Friday, 15 May 2026

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 15 مئی 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 15 May-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۵۱/مئی ۶۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ مرکزی الیکشن کمیشن کا SIR کے نظام الاوقات کا اعلان؛ ریاست میں 30 جون سے ہوگا شروع۔
٭ مٹی اور پانی کے تحفظ کے محکمے کے نظر ثانی شدہ ڈھانچے کو کابینہ کی منظوری۔
٭ وزیرِ اعظم آواس اسکیم دیہی کے تحت پانچ لاکھ گھروں کی شروعات۔
٭ ماہرِ نفسیات ڈاکٹر آنند ناڈکرنی کا انتقال۔
٭ NEET پرچہ لیک معاملے میں لاتور سے سبکدوش پروفیسر CBI کی تحویل میں۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ میں آئندہ دو دنوں میں کئی مقامات پر بارش کی محکمہ موسمیات کی پیشگوئی۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
مرکزی الیکشن کمیشن نے کل 16 ریاستوں اور تین مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں میں SIR کے عمل کے نظام الاوقات کا اعلان کیا ہے۔ اس کے مطابق BLO یعنی پولنگ اسٹیشن سطح کے افسران 30 جون سے 29 جولائی تک مہاراشٹر کے ہر گھر کا دورہ کرکے ووٹروں کی تصدیق کریں گے‘ اس کے بعد ووٹر لسٹ کا مسودہ 5 اگست کو شائع کیا جائے گا۔ 5 اگست سے 4 ستمبر کے درمیان اعتراضات داخل کیے جاسکتے ہیں۔ ان اعتراضات پر سماعت کی جائیگی اور 3 اکتوبر تک فیصلے دئیے جائیں گے‘ ریاست کی حتمی ووٹر لسٹ 7 اکتوبر کو شائع کی جائیگی۔ ایک اکتوبر تک 18 سال عمر مکمل کرنے والے شہریوں کے نام ووٹر لسٹ میں شامل کیے جائیں گے۔ فی الحال ریاست میں 9 کروڑ 86 لاکھ 64 ہزار 413 رجسٹرڈ ووٹر ہیں۔
***** ***** *****
ریاستی کابینہ نے مٹی اور پانی کے تحفظ کے محکمے کے نظرِ ثانی شدہ ڈھانچے کو منظوری دے دی ہے اور ریاست میں آٹھ ہزار 767 آسامیوں کو منظوری دی ہے۔ یہ فیصلہ کل ممبئی میں وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کی صدارت میں ہوئی کابینہ کی میٹنگ میں لیا گیا۔ طبّی اداروں کی عمارتوں کے ترقیاتی چارجز میں 50فیصد رعایت‘ سنگترہ امپورٹ ڈیوٹی ریفنڈ اسکیم کی منسوخی‘ آبپاشی منصوبوں کے ذخائر سے گال اور گال آمیز ریت کو ہٹانے کیلئے نظرِ ثانی شدہ پالیسی کی منظوری‘ ریاستی درجِ فہرست قبائل کمیشن ایک 2026 میں ترمیم کو منظوری‘ ناسک کی کسماگرج پرتشٹھان کو سالانہ دس لاکھ روپئے امداد وغیرہ کو کابینہ کی میٹنگ میں منظوری دی گئی۔
***** ***** *****
محکمہ صنعت اور اے ایم انٹیلی جنس لیبز پرائیویٹ لمیٹڈ نے کل ایک لاکھ 14 ہزار کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری کیلئے مفاہمت نامے پر دستخط کیے۔ اس پروجیکٹ سے ریاست میں تقریباً آٹھ ہزار راست اور بالواسطہ روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ اس کے تحت ممبئی میٹرو پولیٹن ریجن میں ایک انٹیگریٹیڈ گرین ڈیٹا سینٹر پارک اور ایک AI کمپیوٹر ہب قائم کیا جائے گا جو پوری طرح سے قابلِ تجدید توانائی پر مبنی ہوگا۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے اعلان کیا ہے کہ وزیرِ اعظم نریندر مودی کی کفایت شعاری کے مطالبے پر ریاستی حکومت اگلے چھ ماہ تک کوئی بڑا سرکاری پروگرام منعقد نہیں کرے گی۔ انھوں نے یہ اطلاع کل ممبئی میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے دی۔
***** ***** *****
درآمد شدہ خوردنی تیل کے استعمال کو کم کرنے کیلئے ریاستی حکومت سرکاری کینٹینوں‘ آنگن واڑیوں‘ اسپتالوں اور ہاسٹلوں میں پام آئل اور سویا بین کے تیل کے بجائے مونگ پھلی اور سرسوں کے تیل کے استعمال کو ترجیح دے گی۔
ریاستی حکومت نے حکم دیا ہے کہ پولس بلا وجہ سے گاڑیوں کے چکر لگانے کی اجازت نہ دے۔ ممبئی سمیت بڑے شہروں میں ریستوراں اور ہوٹلوں میں PNG کا استعمال لازمی ہے۔ حکومت نے سرکاری اشتہارات پر غیر ضروری اخراجات سے بچنے کا مشورہ بھی دیا ہے۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت نے خام‘ سفید اور ریفائنڈ شکر سمیت شکر کی برآمد پر پابندی لگا دی ہے۔ یہ پابندی ستمبر 2026 یا اگلے حکم تک فوری طور پر نافذالعمل رہے گی۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم آواس اسکیم دیہی کے تحت آج مکمل ہونے والے پانچ لاکھ گھروں میں استفادہ کنندگان کو منتقل کیا جائے گا۔ یہ پروگرام ریاست کے ستارا فوجی اسکول گراؤنڈ پر منعقد ہوگا۔ مرکزی دیہی ترقی کے وزیر شیوراج سنگھ چوہان اس تقریب میں موجود رہیں گے۔ وہ چھ مستحقین کو گھروں کی چابیاں دیں گے۔
***** ***** *****
اسٹیٹ کامن انٹرنس ٹیسٹ (CET) کے PCB گروپ پیپر میں سوالات اور جوابات پر اعتراضات داخل کرنے کا آج آخری دن ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ای میل یا کسی اور طریقے سے موصول ہونے والے سوالات و جوابات کے حوالے سے نمائندگی پر غور کیا جائے گا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
NEET پرچہ لیک معاملے میں CBI نے کل لاتور کے دیانند کالج کے سبکدوش پروفیسر پی وی کلکرنی کو گرفتار کیا ہے۔ ہمارے نمائندے نے اطلاع دی ہے کہ CBI نے کل اس سے اچھی طرح پوچھ گچھ کی، جب یہ معلومات سامنے آئی کہ کلکرنی NEET کیمسٹری پیپر کی تیاری کے عمل میں ملوث تھا۔ دریں اثناء‘ اس معاملے میں پونے سے ایک خاتون اور ایک طالب ِ علم کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ان پر شبہ ہے کہ وہ نیٹ پیپر کا مطالبہ کرنے والے طلبہ کو تلاش کرتے‘ ان سے پیسے لیتے اور انھیں پیپر بیچنے والے دلالوں تک پہنچاتے۔ اس معاملے کے دیگر پانچ ملزمین کو دہلی کی ایک عدالت نے پانچ دن کی تحویل میں بھیج دیاہے۔
***** ***** *****
معروف ماہرِ نفسیات ڈاکٹر ناڑکرنی کا آج صبح تھانے میں 68 سال کی عمر میں انتقال ہوگیا۔ خبروں کے مطابق ان کا انتقال گذشتہ ہفتے ایک سرجری کے بعد صحت کی پیچیدگیوں کے باعث ہوا۔ انھوں نے کئی کتابیں تصنیف کی ہیں۔
***** ***** *****
ہنگولی ضلع پولس فورس نے کرائم اینڈ کریمنل ٹریکنگ نیٹ ورک اینڈ سسٹم (CCTNS) کے تحت بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ریاست میں پہلا مقام حاصل کیا ہے۔ محکمہ پولس نے کہا کہ یہ کامیابی ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولس ڈاکٹر نیلابھ روہن کی رہنمائی میں اور ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولس اور نوڈل آفیسر کملیش مینا کی محتاط منصوبہ بندی کی وجہ سے حاصل ہوئی ہے۔
***** ***** *****
مردم شماری کا خود شماری عمل آج اپنے اختتام کو پہنچ رہا ہے۔ کل سے شمار کنندگان گھر گھر جاکر خودشماری میں دی گئی معلومات کو چیک کریں گے۔ یہ معلومات مکمل طور پر خفیہ ہے اور کسی کو نہیں دی جائیگی۔ چھترپتی سمبھاجی نگر کے ضلع کلکٹر ونئے گوڑا جی سی نے یہ اطلاع دی۔
دریں اثناء‘ مردم شماری کے شمار کنندگان کی تربیت سے غیر حاضری پر دھولیہ کے تین اساتذہ کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ یہ کارروائی مردم شماری ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے پر کی گئی ہے۔
***** ***** *****
محکمہ موسمیات نے مراٹھواڑہ کے ناندیڑ‘ لاتور اور دھاراشیو میں اگلے دو دِنوں تک گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ لاتور ضلعے میں کل ایک بار پھر غیر موسمی بارش ہوئی‘ جس کی وجہ سے ماحول ٹھنڈا ہوگیا‘لیکن آم کے کاشتکاروں کو نقصان پہنچا ہے۔
ریاست میں کل آکولہ میں سب سے زیادہ 45اعشاریہ نو ڈگری سیلسیئس درجہ حرارت کا اندراج ہوا۔ مراٹھواڑہ کے چھترپتی سمبھاجی نگر میں 43.4‘ پربھنی 43.9، جبکہ دھاراشیو میں 41 اعشاریہ ایک ڈگری سیلسئیس درجہ حرار ت کا اندراج ہوا۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی مہاراج کے یومِ پیدائش کے موقع پر کل ہر جگہ انھیں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ ان کے یومِ پیدائش کے موقع پر چھترپتی سمبھاجی نگر کے ٹی وی سینٹر علاقے میں سمبھاجی مہاراج کی تصویرپر پھول چڑھائے گئے۔ پیٹھن میں 20ہزار کاپیوں سے ان کی تصویر بنائی گئی۔
***** ***** *****
پربھنی ضلع کے رَول گاؤں کے راستے کے مسئلے کا فوری حل تلاش کرنے کی ہدایت سرپرست وزیر میگھنا بورڈیکر نے دی ہے۔ وہ کل ممبئی میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کررہی تھیں۔ انھوں نے شہریوں کے مطالبات اور مقامی مسائل کو مدِنظر رکھتے ہوئے مثبت حل تلاش کرنے کی ہدایت دی ہے۔
***** ***** *****
جامع تعلیم مہم کے تحت لاتور ضلع پریشد کی جماعت ایک سے آٹھ کے طلبہ کو مفت نصابی کتابیں تقسیم کرنے کی پہل کل شروع کی گئی۔ نصابی کتابیں تقسیم کرنے والی گاڑی کو ضلع پریشد کے نائب صدر دیانند سروسے نے ہری جھنڈی دکھاکر روانہ کیا۔
***** ***** *****
ناندیڑ کے ضلع کلکٹر راہل کرڈیلے نے کسانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ روایتی طریقوں کو جدید ٹکنالوجی کے ساتھ جوڑ کر زراعت کو فروغ دینے پر توجہ دیں۔ وہ سگروڑی زرعی سائنس مرکز اور کلائیمیٹ فرینڈلی سسٹینیبل پروجیکٹ کے اشتراک سے منعقدہ ٹکنالوجی کے مظاہرے کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ اس مظاہرے کے بعد ضلع کلکٹر نے محکمہ زراعت کی قبل از خریف سیزن گاؤں مہم کا دورہ کیا۔
***** ***** *****
انڈین پریمیر لیگ (IPL) کرکٹ ٹورنامنٹ میں کل دھرم شالہ میں ہوئے مقابلے میں ممبئی انڈینس نے پنجاب کنگز کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی۔ اس ٹورنامنٹ میں آج لکھنؤ سپر جائنٹس اور چنئی سپر کنگس کے مابین مقابلہ ہوگا۔ یہ مقابلہ شام ساڑھے سات بجے شروع ہوگا۔
***** ***** *****
بھارت کی پی وی سندھو نے خواتین کے سنگلز کے کوارٹر فائنل میں اور لکشیے سین نے تھائی لینڈ اوپن بیڈ منٹن ٹورنامنٹ میں مردوں کے سنگلز کے کوارٹر فائنل میں داخلہ حاصل کرلیا ہے۔ اگلے راؤنڈ میں سندھو کا مقابلہ جاپان کی اکانے یاماگوچی سے ہوگا، جبکہ لکشیے کا مقابلہ تھائی کھلاڑی سے ہوگا۔ تاہم‘ مردوں کے سنگلز میں کدامبی شریکانت کا چیلنج ختم ہوگیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ مرکزی الیکشن کمیشن کا SIR کے نظام الاوقات کا اعلان؛ ریاست میں 30 جون سے ہوگا شروع۔
٭ مٹی اور پانی کے تحفظ کے محکمے کے نظر ثانی شدہ ڈھانچے کو کابینہ کی منظوری۔
٭ وزیرِ اعظم آواس اسکیم دیہی کے تحت پانچ لاکھ گھروں کی شروعات۔
٭ ماہرِ نفسیات ڈاکٹر آنند ناڈکرنی کا انتقال۔
٭ NEET پرچہ لیک معاملے میں لاتور سے سبکدوش پروفیسر CBI کی تحویل میں۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ میں آئندہ دو دنوں میں کئی مقامات پر بارش کی محکمہ موسمیات کی پیشگوئی۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment