Friday, 5 June 2026

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 05 جون 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 05 June 2026
Time: 09:00-09:10 AM
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۵/ جون ۶۲۰۲ء؁
وقت: 09.00 سے 09.10/ بجے
***** ***** *****
سرخیاں
پہلے خاص خبروں کی سرخیاں...
٭ یوگا‘ بھارت کی جانب سے انسانیت کو دیا گیا انمول تحفہ ہے: وزیرِ اعظم کا اظہارِ خیال؛ احمدآباد میں عالمی یوگا اسپورٹس چمپئن شپ کا آغاز۔
٭ قانون ساز کاؤنسل انتخابات میں اکثر امیدواروں نے لی درخواستیں واپس؛ اورنگ آباد- جالنہ حلقے میں سہاس شرساٹھ اور گنیش لوکھنڈے کے درمیان مقابلہ۔
٭ پیٹرول کے بجائے ایتھینال کے استعمال میں اضافے سے فضائی آلودگی پر قابو پایا جائے گا: مرکزی وزیر نتن گڈکری کا اظہارِ اعتماد۔
اور۔۔۔ ٭ جنوب مغربی مانسون کیرلم پہنچ گیا؛ ریاست کے چاروں ڈویژنس میں آئندہ دو دِنوں کے دوران بارش کا امکان۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ یوگا بھارت کی طرف سے انسانیت کیلئے ایک قیمتی تحفہ ہے۔ وزیرِ اعظم کل احمدآباد میں عالمی یوگا اسپورٹس چمپئن شپ کے باضابطہ افتتاح کے موقع پر ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ یوگا‘ جسم‘ دماغ اور روح کو متحد کرتا ہے۔ اس موقع پر وزیرِ اعظم نے اپنے اس یقین کا اظہار کیا کہ یہ مقابلہ یوگا کو عالمی سطح پر پہچان دے گا۔ انھوں نے کہا:
Byte: Prime Minister Narendra Modi
آئندہ 8 جون تک جاری رہنے والے ان مقابلوں میں 75 ممالک کے 500 سے زیادہ یوگی نے حصہ لے رہے ہیں۔
***** ***** *****
قانون ساز کاؤنسل کے انتخابات کیلئے درخواستیں واپس لینے کی آخری تاریخ کل ختم ہوگئی۔ اس کے بعد اب زیادہ تر سیٹوں کی تصویر واضح ہے۔ سیاسی جماعتیں کئی مقامات پر باغیوں کو قائل کرنے میں کامیاب ہوئی ہیں، تاہم بعض حلقوں میں انھیں منانے کی کوششیں ناکام ہونے کے بعد چناؤ میں کانٹے کی ٹکر ہونے کے آثار دکھائی دے رہے ہیں۔ مہاوِکاس آگھاڑی کے چھ امیدواروں کی جانب سے اپنی امیدواری واپس لینے کے بعد‘ تھانے، رائے گڑھ، رتناگری، سندھو دُرگ، پونے، ایوت محل، چندر پور اور اہلیا نگر کے مہایوتی امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوگئے ہیں۔ اس کے سبب اب قانون ساز کاؤنسل کی 17 نشستوں کے بجائے صرف 11 پر مقابلہ ہوگا۔
رُکنِ اسمبلی عبدالستار کے بیٹے عبدالسمیر اورنگ آباد- جالنہ حلقے سے دستبردار ہوگئے ہیں۔ اسی طرح مہاوِکاس آگھاڑی کی دیویانی ڈونگاؤ نکر اور ایک آزاد امیدوار نے کل اپنی درخواست واپس لے لی۔ جس کے بعد مہایوتی سے اب بی جے پی کے سہاس شرساٹ اور مہاوِکاس آگھاڑی سے شیوسینا اُدّھو بالا صاحب ٹھاکرے پارٹی کے گنیش لوکھنڈے کے درمیان سیدھا مقابلہ ہوگا۔ ان دونوں کے علاوہ اورنگ آباد- جالنہ حلقے سے آزاد امیدوار اسحاق سانڈو خان بھی میدان میں ہیں۔
ناندیڑ کے بلدیاتی حلقے سے کانگریس کے نامزد امیدوار رام داس پاٹل سمٹھانکر‘ سابق رُکنِ کاؤنسل مادھو راؤ پاٹل جوڑگاؤنکر سمیت پانچ امیدواروں نے انتخابات سے دستبرداری اختیار کی ہے۔ جس کے بعد اس حلقے میں اب مہایوتی سے بی جے پی امیدوار امرناتھ راجورکر اور مہاوِکاس آگھاڑی کے امیدوار کرشنا پاٹل آشٹیکر کے درمیان سیدھا مقابلہ ہوگا۔ اس انتخاب میں پرشانت اِنگولے آزاد امیدوار کے طور پر حصہ لے رہے ہیں۔
پربھنی-ہنگولی قانون ساز کاؤنسل حلقے میں تین طرفہ مقابلہ ہوگا۔ مہایوتی کے تین باغی امیدوراوں سمیت راشٹروادی کانگریس کے سنگرام جامکر، وجئے جامکر اور بی جے پی کارپوریٹر وشوجیت بدھونت نے اپنی امیدواری واپس لی ہے۔ تاہم‘ کانگریس کے سابق رکنِ اسمبلی سریش دیشمکھ کے بیٹے سشیل دیشمکھ نے اپنی امیدواری برقرار رکھی ہے۔ مہایوتی سے شیوسینا کے سعید خان، جبکہ مہاوِکاس آگھاڑی سے شیوسینا اُدّھو بالا صاحب ٹھاکرے پارٹی کے ڈاکٹر ویویک ناوندر امیدوار ہیں۔
اسی بیچ شیوسینا اُدھو بالا صاحب ٹھاکرے پارٹی کے سربراہ اُدھو ٹھاکرے نے بال مانے، کرشنا ڈونگاؤنکر اور دیویانی ڈونگاؤنکر کو پارٹی مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر پارٹی سے نکال دیا ہے۔
***** ***** *****
زمینی حمل و نقل کے مرکزی وزیر نتن گڈکری نے اس اعتماد کا اظہار کیا ہے کہ پیٹرول کے متبادل کے طور پر ایتھینال کے استعمال میں اضافے سے فضائی آلودگی پر قابو پایا جائے گا۔ وزیرِموصوف کل نئی دہلی میں فلیکس ایندھن سے چلنے والی چار پہیہ گاڑی کی نقاب کشائی کے بعد صحافیوں سے بات کررہے تھے۔ گڈکری نے بتایا کہ پرانی چار پہیہ گاڑیوں کو ختم کرنے کیلئے ملک بھر میں تقریبا ڈھائی سو اسکریپنگ اکائیاں کام کررہی ہیں۔ انھوں نے کہا:
Byte: Union Minister Nitin Gadkari
اس موقع پر پیٹرولیم کے وزیر ہردیپ پوری بھی موجود تھے۔ انھوں نے کہا کہ ملک بھر میں ایتھینال پمپس کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جا رہی ہیں۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے بنیادی سہولیات کی فراہمی کے پروجیکٹس جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ وزیرِ اعلیٰ کل ممبئی میں اس سلسلے کے ایک جائزاتی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر انھوں نے تاخیر سے کام مکمل کرنے والے ٹھیکیداروں کو نیا کام نہ دینے کی بھی ہدایت دی۔
***** ***** *****
ماحولیات کا عالمی دن آج منایاجارہا ہے۔ یہ دن 5 جون 1973 سے ۱قوامِ متحدہ کے ماحولیاتی پروگرام کے تحت منایا جاتا ہے، جس کا مقصد زمین پر زندگی کی حفاظت کرنا ہے۔ اس مناسبت سے مختلف مقامات پر ماحولیاتی تحفظ کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کیلئے مختلف پروگرامز منعقد کیے گئے ہیں۔
***** ***** *****
ماحولیات دن کے موقع پر آج بیڑ ضلع کی تمام گرام پنچایتوں میں خصوصی گرام سبھا کا انعقاد کیا گیا ہے تاکہ کچرا ٹھکانے لگانے کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا جاسکے۔ ضلع انتظامیہ نے تمام گرام پنچایتوں‘ خواتین کے اپنی مدد آپ گروپس، نوجوانوں اور غیر سرکاری تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور ماحولیاتی تحفظ میں اپنا حصہ ڈالیں۔
***** ***** *****
گیارہویں جماعت کے آن لائن داخلے کے دوسرے مرحلے کا آغاز کل 6جون سے ہورہا ہے۔ ریاست کے ساڑھے نو ہزار سے زائد جونیئر کالجوں میں آن لائن داخلوں کا یہ عمل جاری ہے۔ محکمہ تعلیمات کے ڈائریکٹریٹ کے ایک بیان کے مطابق‘ گیارہویں جماعت میں داخلے کیلئے ساڑھے بارہ لاکھ طلبہ نے اپنے نام کا اندراج کروایا ہے، جن میں سے پہلے مرحلے میں ساڑھے چار لاکھ طلبہ کے داخلوں کی تصدیق ہوئی ہے۔
***** ***** *****
موبائل ایپ کے ذریعے کھادوں کے رجسٹریشن اور تقسیم کی خاطر ”Frame Work For Fertilizer Cell“ نامی پائلٹ پروجیکٹ کا چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع میں آج سے آغاز کیا جارہا ہے۔ کسانوں کو اس سلسلے میں درپیش مسائل سے نمٹنے کیلئے تعلقہ وار افسران مقرر کیے گئے ہیں اور ہیلپ لائن کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔
***** ***** *****
بیڑ ضلع میں محکمہ زراعت کے سپرنٹنڈنٹ‘ سبھاش سالوے نے اپیل کی ہے کہ اس برس خریف کے موسم میں بیجوں کی پروسیسنگ کے بعد ہی انھیں بویا جائے۔ ضلع کے کسانوں سے سیڈ پروسیسنگ کے بارے میں مزید معلومات کیلئے زراعت کے محکمے سے رابطہ کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔
***** ***** *****
دھاراشیو تعلقے کے امبے جوڑگا میں کل مقامی سطح پر خریف ہنگام کی تیاری کیلئے ورک شاپ کا اہتمام کیا گیا۔ ضلع کلکٹر کیرتی کرن پجار نے اپیل کی ہے کہ زیادہ سے زیادہ کسان محکمہ زراعت کی اسکیمات کا فائدہ اٹھائیں اور جدید ٹکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے اپنی آمدنی میں اضافہ کریں۔
***** ***** *****
جالنہ ضلع کے گھن ساونگی تعلقے کے تیرتھ پوری میں ایک کمپنی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے تقریباً 13 لاکھ روپئے مالیت کا ملاوٹ شدہ گھی ضبط کیا گیا۔ کمشنر تکارام منڈے کی ہدایت پر تیرتھ پوری میں واقع مندڑا انڈسٹریز پر یہ کارروائی کی گئی۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن انتظامیہ نے شہر میں فائر سیفٹی نظام کے تحت فوری اقدامات کرنا شروع کردئیے ہیں۔ پرسوں دلّی میں آگ لگنے والے واقعے کے تناظر میں اسٹینڈنگ کمیٹی کے سربراہ انیل مکریئے نے کل ایک میٹنگ کا اہتمام کیا اور شہر کی تمام ہوٹلوں، خانگی اسپتالوں، کوچنگ کلاسوں، کتب خانوں، خانگی اسکولوں اور تجارتی اداروں کے مکمل معائنے کی ہدایت دی۔
***** ***** *****
اب موسم کا حال: جنوب مغربی مانسون کل کیرلم پہنچ گیا۔ اس برس مانسون کی آمد میں معمول کے مقابلے تین دنوں کی دیر ہوئی ہے۔ اسی دوران ریاست میں آئندہ دو دِنوں میں کوکن‘ وسطی مہاراشٹر‘ مراٹھواڑہ اور ودربھ کے چاروں خطوں میں چند مقامات پر بجلی کی چمک اور تیز ہواؤں سمیت بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
سرخیاں
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر....
٭ یوگا‘ بھارت کی جانب سے انسانیت کو دیا گیا انمول تحفہ ہے: وزیرِ اعظم کا اظہارِ خیال؛ احمدآباد میں عالمی یوگا اسپورٹس چمپئن شپ کا آغاز۔
٭ قانون ساز کاؤنسل انتخابات میں اکثر امیدواروں نے لی درخواستیں واپس؛ اورنگ آباد- جالنہ حلقے میں سہاس شرساٹھ اور گنیش لوکھنڈے کے درمیان مقابلہ۔
٭ پیٹرول کے بجائے ایتھینال کے استعمال میں اضافے سے فضائی آلودگی پر قابو پایا جائے گا: مرکزی وزیر نتن گڈکری کا اظہارِ اعتماد۔
اور۔۔۔ ٭ جنوب مغربی مانسون کیرلم پہنچ گیا؛ ریاست کے چاروں ڈویژنس میں آئندہ دو دِنوں کے دوران بارش کا امکان۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment