Saturday, 13 June 2026

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 13 جون 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 13 June-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۳۱/جون ۶۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ وزیرِ اعلیٰ نے ریاست میں تمام دیہی آب رسانی اسکیمات پر شمسی توانائی کے ذریعے عمل آوری کی دی ہدایت۔
٭ آئندہ یکم اگست سے ریاستی ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی سفری سہولیات کیلئے NCMC کارڈ ہوگا لازمی۔
٭ 21 جون کو منعقد کیے جانے والے NEET امتحان کے دورانیے میں 15 منٹوں کی توسیع۔
٭ معروف نشانے بازی کوچ جسپال رانا چل بسے۔
اور۔۔۔٭ چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع میں بارش کے سبب شیڈ گرنے سے دو افرادکی موت۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے ریاست میں تمام دیہی آب رسانی اسکیمات پر شمسی توانائی کے ذریعے عمل آوری کی ہدایت دی ہے۔ وزیرِ اعلیٰ کل دیہی علاقوں میں پینے کے پانی کی پالیسی طئے کرنے والے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ ریاست میں کُل 22 ہزار 185 اسکیمات کیلئے شمسی توانائی پر مشتمل نظام قائم کرنے کی تجویز ہے۔ انھوں نے متعلقہ محکمے کو اس کیلئے جامع پالیسی تیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔ وزیرِ اعلیٰ نے اس بات کا خیال رکھنے کی ہدایت دی ہے کہ بجلی بلوں کے بقایہ جات کے سبب ریاست میں کہیں بھی آب رسانی اسکیمات بند نہ ہوں۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ مرکزی حکومت کے اُصولوں کے مطابق فی کس 55 لیٹر پانی فراہم کیا جانا چاہیے اور اسکیمات کو اسی کے مطابق مکمل کیا جانا چاہیے۔
اسی بیچ وزیرِ اعلیٰ نے بتایا کہ مہاراشٹر کی خواتین کسانوں کو بااختیار بنانے کی خاطر 2026 کا بل آئندہ مانسون اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔ وزیرِ اعلیٰ نے خواتین کسانوں کے حقوق کے تحفظ اور انھیں بااختیار بنانے کیلئے جامع پالیسی تیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم نریندر مودی کی قیادت میں گذشتہ 12برسوں کے دوران ملک میں اقتصادی‘ سماجی‘ بنیادی ڈھانچے اور ثقافتی شعبوں میں جامع تبدیلی آئی ہے۔ مرکزی حکومت کے 12 برس مکمل ہونے کے موقع پر کل ممبئی میں وزیرِ اعلیٰ نے ایک صحافتی کانفرنس سے خطاب کیا۔ اس موقع پر انھوں نے بتایا کہ مرکزی حکومت نے مہاراشٹر کی ترقی کیلئے خصوصی امداد فراہم کی ہے۔ اہم منصوبے جیسے اٹل سیتو‘ ممبئی کوسٹل روڈ‘ میٹرو پروجیکٹ‘ نئی ممبئی بین الاقوامی طیران گاہ، امراوتی میگا ٹیکسٹائل پارک‘ DMIC اور چھترپتی سمبھاجی نگر کے آرِک سٹی وغیرہ کو مرکزی حکومت کے تعاون سے نافذ کیا گیا ہے۔
وزیرِ اعلیٰ نے بتایا کہ گذشتہ 12 برسوں کے دوران اچھی حکمرانی اور اچھا انتظام‘ وزیرِ اعظم نریندر مودی کی خصوصیات رہی ہیں۔ انھوں نے اب تک مختلف اسکیمات کے ذریعے مستحق عوام کے کھاتوں میں 51 لاکھ کروڑ روپئے براہِ راست منتقل کیے ہیں۔
***** ***** *****
خوراک اور ادویہ محکمے کے وزیر نرہری جھرواڑ نے کھانے پینے کی ممنوعہ اشیاء کی منظم غیر قانونی تجارت کی روک تھام کی خاطر قانون پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت دی ہے۔ فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کمشنر تکارام منڈے نے گٹکا اور دیگر ممنوعہ اشیاء کی پیداوار‘ ذخیرہ کرنے‘ ٹرانسپورٹ کرنے‘ تقسیم اور فروخت کے معاملات میں مکوکا قانون کے نفاذ کے سلسلے میں تمام فیلڈ افسران کو واضح احکامات دئیے ہیں۔
***** ***** *****
اعلیٰ اور تکنیکی تعلیم کے ریاستی وزیر چندر کانٹ پاٹل نے ریاست میں اکیلی ماؤں کے بچوں کیلئے کالج میں داخلے کی درخواست میں Single Parent کے طور پر علیحدہ کالم شامل کرنے کی خاطر اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت دی ہے۔ یہ کمیٹی ہاسٹل میں داخلے کیلئے ترجیح دینے کے معاملے کا مطالعہ کرے گی‘ ساتھ ہی ان طلبہ کیلئے ذہن سازی خدمات کی سہولیات اور دیگر ضروری رعایتوں کی فراہمی سے متعلق رپورٹ حکومت کو پیش کرے گی۔
***** ***** *****
مہاراشٹر اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی مسافر خدمات میں زیادہ شفافیت‘ سہولت اور ڈیجیٹل لین دین کو فرغ دینے کیلئے یکم اگست سے خواتین‘ بزرگ شہریوں اور امرت بزرگ مسافروں کیلئے نیشنل کامن موبیلٹی کارڈ (NCMC) کو لازمی کردیا گیا ہے۔ نقل و حمل کے ریاستی وزیر اور ایس ٹی کارپوریشن کے چیئرمین پرتاپ سرنائیک نے یہ معلومات دیں۔ اس فیصلے کے پیشِ نظر NCMC اسمارٹ کارڈ کے اندراج اور تقسیم کی مہم نے ریاست بھر میں زور پکڑ لیا ہے۔ ریاست میں تقریباً 51لاکھ شہریان نے NCMC اسمارٹ کارڈ کیلئے اندراج کروایا ہے‘ جن میں سے تقریباً 25 لاکھ اسمارٹ کارڈز کو ایکٹیویٹ کردیا گیا ہے۔
***** ***** *****
اطلاعات و نشریات کی وزارت نے شہریان سے تجاویز اور اعتراضات طلب کرنے کیلئے ٹیلیکام رولس 2026 کا مسودہ اپنی ویب سائٹ پر شائع کیا ہے۔ وزارت نے شہریان سے 27جون تک اپنی تجاویز درج کرانے کی اپیل کی ہے۔ ٹیلی ویژن اور ریڈیو کے شعبے میں کاروبار کو آسان بنانے کی خاطر اس قانون میں ترمیم کی جائے گی۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
آئندہ 21جون کو منعقد کیے گئے NEET-UG کے دوبارہ امتحان کی مدت میں 15منٹوں کا اضافہ کیا گیا ہے۔ یہ امتحان اب دوپہر دوبجے سے شام پانچ بجکر 15منٹ تک ہوگا۔ اس امتحان کو محفوظ ماحول میں منعقد کرنے کیلئے نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی نے سابق امتحان دینے والوں سے تجاویز لینے کے بعد مختلف اقدامات کیے ہیں۔ طالب ِ علم کی حاضری پر دستخط کرنے‘ شناختی کارڈ اور دیگر دستاویزات کی جانچ کا وقت اس میں شامل کیا جائے گا۔ اس طرح Rough Work کیلئے سوالیہ پرچے میں اضافی جگہ بھی فراہم کی جائیگی۔
***** ***** *****
دھاراشیو ضلع میں فصلوں کی باقیات سے بائیو فیول تیار کرنے کا تجربہ کیا جارہا ہے۔ تلجاپور کے رُکنِ اسمبلی رانا جگجیت سنگھ پاٹل نے کل تجرباتی طریقے سے تیار کیے جانے والے اس ایندھن کا معائنہ کیا اور جانچ کی۔ آکاشوانی سے بات کرتے ہوئے انھوں نے اس حوالے سے اپنا تجربہ بیان کیا۔ انھوں نے بتایا کہ اس سے کسانوں کی آمدنی میں ضرور اضافہ ہوسکتا ہے۔ اس سے تیار ہونے والے کروڈ آئل کو پیٹرول اور ڈیزل میں تبدیل کیا جاسکتا ہے۔ اس تجربے سے تیار ہونے والے ایندھن کو میں نے ذاتی طور پر اپنی گاڑی میں آزمایا ہے جو کامیاب رہا۔ اس بائیو فیول کی تیاری کی پوری ٹکنالوجی دیسی ہے۔ وزیرِ اعظم نریندر مودی کے آتم نربھر بھارت کا خواب اس سے شرمندہئ تعبیر ہوگا۔
***** ***** *****
انتظامیہ نے بیڑ ضلع کے ماجل گاؤں تعلقے کے شریکشیتر پرشوتم پوری میں 10 نکاتی ضابطے جاری کیے ہیں۔ ساتھ ہی ضلع کلکٹر ویویک جانسن نے اس پورے علاقے میں 24 گھنٹے ریسکیو ٹیمیں تعینات کرنے کا حکم دیا ہے۔ انتظامیہ اب ان بوڈ ڈرائیورس پر کڑی نظر رکھے گی جو اپنی گنجائش سے زیادہ مسافروں کو لے جائیں گے۔ اس بات کو یقینی بنانے کیلئے تمام کشتی رانوں کے پاس لائسنس دئیے جائیں گے۔
***** ***** *****
مانسون 2026 کی تیاریوں کے ایک حصے کے طور پر کل ناندیڑ کے وِشنو پوری میں تلاش اور بچاؤ کی مشق کی گئی۔ اس موقع پر ریسیڈینٹ ڈسٹرکٹ کلکٹر اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھاریٹی چیف ایکزیکٹیو افسر کرن امبیکر موجود تھے۔
***** ***** *****
دھولیہ پولس نے کیبل چوروں کے ایک گروہ کا پردہ فاش کیا ہے جو زمین کھود رہے تھے۔ اس معاملے میں چھ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ یہ چھ افراد ہنگولی اور پربھنی کے رہنے والے ہیں۔ اس کارروائی کے دوران تقریباً 9 لاکھ 50ہزار روپئے مالیت کی دو گاڑیاں اور قیمتی سامان قبضے میں لیا گیا۔ عدالت نے ملزمان کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولس کے حوالے کیا ہے۔
***** ***** *****
جالنہ ضلع میں ایک ٹپّر اور دوپہیہ گاڑی کے درمیان پیش آئے حادثے ایک طالب ِ علم کی موقع پر ہی موت ہوگئی اور دو دیگر شدید زخمی ہوگئے۔ ہمارے نمائندے نے اطلاع دی ہے کہ یہ حادثہ کل راجور روڈ پر گنڈے واری علاقے میں پیش آیا۔
***** ***** *****
مشہور نشانے بازی کوچ اور ایشیائی کھیلوں میں طلائی تمغہ جیتنے والے جسپال رانا کا کل دہلی میں انتقال ہوگیا۔ وہ 49 برس کے تھے۔ جرمنی میں ICSF شوٹنگ ورلڈ کپ کے بعد طبعیت بگڑنے پر انھیں دلّی کے ایک اسپتال میں شریک کیا گیا، جہاں علاج کے دوران ان کی موت واقع ہوگئی۔
***** ***** *****
خواتین کے ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا کل برطانیہ میں آغاز ہوگیا۔ برطانوی کرکٹ ٹیم نے کل پہلے دن پہلے میچ میں سری لنکا کو 87 رنوں سے شکست دے دی۔
دریں اثناء‘ ہرمن پریت کور کی قیادت میں بھارتی ٹیم نے اپنا پہلا میچ کل 14 جون کو برمنگھم میں پاکستان کے خلاف کھیلے گی۔
***** ***** *****
بھارت کی پی وی سندھو سڈنی میں کھیلے جارہے آسٹریلین اوپن بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کے خواتین سنگلز مقابلے کے سیمی فائنل میں پہنچ گئی ہے۔ کوارٹر فائنل میں سندھو نے چینی تئے پئے ای کی چین سیو یو کو 21-6‘ 21-9 سے شکست دے دی۔ آج سیمی فائنل میں سندھو کا مقابلہ جاپان کی اکانے یاماگوچی سے ہوگا۔
***** ***** *****
ترکی میں جاری تیر اندازی کے عالمی کپ کے مکسڈ ڈبل زمرے میں بھارت کے بی دھیراگ اور کُم کُم موہوڑ کی جوڑی نے فائنل میں داخل ہوکر ملک کیلئے تمغہ کا حصول طئے کردیا ہے۔ فائنل مقابلہ کل 14جون کو ہوگا۔
***** ***** *****
بین الاقوامی یوگا دن2026 کے موقع پر‘ آیوش کی وزارت نے آئندہ 14 تاریخ کو ایک آن لائن یوگا سیشن کا اہتمام کیا ہے۔ یہ یوگا سیشن صبح سوا چھ سے سوا سات کے دوران ہوگا۔ اس قدم کے ذریعے گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کرنے کا ارادہ ہے۔ دلچسپی رکھنیو الے شہریان 1800-315-7005 اس ٹول فری نمبر پر پہلے اندراج کرائیں۔ ضلع کھیل افسر شری کانت ہرنالے نے دھاراشیو ضلع کے زیادہ سے زیادہ شہریان سے اس میں حصہ لینے کی اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
اب موسم کا حال: چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے میں کل شام پھلمبری اور خلدآباد سمیت کئی علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی۔ پھلمبری تعلقے کے آڑ گاؤں خورد میں کھیت میں شیڈ گرنے سے ایک کسان اور اس کے 13 سالہ بیٹے کی موت ہوگئی۔ اس حادثے کے دوران زخمی ہونے والے ایک بچہ چھترپتی سمبھاجی نگر میں زیرِ علاج ہے۔
دریں اثناء‘ ڈویژن کے دھاراشیو‘ لاتور، ناندیڑ اور بیڑ اضلاع کیلئے بارش کا یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ وزیرِ اعلیٰ نے ریاست میں تمام دیہی آب رسانی اسکیمات پر شمسی توانائی کے ذریعے عمل آوری کی دی ہدایت۔
٭ آئندہ یکم اگست سے ریاستی ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی سفری سہولیات کیلئے NCMC کارڈ ہوگا لازمی۔
٭ آئندہ 21 جون کو منعقد کیے جانے والے NEET امتحان کے دورانیے میں 15 منٹوں کی توسیع۔
٭ معروف نشانے بازی کوچ جسپال رانا چل بسے۔
اور۔۔۔٭ چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع میں بارش کے سبب شیڈ گرنے سے دو افرادکی موت۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment