Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 16 May-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۶۱/مئی ۶۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ریاست میں 12 روپئے 35 پیسے فی کلو کی نرخ سے پیاز کی خریداری: مرکزی وزیرِ زراعت کا اعلان۔
٭ طبّی نصاب میں داخلے کیلئے NEET-UG:2026 کا دوبارہ امتحان 21 جون کو۔
٭ معروف ماہرِ نفسیات اور مصنف ڈاکٹر آنند ناڈکرنی کی تھانہ میں آخری رسومات ادا۔
٭ تھائی لینڈ اوپن بیڈمنٹن چمپئن شپ میں ساتوک-چراغ کی جوڑی سیمی فائنل میں۔
اور۔۔۔٭ جنوب مغربی مانسون کی اس برس 26 مئی کو کیرالہ میں آمد متوقع۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
مرکزی وزیرِ زراعت شیوراج سنگھ چوہان نے اعلان کیا ہے کہ کسانوں کے مفادات کے پیشِ نظر ریاست میں 12 روپئے 35 پیسے فی کلو کے نرخ پر نافیڑ کے ذریعے پیاز کی خریداری شروع کررہے ہیں۔ پردھان منتری دیہی آواس یوجنا کے تحت پانچ لاکھ گھروں کی تقسیم کل ستارا ضلع میں شیوراج سنگھ چوہان کے ہاتھوں عمل میں آئی۔ اس موقع پر انھوں نے یہ اعلان کیا۔ اسی تقریب میں چھ استفادہ کنندگان کو علامتی طور پر گھروں کی کنجیاں دی گئیں۔ اپنے خطاب میں پیاز کے موضوع پر چوہان نے کہا:
Byte: Agriculture Minister Shivraj Singh Chouhan
گنّے کے کاشتکاروں کے مسائل پر آئندہ ہفتے نئی دہلی میں اجلاس طلب کرنے کا بھی انھوں نے اعلان کیا۔ وی بی جی رام جی یوجنا یکم جولائی سے نافذالعمل ہونے کی بات بھی دیہی ترقی کے وزیر چوہان نے کی۔ ریاست کی ایک کروڑ خواتین کو لکھپتی دیدی بنانے کیلئے کوششوں کا عندیہ بھی چوہان نے دیا۔ انھوں نے کہا:
Byte: Agriculture Minister Shivraj Singh Chouhan
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس‘ رابطہ وزیر شمبھو راجے دیسائی‘ تعمیرات ِ عامہ کے وزیر شیویندر راجے بھوسلے، سمیت متعدد معززین تقریب میں شریک تھے۔ گذشتہ برس پانچ لاکھ گھروں کی تعمیر مکمل ہونے پر وزیرِ اعلیٰ نے خوشی کا اظہار کیا۔ انھوں نے اعلان کیا کہ آئندہ پانچ برسوں میں ریاست تمام بے گھر افراد کو گھردے دیا جائے گا۔
اسی دوران پردھان منتری آواس یوجنا کے دیہی زمرے میں کوکن‘ ناسک اور ناگپور بالترتیب پہلے‘ دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں‘ جبکہ ریاستی آواس یوجنا میں ناگپور، امراوتی اور ناسک علی الترتیب پہلے تین نمبروں پر ہے۔ پردھان منتری آواس دیہی یوجنا کے تحت ڈویژن میں گوندیا ضلع پہلے نمبر پر‘ پال گھر دوسرے اور آکولہ تیسرے نمبر پر ہے۔ ریاستی اسپانسرڈ آواس یوجنا میں ناندیڑ پہلے، امراوتی دوسرے اور وردھا ضلع تیسرے نمبر پر ہے۔
***** ***** *****
طبّی ڈگری نصاب میں داخلے کیلئے NEET-UG:2026 امتحان آئندہ 21 جون کو دوبارہ ہوں گے۔ قومی امتحانی ادارے NTA کی جانب سے کل جاری کردہ ایک مکتوب میں یہ اطلاع دی گئی۔ طلبہ کو 14 جون کو ہال ٹکٹ جاری کیے جائیں گے۔
مرکزی وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان نے کہا ہے کہ NTA میں ٹھوس اصلاحات کی ضرورت ہے اور مستقبل میں کسی بھی طرح کی بے ضابطگی کے تدارک کیلئے امتحانی انتظامات مزید بہتر بنانے کیلئے اقدامات کیے جائیں گے۔ وہ کل نئی دہلی میں ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ وزیرِ موصوف نے کہا کہ طلبہ کو اس سے قبل ادا کی گئی فیس واپس کی جائیگی اور آئندہ برس سے NEET کے امتحان کمپیوٹر بیسڈ ہوں گے۔ اس سلسلے میں معلومات دیتے ہوئے پردھان نے کہا:
Byte: Education Minister Dharmendra Pradhan
دریں اثناء‘ NEET کے سوالیہ پرچہ افشاء ہونے کے معاملے میں سی بی آئی نے لاتور میں سبکدوش پروفیسر پی وی کلکرنی کو حراست میں لیا تھا۔ اُسے کل تفتیش کے بعد پونا میں گرفتار کرلیا گیا۔ سوالیہ پرچہ تیار کرنے والی کمیٹی کے رُکن رہے کلکرنی نے اپریل مہینے کے آخری ہفتے میں پونا میں واقع اپنی رہائش گاہ پر چند مخصوص طلبہ کی خصوصی کلاسیس لی تھیں۔ اس معاملے میں معاون ملزم منیشا واگھمارے کے ذریعے طلبہ کو جمع کرنے میں کردار ادا کرنے کی بات تفتیش کے دوران سامنے آئی ہے۔ ان خصوصی کلاسیز میں طلبہ کو سوال‘ ان کے متبادل اور درست جوابات بھی بتائے گئے۔ 3 مئی کو ہوئے حتمی امتحان کے سوالنامے میں یہ سوالات جوں کے توں موجود ہونے کی بات سی بی آئی نے کہی ہے۔
***** ***** *****
لاتور کے ایک خانگی ٹیوشن کلاسیز کے ڈائریکٹر سے کل سی بی آئی نے پوچھ تاچھ کی۔ اس ڈائریکٹر کا نام شیوراج موٹیگاؤنکر بتایا جاتا ہے۔ ہمارے نامہ نگار نے بتایا کہ سی بی اائی کی ٹیم نے اس کی رہائش گاہ اور تدریسی مرکز سے چند کاغذات بھی حاصل کیے ہیں۔
***** ***** *****
ریاستی اساتذہ اہلیتی امتحانات آئندہ 12 جون کی بجائے 28 جون کو ہوں گے۔ تبدیل شدہ ٹائم ٹیبل کے مطابق پہلا پرچہ صبح ساڑھے دس تا ایک بجے تک اور دوسرا پرچہ دوپہر ڈھائی بجے سے شام پانچ بجے تک ہوگا۔ امیدوار 16 جون سے مہا ٹی ای ٹی ڈاٹ اِن ویب سائٹ سے ہال ٹکٹ ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
شیوسینا پارٹی کا نام اور انتخابی نشان سے متعلق مقدمے کی سماعت میں تاخیر پر شیوسینا اُدّھو باڑا صاحب ٹھاکرے پارٹی کے رہنماؤں کے بیانات پر عدالت ِ عظمیٰ نے ناراضی کا اظہار کیا ہے۔ مقدمے کی سماعت کے دوران چیف جسٹس سوریہ کانت نے کہا کہ ایک جانب عدالت سے اگلی تاریخ مانگی جاتی ہے اور دوسری جانب سے ذرائع ابلاغ میں کہا جاتاہے کہ سپریم کورٹ فیصلہ نہیں دے رہی۔ انھوں نے کہا کہ یہ مناسب نہیں ہے اور اس طرح کے رویے برداشت نہیں کیے جائیں گے۔ اس مقدمے کی آئندہ سماعت 30 جولائی کو ہوگی۔
***** ***** *****
معروف ماہرِ نفسیات اور مصنف ڈاکٹر آنند ناڈکرنی کل ممبئی کے ایک اسپتال میں طویل علالت کے بعد چل بسے۔ وہ 67برس کے تھے۔ ان کی آخری رسومات تھانہ میں ادا کردی گئیں۔
***** ***** *****
مہاراشٹر کھادی گرام اُدّیوگ بورڈ کے سال 2026 کے ”مدھو متر“ اور ”مدھو سکھی“ ایوارڈ لاتور کے گیانیشور ملیلے، چھترپتی سمبھاجی نگر کے گنیش بُرکل، بلڈانہ کے راجندر داس بیراگی اور پونا کی شویتا وایاڑ کو دئیے جائیں گے۔ بورڈ کے چیئرمین رویندر ساٹھے نے ممبئی میں ایک اطلاعی کانفرنس میں یہ اعلان کیا۔ یہ ایوارڈز 20مئی کو شہد کی مکھی کے عالمی دن پر چھترپتی سمبھاجی نگر میں مجوزہ ایک تقریب میں دئیے جائیں گے۔
***** ***** *****
لاتور کے ضلع سپرنٹنڈنگ زرعی افسر راجندر کدم نے کہا ہے کہ کسانوں کو کیمیاوی کھادوں پر انحصار کم کرکے‘ فطری‘ حیاتیاتی اور نامیاتی کھادوں کو فروغ دینا چاہیے تاکہ پائیدار زراعت کو تقویت مل سکے۔ مستقبل میں کیمیاوی کھادوں کی سپلائی یقینی بنانے اور کھادوں کی تقسیم شفاف اور منصفانہ طور پر کرنے میں تعاون کے طور پر کسانوں کو ایگری اسٹیک نظام میں رجسٹریشن لازمی ہے۔
***** ***** *****
تھائی لینڈ اوپن بیڈمنٹن چمپئن شپ میں مردوں کے ڈبلز زمرے میں بھارت کے ساتوک سائی رانج‘ رینکی ریڈی اور چراغ شیٹی کی جوڑی نے سیمی فائنل میں داخلہ حاصل کرلیا ہے۔ اس جوڑی نے جاپان کے تاکومی نومورا اور متحدہ عرب امارات کے شموگامی کی جوڑی کو 21-12 اور 21-13 سے راست سیٹوں میں شکست دی۔ اسی ٹورنامنٹ میں خواتین کے سنگلز مقابلوں کے سیمی فائنل میں پی وی سندھو کو جاپانی خاتون کھلاڑی کے ہاتھوں شکست ہوئی۔ مردوں کے سنگلز کے کوارٹر فائنل میں لکشیے سین کو تھائی لینڈ کے کھلاڑی نے شکست دی۔
***** ***** *****
موسم: محکمہئ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ اس سال جنوب مغربی مانسون کیرالہ میں 26مئی کے آس پاس پہنچ سکتا ہے۔ آئندہ 24 گھنٹوں میں انڈمان اور انڈومان و نکوبار کے کچھ علاقوں میں مانسون کی پیش قدمی کیلئے سازگار ماحول بننے کا امکان ہے۔ دریں اثناء‘ ریاست میں کل اکولہ میں سب سے زیادہ درجہ حرارت 45 اعشاریہ نو ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ مراٹھواڑہ میں چھترپتی سمبھاجی نگر میں درجہ حرارت 43 اعشاریہ چار ڈگری رہا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ ریاست میں 12 روپئے 35 پیسے فی کلو کی نرخ سے پیاز کی خریداری: مرکزی وزیرِ زراعت کا اعلان۔
٭ طبّی نصاب میں داخلے کیلئے NEET-UG:2026 کا دوبارہ امتحان 21 جون کو۔
٭ معروف ماہرِ نفسیات اور مصنف ڈاکٹر آنند ناڈکرنی کی تھانہ میں آخری رسومات ادا۔
٭ تھائی لینڈ اوپن بیڈمنٹن چمپئن شپ میں ساتوک-چراغ کی جوڑی سیمی فائنل میں۔
اور۔۔۔٭ جنوب مغربی مانسون کی اس برس 26 مئی کو کیرالہ میں آمد متوقع۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment