Monday, 29 June 2026

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 29 جون 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 29 June-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۹۲/جون ۶۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ قوم کی تعمیر و ترقی میں شہریوں کی شرکت ہی ملک کی سب سے بڑی طاقت ہے: وزیر اعظم کا اظہارِ خیال۔
٭ ”من کی بات“ پروگرام میں وزیر اعظم نے کی ناندیڑ ضلعے کے پیٹکر خاندان کے ترغیبی اقدام کی ستائش۔
٭ مرکزی وزیر چراغ پاسوان کے ہاتھوں پربھنی میں مرکزی فوڈ پروسیسنگ انڈسٹری کا افتتاح۔
٭ پارٹی سے منحرف ارکان سے متعلق لوک سبھا اسپیکر قوانین کے مطابق فی الفور فیصلہ لیں: اُدھو ٹھاکرے کا مطالبہ۔
اور۔۔۔٭ آئندہ چار تا پانچ دنوں میں مراٹھواڑہ میں ہلکی سے اوسط درجے کی بارش کا امکان۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ قوم کی تعمیر میں شہریوں کی شراکت ملک کی سب سے بڑی طاقت ہے۔ وہ آکاشوانی کے ماہانہ پروگرام”من کی بات“ میں عوام سے خطاب کر رہے تھے۔ اس سلسلے کی 135 ویں قسط گزشتہ روز نشر کی گئی۔ انہوں نے دیسی مصنوعات، خود کفیل بھارت، عوامی شراکت اور ماحولیاتی تحفظ کے موضوعات پر خصوصی زور دیا۔
ماہِ جون میں دفاعی شعبے میں ہونے والی پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے پوری طرح سے دیسی جنگی جہازوں آئی این ایس دُوناگری، آئی این ایس سنشودھک اور آئی این ایس اگریے کا فخریہ اظہار کیا۔ اسی طرح انہوں نے C-295 طیارے کی پہلی کامیاب پرواز اور طویل فاصلے تک مار کرنے والے لینڈ اٹیک کروز میزائل کے تجربے کے بارے میں بھی بات کی۔
بین الاقوامی یوگا دن کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے احمد آباد میں منعقدہ مقابلوں میں 114 تمغے جیتنے اور ملک کو سرِ فہرست مقام دلانے پر کھلاڑیوں کی تعریف کی۔
وزیرِاعظم نے کہا کہ مغربی ایشیاء میں بحران کے پس منظر میں شہریوں سے ان کی اپیل پر زبردست تعاون حاصل ہوا۔ اس پر انہوں نے شہریوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا کہ عوامی شمولیت کی یہ طاقت ہی ہمیں کامیاب کرے گی۔
وزیر ِاعظم نے بارش کا پانی محفوظ کرنے کیلئے ”کیچ دی رین“ مہم میں حصہ لینے کی اپیل بھی کی۔
وزیر ِاعظم مودی نے ناندیڑ ضلعے کے بہادر پورہ میں پیٹکر خاندان کی طرف سے اٹھائے گئے سماجی اقدام کی تعریف کرتے ہوئے کہا:
Byte: Prime Minister Narendra Modi
دریں اثناء‘ پیٹکر خاندان نے ”من کی بات“ میں وزیر ِاعظم کی جانب سے ان کے اقدام کی ستائش کیے جانے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
***** ***** *****
پربھنی کی وسنت راؤ نائیک مراٹھواڑہ زرعی یونیورسٹی میں کامن انکیوبیشن سنٹر کا افتتاح کل مرکزی وزیر برائے اغذیہ پروسیسنگ صنعت چراغ پاسوان کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ انہوں نے زرعی مصنوعات کی قدر میں اضافہ کرکے فوڈ پروسیسنگ صنعت کو وسعت دینے کی ضرورت کا اظہار کیا۔ پاسوان نے قدرتی کھیتی کو فروغ دینے اور خوراک کے ضیاع کو روکنے پر بھی زور دیا، ساتھ ہی ”میڈ ان انڈیا“ مصنوعات کو عالمی معیار کے مطابق لانے کیلئے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کرنے کا پیغام دیا۔ اس سنٹر کے بارے میں معلومات دیتے ہوئے انہوں نے کہا:
Byte: Cabinet Minister of Food Processing Industries Chirag Paswan
اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ضلعے کی رابطہ وزیر میگھنا بورڈیکر نے پربھنی سمیت مراٹھواڑہ میں زرعی صنعتوں، خواتین بچت گروپس اور صنعت کاروں سے پہل کرنے کی اپیل کی۔
قبل ازیں‘ چراغ پاسوان نے کل ناندیڑ میں شری حضور صاحب سچکھنڈ گرودوارہ اور شنکر راؤ چوہان یادگاری میوزیم کا دورہ بھی کیا۔
***** ***** *****
شیوسینا اُدّھو بالا صاحب ٹھاکرے پارٹی کے سربراہ اُدھو ٹھاکرے نے مطالبہ کیا ہے کہ لوک سبھا اسپیکر کو بغیر کسی دباؤ کے پارٹی سے انحراف کے معاملات میں فوری فیصلہ لینا چاہیے۔ وہ کل پربھنی میں ایک جلسہئ عام سے خطاب کررہے تھے۔ ٹھاکرے نے پارٹی سے بغاوت کرنے والے اراکینِ پارلیمان پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ ان لوگوں نے آنجہانی بالاصاحب ٹھاکرے کے خیالات سے انحراف کرکے پارٹی کو دھوکہ دیا ہے‘ تاہم انہوں نے دوسروں کو نہیں بلکہ اپنی سیاسی خودکشی کرلی ہے۔
ٹھاکرے نے دھاراشیو میں منعقدہ ایک اجتماعِ عام میں کہا کہ ریاستی حکومت کا قرض معافی کا اعلان کسانوں کے ساتھ دھوکہ ہے۔ انہوں نے رکنِ پارلیمان اوم راجے نمبالکر کے انحراف پر بھی شدید تنقید کی۔ جبکہ پارٹی کے ترجمان سنجے راؤت نے الزام لگایا کہ اوم راجے نمبالکر نے تحقیقاتی ایجنسیوں کے دباؤ میں آکر پارٹی سے بغاوت کی ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
بھیونڈی سیشن کورٹ نے ٹیچر اہلیتی امتحان(ٹی ای ٹی) پرچہ افشاء معاملے میں گرفتار تین ملزمان کو 6 جولائی تک پولس تحویل میں رکھنے کا حکم دیا ہے۔ پولس کے مطابق اس معاملے میں دو اور ملزمان فرار ہیں، اور ان کی تلاش جاری ہے۔ پولس کو شبہ ہے کہ یہ معاملہ صرف مقامی یا ریاستی سطح تک ہی محدود نہیں ہے بلکہ اس کے پیچھے ایک بین الریاستی گروہ سرگرم ہے۔
***** ***** *****
قومی پلس پولیو مہم کا کل سے آغاز ہو گیا۔ مرکزی وزیرِ مملکت برائے صحت پرتاپ راؤ جادھو نے بتایا کہ یہ مہم ملک کی ”پولیو سے پاک“ شناخت کو برقرار رکھنے کیلئے مستقبل میں بھی جاری رہے گی۔ وہ بلڈانہ ضلعے کے مہکر میں مہم کا آغاز کرنے کے بعد مخاطب تھے۔ جادھو نے کہا کہ اس مہم کے تحت ملک بھر میں پانچ سال تک کی عمر کے 15 کروڑ سے زیادہ بچوں کو پولیو کی خوراک پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ دریں اثناء‘ جو بچے کل‘ پہلے دن پولیو کے قطرے پینے سے محروم رہ گئے تھے، انہیں آئندہ پانچ دنوں تک صحت ملازمین گھر گھر جا کر پولیو کی خوراک پلائیں گے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میں میئر سمیر راجورکر کی موجودگی میں میونسپل کارپوریشن کے این 8-میں واقع اسپتال میں پولیو مہم کا افتتاح عمل میں آیا۔ بعد ازاں‘ کل پہلے دن میونسپل کارپوریشن کی حدود میں 84 فیصد اور ضلع بھر میں 94 فیصد بچوں کو پولیوکی خوراک پلائی گئی۔
اس مہم کو لاتور ضلعے میں بھی زبردست پذیرائی ملی۔ پولیو مہم کا آغاز وزیرِ تعاون باباصاحب پاٹل کی موجودگی میں شِرور تاج بند کے ابتدائی صحت مرکز میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی خوراک پلاکر کیا گیا۔
جبکہ ناندیڑ ضلعے میں انتظامیہ نے تین لاکھ 88 ہزار 526 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔
ہنگولی میں اس مہم کا افتتاح محکمہ صحت اور خاندانی بہبود کے کمشنر سنجے کاٹکر نے کیا۔
***** ***** *****
راشٹروادی کانگریس شرد چندر پوار پارٹی کے پرچم تلے کسانوں کے قرضہ جات معاف کرنے کیلئے آج چھترپتی سمبھاجی نگر میں ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں شرکت کیلئے رکنِ اسمبلی روہت پوار کی کل شہر آمد ہوئی۔ اس موقعے پر صحیفہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ ارکانِ پارلیمان کی طرح اب مستقبل میں اراکینِ اسمبلی پارٹی نہیں چھوڑیں گے۔
***** ***** *****
ریاستی حج کمیٹی کی جانب سے سفرِ حج پر جانے والے عازمین کیلئے آن لائن درخواست دہی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ یہ درخواستیں حج کمیٹی کی ویب سائٹ اور حج سہولت موبائل ایپ پر آئندہ 20 جولائی تک کی جا سکتی ہیں۔ حج ہاؤس کے اکاؤنٹس آفیسر شعیب شیخ نے بتایا کہ عازمین کی رہنمائی کیلئے چھترپتی سمبھاجی نگر کے حج ہاؤس میں ایک ہیلپ ڈیسک شروع کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
انسدادِ دہشت گردی دستے نے کل جالنہ شہر میں نشہ آور گولیوں کی غیر قانونی فروخت کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایک ہزار 80 نشہ آور گولیاں ضبط کیں۔ اس معاملے میں قدیم جالنہ پولس اسٹیشن میں میڈیکل مالک سمیت دو افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
خواتین کے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ عالمی کپ میں کل کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے بھارت کو چھ وکٹوں سے ہرا دیا۔ لندن میں کھیلے گئے اس میچ میں بھارتی ٹیم نے پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے چار وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز بنائے۔ جبکہ آسٹریلوی ٹیم نے یہ ہدف 19 ویں اوور میں حاصل کر لیا۔ اس شکست کے ساتھ ہی ٹورنامنٹ میں بھارتی ٹیم کا چیلنج بھی ختم ہوگیا۔
***** ***** *****
موسم: محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ چار تا پانچ دنوں تک مراٹھواڑہ بھر میں موسم ابر آلود رہے گا اور چند مقامات پر ہلکی سے اوسط بارش ہوگی۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ قوم کی تعمیر و ترقی میں شہریوں کی شرکت ہی ملک کی سب سے بڑی طاقت ہے: وزیر اعظم کا اظہارِ خیال۔
٭ ”من کی بات“ پروگرام میں وزیر اعظم نے کی ناندیڑ ضلعے کے پیٹکر خاندان کے ترغیبی اقدام کی ستائش۔
٭ مرکزی وزیر چراغ پاسوان کے ہاتھوں پربھنی میں مرکزی فوڈ پروسیسنگ انڈسٹری کا افتتاح۔
٭ پارٹی سے منحرف ارکان سے متعلق لوک سبھا اسپیکر قوانین کے مطابق فی الفور فیصلہ لیں: اُدھو ٹھاکرے کا مطالبہ۔
اور۔۔۔٭ آئندہ چار تا پانچ دنوں میں مراٹھواڑہ میں ہلکی سے اوسط درجے کی بارش کا امکان۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment