Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 31 May 2026
Time: 09:00-09:10 AM
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۱۳/مئی ۶۲۰۲ء
وقت: 09.00 سے 09.10/ بجے
***** ***** *****
سرخیاں
پہلے خاص خبروں کی سرخیاں...
٭ مراٹھا ریزرویشن پر حکومت کا مؤقف مثبت اور شفاف ہے: وزیرِ اعلیٰ کی وضاحت۔
٭ حکومت سے ہوئی مثبت بات چیت کے بعد منوج جرانگے پاٹل کی بھوک ہڑتال منسوخ۔
٭ کپاس پر کسٹم ڈیوٹی مزید پانچ مہینوں کیلئے کی گئی معاف۔
٭ وزیرِ اعظم نریندرمودی آج ”من کی بات“ پروگرام کے ذریعے ہم وطنوں سے کریں گے خطاب۔
٭ ساتو ِک اور چراغ کی بھارتی جوڑی‘ سنگاپور اوپن بیڈمنٹن میں مردوں کے ڈبلز کے فائنل میں داخل۔
اور۔۔۔ ٭ IPL کرکٹ کا فائنل مقابلہ گجرات ٹائٹنس اور رائل چیلنجرس بنگلورو کے درمیان آج۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ مراٹھا ریزرویشن پر حکومت کا مؤقف مثبت اور شفاف ہے۔ وزیرِاعلیٰ کل ناگپور میں صحافیوں سے بات کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ مراٹھا ریزرویشن سے متعلق تمام فیصلے دستور اور عدالتی احکامات کے مطابق لیے جائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ او بی سی سماج یا کسی بھی دوسرے سماج کے ریزرویشن کو ہاتھ لگائے بغیر مراٹھا ریزرویشن کیلئے آئین کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ ایک طبقے کا ریزرویشن چھین کر دوسرے سماج کو دینے کا کام یہ حکومت نہیں کرے گی۔ انھوں نے تیقن دیا کہ او بی سی طبقے کے ساتھ کوئی ناانصافی نہیں ہونے دی جائیگی۔
***** ***** *****
اسی دوران اطلاعات ہیں کہ منوج جرانگے پاٹل نے مراٹھا ریزرویشن کی خاطر انتروالی سراٹی میں کل سے بھوک ہڑتال شروع کی تھی‘ تاہم آدھی رات کو یہ ہڑتال واپس لے لی گئی۔ سرکاری وفد سے مثبت بات چیت کے بعد جرانگے پاٹل نے ریاستی وزیر رادھا کرشن وکھے پاٹل اور رُکنِ اسمبلی ستیج پاٹل کے ہاتھوں پانی پی کر بھوک ہڑتال ختم کردی۔
انتباہ دئیے جانے کے باوجود‘ جرانگے پاٹل نے کل سڑک کے کنارے‘ چلچلاتی دھوپ میں پلنگ بچھاکر بھوک ہڑتال شروع کردی تھی۔ انھوں نے مراٹھا- کُنبی وزارت شروع کرنے‘ ستارا فاؤنڈیشن کا سرکُلر جاری کرنے‘ گیزٹیئر کے مطابق درخواست دہندہ کو ذات اور ویلیڈیٹی کا صداقت نامہ دینے جیسے مطالبات کیے ہیں۔
ریاستی وزیر رادھا کرشن وِکھے پاٹل کی سربراہی میں حکومت کے وفد نے مطالبات سے متعلق مسودہ پیش کیا اور آئندہ منگل تک سرکاری حکمنامہ جاری کرنے کا وعدہ کیا۔ جس کے بعد جرانگے پاٹل نے ہڑتال واپس لینے کا اعلان کیا۔ اسی بیچ مراٹھا شہریان نے جرانگے پاٹل کی بھوک ہڑتال کی حمایت میں ممبئی- ناگپور سمردھی شاہراہ پر جالنہ حدودکے ناوھا علاقے میں راستہ روکو آندولن کیا۔ چند نوجوانوں نے بیڑ کلکٹر دفتر کے روبرو تیز دھوپ میں نیم برہنہ ہوکر بھوک ہڑتال کی حمایت کی۔ وہیں لاتور ضلع کے ریناپور تعلقے کے پڑشی میں مظاہرین نے راستہ روکو آندولن کیا۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت نے آئندہ پانچ مہینوں کیلئے کپاس کی درآمد پر ہر طرح کا ٹیکس معاف کردیا ہے۔ مرکزی وزارتِ خزانہ نے ایک نوٹیفکیشن میں کہا ہے کہ اس معافی کا اطلاق یکم جون تا 30 اکتوبر کے درمیان ہوگا۔ وزارت نے بتایا کہ یہ قدم اس بات کو یقینی بنانے کیلئے اٹھایا گیا ہے کہ ملک کی کپڑا سازی صنعت بالخصوص مائیکرو‘ چھوٹے اور درمیانی درجے کے کاروباری شعبے کو مناسب قیمت پر خام مال مل سکے۔
***** ***** *****
چیف آف ڈیفنس اسٹاف‘ جنرل انل چوہان 40 برس سے زائد عرصے تک خدمات انجام دینے کے بعد کل سبکدوش ہوگئے۔ ان کی جگہ لیفٹیننٹ جنرل این. ایس. راجا سبرامنی نئے چیف آف ڈیفنس اسٹاف ہوں گے۔
***** ***** *****
برّی فوج کے سربراہ جنرل اُپیندر دِویدی نے کہا ہے کہ آپریشن سندور کے دوسرے مرحلے سمیت مسلح افواج کسی بھی فوجی مہم کیلئے تیار ہے۔ وہ کل پونے میں نیشنل ڈیفنس اکیڈمی (NDA)کی 130 ویں بیچ کی کانوکیشن پریڈ کے موقع پر خطاب کررہے تھے۔ اس بیچ میں 18 خواتین اور‘ دوست ممالک کے 24 کیڈیٹس سمیت کُل 353 کیڈیٹس پاس آؤٹ ہوئے ہیں۔ جنرل دِویدی نے اپنے خطاب میں کہا کہ گریجویٹ ہونے والے کیڈیٹس کو تیزی سے بدلتے دفاعی ماحول میں مسلسل سیکھنے کی ضرورت ہے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم نریندر مودی آج صبح گیارہ بجے آکاشوانی کے پروگرام ”من کی بات“ کے ذریعے ہم وطنوں سے خطاب کریں گے۔ اس سلسلے کی یہ 134 ویں قسط ہوگی۔ یہ پروگرام آکاشوانی‘ دوردرشن‘ AIR نیوز ویب سائٹ اور News Air موبائل ایپ پر براہِ راست نشر کیا جائے گا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جا رہی ہیں۔
***** ***** *****
مرکزی یونیورسٹیوں کے ڈگری کورسیز میں داخلے کے اہلیتی امتحان CUET-UG کے دوران طلبہ کو تکنیکی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ جس کے سبب نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (NTA) نے تین ہزار 765 طلبہ کو دوبارہ امتحان دینے کا موقع فراہم کیا ہے۔ یہ طلبہ امتحانی مرکز پر بائیو میٹرک تصدیق کے دوران تکنیکی خرابی کے سبب امتحان میں شریک نہیں ہوسکے تھے۔ ایجنسی نے بتایا کہ اس امتحان کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
***** ***** *****
ریاستی حکومت نے گیارہویں جماعت میں داخلے کیلئے دسویں جماعت کی اصل مارک شیٹ اور داخلہ سرٹیفکیٹ (TC) جمع کرانے کی شرائط میں عارضی طور پر نرمی کی ہے۔ جن طلبہ کو یہ دستاویزات اب تک موصول نہیں ہوئے ہیں انھیں ملتے ہی یہ دستاویزات جمع کرانے کا حلف نامہ داخل کرنا ہوگا۔ حکومت نے یہ بھی وضاحت کی ہے کہ مقررہ مدت میں یہ کاغذات جمع نہ کرانے والے طلبہ کا داخلہ منسوخ ہوسکتا ہے۔
***** ***** *****
راشٹروادی کانگریس پارٹی شرد چندر پوار گروپ کے سابق رکنِ اسمبلی پراجکت تنپورے نے کل بھارتیہ جنتا پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔ اس موقع پر ممبئی بی جے پی کے ریاستی دفتر میں منعقدہ تقریب میں ریاستی صدر رویندر چوہان اور سابق رکنِ پارلیمان سجئے وِکھے پاٹل موجود تھے۔
***** ***** *****
ملاوٹ شدہ شراب کے معاملے میں پونے اور پمپری چنچوڑ پولس محکمے کے 9 ملازمین اور ریاستی محکمہ ایکسائز کے 13ملازمین کو معطل کردیا گیا ہے۔ اس معاملے میں اب تک 10 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ معاملے کی جانچ سی آئی ڈی کو سونپی گئی ہے۔ اس معاملے میں کل ممبئی کے بھیونڈی میں ریکس انٹرنیشنل نامی کمپنی پر چھاپہ مارا گیا، جہاں سے پانچ ہزار 929 کلو میتھینال کا ذخیرہ ضبط کیا گیا۔ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ پونے شراب ملاوٹ معاملے میں اسی کمپنی نے میتھینال فراہم کیا تھا۔ زہریلی شراب کے hس معاملے میں مرنے والوں کی تعداد 21 ہوگئی ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر کی نئی آبرسانی اسکیم میں پانی کے گدلے پن کو کم ترین سطح پر لانے کیلئے انتظامیہ کو کامیابی ملی ہے۔ ابتدائی طور پر گدلا پن NTU-200 سے زیادہ تھا جب اب NTU-15 سے بھی کم ہوگیا ہے۔ پانی کے حتمی تجزیے آئندہ دو تین دنو ں میں کرائے جائیں گے۔ مہاراشٹر جیون اتھاریٹی کی چیف انجینئر منیشا پلانڈے نے کہا ہے کہ اس کے بعد جلد ہی شہر کو اضافی پانی کی فراہمی شروع کردی جائیگی۔
***** ***** *****
ضلع کلکٹر ڈاکٹر بھارت باسٹیواڑ نے کہا ہے کہ لاتور ضلع میں پیٹرول اور ڈیزل کی بلاتعطل فراہمی جاری ہے۔ انھوں نے غیر ضروری طور پر ایندھن نہ خریدنے اور ذخیرہ نہ کرنے کی اپیل کی ہے۔ وہ کل ضلع پیٹرول پمپ اسوسی ایشن کے عہدیداران اور پیٹرولیم کمپنی کے نمائندوں کے ساتھ منعقدہ جائزاتی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ پیٹرولیم کمپنیوں نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ضلع میں کہیں بھی پیٹرول اور ڈیزل کی کمی نہیں ہونے دی جائیگی۔ ضلع کلکٹر نے شہریان سے افواہوں پر دھیان نہ دینے کی اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر پولس نے کل جانوروں کی اسمگلنگ میں ملوث ایک گروہ کے خلاف مکوکا قانون کے تحت کارروائی کی ہے۔ اس کارروائی کے دوران مرکزی ملزم زبیر شفیق قریشی سمیت 14 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے اور 131 گائے بیل آزاد کرائے گئے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پولس کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ شہر میں بقرعید کے موقع پر ذبح کیلئے بڑی تعداد میں گائے بیل لائے گئے ہیں۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین انیل مکرئیے نے شہر میں نالے صفائی کے کام میں کی جارہی سست رفتاری پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ وہ کل‘ نالہ صفائی کے کام کا معائنہ کررہے تھے۔ کئی مقامات پر دیکھا گیا ہے کہ نالیوں کی صفائی کے بعد گندگی وہیں کنارے پر رکھی گئی ہے۔ مکریئے نے فوری طور پر اسے اٹھانے کی ہدایت دی ہے۔
***** ***** *****
ساتوک سائی راج رینکی ریڈی اور چراغ شیٹی کی بھارتی جوڑی‘ سنگاپور اوپن بیڈمنٹن مقابلوں کے مردوں کے ڈبلز کے فائنل میں پہنچ گئی ہے۔ کل کھیلے گئے سیمی فائنل میچ میں بھارتی جوڑی نے جنوبی کوریا کی جوڑی کو مسلسل دو سیٹ میں 19-21 اور 18-21 سے شکست دے دی۔ اسی ٹورنامنٹ کے مکس ڈبلز کے سیمی فائنل میں بھارتی جوڑی دُھرو کپیلا تنیشا کراسٹو کا چیلنج ختم ہوگیا ہے۔
***** ***** *****
انڈین پریمیر لیگ (IPL) کرکٹ ٹورنامنٹ کا فائنل مقابلہ آج گجرات ٹائٹنس اور رائل چیلنجرس بنگلورو کے درمیان کھیلا جائے گا۔ یہ میچ احمدآباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں شام ساڑھے سات بجے شروع ہوگا۔
***** ***** *****
سرخیاں
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر....
٭ مراٹھا ریزرویشن پر حکومت کا مؤقف مثبت اور شفاف ہے: وزیرِ اعلیٰ کی وضاحت۔
٭ حکومت سے ہوئی مثبت بات چیت کے بعد منوج جرانگے پاٹل کی بھوک ہڑتال منسوخ۔
٭ کپاس پر کسٹم ڈیوٹی مزید پانچ مہینوں کیلئے کی گئی معاف۔
٭ وزیرِ اعظم نریندرمودی آج ”من کی بات“ پروگرام کے ذریعے ہم وطنوں سے کریں گے خطاب۔
٭ ساتو ِک اور چراغ کی بھارتی جوڑی‘ سنگاپور اوپن بیڈمنٹن میں مردوں کے ڈبلز کے فائنل میں داخل۔
اور۔۔۔ ٭ IPL کرکٹ کا فائنل مقابلہ گجرات ٹائٹنس اور رائل چیلنجرس بنگلورو کے درمیان۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment