Sunday, 5 July 2026

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 05 جولائی 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 05 July-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۵/جولائی ۶۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ریاست کے کسانوں کے لیے ترمیم شدہ وزیر اعظم فصل بیمہ اسکیم نافذ۔
٭ مرکزی حکومت نے پیاز کی سرکاری قیمت خریدمیں 13 فیصدکا کیا اضافہ۔
٭ امداد باہمی اداروں کے نیٹ ورک کواور مضبوط کرنے کے لیے ”امداد باہمی تعلیمی فنڈ“ قائم کیا جائے گا: وزیر اعلیٰ کا اعلان۔
٭ پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کا 20 جولائی تا 13 اگست کے دوران انعقاد۔
اور۔۔۔٭ پنڈھرپور جانے والی پالکھیوں کی آمد سے مراٹھواڑہ میں جوش و خروش۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
ریاست کے کسانوں کے لیے مالی سال 2026-27 کے لیے ترمیم شدہ وزیر اعظم فصل بیمہ اسکیم نافذ کر دی گئی ہے۔ وزیر زراعت دتاتریہ بھرنے نے کسانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ 31 جولائی سے پہلے اس اسکیم میں اپنا اندراج کرائیں۔ نئی اسکیم کے مطابق اگر کسی مقررہ محصول حلقے میں طئے کردہ فصل کی موجودہ سال میں اوسط پیداوار مقررہ حد سے کم رہتی ہے تو متعلقہ کسانوں کو بیمے کامعاوضہ دیا جائے گا۔ خریف سیزن کے لیے چاول، جوار، باجرہ، ناگلی، مونگ، اُڑد، تور، مکئی، مونگ پھلی، تل، سویا بین، کپاس اور خریف پیاز سمیت مجموعی طور پر 14 فصلیں اس اسکیم میں شامل کی گئی ہیں۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت نے پیاز کی قیمت خرید میں 13 فیصد کا اضافہ کیا ہے۔ اب یہ قیمت ایک ہزار 875 روپے فی کوئنٹل سے بڑھا کر دو ہزار125 روپے فی کوئنٹل کر دی گئی ہے۔ صارفین کے امور، خوراک اور عوامی تقسیم کی وزارت کے مطابق نئی قیمت خرید کل سے نافذ ہو گئی ہے۔ وزارتِ زراعت کے 2025-26 کے دوسرے پیشگی اندازے کے مطابق ملک میں پیاز کی پیداوار 307 لاکھ میٹرک ٹن سے زائد ہونے کی توقع ہے۔ مہاراشٹر، مدھیہ پردیش اور گجرات میں اس وقت پیاز کا وافر ذخیرہ موجود ہے اور قلت کے کوئی آثار نہیں ہیں۔ اس سال جون کے مہینے میں تقریباً ایک لاکھ پچاس ہزار میٹرک ٹن پیاز برآمد کی گئی ہے۔
***** ***** *****
وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے اعلان کیا ہے کہ ریاست میں تربیت یافتہ کارکن تیار کرنے اورامداد باہمی اداروں کے نیٹ ورک کواور مضبوط کرنے کے لیے ایک امداد باہمی تعلیمی فنڈ قائم کیا جائے گا۔ وہ کل ممبئی میں ریاستی امداد باہمی تنظیم کے ایک پروگرام سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی موجودہ پالیسیاں ملک کی مجموعی قومی پیداوار (GDP) میں امداد باہمی شعبے کے حصے کو تین گنا بڑھانے کے مقصد سے تیار کی گئی ہیں۔
اسی دوران بین الاقوامی امداد باہمی دن کے موقع پر ریاستی امداد باہمی تنظیم اور ”سہکاری مہاراشٹر“ کی جانب سے امداد باہمی شعبے میں نمایاں خدمات انجام دینے والے اداروں اور افراد کو وزیر اعلیٰ کے ہاتھوں اعزازی نشان اور اسناد دے کر سراہا گیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے یقین دہانی کرائی کہ ریاستی امداد باہمی تنظیم کے معطل کیے گئے فنڈ کو دوبارہ شروع کرنے کے بارے میں آئندہ ایک ماہ کے اندر فیصلہ کیا جائے گا۔
***** ***** *****
اساتذہ کے اہلیتی امتحان ٹی ای ٹی کے پرچے کے افشاء کیے جانے کے معاملے میں پولس نے مزید تین افراد کو گرفتار کیا ہے۔ یہ تینوں آگرہ کے اُس پرنٹنگ پریس کے ملازم ہیں جہاں امتحان کا پرچہ چھاپا گیا تھا۔ بھیونڈی کی عدالت نے ان ملزمان کو 9 جولائی تک پولس تحویل میں بھیج دیا ہے۔ اس معاملے میں اب تک مجموعی طور پر 10 افراد گرفتار کیے جا چکے ہیں۔
***** ***** *****
پیٹرولیم ماہرین اور آٹوموبائل صنعت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ 20 فیصد ایتھانول کی آمیزش کیا ہواایندھن20 -Eمکمل اور مفصل جانچ کے بعد استعمال کے لیے منظور کیا گیا ہے، لہٰذا گاڑی مالکان اس بارے میں کسی قسم کا شبہ نہ رکھیں۔ کل پونے میں آٹوموٹیو ریسرچ ایسوسی ایشن آف انڈیا (ARAI) کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ریجی ماتھائی نے بتایا کہ20 -Eایندھن کے لیے تیار کی گئی گاڑیوں کو تقریباً 40 سے 60 ہزار کلومیٹر تک تجزیہ گاہ اور سڑک دونوں جگہوں پر جانچ کے بعد ہی استعمال میں لایا جاتا ہے۔
***** ***** *****
پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس 20 جولائی سے 13 اگست کے دوران منعقد ہوگا۔ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کی منظوری کے بعد پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو نے کل نئی دہلی میں اس کی اطلاع دی۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
سابق وزیر اعلیٰ سدھاکر راؤ نائک کی یومِ پیدائش 21 اگست کو ریاستی حکومت اب”آبی تحفظ دن“ کے طور پر منائے گی۔ مٹی اور آبی تحفظ کے وزیر سنجے راٹھوڑ کی پہل پر حکومت نے یہ تبدیلی کی ہے۔ اس سے پہلے 10 مئی، جو سدھاکر راؤ نائک کی برسی کے دن، کو ”آبی تحفظ دن“ کے طور پر منایا جاتا تھا۔
***** ***** *****
آشاڑھی ایکادشی کے موقع پر مکتائی نگر سے پنڈھرپور جانے والی سنت مکتابائی پالکھی کل جالنہ شہر پہنچ گئی۔ آج صبح ساڑھے نو بجے تک جے۔ ای۔ ایس۔ کالج کے احاطے میں پالکھی پروگرام منعقد ہوگا۔ وارکری عقیدت مندوں کی سہولت کے لیے انتظامیہ کی جانب سے تمام ضروری انتظامات کیے گئے ہیں۔
شیگاؤں سے سنت شری گجانن مہاراج کی پالکھی کل ہنگولی ضلع سے پربھنی ضلع کے زیرو پھاٹا پہنچی۔ شریکشیتر تری دھارا میں پالکھی کا قیام رہا۔ ”واری وٹھوباچی – ساتھ آروگیہ چی“ مہم کے تحت محکمہ صحت کی جانب سے وارکریوں کا طبی معائنہ کیا گیا۔
***** ***** *****
ہنگولی ضلع کے نرسی نام دیو سے سنت نام دیو مہاراج کی پیدل پالکھی آج پنڈھرپور کے لیے روانہ ہوگی۔ نرسی سے پنڈھرپور تک 19 مقامات پر پالکھی کا قیام ہوگا، جبکہ پانچ مقامات پر اشو رنگن تقریب منعقد ہوگی۔ ان میں پہلی رنگن تقریب کل 6 جولائی کو ہنگولی کے رام لیلا میدان میں ہوگی۔
سنت شریشٹھ نیورتی ناتھ مہاراج کی پالکھی کے دوران پہلی گول رنگن تقریب کل ناسک ضلع کے سنّر تعلقہ کے داتلی گاؤں میں بڑے جوش و خروش سے منعقد کی گئی۔ اس موقع پر تقریباً 30 سے 35 ہزار وارکری شریک ہوئے۔
ایوت محل سے معذور افراد کی خصوصی واری وٹھل کے درشن کے لیے پنڈھرپور روانہ ہوئی ہے۔ سیوا سمرپن پرتشٹھان کے اس اقدام کا یہ تیسرا سال ہے۔ مکمل طور پر معذور افراد پر مشتمل یہ ریاست کی پہلی واری ہے، جو 22 دن میں 521 کلومیٹر کا سفر طئے کرتے ہوئے پنڈھرپور پہنچے گی۔
***** ***** *****
اہلیا نگر – بیڑ – پرلی ویجناتھ ریلوے پروجیکٹ کے وڑونی سے پرلی ویجناتھ تک آخری مرحلے کا کام اب تکمیل کے قریب پہنچ گیا ہے۔ اس روٹ پر ریل کی پٹری بچھانے کا 75 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے، جبکہ سگنلنگ اور بجلی کاری کا 80 فیصد کام مکمل ہو گیا ہے۔صد فی صد کام مکمل ہوتے ہی اس راستے پر برقی انجن کی براہِ راست آزمائش کی جا ئے گی۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر کی اورنگ آباد ضلع مرکزی کوآپریٹیو بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے انتخابات کے لیے کل ووٹنگ ہوئی۔ بینک کے 21 ڈائریکٹروں میں سے 8 بلا مقابلہ منتخب ہو چکے ہیں، جبکہ باقی 13 نشستوں کے لیے کل ووٹ ڈالے گئے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر کی سرسوتی بھون تعلیمی ادارے کے گووند بھائی شراف مطالعہ مرکز کے زیر اہتمام کل مراٹھی زبان بقاء اور ترقی کی خاطر کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر دسویں جماعت کے مراٹھی مضمون میں ناکامی کی وجوہات، ان کا تجزیہ، غور و فکر اور حل کے موضوعات پر ماہرین نے اپنے خیالات پیش کیے۔ حکومتِ ہند کے نمائندے اور ساہتیہ اکادمی کے ڈاکٹر نریندر پاٹھک اس موقع پر مہمانِ خصوصی تھے۔
***** ***** *****
ایودھیا میں شری رام مندر کے عطیات میں مبینہ خردبرد کے خلاف شیوسینا (ادھو بالا صاحب ٹھاکرے) کی جانب سے آج ریاست گیر ”شری رام رکشا گھنٹاناد“ احتجاج کیا جائے گا۔ چھترپتی سمبھاجی نگر میں پارٹی کے رہنما اور رکن اسمبلی امباداس دانوے کی قیادت میں گلمنڈی کے سپاری ہنومان مندر میں گھنٹیاں بجانے اور مہا آرتی کا اہتمام کیا جائے گا۔
***** ***** *****
ریاست کے کئی اضلاع میں موسلا دھار بارش کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر ہوئی ہے۔ ممبئی، تھانے، پال گھر، رائے گڑھ، رتناگیری، کولہاپور، پونے، ناسک، بلڈانہ، گوندیہ، جلگاؤں، گڑچرولی اور دیگر علاقوں میں شدید بارش کے باعث سیلابی صورتحال، سڑکوں پر پانی جمع ہونے، لینڈ سلائیڈنگ اور ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہونے کے واقعات سامنے آئے ہیں۔
مراٹھواڑہ کے بعض علاقوں میں موسلادھار جبکہ بعض مقامات پر ہلکی بارش ہوئی۔ جالنہ شہر اور ضلع میں کل دن بھر مسلسل بارش ہوتی رہی، جبکہ چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع میں صبح سویرے سے جاری ہلکی بارش کے باعث سورج نظر نہیں آیا۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے آج ممبئی میں طوفانی بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے کوکن، پونے اور ستارا گھاٹ ماتھا علاقوں کے لیے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے، جبکہ مراٹھواڑہ کے بعض علاقوں میں بھی شدید بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ ریاست کے کسانوں کے لیے ترمیم شدہ وزیر اعظم فصل بیمہ اسکیم نافذ۔
٭ مرکزی حکومت نے پیاز کی سرکاری قیمت خریدمیں 13 فیصدکا کیا اضافہ۔
٭ امداد باہمی اداروں کے نیٹ ورک کواور مضبوط کرنے کے لیے ”امداد باہمی تعلیمی فنڈ“ قائم کیا جائے گا، وزیر اعلیٰ کا اعلان۔
٭ پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کا 20 جولائی تا 13 اگست کے دوران انعقاد۔
اور۔۔۔٭ پنڈھرپور جانے والی پالکھیوں کی آمد سے مراٹھواڑہ میں جوش و خروش۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment