Friday, 10 April 2026

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 10 April-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۰۱/اپریل ۶۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ خواتین ریزرویشن بل کیلئے 16 سے 18 اپریل کے درمیان پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس۔
٭ بارامتی اسمبلی حلقے کے ضمنی انتخاب سے کانگریس دستبردار، راہوری اور بارامتی میں 23 اپریل کو ہوگی رائے دہی۔
٭ آبنائے ہرمز کو کامیابی سے عبور کرکے ایل پی جی بردار گرین آشا جہاز ممبئی پہنچ گیا۔
٭ جائیکواڑی اور ماجل گاؤں سمیت مختلف آبی پشتوں پر سیاحتی مراکز تیار کرنے کا فیصلہ۔
اور۔۔۔٭ دھاراشیو ضلعے کے سات ضلع پریشد اسکولوں کا ”بھارت رتن ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مثالی اسکول“ کے طور پر انتخاب۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
خواتین ریزرویشن بل کو مزید مضبوط بنانے کیلئے 16 سے 18 اپریل کے درمیان پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس بلایا گیا ہے۔ وزیر ِاعظم نریندر مودی نے خواتین ریزرویشن بل سے متعلق تحریر کردہ ایک مضمون اور سوشل میڈیا پر جاری ایک ویڈیو کے ذریعے معلومات دیتے ہوئے کہا کہ ایوانوں میں خواتین کی 33 فیصد نمائندگی کو یقینی بنانا مضبوط اور جامع جمہوریت کیلئے ضروری ہے۔ انھوں نے کہا:
Byte: Prime Minister Narendra Modi
وزیر اعظم نے کہا کہ ملک کی نصف آبادی پر مشتمل خواتین کا قوم کی تعمیر میں گرانقدر تعاون ہے۔ وزیر اعظم نے مزید کہا کہ جب خواتین انتظامی اور فیصلہ سازی کے عمل میں حصہ لیتی ہیں تو وہ اپنے تجربات اور نقطہ نظر سے انتظامیہ کے معیار کو بہتر بناتی ہیں۔
***** ***** *****
راجیہ سبھا کے نومنتخبہ رکن راشٹروادی کانگریس پارٹی کے پارتھ اجیت پوار نے کل اپنے عہدے کا حلف لیا۔ نائب صدر اور راجیہ سبھا کے چیئرمین سی پی رادھا کرشنن نے انہیں عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔
***** ***** *****
کانگریس پارٹی نے بارامتی اسمبلی حلقے کے ضمنی انتخاب سے دستبرداری اختیار کرلی ہے۔ پارٹی کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکال نے کل ایک صحافتی کانفرنس میں یہ اطلاع دی۔ انھوں نے واضح کیا کہ یہ فیصلہ آنجہانی نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار کو خراج عقیدت کے طور پر لیا گیا ہے‘ تاہم‘ پارٹی کسی بھی امیدوار کی حمایت نہیں کر ے گی۔
اس ضمنی انتخاب کیلئے رائے دہی آئندہ 23 اپریل کو ہوگی اور نتیجے کا اعلان 4 مئی کو کیا جائے گا۔ بارامتی اور راہوری اسمبلی حلقوں کے ضمنی انتخابات بلا مقابلہ نہ ہونے کی صورتحال کل واضح ہوگئی۔ بارامتی حلقے میں 23 امیدوار‘ جبکہ راہوری حلقے میں سات امیدوار انتخابی میدان میں ہیں۔
***** ***** *****
بھارت کا ایل پی جی بردار جہاز ”گرین آشا“ آبنائے ہرمز کو کامیابی سے عبور کر کے کل ممبئی کے قریب جواہر لعل نہرو پورٹ اتھارٹی کی بندرگاہ میں داخل ہوگیا۔ اس جہاز کے ذریعے 15 ہزار 400 ٹن ایل پی جی موصول ہوئی ہے۔ مغربی ایشیاء میں تنازع شروع ہونے کے بعد اس بندرگاہ پر ایل پی جی لانے والا یہ پہلا جہاز ہے۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت نے خریف مارکیٹنگ ہنگام 2025-26 کے تحت پہلے سے رجسٹرڈ کسانوں سے مکئی کی خریداری کی آخری تاریخ میں 30 اپریل تک توسیع کر دی ہے۔حکومت نے کہا ہے کہ ریاستوں کے ذریعے خرید کیے گئے ذخیرے کو اگلے خریداری ہنگام سے پہلے تقسیم کیا جائے اور اس بات کو یقینی بنانے کیلئے معیار کی تصدیق کی ضرورت ہے کہ یہ مکئی استعمال کیلئے موزوں ہے۔
***** ***** *****
مرکزی وزیر برائے بہبودیِ خواتین و اطفال اَنّ پورنا دیوی نے کہا ہے کہ بچوں کیلئے صحت بخش خوراک کی ضرورت عام ہے اور حکومت اسے عوامی تحریک میں تبدیل کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ وہ کل نئی دہلی میں ”مقوی خوراک پندھرواڑہ 2026“ کے آٹھویں مرحلے کے افتتاح کے بعد مخاطب تھیں۔ اس مقومی اغذیہ پندھرواڑے کا مقصد بچوں کے ابتدائی چھ سالوں میں زیادہ سے زیادہ دماغی نشوونما کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے تمام ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں سے اپیل کی کہ وہ ماؤں کو مقامی اور روایتی قوت سے بھرپور غذاؤں کی طرف دوبارہ راغب کرنے پر توجہ دیں، جس سے خون کی کمی اور غذائی قلت کے مسئلے میں کمی آئے گی۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ وارکری طبقہ اور اس کی روایات ہماری ثقافت میں ایک اہم مقام رکھتی ہیں۔ وہ کل بیڑ ضلعے کے شریکشیتر گہینی ناتھ گڑھ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیرِ اعلیٰ نے اس حقیقت کی طرف توجہ مبذول کرائی کہ سینکڑوں سالوں کے حملوں کا سامنا کرنے کے باوجود وارکری روایت اب بھی برقرار ہے۔
اس موقعے پر وزیرِ ماحولیات پنکجا منڈے، اراکینِ اسمبلی سریش دھس، دھننجے منڈے اور دیگر شخصیات موجود تھیں۔ وزیرِ اعلیٰ نے تیقن دیا کہ وہ گہینی ناتھ گڑھ کی ترقی کے وعدے کے پابند ہیں۔ اس موقعے پر گہینی ناتھ گڑھ پر عقیدت مندوں کی بڑی بھیڑ جمع تھی۔
***** ***** *****
آبی وسائل کے وزیر رادھا کرشن وکھے پاٹل نے کل شرڈی میں کہا کہ جائیکواڑی، ماجل گاؤں، عیسیٰ پور اور اہلیانگر ضلعے کے نیلونڈے اور بھنڈاردرا آبی ذخائر سمیت دیگر پشتوں کے علاقوں میں سیاحتی مراکز کو ترقی دیکر روزگار کے مواقع بڑھانے پر توجہ دی جائے گی۔ اس کیلئے آبی پشتوں کے علاقوں میں موجودہ محکمہئ آبی وسائل کی اراضیات سیاحتی ترقی کیلئے استعمال کی جائیں گی۔ انھوں نے بتایا کہ اس کیلئے ایک پالیسی تیار کی گئی ہے اور ملٹی نیشنل کمپنیاں بطورِ مشیر کام کریں گی۔ وِکھے پاٹل نے بتایا کہ نئی پالیسی کے تحت واٹر اسپورٹس سینٹر اور ریزورٹس قائم کرکے سیاحوں کو راغب کرنے کا منصوبہ ہے۔
***** ***** *****
صحت اور خاندانی بہبود کے وزیر پرکاش آبِٹکر نے کہا ہے کہ ”میرا گاؤں، صحت مند گاؤں“ ریاست کی دیہی عوام کی صحت کے لحاظ سے انتہائی اہم مہم ہے، اور سبھی کو اس کے مؤثر نفاذ کیلئے سخت محنت کرنی چاہیے۔ وہ کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں محکمہ جاتی تربیتی ورکشاپ کے افتتاح کے موقع پر مخاطب تھے۔ اس ورکشاپ میں 13 اضلاع کے محکمہ صحت کے افسران، عہدیداران، ملازمین اور دیہی علاقوں کے عوامی نمائندے شریک تھے۔
***** ***** *****
دھاراشیو ضلعے کے سات ضلع پریشد اسکولوں کو ”بھارت رتن ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مثالی اسکول“ کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔ اس کے تحت ریاست میں 405 اسکولوں کو منظوری دی گئی ہے۔ ”ترقی یافتہ مہاراشٹر 2047“کے وژن کو مدِنظر رکھ کر ان منتخبہ اسکولوں میں عالمی معیار کی بنیادی ڈھانچے کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
***** ***** *****
ہنگولی ضلعے کے بسمت کی تحصیلدار شاردا دلوی کو معدنیات کی غیر قانونی نکاسی اور حمل و نقل کے معاملات میں لاپرواہی برتنے پر معطل کر دیا گیا ہے۔ محصول اور جنگلاتی محکمے کے انڈر سکریٹری پروین پاٹل نے کل یہ احکامات جاری کیے۔ انتظامیہ کو دلوی کے خلاف متعدد شکایات موصول ہوئی تھیں۔
***** ***** *****
بیڑ ضلعے کے کیج کے تحصیلدار راکیش گِڈّے کی کل‘ ایک حادثے میں موت ہو گئی۔ یہ حادثہ کل صبح لاتور- امباجوگائی شاہراہ پر رینا پور پھاٹے کے قریب پیش آیا۔ رینا پور پولس نے اندازہ ظاہر کیا ہے کہ گِڈّے اپنی چار پہیہ گاڑی پر سفر کے دوران گاڑی پر سے قابو کھو بیٹھے‘ جس کے باعث گاڑی اُلٹ کر حادثے کا شکار ہوگئی۔
***** ***** *****
سماجی مساوات ہفتے کے تحت دھاراشیو ضلعے میں عوامی بیداری کے پروگرام، کیمپ اور مختلف خصوصی سرگرمیاں چلائی جا رہی ہیں۔ کل‘ دوسرے دن سوادھار اسکیم اور مرکزی حکومت کی دیگر تعلیمی وظائف کی اسکیمات کے تحت طلباء میں 45 ہزارروپئے کے چیک تقسیم کیے گئے۔
***** ***** *****
مردم شماری 2027 کے پہلے مرحلے کیلئے سہ روزہ تربیتی کورس کا کل بیڑ ضلعے میں آغاز ہوگیا۔ اس میں ضلعے کے 90 فیلڈ ٹرینرز نے حصہ لیا۔ دو مرحلوں میں دی جانے والی اس تربیت میں تکنیکی مہارت، طریقہئ کار اور علاقائی کام کاج کے بارے میں معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔
***** ***** *****
پربھنی میں بھی کل علاقائی شمار کنندگان کیلئے ایک تربیتی کیمپ منعقد ہوا۔ مردم شماری کے کام کیلئے ضلعے میں دو ہزار 727 شمار کنندگان اور 471 سپروائزر تعینات کیے گئے ہیں۔
***** ***** *****
پربھنی میں‘بھارت رتن ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر سماجی مساوات ہفتے کا افتتاح کل ضلع کلکٹر سنجے چوہان کی موجودگی میں ہوا۔ اس موقعے پر کلکٹر سنجے چوہان نے باباصاحب امبیڈکر کے یوم پیدائش کو صرف جلوسوں اور رسمی پروگراموں تک محدود نہ کرتے ہوئے اس یوم پیدائش کو اختراعی اقدامات کے ساتھ منانے کی اپیل کی۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ خواتین ریزرویشن بل کیلئے 16 سے 18 اپریل کے درمیان پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس۔
٭ بارامتی اسمبلی حلقے کے ضمنی انتخاب سے کانگریس دستبردار، راہوری اور بارامتی میں 23 اپریل کو ہوگی رائے دہی۔
٭ آبنائے ہرمز کو کامیابی سے عبور کرکے ایل پی جی بردار گرین آشا جہاز ممبئی پہنچ گیا۔
٭ جائیکواڑی اور ماجل گاؤں سمیت مختلف آبی پشتوں پر سیاحتی مراکز تیار کرنے کا فیصلہ۔
اور۔۔۔٭ دھاراشیو ضلعے کے سات ضلع پریشد اسکولوں کا ”بھارت رتن ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مثالی اسکول“ کے طور پر انتخاب۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment