Sunday, 12 April 2026

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 12 اپریل 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 12 April-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۲۱/اپریل ۶۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ریاستی حکومت نے علاقائی ٹرانسپورٹ اتھاریٹی کے ذریعے اسکول بسوں کے کرایے طئے کرنے کی پیش کی تجویز۔
٭ مہاتما جیوتی راؤ پھلے کی 199 ویں سالگرہ پر مختلف تقاریب کے انعقاد کے ذریعے ہر طرف پیش کیا گیا خراجِ عقیدت۔
٭ ہنگولی ضلع میں محسوس کیا گیا زلزلہ؛ جھٹکے کی شدت 150 کلو میٹر تک۔
اور۔۔۔٭ بھارت کے آیوش شیٹی ایشین بیڈمنٹن چمپئن شپ کے مردوں کے سنگلز کے فائنل میں داخل۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
ریاستی حکومت نے علاقائی ٹرانسپورٹ اتھاریٹی کے ذریعے اسکول بسوں کا کرایہ طئے کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔ اس کے مطابق سرپرستوں سے صرف ماہانہ فیس وصول کی جائیگی۔ حکومت نے اس سلسلے میں یکمشت پیشگی رقم لینے سے منع کردیا ہے۔ بس میں طالب ِ علم کی روزانہ کی حاضری کے ساتھ ساتھ اس کے آنے اور بس سے اُترنے کا وقت بھی درج کرنا لازمی قرار دیا گیاہے۔ اب سے پانچویں جماعت تک کے طلبہ کو لے جانے والی گاڑیوں میں خاتون اٹینڈنٹ کا ہونا لازمی کردیا گیا ہے۔
طلبہ کی حفاظت کیلئے ہر گاڑی میں ڈیجیٹل سیفٹی مانیٹرنگ سسٹم اور دیگر حفاظتی قوانین کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔ ہر اسکول میں تشکیل کی گئی ’نقل و حمل کمیٹی‘ اس کی نگہبانی کرے گی۔ کرایہ، سیکوریٹی اور خدمات سے متعلق والدین کی شکایات کا ازالہ اسی کمیٹی کے ذریعے کیا جائیگا۔
***** ***** *****
خواتین کی تعلیم کے علمبردار مہاتما جیوتی باپھلے کو کل ان کی 199 ویں سالگرہ کے موقع پر خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ صدرِ جمہوریہ دروپدی مُرمو‘ نائب صدرِ جمہوریہ سی پی رادھا کرشنن‘ وزیرِ اعظم نریندر مودی اور لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے پارلیمنٹ کے احاطے میں واقع پریرنا استھل پر جیوتی با پھلے کی تصویر پر پھول نچھاور کرکے اپنی عقیدت کا اظہار کیا۔
ریاستی حکومت نے آئندہ 2027 میں مہاتما جیوتی باپھلے کا دوسو سالہ یومِ پیدائش جوش و خروش سے منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس خصوص میں اسکولی تعلیم کے محکمے کی جانب سے کل سے 10 اپریل 2027 تک ریاست کے تمام اسکولو ں میں مختلف تعلیمی‘ سماجی اور ثقافتی سرگرمیاں نافذ کرنے کیلئے جامع ایکشن پلان کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں تمام سرکاری‘ نیم سرکاری دفاتر اور اسکولوں میں مہاتما پھلے کی شبیہ پر خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان سرگرمیوں کا آغاز کیا گیا۔
مہاتما پھلے کی دوسو سالہ سالگرہ کی مناسبت سے پونے ضلع کے پرندر تعلقے میں واقع ان کے آبائی گاوں میں ضلع پریشدکے ذریعے تعمیر کردہ جیوتی-ساوتری ضلع پریشد اسکول‘ کا کل وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے افتتاح کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیرِاعلیٰ نے کہا کہ یہ جدید ترین اسکول مہاتما پھلے کی دو سو سالہ سالگرہ تقاریب کا مناسب آغاز ہے۔
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ فروغِ ہنر مندی کے محکمے کی جانب سے مہاتما پھلے کے نام سے ہنرمندی کی تربیت کی خاطر ایک مرکز شروع کیا گیا ہے اور مستقبل میں ایسے ایک ہزار ہنرمندی مراکز قائم کیے جائیں گے۔ وزیرِ اعلیٰ نے اس بات پر بھی اظہارِ تشکر کیا کہ آج کا ’حقِ تعلیم قانون‘ مہاتما پھلے اور کرانتی جیوتی ساوتری بائی پھلے کی کاوشوں کا ثمرہ ہے۔ مہاتما پھلے کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کیلئے ریاست بھر میں کل مختلف پروگرامز کا انعقاد کیا گیا۔ ممبئی کے لوک بھون میں گورنر جشنو دیو ورما نے مہاتما پھلے کی شبیہ پر پھول چڑھاکر انھیں یاد کیا۔ اسی طرح ودھان بھون میں بھی مہاتما پھلے کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
چھترپتی سمبھاجی نگر میں بھی جینتی اُتسو کمیٹی کی جانب سے شہر میں ایک جلوس نکالا گیا اور بھیم جیوتی مہوتسو منایا گیا۔
***** ***** *****
وہیں پربھنی ضلع کے جنتور تعلقے کے کوسڑی میں واقع ضلع پریشد اسکول میں مختلف رنگوں کے 199 کلو پھولو ں کا استعمال کرتے ہوئے مہاتما پھلے کا شاندار مجسمہ بنایا گیا۔ اسی دوران ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کی آئندہ منائی جانے والی 135 ویں سالگرہ کی مناسبت سے کل دس ہزار 135 چراغ روشن کیے گئے۔
***** ***** *****
بیڑ میں مختلف تنظیموں کی جانب سے شہر کے سدھی ونایک تجارتی کامپلیکس کے احاطے میں مہاتما پھلے کے مجسّمے کو پھولوں کے ہار پہناکر خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ اسی طرح جیوتی باپھلے اور کرانتی جیوتی ساوتری بائی پھلے کی تصاویر پر پھول نچھاور کرکے انھیں یاد کیا گیا۔
***** ***** *****
وہیں ناندیڑ میں بھی کرانتی سوریہ مہاتما جیوتی با پھلے اور کرانتی جیوتی ساوتری بائی پھلے کے قدِ آدم مجسّموں کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے۔ اس موقع پر سماجی بہبود کے محکمے کے ملازمین کے تعاون سے رہنمائی پروگرام کا انعقاد کیا گیا اور صفائی مہم چلائی گئی۔ اس موقع پر پربھات پھیری بھی نکالی گئی۔
***** ***** *****
جالنہ میں بھی مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے معززین نے شہر کے میونسپل پارک میں واقع مہاتما پھلے کے مجسّمے پر پھول نچھاور کرکے ان سے عقیدت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر مختلف پروگرامز بھی منعقد کیے گئے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
سماجی مساوات ہفتے کی مناسبت سے کل دھاراشیو کے ’سماجک نیائے بھون‘ میں بزرگ شہریان کیلئے طبّی جانچ کے کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر خصوصی خدمات انجام دینے والے بزرگ افراد کا اور عمر رسیدہ افراد کی فلاح و بہبود کیلئے کام کرنے والی غیر سرکاری تنظیموں کا استقبال کیا گیا۔
***** ***** *****
نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کہا ہے کہ ”گال سے پاک آبی منصوبہ اور گال آمیز کھیتی“ اسکیم کا دائدہ ریاست بھرمیں وسیع کیا جائے گا۔ نائب وزیرِ اعلیٰ کل ستارا ضلع کے مہابلیشور تعلقے کے دَرے میں کوئنا آبی منصوبے سے گال نکالنے کے پروگرام کے افتتاح کے موقع پر خطاب کررہے تھے۔
***** ***** *****
سینئر گلوکارہ آشا بھوسلے کو ممبئی کے برج کینڈی اسپتال میں شریک کیا گیا ہے۔ انھیں کل دل کا دورہ پڑنے پر اسپتال میں داخل کیا گیا۔ اس سلسلے میں موصولہ خبروں میں بتایا گیا ہے کہ انھیں سینے میں انفیکشن کی شکایت ہے۔
***** ***** *****
ریاست کے صحت ِ عامہ محکمے نے بچوں کی ذہنی صحت کے فروغ کی خاطر ایکلویہ فاؤنڈیشن فار مینٹل ہیلتھ نامی پونے کے ایک ادارے کے ساتھ ایک اہم مفاہمت نامے پر دستخط کیے ہیں۔ اس معاہدے کا مقصد ریاست کے تمام اضلاع میں Caregiver Led Self help Groups یعنی دیکھ بھال کرنے والے اداروں کی زیرِ قیادت اپنی مدد آپ گروپس کے ذریعے دماغی صحت کی خدمات کو وسعت دینا ہے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کل نئی دہلی کے مہاراشٹر سدن میں خواتین سرکاری عہدیداروں کی پہلی کُل ہند مراٹھی ادبی کانفرنس کا افتتاح کیا۔ اس دو روزہ ادبی کانفرنس کا اہتمام نئی دہلی میں واقع مہاراشٹر سدن کے مراٹھی زبان کے شعبے اور پونے کے سرحد سنستھا نامی ادارے نے مشترکہ طور پر کیا ہے۔
***** ***** *****
ہنگولی ضلع میں کل زلزلہ آیا۔ زمین کے ہلنے اور آواز آنے پر شہریان خوف کے مارے سڑکوں پر نکل آئے۔ سوامی رامانندتیرتھ مراٹھواڑہ یونیورسٹی کے زلزلہ پیمائشی آلے پر جھٹکے کی شدت 4.7 ریکٹر درج کی گئی۔ اس زلزلے کے اثرات 150 کلو میٹر دور تک محسو س کیے گئے۔ زلزلے کا مرکز ضلع کے بسمت تعلقے کے پانگرا شندے علاقے میں تھا۔ ضلع انتظامیہ اس صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ انتظامیہ نے شہریان سے خوف زدہ نہ ہونے کی اپیل کی ہے۔
وہیں ناندیڑ شہر سمیت اردھاپور، مدکھیڑ، لوہا اور نائیگاؤں تعلقہ جات کے کئی دیہاتوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ ضلع کے کئی علاقوں کے مکانات میں دراڑیں پڑ گئیں اور چند علاقوں میں کچے مکانات ڈھہہ گئے ہیں۔ ناندیڑ کے ضلع کلکٹر راہل کرڈیلے اور ناندیڑ تعلقہ کے تحصیلدار سنجئے وارکڑ نے شہریان سے احتیاط برتنے کی اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
بین الاقوامی ہندو پریشد کے قومی صدر ڈاکٹر پروین توگاڑیہ نے کہا ہے کہ وہ حکومت سے لوجہاد کے معاملے میں سخت قانون بنانے کا مطالبہ کریں گے۔ ایک ہندو اجتماع میں شرکت کیلئے وہ کل لاتور پہنچے تھے۔ اس موقع پر صحافتی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے یہ بات کہی۔
***** ***** *****
بھارت کے آیوش شیٹی نے چین میں جاری ایشیائی بیڈمنٹن چمپئن شپ میں مردوں کے سنگلز زمرے کے فائنل میں داخلہ حاصل کرلیا ہے۔ عالمی درجہ بندی میں 25 ویں مقام پر فائز آیوش نے سیمی فائنل میں ٹاپ سیڈ اور دفاعی چمپئن تھائی لینڈ کے کھلاڑی کو 21-19, 21-10‘ اور 21-17 سے شکست دے دی۔ آج ہونے والے فائنل مقابلے میں آیوش کا سامنا درجہ بندی میں دوسرے مقام کے حامل چین کے کھلاڑی شی یو کی سے ہوگا۔ 1965میں اس ٹورنامنٹ کے مردوں کے سنگلز میں سونے کا تمغہ جیتنے والے بھارت کے دِنیش کھنہ کے بعد اب آیوش شیٹی فائنل میں پہنچنے والے دوسرے بھارتی بن گئے ہیں۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ ریاستی حکومت نے علاقائی ٹرانسپورٹ اتھاریٹی کے ذریعے اسکول بسوں کے کرایے طئے کرنے کی پیش کی تجویز۔
٭ مہاتما جیوتی راؤ پھلے کی 199 ویں سالگرہ پر مختلف تقاریب کے انعقاد کے ذریعے ہر طرف پیش کیا گیا خراجِ عقیدت۔
٭ ہنگولی ضلع میں محسوس کیا گیا زلزلہ؛ جھٹکے کی شدت 150 کلو میٹر تک۔
اور۔۔۔٭ بھارت کے آیوش شیٹی ایشین بیڈمنٹن چمپئن شپ کے مردوں کے سنگلز کے فائنل میں داخل۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment