Saturday, 11 April 2026

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 11 اپریل 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 11 April -2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۱۱/اپریل۶۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ کرایے کے سستے مکانات کا موثر نظام وضع کرنے کی وزیر اعلیٰ کی ہدایت۔
٭ آبی آلودگی پر قابو پانے کے لیے علٰحدہ ندی احیاء اتھاریٹی کے قیام کا فیصلہ آخری مرحلے میں۔
٭ خواتین کی تعلیم کے علم بردارمہاتما پھلے کے یوم پیدائش پر مختلف پروگراموں کے ذریعے انہیں خراج عقیدت۔
٭ مادی ترقی کے ساتھ روحانی اقدار کو فروغ دینا ضروری۔ آر ایس ایس کے معاون کاریہ واہ کرشن گوپال کی تلقین۔
اور۔۔۔٭ ایشیائی بیڈمنٹن چمپئن شپ میں آیوش شیٹی مردوں کے سنگلز کے سیمی فائنل میں
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
کرایے کی بنیاد پر سستی رہائش کے لیے موثر نظام کو فعال کرنے کی ہدایت وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے دی ہے۔ وہ کل ممبئی میں اس سلسلے میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ کرایے کی بنیاد پر سستی رہائش کی شہریوں کی سہولت کے لیے پورٹل تیار کرنے کی ہدایت بھی انہوں نے کی اور کہا کہ ممبئی سمیت دیگر میٹروپولیٹن شہروں میں ملازمت اور کاروبار کرنے کے لیے آنے والے شہریوں کے لیے مناسب نرخوں پر کرایے کی رہائش فراہم کی جانی چاہئے۔کرایے کے نرخوں سے متعلق عدالتوں میں موجود مقدمات جلد نمٹانے کے لیے 100/خصوصی عدالتوں کے قیام کی ہدایت پھڑنویس نے کی۔ اس کے علاوہ انہوں نے عدالت کی اجازت سے شام کی عدالتیں شروع کرنے کا بھی مشورہ دیا۔
***** ***** *****
بڑھتی آبی آلودگی کو روکنے کے لیے علٰحدہ ”ندی احیاء اتھارٹی“ قائم کرنے کا فیصلہ حتمی مرحلے میں ہے۔ موحولیات کی وزیر پنکجہ منڈے نے یہ عندیہ دیا۔ وہ کل پونے میٹروپولیٹن ریجن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے ایک اجلاس سے خطاب کررہی تھیں۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ آلودہ پانی کو بغیر کسی پروسسنگ کے براہ راست ندی میں چھوڑنے والے اداروں کو صرف نوٹس نہیں دیئے جائیں گے بلکہ انکے خلاف سخت کاروائی بھی کی جائے گی۔
دریں اثناء پنکجہ منڈے نے اعتماد کا اظہار کیا ہے کہ مکھیہ منتری گرامین پشودھن ادیوجکتا یوجنا“ دیہی علاقوں میں مویشی پروری کرنے والوں کی معاشی اورسماجی ترقی کا ایک ذریعہ ثابت ہوگی۔ کل ممبئی میں مویشی پروری کمشنریٹ میں ایک ورکشاپ کا افتتاح کرنے کے بعد وہ خطاب کررہی تھیں۔
***** ***** *****
وزارت توانائی کے ایڈیشنل سیکریٹری پیوش سنگھ نے کہا ہے کہ ملک کے تمام حرارتی توانائی گھر یعنی تھرمل پاور پلانٹس مکمل صلاحیت کے ساتھ فعال ہیں اور ان کو چلانے کے لیے کوئلے کا ذخیرہ وافر مقدار میں موجود ہے۔ کل نئی دہلی میں ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئندہ تین مہینوں میں حرارتی۔شمسی۔ہوائی اور ہائیڈروگیس شعبوں میں بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت میں 22/ہزار میگاواٹ اضافہ کرنے کا حکومت کا منصوبہ ہے۔ اسی دوران پیٹرولیم اور طبعی گیس وزارت کی جوائنٹ سیکریٹری سجاتا شرما نے وضاحت کی ہے کہ ملک میں گھریلو ایل پی جی اور ایندھن کی سپلائی مستحکم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی مناسب دستیابی ہونے کے سبب اس کی قلت کی کوئی شکایت نہیں ہے۔
***** ***** *****
ریزرو بینک آف انڈیا نے ڈیجیٹل جعلسازی و دھوکہ دہی کو روکنے کے لیے چار نئی تجاویز پیش کی ہیں۔ 10/ہزار روپیؤں سے زیادہ کے لین دین کو مکمل کرنے کے لیے ایک گھنٹے کی تاخیر۔ بزرگ شہریوں اور معذوروں کے لیے معاون کی جانب سے تصدیق اور صارفین کو ڈیجیٹل پیمنٹ کرتے وقت زیادہ کنٹرول کی سہولت وغیرہ ان تجاویز میں شامل ہیں۔ اس سلسلے میں آٹھ مئی تک آر بی آئی ویب سائٹ پر کنکٹ ٹو ریگولیٹ لنک کے ذریعے عوام کی رائے اور تجاویز طلب کی گئی ہیں۔
***** ***** *****
مہاراشٹر ہاوسنگ اینڈ ایریا ڈیولپمنٹ اتھاریٹی (مہاڈا) کے سال 2026-27کے سالانہ مالی بجٹ میں ممبئی۔پونے۔کوکن۔ناسک۔امراوتی۔چھترپتی سمبھاجی نگر اور ناگپور ان علاقائی بورڈز کے ذریعے کل 13/ہزار 12رہائشی اکائیوں کی تعمیر کا ہدف مقر ر کیا گیا ہے۔ سال 2026-27کے بجٹ میں تعمیراتی اخراجات کے لیے دس ہزار 585کرڑروپیئے سے زیادہ کی رقم مختص کی گئی ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
خواتین کی تعلیم کے علمبردار مہاتما جیوتی با پھلے کی سالگرہ آج منائی جارہی ہے۔ اس موقع پر مختلف سیاسی جماعتوں اور تنظیموں کی جانب سے انہیں خراج عقیدت پیش کیا جا رہاہے۔ اس سلسلے میں پروگراموں کا انعقاد کیا گیا ہے۔ چھترپتی سمبھاجی نگر میں جینتی اتسو سمیتی کی جانب سے آج شام ایک ریلی نکالی جائے گی۔ شہر کے تاپڑیہ ناٹیہ مندر میں آج شام بھیم جیوتی مہوتسو کا اہتمام کیا گیا ہے۔
پربھنی ضلع کے جنتور تعلقے میں کوسٹری کے ایک ضلع پریشد اسکول میں مختلف رنگوں کے 199کلو پھولوں کا استعمال کرکے مہاتما پھلے کی ایک قد آدم شبیہ بنائی گئی۔جبکہ بابا صاحب امبیڈکر کی 135ویں سالگرہ کی مناسبت سے 10ہزار 135دیئے جلائے گئے۔
***** ***** *****
بھارت رتن ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کی سالگرہ کے موقع پر محکمہئ سیاحت کی جانب سے 13اور 14/اپریل کو ممبئی، ناسک اور ناگپور میں ”ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر ٹورسٹ سرکٹ“ سیر کا اہتمام کیا گیا ہے جس میں ان تینوں شہروں میں ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کے حوالے سے اہم مقامات کی سیر کرائی جائے گی۔ مکمل طور پر مفت اس سیر میں سفر کے دوران گائیڈ اور ہلکہ پھلکہ ناشتہ وغیرہ جیسی سہولیات بھی دی جائے گی۔ وزیر سیاحت شمبھو راج دیسائی نے اپیل کی ہے کہ شہریان بڑی تعداد میں اس پروگرام کا فائدہ اٹھائیں۔
***** ***** *****
مرکزی وزیر روزگار و محنت من سکھ مانڈویہ نے کہا ہے کہ طبی پیشہ ایک کاروبار نہیں بلکہ ایک ذمہ داری ہے۔ وہ کل ممبئی میں صحت عامہ سے متعلق ایک کیمپ اور ویب سائٹ کے افتتاح کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ ہر مہینے کی نو تاریخ کو مفت طبی خدمات فراہم کرنے کے لیے پونے شہر کی مختلف تنظیموں اور اداروں کے زیر اہتمام ماہر ڈاکٹروں کے’جن صحت سیتو مہم“ چلانے کے فیصلے کی ستائش وزیر موصوف نے کی۔
***** ***** *****
راشٹریہ سویم سیوک سنگھ یعنی آر ایس ایس کے سہ سرکاریہ واہ ڈاکٹر کرشن گوپال جی نے کہا ہے کہ مادی ترقی کے ساتھ ساتھ روحانی اقدار کو فروغ دینے ضروری ہے۔ آر ایس ایس کی صد سالہ تقریب کے سلسلے میں کل دھاراشیو میں مختلف شعبوں کی اہم شخصیات کے ساتھ ایک پروگرام میں وہ گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ خاندانی بیداری۔سماجی ہم آہنگی۔شہری ذمہ داری۔ ماحولیاتی تحفظ اور خود آگاہی کی پانچ نکاتی بنیادوں پر اس سال سنگھ سماجی تبدیلی کے لیے کام کرے گا۔انہوں نے اپیل کی کہ ایک اخلاقی وطن پرست اور سماجی طور پر ذمہ دار نسل کی تشکیل کے لیے ہر ایک کو اپن حصہ ڈالنا چاہئے۔
***** ***** *****
چھتر پتی سمبھاجی نگر ضلع میں چھتر پتی شیواجی مہاراج مہا راجسو سمادھان شبیر کے تحت منعقدہ کیمپ کا فائدہ اٹھانے کی اپیل ضلع کلکٹر وئے گوڈا جی سی نے شہریوں سے کی ہے۔ کل تیس گاؤں میں منعقدہ ایک کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے چھترپتی سمبھاجی نگر تعلقے میں زیر التواء زمینوں کے مالکانہ حقوق کے تبادلے سے متعلق پھیر پھار فوری طور پرنمٹا کر اس کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت متعلقہ محکموں کو دی۔
***** ***** *****
بڑھتے ہوئے سڑک حادثات کی شرح کو کم کرنے کے لیے جالنہ ضلع انتظامیہ نے حادثات خیز علاقوں کی نشاندہی کرکے ان پر فوری اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔کل ضلع کلکٹر دفتر میں روڈ سیفٹی کمیٹی کے اجلاس میں چیف ایکزیکٹیو افسرکرشن کانت کنواریہ نے یہ اطلاع دی۔ اس اجلاس میں محکمہئ تعمیرات عامہ اورمیونسپل کارپوریشن کو ضروری ہدایات دی گئیں۔
***** ***** *****
چین میں جاری ایشیائی بیڈمنٹن چیمپئن شپ میں بھارت کے آیوش شیٹی نے مردوں کے سنگلز کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی ہے۔ کل انہوں نے عالمی درجہ بندی میں چوتھے نمبر کے کھلاڑی انڈونیشیاء کے جوناتھن کرسٹی کو 23-21 اور 21-17سے شکست دے دی۔آج سیمی فائنل میں ان کا مقابلہ تھائی لینڈ کے کھلاڑی سے ہوگا۔
***** ***** *****
چھتر پتی سمبھاجی نگر میونسپل کا رپوریشن کے کمشنر امول یڈگے نے واضح ہدایت دی ہے کہ درختوں پر اشتہارات یا معلوماتی بورڈ لگانے والے شہریان اوراداروں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی اور ان پر جرمانہ بھی عائد کیا جائے گا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ کرائے کے سستے مکانات کا موثر نظام وضع کرنے کی وزیر اعلیٰ کی ہدایت۔
٭ آبی آلودگی پر قابو پانے کے لیے علیحدہ ندی احیاء اتھاریٹی کے قیام کا فیصلہ آخری مرحلے میں۔
٭ خواتین کی تعلیم کے علم بردارمہاتما پھلے کے یوم پیدائش پر مختلف پروگراموں کے ذریعے انہیں خراج عقیدت۔
٭ مادی ترقی کے ساتھ روحانی اقدار کو فروغ دینا ضروری۔ آر ایس ایس کے معاون کاریہ واہ کرشن گوپال کی تلقین۔
اور۔۔۔٭ ایشیائی بیڈمنٹن چمپئن شپ میں آیوش شیٹی مردوں کے سنگلز کے سیمی فائنل میں
***** ***** *****
ان خبروں کو آپ AIR چھترپتی سمبھاجی نگر یوٹیوب چینل‘ پر دوبارہ کسی بھی وقت سن سکتے ہیں۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment