Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 03 May-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۳/مئی ۶۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ بارہویں جماعت کے نتائج کا اعلان؛ ریاست کے 89 فیصد امیدوار کامیاب۔
٭ مراٹھواڑہ میں چھترپتی سمبھاجی نگر سرِفہرست؛ لاتورکا نتیجہ سب سے کم 84 فیصد۔
٭ اُمید مال کی سہولت تعلقہ سطح تک پہنچانے کا وزیرِ اعلیٰ کا تیقن۔
٭ مشہور نغمہ نگار پرسُون جوشی کو پرسار بھارتی کا چیئرمین کیا گیا مقرر۔
٭ سابق رکنِ اسمبلی سریش جیتھلیا کی آخری رسومات ادا۔
اور۔۔۔٭ امراوتی میں دو کروڑ تین لاکھ روپئے کی منشیات ضبط۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
ریاستی تعلیمی بورڈ کے ذریعے منعقدہ بارہویں جماعت کے امتحان کے نتائج کا کل آن لائن اعلان کیا گیا۔ ریاستی تعلیمی بورڈ کے چیئرمین تریگن کلکرنی نے بتایا کہ اس سال امتحان میں شامل ہونے والے کُل طلبہ میں سے 89 اعشاریہ 71 فیصد طلبہ کامیاب ہوئے ہیں۔ اس مرتبہ بھی کامیاب ہونے والوں میں لڑکیوں کا تناسب زیادہ ہے۔
کوکن ڈویژن میں سب سے زیادہ 94 اعشاریہ 94 فیصد رہا، جبکہ پونے ڈویژن 91 اعشاریہ 25 فیصد کے ساتھ دوسرے مقام پر رہا۔ ممبئی 90 اعشاریہ 08 فیصد‘ ناسک 90 اعشاریہ 72 فیصد‘ چھترپتی سمبھاجی نگر ڈویژن کا نتیجہ 88 اعشاریہ 68 فیصد جبکہ لاتور کا سب سے کم 84 اعشاریہ 14 فیصد نتیجہ رہا۔
مراٹھواڑہ میں چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے کا نتیجہ سب سے زیادہ 90.82 فیصد رہا‘ لاتور ضلع کا نتیجہ 89.82 فیصد‘ جالنہ 86.17 فیصد‘ ناندیڑ 77.70‘ بیڑ 90.14‘ پربھنی 87.69 فیصد‘ ہنگولی 88.68‘ جبکہ دھاراشیو ضلع کے 88.59 فیصد طلبہ کامیاب ہوئے ہیں۔ ناندیڑ ضلع کا نتیجہ گذشتہ سال کے مقابلے 15 فیصد کم ہوا ہے۔
***** ***** *****
اسکولی تعلیم کے وزیر دادا بھسے نے امتحان میں کامیاب ہونے والے طلبہ‘ ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد دی ہے اور طلبہ سے اپیل کی کہ وہ اپنی دلچسپیوں اور رجحانات پر غور کریں اور آگے بڑھیں۔ انھوں نے متوقع کامیابی حاصل نہ کرنے والے طلبہ سے بھی اپیل کی کہ وہ حوصلہ نہ ہاریں بلکہ نئی اُمید کے ساتھ دوبارہ پڑھائی شروع کریں اور کامیابی حاصل کریں۔ نتائج کے بعد کیلئے مفت مشاورت کی خدمات دستیاب ہیں۔ طلبہ آج 3 مئی سے 17 مئی تک نمبرات کی تصدیق کیلئے درخواست دے سکتے ہیں۔ بورڈ نے ایک بیان میں کہا کہ ضمنی امتحانات یا گریڈ اصلاحی امتحان کے نظام الاوقات کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے اُمید مال نظام جو خواتین کے خود مدد گروپوں کی پیداوار کیلئے شروع کیا گیا تھا کو تعلقہ سطح تک بڑھانے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔ ریاست کے دیہی ترقی محکمے کی جانب سے منعقدہ مہالکشمی سیل و نمائش 2026 مہم کاا افتتاح کل ممبئی کے باندرہ کُرلا کمپلیکس میں وزیرِ اعلیٰ کے ہاتھوں ہوا‘ اس موقع پر وہ مخاطب تھے۔ انھوں نے کہا کہ فی الحال 20 اضلاع میں امید مال کا کام جاری ہے اور یہ کام جلد ہی باقی 16 اضلاع میں بھی شروع کردیا جائے گا۔
مہالکشمی سرس اقدام کے تحت فراہم کردہ اُمید آن لائن مارکیٹ مقام پر ایک ہزار سے زائد معیاری اشیاء فروخت کیلئے دستیاب ہیں۔ وزیرِ اعلیٰ نے شہریوں سے مصنوعات خریدنے کی اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
وزیرِ محصول چندر شیکھر باونکولے نے لوگوں سے تاریخی ڈیجیٹل مردم شماری میں حصہ لینے کی اپیل کی ہے۔ وہ کل ناگپور میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ ریاست کے نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کیلئے مختلف کمپنیوں کے ساتھ 17 لاکھ کروڑ روپئے کے معاہدوں پر دستخط کیے گئے ہیں۔
دریں اثناء‘ اسمبلی اسپیکر راہل نارویکر اور مرکزی وزیر برائے سماجی انصاف رام داس آٹھولے نے کل خود گنتی مہم میں اپنی تفصیلات درج کیں۔ اس مہم کیلئے شہری se.census.gov.in اس پورٹل پر 33 سوالات کے جوابات دے سکتے ہیں۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت نے ہنگامی حالات میں شہریوں کو حفاظتی اور انتباہی پیغامات فوری طور پر پہنچنے کیلئے سیل براڈ کاسٹ سہولت شروع کی ہے۔ اس کے ایک حصے کے طور پر ملک بھر کے بہت سے شہریوں کو ان کے موبائل فون پر انگریزی اور مقامی زبانوں میں بیک وقت ہنگامی الرٹ پیغامات بھیجے گئے۔ مرکزی وزیرِ مواصلات جیوترادتیہ سندھیا نے بتایا کہ یہ سہولت دیسی ٹکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ٹیلی مواصلات کے محکمے نے تیارکی ہے۔ یہ پیغام عملی امتحان ہے اور انھوں نے شہریوں سے نہ گھبرانے کی اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
مشہور نغمہ نگار پرسون جوشی کو پرسار بھارتی کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے۔ یہ اطلاع وزارتِ اطلاعات و نشریات نے دی ہے۔ مرکزی وزیر اشونی ویشنو نے جوشی کو ان کی تقرری پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کے الفاظ میں زمین کی خوشبو ہے اور ان کا نقطہئ نظر ملک کے لازوال جوہر کی عکاسی کرتا ہے۔
دریں اثناء‘ جوشی اس سے قبل سینٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفکیشن ممبئی کے چیئرمین رہ چکے ہیں۔
***** ***** *****
پرتور- منٹھا اسمبلی حلقے کے سابق رکنِ اسمبلی سریش کمار جیتھلیا کی آخری رسومات کل پرتور کے وٹھل جیننگ علاقے میں ادا کی گئی۔69 سالہ جیتھلیا کا پرسوں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہوگیا تھا۔ رکنِ پارلیمان کلیان کاڑے‘ رکنِ اسمبلی ارکن کھوتکر، ببن راؤ لونیکر، راجیش وٹیکر‘ حکمت اُڈھان اور کئی دیگر عوامی نمائندوں کے ساتھ کارکنوں اور شہریوں نے جیتھلیا کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
***** ***** *****
پونے ضلعے کی سیشن عدالت نے پونے ضلع کے بھور تعلقے کے نسراپور میں ایک نابالغ لڑکی کی عصمت دری اور قتل کیس کے ملزم کو 7 مئی تک پولس کسٹڈی میں بھیج دیا ہے۔ یہ معاملہ پرسوں سامنے آیا تھا۔ کل عدالت میں سماعت ہوئی تھی۔
دریں اثناء‘ نائب وزیرِ اعلیٰ سُنیترا پوار نے مطالبہ کیا ہے کہ مقدمہ فاسٹ ٹریک عدالت میں چلایا جائے۔ انھوں نے بتایا کہ ملزم ماضی میں بھی کچھ جرائم کا ارتکاب کرچکا ہے۔
***** ***** *****
اہلیادیوی ہولکر کے صد سالہ یومِ پیدائش کے موقع پر مہاراشٹر حکومت کے آبی وسائل محکمے کی جانب سے ”گودا سے نرمدا“ سفر کا اہتمام کیا گیا ہے۔ ترمبکیشور سے مہیشور تک کے سفر کے دوران جل یاترا ایلورہ پہنچی۔ اس موقع پر سابق وزیرِ مملکت برائے زراعت سدابھاؤ کھوت‘ راجیہ سبھا کے رکن رام راؤ وڑکوتے و دیگر موجود تھے۔
***** ***** *****
وزیر پرتاپ سرنائیک نے دھاراشیو ضلعے میں کسانوں کو زرعی اسکیمات کے بارے میں معلومات پہنچا کر AIکے ذریعے استفادہ کنندگان کی تعداد بڑھانے کی ہدایات دی ہیں۔ وہ کل ضلع منصوبہ بندی کمیٹی ہال میں قبل از خریف سیزن کے جائزاتی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اس میٹنگ میں انھوں نے متعلقہ عہدیداران کو ہدایت دی ہے کہ وہ زرعی منصوبہ بندی، بیج، کھاد ذخیرہ کرنے اور درخت لگانے پر توجہ دیں۔
***** ***** *****
امراوتی میں پولس نے دو کروڑ تین لاکھ 75 ہزار روپے مالیت کی نشہ آور اشیاء ضبط کرلیں۔ منشیات فروخت کیے جانے کی اطلاع ملنے کے بعد پولس نے کل مہاراشٹر اینوائیرو پاور لمیٹڈ میں کارروائی کرتے ہوئے 368 کلو گرام گانجہ، ڈیڑھ کلو چرس اور ڈیڑھ کلو میفیڈرین ضبط کرلی۔ مہاراشٹر آلودگی کنٹرول بورڈ سے ضروری اجازت حاصل کرنے کے بعد، ضبط شدہ سامان کو ناگپور کے بُوٹی بوری ایم آئی ڈی سی میں ایک انسینیٹر کی مدد سے ناکارہ کیا جائے گا۔
***** ***** *****
پربھنی کی ایجوکیشن اوراسپورٹس کمیٹی کے تحت ضلع پریشد اسکولوں میں تعلیمی معیار اور طلبہ کی تعداد میں اضافہ کرنے کیلئے مختلف موضوعات کی منصوبہ بندی کی گئی۔ ضلع تعلیمی و کھیل کمیٹی کی صدر ویشالی جادھو کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں تعلیمی معیار اور طلبہ کی تعداد میں اضافہ، آئندہ تعلیمی سال میں نصابی کتب کی تقسیم، یونیفارم کی تقسیم، اسکول کے پہلے دن اسکول میں حاضری، ضروری بنیادی سہولیات وغیرہ مسائل کو حل کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی۔
***** ***** *****
پربھنی کے نئے پولس سپرنٹنڈنٹ پنکج کماوت نے کل اپنے عہدے کا جائزہ حاصل کر لیا۔ رخصت پذیر پولس سپرنٹنڈنٹ رویندر سنگھ پردیشی اور ایڈیشنل پولس سپرنٹنڈنٹ سورج گنجال کو کل پولس انتظامیہ کی جانب سے وداعیہ دیا گیا۔ رویندر سنگھ پردیشی کو ممبئی میں خفیہ محکمے کا ڈپٹی کمشنر مقرر کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
انڈین پریمیر لیگ – آئی پی ایل کرکٹ ٹورنامنٹ میں، چنئی سپر کنگز نے ممبئی انڈینس کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی۔
اس ٹورنامنٹ میں آج سن رائزرس حیدرآباد اور کولکاتہ نائٹ رائیڈرس کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی جبکہ دوسرا میچ گجرات ٹائٹنس اور پنجاب کنگس کے درمیان کھیلا جائے گا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ بارہویں جماعت کے نتائج کا اعلان؛ ریاست کے 89 فیصد امیدوار کامیاب۔
٭ مراٹھواڑہ میں چھترپتی سمبھاجی نگر سرِفہرست؛ لاتورکا نتیجہ سب سے کم 84 فیصد۔
٭ اُمید مال کی سہولت تعلقہ سطح تک پہنچانے کا وزیرِ اعلیٰ کا تیقن۔
٭ مشہور نغمہ نگار پرسُون جوشی کو پرسار بھارتی کا چیئرمین کیا گیا مقرر۔
٭ سابق رکنِ اسمبلی سریش جیتھلیا کی آخری رسومات ادا۔
اور۔۔۔٭ امراوتی میں دو کروڑ تین لاکھ روپئے کی منشیات ضبط۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment