Monday, 15 June 2026

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 15 جون 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 15 June-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۵۱/جون ۶۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ فرانس میں Bharat Innovates نامی سرمایہ کاری پروگرام کا وزیرِ اعظم کی موجودگی میں انعقاد؛ وزیرِ اعظم آج G-7 سربراہی اجلاس میں کریں گے شرکت۔
٭ آئندہ 31 اگست تک شہریان کیلئے پینے کے پانی کی فراہمی کو اوّلین ترجیح دینے کی ریاستی حکومت کی ہدایت۔
٭ 100 ویں کُل ہند مراٹھی ادبی کانفرنس کا آئندہ 28 تا 31 جنوری 2027 کے دوران پونے میں انعقاد۔
٭ گرمیوں کی تعطیلات کے بعد آج سے اسکولوں میں تعلیم کا آغاز۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ اور وِدربھ کے دور دراز مقامات پرگرمی کی لہر۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ آج بھارت میں اسٹارٹ اَپس کا ایک بڑا انقلاب برپا ہورہا ہے اور ملک کے نوجوان ٹیکنالوجی کی مدد سے انسانیت کے سوالوں کے جواب تلاش کررہے ہیں۔ وزیرِ اعظم مودی اور فرانس کے صدر ایمانوئل میکراں نے کل فرانس کے شہر نِیس میں Bharat Innvovates نامی پروگرام کا مشترکہ طور پر افتتاح کیا۔ اس موقع پر وزیرِ اعظم نے یہ بات کہی۔ انھوں نے بتایا کہ بھارت اب صرف ٹیکنالوجی کا صارف نہیں ہے بلکہ ایک ایسا ملک بن گیا ہے جو دنیا کو انسانی فلاح پر مرکوز مسائل کا حل فراہم کرتا ہے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ آج ملک کے نوجوان اسٹارٹ اَپس کے ذریعے مختلف شعبہ جات میں عالمی مسائل کا حل تلاش کررہے ہیں۔ انھوں نے کہا:
Byte: Prime Minister Narendra Modi
مودی نے یہ بھی کہا کہ Bharat Innovates پہل بھارتی ہنر اور یوروپی سرمائے کے درمیان ایک کڑی کے طور پر اُبھری ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس قدم کے ذریعے اختراع کاروں کو عالمی مہارتوں سے جوڑنے کے نئے مواقع پیدا ہورہے ہیں۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے فرانسیسی صدر ایمانوئل میکراں نے بھارتی نوجوانوں اور انجینئرس کی صلاحیتوں کی تعریف کی۔ انھوں نے 2030 تک 30 ہزار بھارتی طلبہ کو فرانس میں اعلیٰ تعلیم کیلئے مدعو کرنے ایک پُرجوش ہدف کا بھی اعلان کیا۔
بھارت کی 120 سے زائد اسٹارٹ اَپ کمپنیوں نے اس نمائش میں حصہ لیا جو پہلی بار بھارت کے باہر منعقد کی گئی ہے۔
دریں اثناء‘ وزیرِ اعظم مودی فرانس کے شہر ”ایوین“ میں آج سے شروع ہونے والی G-7 سربراہی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ یہ سربراہی اجلاس موجودہ بین الاقوامی صورتحال کے تناظر میں اہم سمجھا جارہا ہے۔
***** ***** *****
مرکزی وزیرِ صحت جے پی نڈا نے شہریان سے اپیل کی ہے کہ وہ خون کا عطیہ کرنے میں پہل کریں کیونکہ یہ کسی کو زندگی میں دوسرا موقع دینے کا سب سے آسان اور مؤثر طریقہ ہے۔ وزیرِ موصوف نے کل خون کا عطیہ کرنے والوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں اس تعلق سے پائی جانے والی غلط فہمیاں دور کرنے اور عوام کے ذہن میں خون عطیہ کرنے کی اہمیت کو اُجاگر کرنے کی ضرورت کا اظہار کیا۔ ”ایک قطرہ انسانیت کا“ یہ اس برس کے خون عطیہ دہندہ دن کا موضوع ہے۔
خون کے عطیہ دہندگان کا عالمی دن ہر برس 14 جون کو منایا جاتا ہے‘ تاکہ خون اور اس کے اجزاء کی ضرورت کے بارے میں آگاہی پیدا کی جاسکے اور خون کے عطیہ دہندگان کی جانب سے رضاکارانہ اور بلامعاوضہ زندگی بچانے کیلئے ان کا شکریہ ادا کیا جاسکے۔
***** ***** *****
ریاست میں ناکافی بارش کے پس منظر میں اور آبی منصوبوں میں موجود پانی کے ذخیرے کو دیکھتے ہوئے آبی وسائل کے ریاستی وزیر رادھا کرشن وکھے پاٹل نے آئندہ 31 اگست تک شہریان کو پینے کے پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کو اوّلین ترجیح دینے کی ہدایت دی ہے۔ وزیرِ موصوف نے محکمے کے افسران کو بھی ہدایت دی کہ وہ غیر قانونی طور پر پانی لینے والوں کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کریں۔ وِکھے پاٹل‘ کل پونے میں کرشنا اور گوداوری سے استفادہ کرنے والے علاقے کے آبی منصوبوں میں پانی ذخیرہ کرنے اور مانسون کی صورتحال کے حوالے سے منعقدہ میٹنگ میں بول رہے تھے۔ اس موقع پر مراٹھواڑہ- اہلیانگر اور ناسک ڈویژنس میں پانی کے ذخیرے کا جائزہ لیا گیا۔ فی الحال مراٹھواڑہ کے آبی منصوبوں 28 فیصد اور ناسک ڈویژن میں 26 فیصد قابلِ استعمال پانی کا ذخیرہ موجود ہے۔ وِکھے پاٹل نے پینے کے پانی کی ضروریات کو ترجیح دیتے ہوئے دستیاب پانی کے وسائل کی خاص طور پر مراٹھواڑہ اور اہلیا نگر ڈویژنس میں سختی سے منصوبہ بندی کرنے کی ہدایت دی ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
ریاست کے مختلف اضلاع میں اپریل مہینے کے دوران غیر موسمی بارش نے فصلوں کو زبردست نقصان پہنچایا تھا۔ ریاستی حکومت نے اس قدرتی آفت سے متاثرہ کسانوں کو فوری راحت فراہم کرنے کیلئے کُل 14 کروڑ 58لاکھ 90 ہزار روپؤں کا فنڈ منظور کیا ہے۔ راحت رسانی اور بحالی کے ریاستی وزیر مکرند جادھو پاٹل نے بتایا کہ امداد کی تقسیم کا عمل انتہائی شفاف اور متحرک انداز میں کیا جائے گا اور امداد براہِ راست کسانوں کے بینک کھاتوں میں منتقل کی جائے گی۔
***** ***** *****
نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (NTA) نے NEET-UG کے دوبارہ امتحان کیلئے ایڈمٹ کارڈس جاری کردئیے ہیں۔ یہ داخلہ کارڈس ایجنسی کی سرکاری ویب سائٹ neet.nta.nic.in سے ڈاؤن لوڈ کیے جاسکتے ہیں۔ NEET-UG کا دوبارہ امتحان آئندہ 21 جون دوپہر دو بجے سے شام سوا پانچ بجے کے دوران ہوگا۔
***** ***** *****
100 ویں کُل ہند مراٹھی ادبی کانفرنس 28 تا 31 جنوری 2027 کے دوران پونے میں منعقد کی جائیگی۔ اس ادبی کانفرنس کے انتظامی ادارے کے صدر یوگیش سومن نے کل پونے میں منعقدہ صحافتی کانفرنس کے دوران یہ اطلاع دی۔ یہ ادبی کانفرنس ساوتری بائی پھلے پونے یونیورسٹی کے احاطے میں منعقد ہوگی۔ اس کانفرنس کے آغاز سے قبل ریاست کے اُن 48 مقامات پر 99 ادبی سرگرمیاں انجام دی جائیں گی جہاں اس سے قبل یہ کانفرنس منعقد ہوئی تھی۔ سومن نے بتایا کہ یہ سرگرمیاں آئندہ 15 اگست تا 15 جنوری کے دوران ہوگی۔
***** ***** *****
گرمیوں کی تعطیلات کے بعد آج سے ریاست میں اسکول شروع ہورہے ہیں‘ صرف ودربھ میں گرمیوں کی لہر کے سبب آئندہ 22 جون سے اسکولوں میں تعلیم کا آغاز ہوگا۔ اس نئے تعلیمی سال کے آغاز پر اسکولوں نے طلبہ کے پُرجوش استقبال کیلئے خصوصی تیاریاں کی ہیں۔ اس مناسبت سے اسکولوں میں صفائی، رنگ و روغن اور سجاوٹ کی گئی ہے۔
***** ***** *****
ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی کا پوسٹ گریجویٹ شعبہ اور یونیورسٹی سے ملحقہ کالجز گرمیوں کی چھٹیوں کے بعد آج سے شروع ہورہے ہیں۔
***** ***** *****
21 جون بین الاقوامی یوگا دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔ اس مناسبت سے ہم روزانہ مختلف یوگاسن کے بارے میں جانیں گے۔ آج چھترپتی سمبھاجی نگر کے یوگا اُستاد مہاویر جین نے سیتو بندھاسن سے متعلق بتایا کہ اسے کرنے کیلئے پیٹھ پر سیدھے لیٹ جائیں اور دونوں ہاتھوں سے گھٹنوں کو پکڑیں‘ گردن کو اٹھائیں یہاں تک کہ ٹھوڑی گھٹنوں کو لگ جائے۔ یہاں 30 سیکنڈ رُکیں، پھر آہستہ آہستہ دوبارہ پہلی حالت پر آئیں۔ یہ آسن پیٹھ اور گردن کے درد سے نجات کیلئے فائدہ مند ہے۔
***** ***** *****
شولاپور ضلع کے مہسوڑ- پنڈھرپور روڈ پر تاندوڑ واڑی کے قریب ایک پک اَپ گاڑی کنوئیں میں گرگئی۔ اس حادثے میں آٹھ عقیدت مندوں کی موت ہوگئی جبکہ چھ افراد کو بچالیا گیا۔ مرنے والوں میں پانچ خواتین اور ایک چھ ماہ کا بچہ شامل ہے۔ وزیرِ اعلیٰ دیویندرپھڑنویس نے اس حادثے پر غم کا اظہار کیا ہے۔ مرنے والوں کے اہلِ خانہ کو وزیرِ اعلیٰ ریلیف فنڈ سے پانچ پانچ لاکھ روپؤں کی امداد کا اعلان کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر کے میونسپل کمشنر امول ییڑگے نے کارپویشن کے اسکولوں میں 14تا 15 برس عمر کی طالبات کو HPVP ٹیکہ لگانے کی ہدایت دی ہے۔ وہ کل اسکولو ں کے ہیڈ ماسٹرز کے ایک اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر انھوں نے بتایا کہ یہ ٹیکہ بچہ دانی کے منہ کے کینسر سے بچاؤ کیلئے مؤثر ہے۔ انھوں نے اپیل کی کہ آئندہ 15 دنوں میں ہر اسکول کی اہل طالبات کو قریبی میونسپل طبّی مرکز پر یہ ٹیکے لگوائے جائیں۔
***** ***** *****
برطانیہ میں جاری وومنس ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں کل‘ بھارت نے پاکستان کو 64 رنز سے شکست دے دی۔ بھارتی خواتین ٹیم نے پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے پاکستان کو 171 رنوں کا ہدف دیا‘ جواب میں پاکستانی ٹیم 17 ویں اوور میں 106 رنوں پر آل آؤٹ ہوگئی۔ بھارت کی جانب سے اسمرتی مندھانا نے 68 رنز بنائے۔ پانچ کھلاڑیو ں کو آؤٹ کرنے والی دِپتی شرما کو پلیئر آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔
***** ***** *****
اب موسم کا حال: آئندہ دو دِنوں کے دوران کوکن اور وسطی مہاراشٹر میں دور دراز مقامات پر گرم اور مرطوب موسم رہنے کا امکان ہے‘ جبکہ مراٹھواڑہ اور ودربھ میں مختلف مقامات پر گرمی کی لہر کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے ریاست میں چند مقامات پر بادلوں کی گرج‘ بجلی کی چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ فرانس میں Bharat Innovates نامی سرمایہ کاری پروگرام کا وزیرِ اعظم کی موجودگی میں انعقاد؛ وزیرِ اعظم آج G-7 سربراہی اجلاس میں کریں گے شرکت۔
٭ آئندہ 31 اگست تک شہریان کیلئے پینے کے پانی کی فراہمی کو اوّلین ترجیح دینے کی ریاستی حکومت کی ہدایت۔
٭ 100 ویں کُل ہند مراٹھی ادبی کانفرنس کا آئندہ 28 تا 31 جنوری 2027 کے دوران پونے میں انعقاد۔
٭ گرمیوں کی تعطیلات کے بعد آج سے اسکولوں میں تعلیم کا آغاز۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ اور وِدربھ کے دور دراز مقامات پرگرمی کی لہر۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment