Monday, 27 April 2026

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 27 اپریل 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 27 April-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۷۲/اپریل ۶۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ فضائی توانائی ملک کی ترقی کا ایک نیا باب رقم کر رہی ہے: ”من کی بات“ پروگرام میں وزیر اعظم کا اظہارِ خیال؛ مہاراشٹرکے فضائی توانائی شعبے کا بھی خصوصی ذکر۔
٭ تیز رفتار انصاف فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے محصول قوانین میں ترمیم کی جائے گی - وزیرِ محصول کا اعلان۔
٭ مہاتما جیوتی راؤ پھلے جن آروگیہ یوجنا کے تحت سرطان جیسی سنگین بیماریوں کا علاج فراہم کرنے کا حکومت کا عزم: وزیرِ صحت کی اطلاع۔
اور۔۔۔٭ ریاست بھر میں شدید گرمی کی لہر، چھترپتی سمبھاجی نگر اور پربھنی میں درجہ حرارت 43 ڈگری سے تجاوز۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
فضائی توانائی ملک کی ترقی کا نیا باب رقم کر رہی ہے اور وزیرِ اعظم نریندر مودی نے شفاف توانائی کو اپنانے کیلئے کوششیں کرنے کی اپیل کی ہے۔ وہ کل آکاشوانی کے پروگرام ”من کی بات“ کی 133ویں قسط میں اظہار خیال کر رہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ آج، بھارت فضائی توانائی کی صلاحیت میں دنیا میں چوتھے نمبر پر ہے، انہوں نے اس میدان میں مہاراشٹر، گجرات، تمل ناڈو، اور راجستھان میں کیے جارہے اقدامات کا فخریہ طور پر اظہار کیا۔
وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ آج دنیا جس تناؤ اور تنازعات سے گزر رہی ہے اس میں گوتم بدھ کے خیالات زیادہ اہم ہو گئے ہیں۔ آنے والے بدھ پورنیما کی ہم وطنوں کو مبارکباد دیتے ہوئے، انہوں نے واضح کیا کہ بھگوان گوتم بدھ کے پیغامات کی آج بھی دنیا کو ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا:
بائٹ - وزیر اعظم - بدھ
وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت نے ہمیشہ ہی سائنس کو ملک کی ترقی سے مربوط رکھا ہے۔ ملک کے سول نیوکلیئر پروگرام نے زراعت سے لے کر جدید اختراع اور تحقیق کرنے والوں تک سب کی مدد کی ہے۔ انہوں نے تمل ناڈو میں کلپکّم میں ”پروٹوٹائپ فاسٹ بریڈر ری ایکٹر“ نے کرِیٹی کیالٹی حاصل کرنے پر ملک کے جوہری سائنسدانوں کی تعریف بھی کی۔
مردم شماری 2027 میں فعال حصہ لینے پر زور دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ یہ ملک کی ترقی کیلئے اہم ہے۔ انھوں نے کہا:
بائٹ - وزیر اعظم - مردم شماری
وزیراعظم نے ٹیکنالوجی کی مدد سے تاریخی دستاویزات کو محفوظ کرنے کی کوششوں کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے شہریوں سے ڈبلیو‘ ڈبلیو‘ ڈبلیو ڈاٹ ابھیلیکھ ڈیش پٹل ڈاٹ اِن ویب سائٹ پر جاکر دستاویزات کو ملاحظہ کرنے کی بھی اپیل کی۔ وزیر اعظم نے بچوں سے اپیل کی کہ وہ مئی کی تعطیلات سے لطف اندوز ہونے کے ساتھ کچھ نیا سیکھنے کی کوشش کریں۔
وزیرِ اعظم نے ماحولیاتی تحفظ، کچھ میں فلیمنگو، اتر پردیش کی ”گج مترا“ پہل، وسطی بھارت میں کالے ہرن کے تحفظ، شمال مشرقی بھارت میں بانس کے شعبے میں پیشرفت، ”یورپین گرلز میتھامیٹیکل اولمپیاڈ“ میں بھارتی طلبہ کی کامیابی، جیسے متاثر کن موضوعات کا بھی من کی بات پروگرام میں ذکر کیا۔
***** ***** *****
وزیر محصول چندر شیکھر باونکولے نے کہا ہے کہ ریاستی محکمہ محصول شہریوں کی املاک کی حفاظت کرتا ہے، اس لیے پرانے محصول قوانین کے پیچیدہ طریقہ کار کو کم کرکے عام شہریوں کو جلد انصاف فراہم کرنے کیلئے قوانین میں تبدیلی کی جارہی ہے۔ وہ کل شرڈی میں منعقدہ عوامی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ افسران اپنی ہی سطح پر شہریوں کے مسائل حل کریں تو عوام کو منترالیہ میں آنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ باونکولے نے محصول مقدمات کی سماعت میں تاریخ پر تاریخ دینے کے بجائے صرف دو تاریخوں میں فیصلہ کرنے کا حکم دیا۔
***** ***** *****
وزیرِ صحت پرکاش آبٹکر نے کہا ہے کہ آیوشمان بھارت پردھان منتری جن آروگیہ یوجنا کی طرح، حکومت مہاتما جیوتی راؤ پھلے جن آروگیہ یوجنا کے تحت عام شہریوں کو ذہنی امراض، ہڈیوں کے امراض اور سرطان جیسی سنگین بیماریوں کا علاج فراہم کرنا چاہتی ہے۔ وہ کل پونے میں بھارتی یونیورسٹی کے 31ویں یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ریاستی وزیر اتل ساوے بھی موجود تھے۔ ساوے نے کہا کہ چھترپتی سمبھاجی نگر تیزی سے ترقی کر رہا ہے، اور یہاں صنعت اور کاروبار میں ایک لاکھ کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی جارہی ہے، اس لیے ہنر مند اور غیر ہنر مند افرادی قوت کے ساتھ ساتھ صحت کے نظام کی بھی بہت زیادہ ضرورت ہوگی۔ انہوں نے یہ امید بھی ظاہر کی کہ بھارتی یونیورسٹی چھترپتی سمبھاجی نگر میں تعلیمی اور طبّی خدمات فراہم کرے گی۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
وزیرِ صحت پرکاش آبٹکر نے ایک بیان جاری کرکے ریاست میں ذیلی صحت مراکز سے لے کر ضلع اسپتالوں تک تمام صحت کمیٹیوں کو بحال کرنے کی ہدایت دی ہے۔ آبٹکر نے مزید کہا ہے کہ ان کمیٹیوں کی معرفت مقامی ضروریات کی نشاندہی کرکے ان پر عمل درآمد شہریوں کو صحت کی بہتر خدمات فراہم کرے گا اور صحت کے نظام پر ان کا بھروسہ مضبوط ہوگا۔
***** ***** *****
وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ دھولیہ ضلعے کے شِرپور میں پانی کے تحفظ کا منصوبہ ریاست میں ایک مثال بن گیا ہے، اور اب شِرپور نے قومی سطح پر تعلیم کے شعبے میں بھی اپنی شناخت بنائی ہے۔ وزیر اعلیٰ کل شِرپور میں کیتکی بین مکیش بھائی پٹیل مرکزی لائبریری کا دورہ کرنے کے بعد بات کر رہے تھے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ یہ لائبریری طلباء کیلئے حصولِ علم کا مرکز بن جائے گی۔
***** ***** *****
حمل و نقل کے ریاستی وزیر پرتاپ سرنائیک نے اعلان کیا ہے کہ ریاستی روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی ”آپ کی بس، آپ کی خدمت“ مہم یکم مئی سے شروع کی جائے گی۔یہ معلومات ایس ٹی کارپوریشن کے جاری کردہ بیان میں دی گئی ہے۔ اس مہم کے تحت بسوں کو بیڑے میں شامل کرنے سے پہلے بسوں کی صفائی، وقت سے پہلے بس اسٹینڈ پر ڈرائیور موجودگی، صاف ستھرا یونیفارم پہننا اور ذمہ دارانہ برتاؤ کرنا لازم ہوگا۔
***** ***** *****
ریاست میں مردم شماری کا پہلا مرحلہ یکم مئی سے شروع ہو گا۔اس کے تحت شہری بذاتِ خود اپنی تفصیلات درج کر سکیں گے۔ اس حوالے سے آج سے چھترپتی سمبھاجی نگر میں ملازمین کی تربیت کا آغازہو گا۔ میونسپل کارپوریشن کی ڈپٹی کمشنر اپرنا تھیٹے نے بتایا کہ اس کیلئے تین ہزار 80 ملازمین کا تقرر کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
ریاستی حکومت کے تعاون سے انگائی اور یونیسیف نے دھاراشیو میں طلباء، اساتذہ اور والدین کو صنفی مساوات سے متعلق بیداری کی تربیت فراہم کی۔ حکومت کے مطابق دھاراشیو ضلعے میں تجرباتی بنیادوں پر چلائی گئی یہ پہل دیہی لڑکیوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلیاں لا رہی ہے۔ کھیلوں پر مبنی تعلیم، مواصلات اور مخلوط سرگرمیوں کے باعث نوعمر لڑکوں اور لڑکیوں میں صنفی مساوات سے متعلق بیداری آرہی ہے۔ ملک بھر میں صرف دھاراشیو ضلعے میں کیے گئے اس اقدام میں 120 اسکولوں، 800 سے زیادہ اساتذہ اور 18 ہزار سے زیادہ طلبہ نے حصہ لیا۔
***** ***** *****
ملک کے کئی حصوں میں ان دنوں شدید گرمی کی لہر جاری ہے اور دنیا میں سب سے زیادہ درجہ حرارت والے شہروں میں بھارت کے 95 شہر شامل ہیں۔
دریں اثناء‘ اکولہ میں کل 46 اعشاریہ 9 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت درج کیا گیا۔ مراٹھواڑہ میں چھترپتی سمبھاجی نگر اور پربھنی میں تقریباً 43 اعشاریہ پانچ ڈگری سیلسیس، بیڑ میں 42 اور دھاراشیو میں 41 اعشاریہ چھ ڈگری سیلسیس درجہ حرارت درج ہوا۔
آج ودربھ کے اکولہ، امراوتی اور وردھا اضلاع کیلئے گرمی کا آرینج الرٹ جاری کیا گیا ہے، جبکہ ناگپور، بلڈانہ اور چندر پور کیلئے یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے اس دوران مراٹھواڑہ میں موسم خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔۔
***** ***** *****
پربھنی ضلعے میں گنگا کھیڑ پنچایت سمیتی کی طرف سے کل ”میرا گاؤں، صحت مند گاؤں“ مہم کے موثر نفاذ کیلئے ایک تعلقہ سطحی ورکشاپ منعقد ہوا۔ اس موقعے پر پنچایت سمیتی کے چیئرمین منوج منڈے نے اس مہم میں تمام دیہاتوں کی فعال شرکت کو یقینی بنانے کی اپیل کی۔
***** ***** *****
جالنا ضلع کے بھوکردن تعلقے میں نڑنی-راجور شاہراہ پر دو موٹر سائیکلیں آمنے سامنے متصادم ہونے سے تین افراد کی موقع پر ہی موت ہو گئی اور ایک شدید زخمی ہو گیا۔ یہ حادثہ کل رات پیش آیا۔مہلوکین میں نڑنی کے ساکن سبھاش ساٹھے، ولاس ساٹھے اور برنجڑا سابڑے کے انل بورڈے شامل ہیں۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ فضائی توانائی ملک کی ترقی کا ایک نیا باب رقم کر رہی ہے: ”من کی بات“ پروگرام میں وزیر اعظم کا اظہارِ خیال؛ مہاراشٹرکے فضائی توانائی شعبے کا بھی خصوصی ذکر۔
٭ تیز رفتار انصاف فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے محصول قوانین میں ترمیم کی جائے گی - وزیرِ محصول کا اعلان۔
٭ مہاتما جیوتی راؤ پھلے جن آروگیہ یوجنا کے تحت سرطان جیسی سنگین بیماریوں کا علاج فراہم کرنے کا حکومت کا عزم: وزیرِ صحت کی اطلاع۔
اور۔۔۔٭ ریاست بھر میں شدید گرمی کی لہر، چھترپتی سمبھاجی نگر اور پربھنی میں درجہ حرارت 43 ڈگری سے تجاوز۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment