Monday, 13 April 2026

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 13 اپریل 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 13 April-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۳۱/اپریل ۶۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ممتاز گلوکارہ آشا بھوسلے چل بسیں؛ آج ممبئی میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ آخری رسومات۔
٭ ناری شکتی وندن ترمیمی بل پارلیمنٹ میں اتفاقِ رائے سے منظور کیا جائے: وزیرِ اعظم کی تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل۔
٭ صحافیوں کے مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہیں: نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے کا عندیہ۔
اور۔۔۔٭ ایشیائی بیڈمنٹن چمپئن شپ میں آیوش شیٹی کو نقرئی تمغہ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
ممتاز گلوکارہ آشا بھوسلے کل ممبئی میں چل بسیں۔ وہ 92 برس کی تھیں۔ قلبی حملے کے بعد پرسوں انھیں اسپتال میں داخل کیا گیا تھا، جہاں کل دوپہر وہ انتقال کرگئیں۔ اپنی جادوئی آواز سے ہر نغمے کو منفرد اور لازوال بنانے والی آشا بھوسلے کے آٹھ عشروں سے زائد عرصے پر محیط کیریئر کا پیش ہے ایک مختصر جائزہ:
Byte: Asha Bhosle Tribute
دنیائے موسیقی کیلئے نہایت ہی غیر معمولی خدمات دینے کیلئے مختلف قومی اور بین الاقوامی اداروں اور تنظیموں کی جانب سے انھیں کئی ایوارڈز دیئے گئے، جن میں قومی ایوارڈز کے علاوہ فلم فیئر ایوارڈز‘ پدم وِبھوشن‘ دادا صاحب پھالکے‘ مہاراشٹر بھوشن‘ نائٹیگیل آف ایشیاء اور بی بی سی لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈز شامل ہیں۔ ان کے جسد ِ خاکی کو آج ممبئی کے شیواجی پارک میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ سپردِ آتش کیا جائے گا۔
صدرِ جمہوریہ دروپدی مُرمو‘ وزیرِ اعظم نریندر مودی‘ نائب صدر سی پی رادھا کرشنن‘ لوک سبھا اسپیکر اوم برلا‘ مرکزی وزراء امیت شاہ اور نتن گڈکری‘ کانگریس کے صدر ملک ارجن کھرگے‘ لوک سبھا میں قائد ِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی‘ گورنر جشنو دیو ورما اورملک بھر کی دیگر اہم شخصیات نے آشا بھوسلے کے انتقال پر شدید غم کا اظہار کیا ہے۔
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھرنویس نے آشا بھوسلے کا آخری دیدار کرکے انھیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ آشا بھوسلے ملک کی تاریخ کی سب سے زیادہ کثیر الجہت گلوکارہ تھیں۔ دنیائے موسیقی کے جتنے بھی طرزِ گائیکی ہیں ان سب میں وہ طاق تھیں۔ انھوں نے 20 سے زائد زبانوں میں نغمہ سرائی کی۔ پھڑنویس نے کہا کہ اپنی عمر کے 90 ویں برس میں آشا بھوسلے نے تین گھنٹے طویل کنسرٹ پیش کیا جو کہ دنیا کی تاریخ کا ایک منفرد واقعہ ہے۔
نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے‘ نائب وزیرِاعلیٰ سنیترا پوار سمیت سیاسی‘ سماجی‘ موسیقی حلقوں سمیت معاشرے کے ہر طبقے سے آشا بھوسلے کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کیا جارہا ہے۔ وزیر اتل ساوے اور چھترپتی سمبھاجی نگر کے میئر سمیر راجورکر نے بھی انھیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
خواتین کے ریزرویشن سے متعلق ناری شکتی وندن ترمیمی بل پارلیمنٹ میں اتفاقِ رائے سے منظور کروانے کیلئے وزیرِ اعظم نریندر مودی نے تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین سے حمایت کی اپیل کی ہے۔ اس ضمن میں مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کے نام ارسال کردہ مکتوب میں وزیرِ اعظم نے کہا کہ آئندہ 2029 سے لوک سبھا اور اسمبلیوں کے انتخابات خواتین ریزرویشن کے ساتھ ہونا چاہیے۔ اس ریزرویشن کیلئے 2023 میں آئینی ترمیم کی گئی تھی۔ خواتین ریزرویشن آرڈیننس کے بعد لوک سبھا میں نشستوں کی کُل تعداد 816 ہوجائیگی، جس میں 273 خواتین کی نشستیں مختص ہوں گی۔
اسی دوران بی جے پی نے لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں پارٹی ارکان کیلئے وہپ جاری کیا ہے اور انھیں 16 تا 18 اپریل ان تین دنوں میں پارلیمنٹ میں لازماً حاضر رہنے کی ہدایت کی ہے۔
***** ***** *****
نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کہا ہے کہ وہ صحافیوں کے مسائل سے آگاہی اور انھیں حل کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔ دھاراشیو میں ضلع مراٹھی پترکار سنگھ کی سلور جوبلی تقاریب کے سلسلے میں اننت بھالے راؤ میمورئیل صحافتی ایوارڈ کی تقسیم عمل میں آئی۔ اس تقریب سے وہ خطاب کررہے تھے۔ آکاشوانی کے ہنگولی کے نامہ نگار رمیش کدم سمیت مختلف زمروں میں بہترین خدمات انجام دینے والے اخبار نویسوں کو بھی تقریب میں اعزاز سے نوازا گیا۔
***** ***** *****
جالنہ ضلع کے گھن ساونگی کے صنعتی تربیتی ادارے کو 2023-24 کا بہترین آئی ٹی آئی کا ایوارڈ دیا گیا ہے۔ ممبئی میں وزیر منگل پربھات لوڈھا کی موجودگی میں یہ تقسیمِ ایوارڈ تقریب منعقد ہوئی۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر کے ملند کالج اور ناگسین ون میں جہاں ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر نے قدم رکھے تھے وہاں کل ہیریٹیج واک منعقد کی گئی۔ میونسپل کارپوریشن‘ انٹیک اور ملند کالج انتظامیہ کی جانب سے منعقد کی گئی اس ہیریٹیج واک میں شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر کالج کی پروفیسر ڈاکٹر ویشالی پردھان اور انٹیک کے رکن سنکیت کلکرنی نے ملند کالج کے احاطے میں واقع عمارتوں اور شہر میں بابا صاحب کی رہائش سے متعلق یادوں سے آگاہ کیا۔
دریں اثناء‘ کل بھارت رَتن ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کے یومِ پیدائش کے حوالے سے میئر نے ایک جائزہ اجلاس طلب کیا تھا۔ اس اجلاس میں میئر نے جینتی کے جلوس سے کسی بھی شہری کو تکلیف نہ ہو اس بات کو یقینی بنانے کیلئے انتظامیہ کو ہدایات جاری کیں۔
***** ***** *****
ایشین بیڈمنٹن چمپئن شپ میں بھارت کے آیوش شیٹی کو چاندی کے تمغے پر اکتفاء کرنا پڑا۔ چین میں ہوئے چمپئن شپ کے فائنل میں آیوش کو چین کے شی.یو.کی. نے 21-8 ار 21-10 سے راست سیٹوں میں شکست دی۔
***** ***** *****
موسم: ریاست کے بیشتر مقامات پر درجہ حرارت میں اضافہ ہوا ہے۔ وسطی مہاراشٹر میں آج موسم گرم اور خشک رہنے کے امکان کا اظہار محکمہئ موسمیات نے کیا ہے۔ ریاست میں کل سب سے زیادہ درجہ حرارت 42 ڈگری سیلسیئس آکولہ میں ریکارڈ کیا گیا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ ممتاز گلوکارہ آشا بھوسلے چل بسیں؛ آج ممبئی میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ آخری رسومات۔
٭ ناری شکتی وندن ترمیمی بل پارلیمنٹ میں اتفاقِ رائے سے منظور کیا جائے: وزیرِ اعظم کی تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل۔
٭ صحافیوں کے مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہیں: نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے کا عندیہ۔
اور۔۔۔٭ ایشیائی بیڈمنٹن چمپئن شپ میں آیوش شیٹی کو نقرئی تمغہ۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment