Sunday, 24 May 2026

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 24 مئی 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 24 May 2026
Time: 09:00-09:10 AM
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۴۲/مئی ۶۲۰۲ء؁
وقت: 09.00 سے 09.10/ بجے
***** ***** *****
سرخیاں
پہلے خاص خبروں کی سرخیاں...
٭ دنیا بھارت کے ترقیاتی سفر میں حصہ لینے کی خواہشمند ہے:اُنیسویں روزگار میلے میں وزیراعظم کا اظہارِ خیال۔
٭ اپنے دفاعی ہتھیار خود تیار کرنے والے ممالک ہی حقیقی معنوں میں خود کفیل ہیں - وزیرِ دفاع راج ناتھ سنگھ کا بیان؛ شرڈی میں دفاعی اسلحہ سازی منصوبے کا افتتاح۔
٭ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں پھر ایک بار اضافہ۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر شہر کو جون کے پہلے ہفتے میں 40 ایم ایل ڈی پانی فراہم کرنے کا انتظامیہ کا تیقن۔
٭ نئی ممبئی کے پلاوا سٹی سے 21 نائجیرین شہریوں کی گرفتاری۔
اور۔۔۔ ٭ ناندیڑ شہر میں ہتھیاروں کا بڑا ذخیرہ ضبط۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ دنیا‘ بھارت کے ترقی کے سفر میں حصہ لینے کیلئے بے تاب ہے۔ وہ کل‘اُنیسویں روزگار میلے سے ورچول طریقے سے مخاطب تھے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ دنیا‘اختراعی، تخلیقی اور بڑے پیمانے پر پیداوار کرنے والے ممالک کا احترام کرتی ہے اور بھارت تینوں شعبوں میں تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔ اپنے حالیہ پانچ روزہ غیر ملکی دورے کے دوران انہوں نے دنیا بھر کی بڑی کمپنیوں کے افسران کے ساتھ بات چیت کی اور کہا کہ ہر کوئی خاص طور پر بھارت کے نوجوانوں اور تکنیکی ترقی کی طرف متوجہ ہے۔
کل روزگار میلہ ملک بھر کے 47 مقامات پر منعقد ہوا۔ اس موقع پر 51 ہزار نوجوانوں کو تقررات نامے تفویض کیے گئے۔ اس طرح گزشتہ 18 روزگار میلوں کے ذریعے اب تک تقریباً 12 لاکھ نوجوانوں کے مختلف سرکاری محکمہ جات میں تقررات کیے جا چکے ہیں۔
دریں اثناء، شاہراہ اور حمل و نقل کے مرکزی وزیر نتن گڈکری نے نو تقرر شدہ نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ انہیں دی گئی ذمہ داری کو احسن طریقے سے پورا کریں۔ گڈکری کل‘ ناگپور میں روزگار میلے سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقعے پر 308 افراد کو تقررات نامے دیے گئے۔
***** ***** *****
وزیر ِدفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ جو ممالک اپنے ہتھیار خود تیار کرتے ہیں وہی حقیقی معنوں میں خود کفیل ہوتے ہیں۔ سنگھ کے ہاتھوں کل اہلیا نگر ضلعے کے شرڈی کے قریب واقع ساولی وِہیر میں قائم دفاعی اسلحہ سازی منصوبے کا افتتاح عمل میں آیا۔ اس موقعے پر وہ مخاطب تھے۔ انھوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ اس سے قبل بھارت دنیا کا سب سے بڑا ہتھیار درآمد کرنے والا ملک تھا لیکن آئندہ پچیس تا تیس سالوں میں ہتھیاروں کی برآمدات کرنے والا ملک بن جائے گا۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ جدید ٹیکنالوجی پر مبنی یہ منصوبہ ملک کے حفاظتی نظام کو مزید مستحکم کرے گا اور روزگار کے مواقع کو بھی فروغ دے گا۔ انھوں نے کہا:
Byte: Defence Minister Rajnath Singh
اس دفاعی آلات سازی منصوبے میں میزائل، گولہ بارود پارک، ڈرون ٹیکنالوجی اور جدید ترین دفاعی آلات تیار کیے جائیں گے۔ اس موقعے پر دفاعی شعبے کے سربراہ جنرل انیل چوہان، وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس، وزیرِ صنعت ادئے سامنت اور رابطہ وزیر رادھا کرشن وکھے پاٹل موجود تھے۔
اس دن کو ملک کیلئے تاریخی دن قرار دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے ریاست کے پونے، ناسک، اہلیا نگر اور ناگپور میں تحفظاتی کوریڈور تیار کیے جانے کی اطلاع دی۔
اس سے قبل راج ناتھ سنگھ نے شرڈی میں شری سائی بابا کی سمادھی کے درشن بھی کیے۔
***** ***** *****
عوامی شعبے کی آئل کمپنیوں نے کل ایک بار پھر پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کیا۔ اس کے نتیجے میں پیٹرول 87 پیسے فی لیٹر اور ڈیزل 91 پیسے فی لیٹر مہنگا ہو گیا ہے۔ قیمتوں میں اس اضافے کے بعد ممبئی میں پیٹرول کی قیمت 108 روپے 49 پیسے فی لیٹر، جبکہ ڈیزل کی قیمت 95 روپئے دو پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
مغربی ایشیا میں جاری سیاسی بحران کے بعد سے ایندھن کی رسد میں مسائل کے سبب عالمی سطح پر ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں گزشتہ 10 دنوں میں ایندھن کی قیمتوں میں تیسری بار اضافہ کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
اسی دوران‘انڈین آئل کمپنی نے یقین دلایا ہے کہ ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کی کوئی کمی نہیں ہے۔ کمپنی کے مطابق‘ مقامی سطح پر طلب اور رسد میں عدم توازن اور فروخت کے طریقہئ کار کی وجہ سے یہ صورتحال پیدا ہوئی ہے۔ صحافتی بیان میں کہا گیا ہے کہ رواں ماہ کی ایک سے 22 تاریخ تک پیٹرول کی فروخت میں 14 فیصد اور ڈیزل کی فروخت میں 18 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جا رہی ہیں
***** ***** *****
وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ کسانوں کو ڈیزل کی آسانی سے فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ضلع کلکٹرس اور ڈویژنل کمشنرس کو ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ دیہی علاقوں میں ایندھن آسانی سے دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے یہ ہدایات دی گئیں۔
***** ***** *****
ریاستی وزیرِ صحت پرکاش آبِٹکر نے کہا ہے کہ مرضِ سرطان کے خلاف لڑائی میں سرکاری مشنری کے ساتھ خانگی کینسر اسپتالوں، ماہرینِ سرطان اور رفاہی اداروں کی شرکت انتہائی اہم ہے۔ وہ کل ممبئی میں طبّی خدمات کمشنریٹ میں منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے بتایا کہ کینسر کی جانچ کیلئے ریاست کے آٹھ حلقوں میں سے ہر حلقے میں ایک کینسر تشخیصی وین استعمال کی جا رہی ہے اور اب تک تین کروڑ سے زیادہ شہریوں کی اسکریننگ کی جا چکی ہے۔ آبٹکر نے مزید بتایا کہ کینسر کے مریضوں کے علاج کیلئے ریاست میں 27 مقامات پر ڈے کیئر یونٹس شروع کیے جا رہے ہیں۔
***** ***** *****
پاکستان کے صوبہئ سندھ میں کل‘ سندھی سماج کے سنت سائی سادھ رام کے جسد ِ خاکی پر آخری رسومات ادا کر دی گئیں۔ جلگاؤں میں واقع سنت بابا ہرداس رام سماج مندر میں اس تقریب کا براہ راست نشریہ کیا گیا۔ اس موقعے پر سندھی پیروکاروں کی ایک بڑی تعداد نے سنت سائی سادھ رام کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
***** ***** *****
مہاراشٹر جیون پرادھیکرن کی چیف انجینئر منیشا پلانڈے نے کہا ہے کہ چھترپتی سمبھاجی نگر شہر کو جون کے پہلے ہفتے میں 40 ایم ایل ڈی تک پانی فراہم کیا جائے گا۔ وہ کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں صحیفہ نگاروں سے مخاطب تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ مہاراشٹر جیون پرادھیکرن دو ہزار 740 کروڑ روپئے کے صرفے والے نئے آبرسانی منصوبے کے ذریعے شہر کو اضافی پانی فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پانی کی اضافی فراہمی کیلئے آبرسانی لائن کا معائنہ کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
تھانے اور نئی ممبئی پولس نے ایک مشترکہ کارروائی کے دوران پلاوا سٹی علاقے سے 21 نائجیرین شہریوں کو گرفتار کرلیا۔ ان میں سے دو شہری عادی مجرمین ہیں۔ گرفتار شدہ نائجیرین شہریوں پر کروڑوں روپے کی منشیات کی اسمگلنگ کرنے کے سنگین الزامات ہیں۔ پولس گزشتہ کئی دنوں سے متعدد جرائم کے سلسلے میں ان کی تلاش میں مصروف تھی۔
***** ***** *****
مرکزی ثانوی تعلیمی بورڈ نے بارہویں جماعت کے طلباء کو جوابی بیاضوں کی نقل فراہم کرنے کی آخری تاریخ میں آج تک توسیع کی ہے۔ یہ مہلت کل ختم ہونے والی تھی۔ گزشتہ کچھ دنوں سے CBSE کی ویب سائٹ پر مختلف مسائل کی وجہ سے طلبہ کو درپیش مشکلات کے پیشِ نظر یہ فیصلہ لیا گیا ہے۔
***** ***** *****
ناندیڑ کے مقامی کرائم برانچ دستے نے شہر کے دینا بینک علاقے میں واقع ایک دکان سے 14 لاکھ چارہزار روپئے مالیت کے 703 تیز دھار ہتھیار ضبط کیے ہیں۔ اس سے پہلے 7 مئی کو پولس نے ناندیڑ شہر سے چار ہزار سے زیادہ ہتھیار ضبط کیے تھے۔ اس معاملے میں دکان کے مالک رنجیت سنگھ رام سنگھ سردار کے خلاف وزیر آباد پولس اسٹیشن میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
***** ***** *****
جالنہ ضلعے کے گھن ساونگی تعلقے میں کل تیز ہواؤں کے ساتھ طوفانی بارش اور ژالہ باری ہوئی۔ اس بے موسمی بارش سے شہریوں میں افراتفری پھیل گئی۔ زوردار ہواؤں کے باعث بعض مقامات پر درخت گرنے کے واقعات بھی پیش آئے۔ تقریباً 30 سے پینتالیس منٹ تک جاری رہنے والی اس موسلا دھار بارش سے علاقے کی ندی نالوں میں پانی بھر طغیانی دیکھی گئی۔
***** ***** *****
دریں اثناء، ریاست میں سب سے زیادہ درجہ حرارت کل چندر پور ضلعے کے برہما پوری میں 47 اعشاریہ دو ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ مراٹھواڑہ کے پربھنی میں 41 اعشاریہ تین ڈگری سیلسیس، چھترپتی سمبھاجی نگر میں 41 اعشاریہ چار ڈگری سیلسیس، بیڑ میں 40 اعشاریہ پانچ ڈگری سیلسیس اور دھاراشیو میں 38 اعشاریہ چھ ڈگری سیلسیس درجہ حرارت درج ہوا۔
اسی دوران‘ ودربھ کے، آکولہ، امراوتی اور وردھا اضلاع کیلئے آئندہ دو دنوں کیلئے گرمی کا ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے، جبکہ ناگپور، ایوت محل اور چندر پور اضلاع کیلئے آرینج الرٹ اور بھنڈارا، گڈچرولی اور گوندیا اضلاع کیلئے گرمی کا یلو الرٹ دیا گیا ہے۔
***** ***** *****
سرخیاں
آخرمیں خاص خبریں ایک مرتبہ پھر سن لیجیے...
٭ دنیا بھارت کے ترقیاتی سفر میں حصہ لینے کی خواہشمند ہے:اُنیسویں روزگار میلے میں وزیراعظم کا اظہارِ خیال۔
٭ اپنے دفاعی ہتھیار خود تیار کرنے والے ممالک ہی حقیقی معنوں میں خود کفیل ہیں - وزیرِ دفاع راج ناتھ سنگھ کا بیان؛ شرڈی میں دفاعی اسلحہ سازی منصوبے کا افتتاح۔
٭ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں پھر ایک بار اضافہ۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر شہر کو جون کے پہلے ہفتے میں 40 ایم ایل ڈی پانی فراہم کرنے کا انتظامیہ کا تیقن۔
٭ نئی ممبئی کے پلاوا سٹی سے 21 نائجیرین شہریوں کی گرفتاری۔
اور۔۔۔ ٭ ناندیڑ شہر میں ہتھیاروں کا بڑا ذخیرہ ضبط۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment