Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 06 April-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۶/اپریل ۶۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ مختلف ریاستوں میں شدید بارشوں سے ہوئے نقصانات کا جائزہ لینے کیلئے مرکزی وزیرِ زراعت کا حکم؛ ریاست کے کسانوں کو معاوضہ ادا کرنے کا وزیرِ اعلیٰ کا تیقن۔
٭ ریاست میں خصوصی جامع نظرِ ثانی یعنی SIR کے ذریعے فہرست رائے دہندگان کی جانچ کا عمل جاری۔
٭ بارامتی اور راہوری اسمبلی حلقوں میں ضمنی انتخابات کیلئے ادخالِ نامزدگی کا آج آخری دن۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع میں راشن دکانوں پر گندم اور چاول کے ساتھ ساتھ مکئی کی بھی تقسیم۔
اور۔۔۔٭ آئندہ 24 گھنٹوں میں مراٹھواڑہ اور ودربھ میں غیر موسمی بارش کا امکان۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
مرکزی وزیرِ زراعت شیوراج سنگھ چوہان نے ملک کی مختلف ریاستوں میں شدید بارشوں کے باعث ہونے والے نقصانا ت کا جائزہ لینے کا حکم دیا ہے۔ وزیرِ موصوف نے کل متعلقہ ریاستوں کے وزرائے زراعت سے ملاقات میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری سے ہونے والے نقصانات پر تفصیلی تبادلہئ خیال کیا۔
***** ***** *****
اسی دوران وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے یقین دہانی کی ہے کہ ریاست میں گذشتہ ہفتے شدید بارش اور ژالہ باری سے ہوئے نقصانات کا ضوابط کے مطابق معاوضہ ادا کیاجائے گا۔ کل ناسک میں کُل ہند سنت سمّیلن کے اجلاس کے بعد وہ اخبار نویسوں سے گفتگو کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ اس غیر موسمی بارش کے باعث ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگایا جارہا ہے‘ یہ رپورٹ موصول ہونے کے بعد ہی حسب ِ سابق روایات کے مطابق معاوضہ ادا کیا جائے گا۔
اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ نے بتایا کہ ناسک کے جعلی نجومی اشوک کھرات کے معاملے کی جانچ تیزی سے جاری ہے۔ خصوصی تحقیقاتی ٹیم کو اس ضمن میں کئی اہم معلومات ملی ہیں‘ جس کی بنیاد پر جعلی کھاتوں میں کیے گئے مالی لین دین کی جانچ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے سپرد کردی گئی ہے۔ علاوہ ازیں کھرات کے دیگر معاملات کی سی ڈی آر سیاسی شخصیات تک کس طرح پہنچی اس بات کی بھی تحقیقات کی جائیگی۔
پھڑنویس نے کہا کہ آئندہ برس ترمبکیشور میں ہونے والے کمبھ میلے کیلئے 35ہزار کروڑ روپئے کے ترقیاتی کام کیے جارہے ہیں، جس میں دریائے گوداوری کی صفائی اور ا س کے بہاؤ کو مستقل بنانے کیلئے بھی کام کیے جارہے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ ناسک میں سادھو گرام کیلئے مستقل طور پر زمین ایکوائر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
ریاستی کانگریس کمیٹی نے تنظیمی اصلاحات کیلئے پارٹی کی تنظیم سازی مہم شروع کی ہے۔ جس کے تحت پہلی بار ریاست میں تعلقہ صدور کا انتخاب کیا جائے گا۔ پوری ریاست میں 72 ضلع صدور اور 675 تعلقہ صدور کا انتخاب کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی کانگریس کی دیگر 10 ذیلی تنظیموں کے تعلقہ صدور بھی نامزد کیے جائیں گے۔
***** ***** *****
ریاست میں SIR یعنی خصوصی جامع نظرِ ثانی کے تحت فہرست رائے دہندگان کی جانچ اور اصلاح کا عمل جاری ہے۔ اس مہم کے تحت موجودہ فہرست رائے دہندگان کا 2002 کی ووٹر لسٹ سے موازنہ کیا جائے گا۔ فہرست میں غیر واضح تصویروں اور غلط معلومات کی درستی بھی کی جارہی ہے۔ جن رائے دہندگان کے نام 2002 کی فہرست میں نہیں تھے ان کے والدین کا نام اس فہرست میں ہونا ضروری ہے۔ SIR کے ذریعے رائے دہندگان کی مکمل فہرست از سرِ نو تیاری کی جارہی ہے۔ اس کیلئے تمام رائے دہندگان سے معلوماتی درخواست فارم بھر کر لیے جائیں گے۔
***** ***** *****
ایسٹر کا تہوار کل نہایت جوش و خروش سے منایا گیا۔ ویٹیکن سٹی میں پوپ لیو فورٹینتھ کی ایسٹر پر دعا کے بعد دنیا بھر میں تہوار کا آغاز ہوا۔ صدرِ جمہوریہ دروپدی مُرمو، نائب صدر سی پی رادھا کرشنن اور وزیرِ اعظم نریندر مودی نے ملک کی عوام کو ایسٹر پر نیک خواہشات پیش کی ہیں۔ ریاست کے مختلف گرجا گھروں میں کل اس سلسلے میں دعائیہ پروگرام کے ساتھ یہ تہوار منایا گیا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
بارامتی اسمبلی حلقے کے ضمنی انتخاب کیلئے کانگریس نے آکاش وشوناتھ مورے کو نامزدکیا ہے۔ اس انتخاب کیلئے کاغذاتِ نامزدگی داخل کرنے کا آج آخری دن ہے۔ مہایوتی کی جانب سے سُنیترا پوار آج اپنی درخواست ِ نامزدگی داخل کریں گی۔
اہلیانگر ضلع کے راہوری اسمبلی حلقے کے ضمنی انتخاب کیلئے اب تک چار درخواست ِ نامزدگی موصول ہوئی ہیں۔ اس حلقے سے بی جے پی نے اکشئے کرڈیلے کو امیدواری دی ہے۔ مہاوِکاس آگھاڑی نے اس حلقے سے اپنے امیدوار کے نام کا ہنوز اعلان نہیں کیا ہے۔ دریں اثناء‘ راشٹروادی کانگریس پارٹی کے ریاستی صدر سنیل تٹکرے نے کہا ہے کہ یہ انتخاب انتہائی حساس حالات میں ہورہے ہیں اور ہماری خواہش ہے کہ یہ انتخاب بلا مقابلہ ہو۔ کل شولاپور میں صحیفہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اس ضمن میں مہایوتی کی رُکن جماعتیں شیوسینا اور بی جے پی نے مثبت ردّعمل دیا ہے اور اسی پس منظر میں مہاوِکاس آگھاڑی کی رُکن جماعتیں بھی ہم آہنگی کا مظاہرہ کریں۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میں عوامی نظامِ تقسیم پی ڈی ایس کے تحت انتیودئے انّ یوجنا یعنی انتہائی غریب خاندانوں کیلئے اسکیم اور ترجیحی خاندانوں کے مستحقین کو اب راشن دکانوں سے گندم اور چاول کے ساتھ ساتھ مکئی بھی تقسیم کی جائیگی۔ انتیودئے اسکیم کے کارڈ ہولڈرز کو آئندہ تین ماہ تک 10کلو کے حساب سے مکئی دی جائیگی۔ ضلع میں راشن کے کُل پانچ لاکھ 38 ہزار مستحقین اور سستی اناج کی ایک ہزار 802 دکانیں ہیں۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلع میں کل 36لاکھ 75ہزار روپئے کے چندن سمیت 52لاکھ روپئے مالیت کی اشیاء ضبط کی گئیں۔ پولس کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل شاہ جی اُماپ کی خصوصی ٹیم نے لوہا میں یہ کارروائی انجام دی۔ یہ چندن لاتور سے مدھیہ پردیش کے برہانپور کی سمت لے جایا جارہا تھے۔ اس خصوص میں پانچ افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
***** ***** *****
اہلیانگر ضلع میں لوکل کرائم برانچ کی ٹیم نے طیارے کے ایندھن کی چوری کا انکشاف کیا ہے۔ اس کارروائی میں پولس نے تین ملزموں کو گرفتار کرلیا‘ جبکہ مرکزی ملزم فرار ہے۔ پولس ٹیم نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر گوہان واڑی علاقے میں چھاپہ مار کر انڈین آئیل کمپنی کے ٹینکر میں سے ایندھن چوری کرنے والے تین افراد کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔ ہمارے نامہ نگار نے بتایا کہ یہ تینوں افراد طیارہ ایندھن کی کالا بازاری میں ملوث تھے۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلع کے اردھاپور تحصیل کے دابھڑ میں ہونے والے کم عمر بچوں کی شادی کو پولس نے روک دیا۔ کنوٹ تحصیل کے ایک 16 سالہ لڑکی کی شادی کے معاملے کی اطلاع پر پولس انسپکٹر چندر شیکھر کدم نے اس شادی کو رکوایا۔ کم عمر کی اس شادی کی ترغیب کے الزام میں آٹھ افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میں کل دامنی پتھک نے دو کمسن بچوں کے اغواء کو ناکام بنادیا۔ سڈکو بس اسٹینڈ پر یہ واقعہ پیش آیا۔ ان میں سے ایک بچہ تقریباً دو سال کا اور ایک بچہ آٹھ سال کا تھا۔ دامنی پتھک نے بچوں سے انتہائی محبت سے پوچھ تاچھ کی اور ان کے رشتہ داروں کا پتہ لگاکر انھیں رشتہ داروں کے حوالے کیا۔ پولس نے اس سلسلے میں ایک شخص کو حراست میں لے لیا ہے۔
***** ***** *****
بیڑ میں ویویکانند ہاسپٹل کے ڈائریکٹر روہت توشنیوال نے دنیا بھر میں مشہور ایوریسٹ بیس کیمپ مہم کامیابی سے مکمل کی ہے۔ توشنیوال کے ساتھ سچن تاندڑے اور ڈاکٹر ترپتی سارڈا نے بھی یہ مہم مکمل کی۔ تقریباً 18ہزار 200 فٹ کی اونچائی پر واقع ایوریسٹ بیس کیمپ تک پہنچنے کیلئے مائنس 10 تا 20 ڈگری سیلسیئس درجہ حرارت اور کم آکسیجن و دشوار حالات کا مقابلہ کرتے ہوئے ان تینوں نے یہ کامیابی حاصل کی۔
***** ***** *****
موسم: آئندہ 24 گھنٹوں میں مراٹھواڑہ‘ ودربھ اور ریاست کے دیگر علاقوں میں تیز بارش کے امکان کی محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے۔ ان علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے اوسط بارش اور تقریباً 30 کلو میٹر فی گھنٹے کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ مختلف ریاستوں میں شدید بارشوں سے ہوئے نقصانات کا جائزہ لینے کیلئے مرکزی وزیرِ زراعت کا حکم؛ ریاست کے کسانوں کو معاوضہ ادا کرنے کا وزیرِ اعلیٰ کا تیقن۔
٭ ریاست میں خصوصی جامع نظرِ ثانی یعنی SIR کے ذریعے فہرست رائے دہندگان کی جانچ کا عمل جاری۔
٭ بارامتی اور راہوری اسمبلی حلقوں میں ضمنی انتخابات کیلئے ادخالِ نامزدگی کا آج آخری دن۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع میں راشن دکانوں پر گندم اور چاول کے ساتھ ساتھ مکئی کی بھی تقسیم۔
اور۔۔۔٭ آئندہ 24 گھنٹوں میں مراٹھواڑہ اور ودربھ میں غیر موسمی بارش کا امکان۔
***** ***** ****
No comments:
Post a Comment