Thursday, 18 June 2026

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 18 جون 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 18 June-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۸۱/جون ۶۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ قانون ساز کاؤنسل کی 17 میں سے 11 نشستوں کیلئے آج رائے دہی؛ چھ نشستوں پر مہایوتی اُمیدوار بلامقابلہ منتخب۔
٭ مہاراشٹر میں ریلوے کی ترقی کی خاطر کم و بیش دو لاکھ کروڑ روپؤں کی سرمایہ کاری کا ریلوے کے وزیر نے کیا اعلان۔
٭ بھارت- برطانیہ، جامع معاشی و تجارتی معاہدہ آئندہ 15 جولائی سے ہوگا نافذ۔
٭ کابینہ کی ذیلی کمیٹی نے ریاست میں مذہبی، سیاسی اور سماجی تحریکوں کے درمیان درج 44 مقدمات واپس لینے کا کیا فیصلہ۔
اور۔۔۔٭ خواتین کے T-20 عالمی کپ کرکٹ مقابلوں میں بھارت نے نیدر لینڈ کو 95 رنوں سے ہرایا؛ مردوں کے کرکٹ مقابلے میں بھارت نے افغانستان کو 170 رنوں سے شکست دیکر سیریز میں حاصل کی برتری۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
ریاست میں قانون ساز کاؤنسل کی 11 نشستوں کیلئے آج رائے دہی ہوگی۔ کُل 17 نشستوں کیلئے منعقد ہونے والے اس انتخاب میں رائے گڑھ- رَتناگری- سندھو دُرگ‘ پونے، ایوت محل، وردھا، گڈچرولی- چندر پور، اہلیا نگر اور تھانے کے مہایوتی اُمیدوار بلامقابلہ منتخب ہوئے ہیں، جبکہ اورنگ آباد- جالنہ، ناندیڑ، عثمان آباد- لاتور- بیڑ، پربھنی- ہنگولی، ناسک، ناگپور، امراوتی- بھنڈارہ- گوندیا، شولاپور، جلگاؤں، سانگلی- ستارا، کاؤنسل کے ان حلقوں میں آج ووٹنگ ہوگی۔رائے شماری آئندہ 22 جون کو ہوگی۔ رائے دہی کیلئے تمام انتخابی مراکز پر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔
اورنگ آباد- جالنہ کاؤنسل حلقے میں مہایوتی سے بی جے پی کے سہاس شرساٹ اور شیوسینا اُدّھو بالا صاحب ٹھاکرے پارٹی سے مہاوِکاس آگھاڑی کے گنیش لوکھنڈے کے درمیان سیدھا مقابلہ ہوگا۔ ان دونوں کے ساتھ ساتھ تیسرے آزاد امیدوار کے طور پر اسحاق سانڈو خان بھی میدان میں ہیں۔
اسی بیچ رائے دہی کے پیشِ نظر‘ چھترپتی سمبھاجی نگر شہر میں ڈویژنل کمشنر کی رہائش گاہ سے ضلع کلکٹر کے دفتر تک بائیں جانب کا راستہ آج تمام قسم کی گاڑیوں کیلئے مکمل طور پر بند کردیا گیا ہے۔
ناندیڑ کاؤنسل حلقے میں مہایوتی سے بی جے پی امیدوار امرناتھ راجورکر اور مہاوِکاس آگھاڑی کے حمایت یافتہ امیدوار کرشنا پاٹل آشٹیکر کے درمیان سیدھا مقابلہ ہوگا۔ آزاد امیدوار پرشانت اِنگولے بھی میدان میں ہیں۔ضلع کے آٹھ انتخابی مراکز پر ووٹنگ ہوگی۔ اس کیلئے 452 ووٹر اپنے رائے دہی کے حق کا استعمال کریں گے۔
پربھنی- ہنگولی قانون ساز کاؤنسل حلقے میں سہ رُخی مقابلہ ہوگا۔ کانگریس کے سابق رُکن اسمبلی سریش دیشمکھ کے بیٹے سشیل دیشمکھ، مہایوتی سے شیوسینا کے سعید خان اور مہاوِکاس آگھاڑی سے شیوسینا اُدّھو بالا صاحب ٹھاکرے پارٹی کے امیدوار ڈاکٹر ویویک ناوَندر اس انتخاب کیلئے میدان میں ہیں۔ اس انتخاب کی رائے دہی کیلئے پربھنی اور ہنگولی اضلاع کے ریوینیو سب ڈویژنس میں سات انتخابی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ جہاں 466 ووٹرز رائے دہی کریں گے۔
کاؤنسل انتخابات کے عثمان آباد- لاتور- بیڑ حلقے میں لاتور ضلع کے 367 رائے دہندگان ووٹ ڈالیں گے۔
اسی بیچ ناندیڑ اور عثمان آباد-لاتور- بیڑ حلقوں میں مہایوتی نے لاتور میں اپنے ووٹرس کو اکٹھا کررکھا ہے۔ ہمارے نمائندے نے اطلاع دی ہے کہ ناندیڑ، لاتور، دھاراشیو اور بیڑ اضلاع کے بی جے پی، مہایوتی کے کارپوریٹرس، ضلع پریشد کے اراکین اور پنچایت سمیتیوں کے سبھا پتیوں کو لاتور کے ایک بڑے ہوٹل میں رکھا گیا ہے۔ رکنِ پارلیمنٹ اشوک چوہان، رکنِ اسمبلی پرتاپ پاٹل چکھلیکر اور رکنِ پارلیمنٹ اجیت گوپچھڑے نے ان رائے دہندگان سے ملاقات کی اور چناؤ کے سلسلے میں ان کی رہنمائی کی۔
***** ***** *****
ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو نے مہاراشٹر کے ریلوے کی ترقی کی خاطر کم و بیش دو لاکھ کروڑ روپؤں کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔ وزیرِ موصوف کل پونے میں صحافیوں سے بات کررہے تھے۔ انھوں نے بتایا کہ JNPT اور واڑھون جیسی اہم بندرگاہوں کو مراٹھواڑہ اور ودربھ سے براہِ راست جوڑنے کیلئے Dedicated Freight Corridors قائم کیے جائیں گے۔ ویشنو نے یہ بھی بتایا کہ مہاراشٹر کے 75 فیصد حصوں کو جوڑے گا اور باربرداری کی لاگت بھی بڑی حد تک کم کرے گا۔ انھوں نے کہا:
Byte: Railway Minister Ashwini Vaishnav
ویشنو نے بتایا کہ ممبئی- احمدآباد بلیٹ ٹرین پروجیکٹ تیزی سے تکمیل کی طرف بڑھ رہا ہے اور آئندہ برس اس پروجیکٹ کا پہلا مرحلہ مکمل ہوجائے گا۔ بھارت نے اب بلیٹ ٹرین بنانے کی صلاحیت حاصل کرلی ہے۔ اب سات نئے بلیٹ ٹرین روٹس تیار کیے جائیں گے۔ وزیرِ موصوف نے یہ بھی کہا کہ ان روٹس میں ممبئی -پونے اور پونے- حیدرآباد جیسے اہم راستے بھی شامل ہیں۔ اس سے قبل پونے- سائی نگر شرڈی ایکسپریس ریلوے خدمات کا کل ویشنو کے ہاتھوں افتتاح عمل میں آیا۔ اس موقع پر انھوں نے آڑندی میں میگا کوچ ٹرمینل قائم کرنے کا اعلان کیا۔ وزیرِ موصوف نے کل پونے کے قریب رانجن گاؤں صنعتی علاقے میں جبیل نامی الیکٹرانک انڈسٹری کی توسیعی سہولت کا بھی افتتاح کیا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم نریندری مودی نے اعلان کیا ہے کہ بھارت اور برطانیہ کے درمیان جامع معاشی و تجارتی معاہدہ آئندہ 15 جولائی سے نافذ ہوگا۔ یہ معاہدہ دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دے گا اور اس سے بھارتی کسانوں‘ مزدوروں‘ مائیکرو، چھوٹے اور درمیانی درجے کے کاروباری اداروں‘ اسٹارٹ اَپس اور اختراع کاروں کیلئے بہت سے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ وزیرِ اعظم نے بتایا کہ یہ معاہدہ ترقی یافتہ بھارت 2047 کے ہدف کی جانب ایک اہم قدم ہے اور اس سے بھارت کی معاشی ترقی کو بڑا فروغ ملے گا۔
***** ***** *****
رکنِ پارلیمان اروند ساونت نے لوک سبھا اسپیکر اوم برلا کو ایک خط لکھ کر درخواست کی ہے کہ شیوسینا اُدّھو بالا صاحب ٹھاکرے پارٹی کی نمائندگی کا دعویٰ کرنے والے کسی بھی باغی گروپ کو تسلیم نہ کیا جائے۔ انوھں نے یہ خط میڈیا رپورٹس کے پس منظر میں لکھا ہے کہ پارٹی کے چند ممبرانِ پارلیمنٹ کو لوک سبھا دفتر سے رابطہ کررہے ہیں تاکہ ایک آزاد گروپ کے طور پر انھیں شناخت مل سکے۔ اس سلسلے میں اراکینِ پارلیمنٹ انل دیسائی اور اروند ساونت نے کل لوک سبھا اسپیکر اوم برلا سے ملاقات کی۔
***** ***** *****
کابینہ کی ایک ذیلی کمیٹی نے ریاست میں مذہبی‘ سیاسی اور سماجی احتجاج کے دوران درج 44 مقدمات واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذیلی کمیٹی کے چیئرمین آشیش شیلار نے بتایا کہ اس سلسلے میں سفارشات حکومت کو دے دی گئی ہیں۔ تاہم انھوں نے بتایا کہ خواتین سے متعلق جرائم، سنگین مقدمات‘ ذاتی اور دیوانی معاملات سے متعلق مقدمات واپس نہیں لیے جائیں گے۔
***** ***** *****
مرکزی وزیرِ مملکت نموبین بمبھانیہ نے کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں ایک صحافتی کانفرنس کا انعقاد کیا اور وزیرِ اعظم نریندر مودی کی قیادت میں 12 سالہ حکومت کے دوران نافذ کی گئیں اسکیمات کا جائزہ لیا۔ انھوں نے بتایا کہ گذشتہ 12 برسوں کے دوران مرکزی حکومت نے عام شہریوں کی ترقی کیلئے کئی اہم اسکیمات نافذ کی ہیں جو اعلانات تک محدود نہیں رہیں بلکہ انھیں مؤثر اور کامیابی کے ساتھ نافذ کیا گیا۔ انھوں نے کہا:
Byte: Union Minister Nimuben Bambhaniya
اس موقع پر دیگر پسماندہ بہوجن بہبود کے وزیر اتل ساوے اور سابق مرکزی وزیرِ مملکت برائے خزانہ ڈاکٹر بھاگوت کراڑ موجود تھے۔
***** ***** *****
خواتین کے T-20 عالمی کپ کرکٹ مقابلے میں کل بھارت نے نیدر لینڈ کو 95 رنوں سے شکست دے دی۔ بھارتی ٹیم نے پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے 209 رنوں کا ہدف دیا۔ جوابی کھیل کے دوران نیدر لینڈ کی ٹیم 114 رنوں پر ڈھیر ہوگئی۔ اسمرتی مندھانا نے 74 اور شیفالی ورما نے 55 رنز بنائے۔
وہیں بھارت اور افغانستان کے درمیان مردوں کی کرکٹ سیریز کے دوسرے یک روزہ میچ میں بھارت نے افغانستان کو 170 رنوں سے ہرادیا۔ اسی کے ساتھ بھارت نے تین میچوں کی سیریز میں دو- صفر کی برتری حاصل کرلی۔
***** ***** *****
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ دو دنوں میں ریاست کے چاروں ڈویژنس میں دور دراز کے مقامات پر تیز ہواؤں‘ بادلوں کی گرج اور بجلی کی چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ قانون ساز کاؤنسل کی 17 میں سے 11 نشستوں کیلئے آج رائے دہی؛ چھ نشستوں پر مہایوتی اُمیدوار بلامقابلہ منتخب۔
٭ مہاراشٹر میں ریلوے کی ترقی کی خاطر کم و بیش دو لاکھ کروڑ روپؤں کی سرمایہ کاری کا ریلوے کے وزیر نے کیا اعلان۔
٭ بھارت- برطانیہ، جامع معاشی و تجارتی معاہدہ آئندہ 15 جولائی سے ہوگا نافذ۔
٭ کابینہ کی ذیلی کمیٹی نے ریاست میں مذہبی، سیاسی اور سماجی تحریکوں کے درمیان درج 44 مقدمات واپس لینے کا کیا فیصلہ۔
اور۔۔۔٭ خواتین کے T-20 عالمی کپ کرکٹ مقابلوں میں بھارت نے نیدر لینڈ کو 95 رنوں سے ہرایا؛ مردوں کے کرکٹ مقابلے میں بھارت نے افغانستان کو 170 رنوں سے شکست دیکر سیریز میں حاصل کی برتری۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment