Tuesday, 7 July 2026

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 07 جولائی 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 07 July-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۷/جولائی ۶۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ شدید بارش کے پیشِ نظر سرکاری مشنری کو الرٹ موڈ پر رہنے کی ہدایت – وزیرِ اعلیٰ نے صورتحال کا لیا جائزہ۔
٭ ممبئی، کوکن اور ناسک ضلع کے لیے بارش کا ریڈ الرٹ، جبکہ مراٹھواڑہ میں اب بھی موسلا دھار بارش کا انتظار۔
٭ اس بار کی آشاڑھی واری میں دیہو اور آلندی کے بجائے پونے سے شامل ہونے کا وارکریوں کو مشورہ۔
اور۔۔۔٭ ناندیڑ–ممبئی اور ناندیڑ–ٹنک پور کے درمیان دو نئی ریل گاڑیوں کا آغاز۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے ممکنہ موسلا دھار بارش کے پیشِ نظر تمام سرکاری محکموں کو الرٹ موڈ پر رہنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کل قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے قائم کئے گئے کنٹرول روم میں اجلاس منعقد کرکے بارش کی موجودہ صورتحال اور ممکنہ شدید بارش کے انتباہ کا جائزہ لیا۔ وزیرِ اعلیٰ نے ہدایت دی کہ سیلابی صورتحال پیدا ہونے پر ریاستی اور قومی آفات سے نمٹنے والی ٹیموں کو فوری طور پر روانہ کیا جائے اور ہنگامی حالات میں شہریوں کو بروقت امداد فراہم کرنے کو یقینی بنایا جائے۔
ممبئی سمیت پورے کوکن کے تمام اضلاع، پال گھر اورپونے ضلع کے گھاٹ ماتھاعلاقے کیلئے طوفانی بارش کا ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ اسی دوران پونے، چھترپتی سمبھاجی نگر، بیڑ، اہلیا نگر، جلگاؤں، دھولیہ، بلڈانہ اور ودربھ کے بیشتر اضلاع کیلئے یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ ناسک ضلع کے لیے آج اورنج الرٹ جاری کیا گیا ہے اور بادل پھٹنے کے امکانات ظاہر کیے گئے ہیں۔ اس پس منظر میں وزیرِ اعلیٰ نے عوام اور انتظامیہ کو چوکس رہنے کی ہدایت دی۔انہوں نے بتایا کہ ناسک ضلع میں ہواکا کم دباؤ بننے کی اطلاع ملی ہے جس سے امکان ہے کہ ضلع میں بادل پھٹنے کا واقعہ پیش آئے۔وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ ضلع میں 300 ملی میٹر بارش ہوسکتی ہے جس کے پیش نظر ضلع انتظامیہ نے تیاری کر رکھی ہے۔
وہیں شدید بارش کے پیشِ نظر ریاستی اسمبلی کے دونوں ایوانوں کی کارروائی کل پورے دن کیلئے ملتوی کر دی گئی۔ ریاست میں گزشتہ چار دنوں کے دوران بارش سے متعلق مختلف حادثات میں 13 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع بازآبادکاری اور امداد کے وزیر گریش مہاجن نے قانون ساز کونسل میں دی۔
ضلع پال گھر میں کل تقریباً 200 شہریوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، جبکہ سیلاب میں پھنسے 45 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیاہے۔
پونے ضلع کے آلندی میں سیلابی پانی میں گھرے 400 سے زائد عقیدت مندوں کوبچایا گیا ہے۔ اندریانی ندی میں سیلاب آنے کے باعث مختلف مقامات پر پھنسے دیگر زائرین کے ساتھ ساتھ 150 گایوں کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔
اندریانی ندی پر واقع پل زیرِ آب آ چکے ہیں، اس لیے وزیر اعلیٰ نے پنڈھرپور کی آشاڑھی واری میں شرکت کیلئے دیہو اور آلندی آنے کے بجائے وارکریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ 10 جولائی کو پونے سے یاترا میں شامل ہوں۔
آشاڑھی واری کے لیے آج سنت تکارام مہاراج کی پالکھی دیہو سے روانہ ہوگی، جبکہ سنت گیانیشور مہاراج کی پالکھی کل بدھ کے روز آلندی سے روانہ ہونے کا پروگرام ہے۔
***** ***** *****
ممبئی، نوی ممبئی، تھانے، رائے گڑھ، پال گھر، اہلیا نگر اور پورے کوکن میں موسلا دھار بارش کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر ہوئے ہیں۔ احتیاطی اقدام کے طور پر ان اضلاع میں آج بھی اسکولوں اور کالجوں کو تعطیل دی گئی ہے۔
***** ***** *****
اگرچہ کوکن اور مغربی مہاراشٹر میں اچھی بارش ہو رہی ہے تاہم مراٹھواڑہ میں اب بھی بھرپور بارش کا انتظار ہے۔ چھترپتی سمبھاجی نگر شہر اور اس کے اطراف کل رات سے مسلسل بارش جاری ہے۔ جالنہ شہر اور نواحی علاقوں میں درمیانی درجے کی بارش ہو رہی ہے، جبکہ دھاراشیو ضلع میں بھی مسلسل بارش ہونے کی اطلاع ہمارے نمائندے نے دی ہے۔
بیڑ ضلع کے کل 173 چھوٹے اور بڑے ڈیموں میں اس وقت صرف 17 فیصد قابلِ استعمال پانی کا ذخیرہ موجود ہے۔ ضلع کے 81 چھوٹے آبی منصوبے مکمل طور پر خشک ہو چکے ہیں، جبکہ 79 آبی منصوبے ڈیڈ اسٹوریج کی سطح پر پہنچ گئے ہیں۔
***** ***** *****
شدید بارش کے پیشِ نظر گیارہویں جماعت میں داخلے کے خصوصی مرحلے کی آخری تاریخ 8 جولائی تک بڑھا دی گئی ہے۔ مرکزی آن لائن داخلہ عمل کے نظرِ ثانی شدہ شیڈول کے مطابق، 8 جولائی شام 6 بجے داخلے کے اگلے مرحلے کا شیڈول جاری کیا جائے گا، جبکہ 10 جولائی کو خالی نشستوں کی معلومات شائع کی جائے گی۔
***** ***** *****
قومی امتحانی ادارہ (NTA) نے NEET-UG-2026 کی امتحانی فیس کی واپسی کیلئے بینک اکاؤنٹ کی معلومات اپ ڈیٹ کرنے کے لیے آخری تاریخ میں کل تک کی توسیع کردی ہے۔ اب تک 8 لاکھ 29 ہزار 510 طلبہ اپنے بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات اپ ڈیٹ کر چکے ہیں اور انہیں امتحانی فیس واپس کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ 3 مئی 2026 کو منعقد ہونے والا امتحان منسوخ کیے جانے کے باعث طلبہ کو امتحانی فیس واپس کی جا رہی ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
ناندیڑ–ممبئی اور ٹنک پور–ناندیڑ ایکسپریس، ان دوریل گاڑیوں کا کل افتتاح کیا گیا۔ ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو، مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس اور اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے، جبکہ ناندیڑ ریلوے اسٹیشن پر سابق وزیرِ اعلیٰ اشوک چوہان، رکنِ پارلیمنٹ رویندر چوہان اور ڈاکٹر اجیت گوپچھڑے نے ہری جھنڈی دکھا کر ان ٹرینوں کو روانہ کیا۔ اشونی ویشنو نے کہا کہ ناندیڑ–ٹنک پورریل گاڑی کے آغاز سے ناندیڑکا اتراکھنڈ کے ساتھ براہِ راست ریل رابطہ قائم ہوگا، جس سے سیاحت اور تجارت کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا…
Byte: Railway Minister Ashwini Vaishnav
***** ***** *****
مراٹھواڑہ کے لیے علیحدہ ریلوے ڈویژن قائم کرنے کا مطالبہ رکنِ پارلیمنٹ سندیپان بھومرے نے کیا ہے۔ وہ کل ناندیڑ میں جنوب وسطی ریلوے کی سالانہ جائزاتی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے پیش کردہ نکات پر جنوب وسطی ریلوے کی جانب سے مثبت ردِعمل نہیں مل رہا، اسی لیے یہ مطالبہ کیا جا رہا ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میں مہاوترن کے ”سوریہ رتھ“کو رکنِ پارلیمان بھومرے نے کل ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ یہ رتھ آئندہ سات دنوں تک شہرکے اہم بازاروں اور رہائشی علاقوں میں گھومے گا۔ ”سوریہ گھر“ اسکیم سے متعلق معلومات فراہم کرنے کے لیے آج سے آئندہ دس دنوں تک کرانتی چوک فلائی اوور کے نیچے ایک خصوصی معلوماتی بوتھ قائم کیا جائے گا۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ ساہتیہ پریشد کا 2026ء کا بھگونت دیشمکھ وانگمئے ایوارڈ، پونے کی مصنفہ کلپنا دھماڑ کو ان کے مضامین کے مجموعے ”جاروا“ کیلئے دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ جبکہ سندھیہ دیشمکھ–مُلے بہترین کتب خانے اور لائبریرین ایوارڈ کیلئے رتناگیری ضلع کتب خانے کا انتخاب کیا گیا ہے۔ دونوں انعامات نقدرقم اور یادگاری نشان پر مشتمل ہیں۔ یہ انعامات آئندہ 5 اگست کو، بھگونت دیشمکھ کی سالگرہ کے موقع پر، چھترپتی سمبھاجی نگر میں پیش کیے جائیں گے۔
***** ***** *****
پنڈھرپور کی جانب روانہ سنت شرو منی شری نام دیو مہاراج کی پالکی کا پہلی ”رِنگن“ تقریب کل ہنگولی کے رام لیلا میدان میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر گھوڑوں کی رِنگن کی تقریب میں مقامی عقیدت مندوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
***** ***** *****
آشاڑھی واری کیلئے پنڈھرپور جانے والی نابینا زائرین کی واری کل پربھنی ضلع کے گنگاکھیڑسے پرلی ویجناتھ کی جانب روانہ ہوئی۔ یہ دِنڈی سات جون کو واشم سے روانہ ہوئی تھی۔دریں اثنا، چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع کے پیٹھن سے سنت شری ایکناتھ مہاراج کی پالکی آج پنڈھرپور کیلئے روانہ ہوگی۔
***** ***** *****
راجستھان کے گورنر ہری بھاؤ باگڑے نے کہا ہے کہ ڈاکٹر شیاما پرساد مکھرجی کی قومی مفاد کیلئے دی گئی قربانی سب سے اعلیٰ ہے اور ان کی زندگی حب الوطنی اور فرض شناسی کی بہترین مثال ہے۔ وہ کل جالنہ میں ڈاکٹر مکھرجی کی 125ویں سالگرہ کے موقع پر بھارت رتن اٹل بہاری واجپئی وچار منچ کی لیکچر سیریز کی افتتاحی نشست سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے ڈاکٹر مکھرجی کی مختلف خدمات کو یاد کیا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ شدید بارش کے پیشِ نظر سرکاری مشنری کو الرٹ موڈ پر رہنے کی ہدایت – وزیرِ اعلیٰ نے صورتحال کا لیا جائزہ۔
٭ ممبئی، کوکن اور ناسک ضلع کے لیے بارش کا ریڈ الرٹ، جبکہ مراٹھواڑہ میں اب بھی موسلا دھار بارش کا انتظار۔
٭ اس بار کی آشاڑھی واری میں دیہو اور آلندی کے بجائے پونے سے شامل ہونے کا وارکریوں کو مشورہ۔
اور۔۔۔٭ ناندیڑ–ممبئی اور ناندیڑ–ٹنک پور کے درمیان دو نئی ریل گاڑیوں کا آغاز۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment