہیں اور بھارت کو اب بھی پہلی اننگ میں 67 رنوں کی برتری حاصل ہے۔

***** ***** *****

::::: سرخیاں::::::

آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:

٭ اسمبلی انتخابات کی ووٹوں کی گنتی کے عمل کا آغاز؛ دوپہر بارہ بجے تک پہلا حتمی نتیجہ اور شام تک انتخابی صورتحال واضح ہونے کے امکانات۔

٭ نتائج کے پیشِ نظر سیاسی جماعتوں کے اجلاس؛ رہنماؤں کے دعوے اور جوابی دعوے۔

٭ پیسے بانٹنے کے مبینہ الزامات پر بی جے پی رہنماء ونود تاؤڑے کی کانگریس کو قانونی نوٹس۔

٭ چھترپتی سمبھاجی نگر میں جاری پدم فیسٹیول آج اختتام پذیر ہوگا۔

اور۔۔۔٭ بارڈر- گاوسکر ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ کے پہلے دن تیز پچ پر 17 وکٹ گرے۔

***** ***** *****

No comments:

Post a Comment