Thursday, 9 April 2026

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 09 اپریل 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 09 April-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۹/اپریل ۶۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ خریف سیزن کیلئے فاسفورس اور پوٹاش آمیز کھادوں پر سبسیڈی کو مرکزی کابینہ کی منظوری۔
٭ ملک میں کوئلہ، گیس، پیٹرول اور ڈیزل کا کافی ذخیرہ موجود:حکومت کی یقین دہانی۔
٭ جائیکواڑی آبی پشتے کی پانی کی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت کو بڑھانے کا فیصلہ جلد: وزیر وِکھے پاٹل کی اطلاع۔
٭ ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر اور مہاتما جیوتی باپھلے کے یومِ پیدائش کے موقعے پر ریاست بھر میں سماجی مساوات کے ہفتے کا انعقاد۔
اور۔۔۔٭ ریاست کے اسکولی طلبہ کی جانچ 11 تا 22 اپریل کے درمیان۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
مرکزی کابینہ نے خریف ہنگام کیلئے فاسفورس اور پوٹاش اُصولوں پر مبنی کھادوں پر سبسیڈی کو منظوری دے دی ہے۔ اس کیلئے بجٹ میں 41 ہزار 533 کروڑ روپئے کا انتظام کیا گیا ہے۔ یہ گذشتہ سال کے مقابلے کھاد پر سبسیڈی میں چار ہزار 317 کروڑ روپئے کا اضافہ ہے۔ مرکزی وزیرِ اطلاعات و نشریات اشونی ویشنو نے کابینہ کی میٹنگ کے بعد یہ اطلاع دی۔ کابینہ کے دیگر فصلوں کے بارے میں معلومات فراہم کرتے ہوئے ویشنو نے کہا:
Byte: Information Minister Ashwini Vaishnav
***** ***** *****
راجستھان میں تیل صاف کرنے کا یہ منصوبہ جولائی میں شروع ہوگا۔ اس منصوبے سے دس ہزار براہِ راست ملازمتیں اور بڑی تعداد میں بالواسطہ ملازمتیں پیدا ہوں گی۔ اس سے ملک کی تیل صاف کرنے کی صلاحیت نوملین میٹرک ٹن تک بڑھ جائے گی۔
***** ***** *****
ملک میں پیٹرول‘ ڈیزل اور ایل پی جی گیس کی وافر مقدار دستیاب ہے اور ان کی فراہمی باقاعدہ ہے۔ پیٹرولیم اور قدرتی گیس کی وزارت کی سیکریٹری سجاتا شرما‘ نے کل ایک پریس کانفرنس میں یہ اطلاع دی۔ بندرگاہوں اور جہاز رانی کی وزارت کے جوائنٹ سیکریٹری مکیش منگل نے بتایا کہ ملک میں جہاز رانی اور آبی نقل و حمل آسانی سے چل رہی ہے اور کہیں بھی جہازوں کی بھیڑ نہیں ہے۔
***** ***** *****
بھارت نے مغربی ایشیاء میں جنگ بندی کا خیرمقدم کیا ہے۔ وزارتِ خارجہ نے اس اعتماد کا اظہار کیا ہے کہ امریکہ اور ایران کے مابین طئے پانے والی دو ہفتے کی جنگ بندی سے مغربی ایشیاء میں امن بحال ہوگا اور آبنائے ہرمز کے ذریعے جہاز رانی اور عالمی تجارت میں آسان ہوگی۔ بھارت نے اس امیدکا بھی اظہار کیا کہ یہ تنازعہ مستقل طورپر ختم ہوجائے گا۔ وزارتِ خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے اس بارے میں مزید اطلاع دی۔ انھوں نے کہا:
Byte: Randhir Jaiswal
***** ***** *****
وزارتِ خارجہ نے ایران میں موجود تمام بھارتیوں کو جلد از جلد ایران چھوڑنے کا مشورہ دیا ہے۔ وزارت کی جانب سے جاری کردہ رہنماء خطوط میں کہا گیا ہے کہ وہ صرف بھارتی سفارت خانے سے رابطے میں رہیں اور ان کے مشورے پر چلیں۔
***** ***** *****
ریزرو بینک آف انڈیا نے سود کی شرحوں میں کوئی تبدیلی نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مانیٹری پالیسی ریویو کمیٹی کی تین روزہ میٹنگ میں لیے گئے فیصلوں کا اعلان گورنر سنجئے ملہوترا نے کیا۔ اس کے مطابق ریپوریٹ کو 5.25 فیصد پر برقرار رکھنے کا فیصلہ MPRC نے متفقہ طور پر لیا۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کی موجودگی میں کل ویتنام کی وِن گروپ جوائنٹ اسٹاک کمپنی اور مہاراشٹر ریاستی حکومت کے مابین مفاہمت کی ایک قرارداد پر دستخط کیے گئے۔ اس معاہدے کے تحت وِن گروپ اگلے دو سالوں میں ممبئی میٹرو پولیٹن ریجن اور ریاست کے دیگر منتخب مقامات پر پانچ ہزار ایکڑ رقبے کے مختلف منصوبے قائم کرے گا۔ اس سے تقریباً 24 ہزار 700 براہِ راست ملازمتیں پیدا ہونے کی اُمید ہے۔
***** ***** *****
ریاستی حکومت نے تعمیر کے دوران کھدائی کی گئی معمولی معدنیات پر رائلٹی معاف کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ وہ اسی جگہ استعمال ہو۔ وزیرِ محصول چندر شیکھر باونکولے نے منترالیہ میں کریڈائی کے نمائندوں کے ساتھ ریاست بھر میں تعمیراتی پیشہ ور کو درپیش مسائل اور زیرِالتواء مطالبات کے بارے میں میٹنگ کی۔ اس میٹنگ کے دوران تعمیراتی شعبے کو تیز کرنے اور انتظامی عمل کو آسان بنانے کیلئے بھی کئی اہم فیصلے کیے گئے۔ اب غیر کاشت کیلئے ضلع کلکٹر کے پاس جانے کی ضرورت نہیں ہے۔ اب یہ عمل دس دنوں میں آن لائن ہوجائے گا۔ اس کے ساتھ ہی باونکولے نے میونسپل کارپوریشن اور پراپرٹی ڈیڈ پر رجسٹریشن کے سلسلے میں متعلقہ عہدیداروں کے ساتھ میٹنگ منعقد کرنے کا بھی تیقن دیا ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
ریاست کی پرائمری ایگریکلچرل کوآپریٹیو سوسائٹیوں میں کسانوں کے بقایہ جات کو راحت فراہم کرنے کیلئے تعاون کے وزیر بابا صاحب پاٹل نے یکمشت قرض کی واپسی اسکیم کو مؤثر طریقے سے نافذ کرنے کی ہدایت دی ہے۔ وہ کل اس اسکیم سے متعلق جائزاتی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ پاٹل نے اس اسکیم کے مؤثر نفاذ کو یقینی بنانے کیلئے تمام متعلقہ ایجنسیوں کو تال میل سے کام کرنے کی ضرورت کا اظہار کیا۔
***** ***** *****
آبی تحفظ کے وزیر رادھا کرشن وکھے پاٹل نے بتایا کہ جائیکواڑی آبی پشتے سے گال کو ہٹاکر پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت کو بڑھانے کیلئے ریاستی سطح پر ایک اسٹریٹجک فیصلہ لیا جائے گا۔ وہ کل چھترپتی سمبھاجی ضلع کے پیٹھن کے جائیکواڑی آبی پشتے کی گولڈن جوبلی سال کے موقع پر کینال ایڈوائزری کمیٹی کے اجلاس کے بعد خطاب کررہے تھے۔ ڈیم کے بائیں اور دائیں جانب نہروں سے زراعت کیلئے چار مساوی سرکٹس کا انتظام کیا گیا ہے اور ساتھ ہی پینے کیلئے پانی بھی محفوظ کیا گیا ہے۔ وِکھے پاٹل نے بتایا کہ کیٹی ویئر کو ڈیم سے گال ہٹاکر بیراج میں تبدیل کیا جائے گا۔
***** ***** *****
ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر اور مہاتما جیوتی با پھلے کے یومِ پیدائش کے موقع پر سماجی انصاف اور خصوصی امداد محکمے کے تحت سماجی مساوات ہفتہ کل ریاست بھر میں شروع ہوا۔ اس ہفتے کے دوران مختلف تعلیمی‘ و سماجی طور پر مفید سرگرمیاں عمل میں لائی جائیں گی جو 14 اپریل تک جاری رہیں گی۔ ہفتے کا افتتاح ناندیڑ میں امبیڈکر وادی مشن کے سربراہ دیپک کدم نے کیا۔ اس کے تحت محکمہ سماجی بہبودکی مختلف اسکیموں کو نچلی سطح تک پہنچانے کیلئے عوامی بیداری کا کام کیا جائے گا۔
ناندیڑ کی سوامی رامانند تیرتھ مراٹھواڑہ یونیورسٹی میں بھی کل سماجی مساوات ہفتے کا افتتاح کیا گیا۔
***** ***** *****
ہنگولی میں سماجی بہبود محکمے کی معاون کمشنر گیتا گُٹھّے کی موجودگی میں سماجی یکجہتی ہفتے کا افتتاح عمل میں آیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس ہفتے کے دوران سماجی انصاف محکمے کی مختلف اسکیمات اور عظیم رہنماؤں کے خیالات کو لوگوں تک پہنچایا جائے گا۔
***** ***** *****
لاتور ضلعے میں بھی سماجی یکجہتی ہفتے کا آغاز ہوا، اور تمام تعلقہ جات میں دستورِ ہندکی تمہید کی تقسیم شروع کردی گئی ہے۔
***** ***** *****
بھارت رتن ڈاکٹر باباصاحب امبیڈکر جینتی کی مناسبت سے کل بیڑ شہر پولس اسٹیشن کی جانب سے مفت امراض تشخیص و علاج کیمپ منعقد کیا گیا۔ اس طبّی جانچ کیمپ سے 72 افراد نے استفادہ کیا۔
***** ***** *****
ریاست میں جماعت ِ اوّل سے جماعت ِ نہم اور گیارہویں جماعت کے طلباء کی جانچ آئندہ11‘ 15 اور 22 اپریل کو کی جائے گی۔ یہ جانچ چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے میں کل 150 دستوں کے ذریعے کی جائے گی۔ ضلعے میں ضلع پریشد کے دو ہزار 84 پرائمری اسکول اور 292 امداد یافتہ پرائمری اسکول ہیں۔ ان اسکولوں میں زیرِ تعلیم تقریباً دو لاکھ طلباء کی تعداد کی جانچ کی جائے گی۔
ثانوی محکمے کی ایجوکیشن آفیسر، سویتا بِرگے نے بتایا کہ پربھنی ضلعے کے بھی تمام اسکولوں میں طلباء کی تعداد کی جانچ کی جائے گی۔
طلبہ کی اس عددی جانچ کیلئے ریاستی حکومت نے 11، 15 اور 22 اپریل کو بالترتیب نوویں جماعت کے مراٹھی، ریاضی اور انگریزی مضامین کے سالانہ امتحان منعقد کرنے کی ہدایت بھی دی ہے۔
***** ***** *****
ہنگولی ضلعے کے اونڈھا پنچایت سمیتی کے شعبہئ تعلیم میں کل صبح اچانک آگ لگ گئی۔ (پیریڈک اسیسمنٹ ٹیسٹ (یعنی PAT امتحان کے دس ہزار سوالیہ پرچے جل گئے۔ ریاستی تحقیقی‘ امتحانی وتربیتی ادارہ کی جانب سے 11 تاریخ کو مراٹھی زبان کا امتحان مقرر کیا گیا تھا۔ اس سلسلے میں پونے ثانوی تعلیمی محکمے سے رابطہ کیا گیا ہے اور بلاک ایجوکیشن آفیسر نے آئندہ دو دنوں میں سوالیہ پرچہ موصول ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ خریف سیزن کیلئے فاسفورس اور پوٹاش آمیز کھادوں پر سبسیڈی کو مرکزی کابینہ کی منظوری۔
٭ ملک میں کوئلہ، گیس، پیٹرول اور ڈیزل کا کافی ذخیرہ موجود:حکومت کی یقین دہانی۔
٭ جائیکواڑی آبی پشتے کی پانی کی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت کو بڑھانے کا فیصلہ جلد: وزیر وِکھے پاٹل کی اطلاع۔
٭ ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر اور مہاتما جیوتی باپھلے کے یومِ پیدائش کے موقعے پر ریاست بھر میں سماجی مساوات کے ہفتے کا انعقاد۔
اور۔۔۔٭ ریاست کے اسکولی طلبہ کی جانچ 11 تا 22 اپریل کے درمیان۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment