Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 28 June 2026
Time: 09:00-09:10 AM
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۸۲/جون ۶۲۰۲ء
وقت: 09.00 سے 09.10/ بجے
***** ***** *****
سرخیاں
پہلے خاص خبروں کی سرخیاں...
٭ بھیونڈی میں ٹی ای ٹی کا سوالیہ پرچہ افشاء ہوجانے کے سبب آج مجوزہ امتحان ملتوی؛ تین افراد گرفتار۔
٭ پرچہ لیک ہونے کے معاملے کی جانچ کیلئے وزیرِ اعلیٰ کی جانب سے ایس آئی ٹی کی تشکیل۔
٭ پارٹی کے منحرف ارکانِ پارلیمان کے انتخابی حلقوں میں اُدّھو ٹھاکرے کے دوروں کا آغاز۔
٭ وزیرِ اعظم نریندر مودی کی آج ”من کی بات“ پروگرام میں عوام سے گفتگو۔
اور۔۔۔ ٭ قومی پلس پولیو مہم کے تحت آج صفر تا پانچ برس کے بچوں کو پولیو کی خوراک پلانے کی انتظامیہ کی اپیل۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
ریاستی امتحانی کونسل نے آج مجوزہ اساتذہ اہلیتی جانچ یعنی ٹی ای ٹی امتحان ملتوی کردئیے ہیں۔ بھیونڈی پولس کی جانب سے سوالیہ پرچہ فروخت کرنے کے شبے میں تین افراد کی گرفتاری کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا۔ گرفتار کیے گئے افراد میں ریاست ِ بہار سے تعلق رکھنے و الے راجیو شاء اور آکاش کمار اور ہریانہ کے دھیرج سنگھ شامل ہیں۔ ان ملزمان کے قبضے سے موبائل فون‘ نقد رقم اور ٹی ای ٹی سوالیہ پرچوں کے چار سیٹ ضبط کیے گئے۔ ابتدائی جانچ میں پتہ چلا ہے کہ گرفتار شدگان کے قبضے سے ضبط کیے گئے سوالیہ پرچوں کے کچھ سوالات اور ٹی ٹی ای 2026- کے حقیقی سوالنامے میں کچھ سوالات یکساں تھے۔ اس پورے معاملے کی باریکی سے جانچ جاری ہے اور سوالیہ پرچہ ملزمان تک کس طرح پہنچا اور اس معاملے میں کون کون شامل ہے اس بات کی پولس تحقیقات کررہی ہے۔ امتحان کی نئی تاریخ اور دیگر ضروری معلومات مہاراشٹر اسٹیٹ ایگزامنیشن کونسل کی ویب سائٹ پر جاری کی جائیگی۔ دریں اثناء‘ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے اس معاملے کی جانچ کیلئے خصوصی تحقیقاتی ٹیم یعنی ایس آئی ٹی تشکیل دے دی ہے۔ تھانہ کے ایڈیشنل پولس کمشنر پنجاب راؤ اُگلے کی زیرِ قیادت ٹیم اس معاملے کی جانچ کرے گی۔ دیویندر پھڑنویس نے وزیرِ تعلیم دادا بھوسے اور ڈائریکٹر جنرل آف پولس سے گفتگو کرکے خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت بھی کی ہے۔
***** ***** *****
نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کہا ہے کہ ریاستی حکومت بدعنوانی کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ انھوں نے کہا کہ سوالیہ پرچہ افشاء ہونا محض ایک بے ضابطگی نہیں بلکہ منظم جرائم کی شکل اختیار کرنے والا جرم ہے۔ کل ممبئی میں اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایکناتھ شندے نے وضاحت کی کہ اس معاملے کے سرغنہ اور دیگر ملزمان کے خلاف مہاراشٹر انسدادِ منظم جرائم قانون یعنی مکوکا کے تحت کارروائی کرنے کیلئے انھوں نے وزیرِ اعلیٰ سے تفصیلی تبادلہئ خیال کیا ہے۔
***** ***** *****
دریں اثناء‘ رائے گڑھ قلعے پر شیوراج ابھیشیک دن اُتسو کمیٹی اور کوکن کڑا متر منڈل کی جانب سے شیوراج ابھیشیک کے پروگرام میں بھی ایکناتھ شندے نے شرکت کی۔ اس موقع پر انھوں نے تیقن دیا کہ رائے گڑھ میں پینے کے پانی کی فراہمی کیلئے قلعے کی آبرسانی اسکیم کو منظوری دی جائیگی۔
***** ***** *****
پنیہ شلوک اہلیا دیوی ہولکر کسان قرض معافی اسکیم کے تحت جولائی کے دوسرے ہفتے سے قرض معافی کی رقم کسانوں کے کھاتوں میں راست طور پر جمع ہونا شروع ہوگی۔ یہ اعلان انتظامیہ کی جانب سے کیا گیا ہے۔ قرض کھاتوں کی معلومات یا بینک کی تفصیلات میں تکنیکی خامیاں پائی جاتی ہیں تو کسان اس کے ازالے کیلئے درخواست کرسکیں‘ اس کیلئے ازالہئ شکایات کا نظام قائم کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
رکنِ پارلیمنٹ روہت پور نے الزام عائد کیا ہے کہ کسانو ں کو دی جارہی قرض معافی محض ایک دھوکہ ہے اور انتباہ دیا کہ 29 جون کو وہ چھترپتی سمبھاجی نگر میں اس کے خلاف مذمتی مظاہرہ کر یں گے۔ وہ کل بیڑ میں ایک اطلاعی کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے الزام عائد کیا کہ ریاستی حکومت کسانو ں کو مناسب قرض معافی دینے میں ٹال مٹول کررہی ہے۔
***** ***** *****
اُدّھو باڑا صاحب ٹھاکرے پارٹی کے سربراہ اُدّھو ٹھاکرے نے پارٹی کے کارکنوں کو ترغیب دی ہے کہ وہ پارٹی کو اس کی سابقہ شان و شوکت اور وقار واپس دلانے کیلئے متحد ہوجائیں۔ کل ہنگولی میں ایک جلسہئ عام سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے ہنگولی کے رکنِ پارلیمان ناگیش پاٹل آشٹیکر کے پارٹی سے منحرف ہونے پر سخت تنقید کی اور کہا کہ جو لوگ شیوسینا چھوڑ کر گئے وہ ختم ہوگئے، لیکن شیوسینا نئی طاقت کے ساتھ دوبارہ کھڑی ہوئی ہے اور یہی تاریخ ہے اور اس تاریخ کو ہنگولی میں بھی دوبارہ زندہ کیا جائے۔
اُدّھو ٹھاکرے نے کل ایوت محل اور واشم میں بھی عام اجتماعات سے خطاب کیا اور پارٹی منحرفین کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ اسمبلی انتخابات کیلئے واشم اسمبلی حلقے سے ڈاکٹر سدھارتھ دیوڑے کی امیدواری کا بھی انھوں نے اعلان کیا۔ آج صبح دس بجے اُدّھو ٹھاکرے پربھنی کے اَکشدا منگل کاریالیہ میں ایک جلسہئ عام سے خطاب کریں گے‘ جبکہ شام کو دھاراشیو میں ایک عوامی اجتماع میں بھی شرکت کریں گے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جا رہی ہیں۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم نریندر مودی آج صبح آکاشوانی کے ماہانہ پروگرام ”من کی بات“ میں عوام سے مخاطب ہوں گے۔ یہ اس سلسلے کی 135 ویں قسط ہے۔ آکاشوانی اور دوردرشن کے تمام مراکز اور نیوز آن اے آئی آر موبائل ایپ پر یہ پروگرام نشر کیا جائے گا۔
***** ***** *****
وزیرِ محصول چندر شیکھر باون کڑے نے کہا ہے کہ ملک کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے فوجیوں کی بیواؤں‘ ماؤں اور قانون ورثاء کو زرعی مقاصد کیلئے سرکاری زمینوں کی منتقلی کیلئے اب اسٹیمپ ڈیوٹی ادا نہیں کرنا ہوگا۔ اسی دوران انھوں نے محکمہ محصول کی مبینہ بدعنوانیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ چند ایک معاملات میں محض معمولی فرق پایا گیا ہے اور ہر فرق کو گھوٹالہ نہیں کہا جاسکتا۔ انھوں نے بتایا کہ اس معاملے کی تحقیقات کیلئے ایک ٹاسک فورس بھی قائم کی گئی ہے۔
***** ***** *****
آج ریاست بھر میں قومی پلس پولیو مہم کے تحت صفر تا پانچ برس کے بچوں کو پولیوکی خوراک پلائی جارہی ہے۔ ریاست کے وزیرِ صحت پرکاش آبٹکر نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلائیں تاکہ مہاراشٹرکو پولیو سے پاک رکھنے کا اعزاز برقرار رکھا جاسکے۔ اس مہم کیلئے ریاست بھر میں 89 ہزار 489 پلس پولیو مراکز‘ 26ہزار 530 ٹرانزٹ ٹیمیں‘ 13 ہزار 518 موبائل ٹیمیں اور 586 رات کی ڈیوٹی والی ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔
چھترپتی سمبھاجی نگر میں اس مہم کا افتتاح آج صبح آٹھ بجے سے میونسپل کارپوریشن کے این8- میں واقع اسپتال میں ہوا۔ جبکہ جالنہ ضلع کی ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر جئے شری بھسارے نے بھی تمام والدین سے اپنے بچوں کو پولیو کی خوراک دینے کی اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
دھاراشیو کے سرکاری آیوروید کالج کے محقق شبھم دھوت نے خون کی بیماری ہیمو فیلیا کے علاج کیلئے ایک نئی دوا تیار کی ہے۔ سات سالہ تحقیق کے بعد 4 اگست 2025 سے مریضوں پر اس کا عملی استعمال شروع کیا گیا۔ 180 روزہ علاج کا یہ طریقہ ”رَکت امرتی وَٹی“ کے نام سے جانا جاتا ہے۔ ریاست کے مختلف علاقوں کے 130 مریضوں پر اس علاج کا استعمال جاری ہے اور اس کے حوصلہ افزاء نتائج سامنے آرہے ہیں۔ اس حوالے سے مریضوں نے آکاشوانی سے گفتگو میں اپنے مثبت تجربات بیان کیے ہیں۔
***** ***** *****
بیڑ ضلع کے کیج تعلقے میں ولاس گھلے قتل کیس میں ایس آئی ٹی نے رکنِ پارلیمان بجرنگ سونونے کی کیج میں واقع رہائش گاہ کی تلاشی لی۔ مدعی رمیش گھلے کے ضمنی بیان میں بجرنگ سونونے کے فرزند سوربھ سونونے کا نام لیے جانے کے بعد وزیرِ اعلیٰ کی ہدایت پر اس معاملے کی تحقیقات کیلئے ایس آئی ٹی تشکیل دی گئی ہے۔
***** ***** *****
ریاست کے بڑے‘ درمیانی اور چھوٹے آبی ذخائر میں فی الحال اوسطاً 22 اعشاریہ 73 فیصد قابلِ استعمال پانی موجود ہے۔ گذشتہ سال اسی تاریخ کو یہ مقدار 42 اعشاریہ 16 فیصد تھی۔ چھترپتی سمبھاجی نگر ڈویژن میں 24 اعشاریہ 52 فیصد پانی کا ذخیرہ موجود ہے۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ، ودربھ، کوکن اور مغربی مہاراشٹر کے بیشتر اضلاع میں آج بارش کا یلو الرٹ جاری کیا گیاہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ان علاقوں میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
***** ***** *****
سرخیاں
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر....
٭ بھیونڈی میں ٹی ای ٹی کا سوالیہ پرچہ افشاء ہوجانے کے سبب آج مجوزہ امتحان ملتوی؛ تین افراد گرفتار۔
٭ پرچہ لیک ہونے کے معاملے کی جانچ کیلئے وزیرِ اعلیٰ کی جانب سے ایس آئی ٹی تشکیل۔
٭ پارٹی کے منحرف ارکانِ پارلیمان کے انتخابی حلقوں میں اُدّھو ٹھاکرے کے دوروں کا آغاز۔
٭ وزیرِ اعظم نریندر مودی کی آج ”من کی بات“ پروگرام میں عوام سے گفتگو۔
اور۔۔۔ ٭ قومی پلس پولیو مہم کے تحت آج صفر تا پانچ برس کے بچوں کو پولیو کی خوراک پلانے کی انتظامیہ کی اپیل۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment