▼

Thursday, 30 July 2026

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 30 جولائی 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 30 July 2026
Time: 09:00-09:10 AM
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۰۳/جولائی ۶۲۰۲ء؁
وقت: 09.00 سے 09.10/ بجے
***** ***** *****
سرخیاں
پہلے خاص خبروں کی سرخیاں...
٭ عوامی امتحانات میں غیرمعقول ذرائع کے استعمال کی روک تھام سے متعلق ترمیمی بل لوک سبھا میں منظور۔
٭ مراٹھا ریزرویشن تحریک کے رہنماء منوج جرانگے کا 29 اگست سے ایک اور احتجاج کا انتباہ۔
٭ کسانوں کی قرض معافی اسکیم کے تحت مزید اہل کسانوں کی فہرستوں کا جلد اعلان کیا جائے گا: امدادِ باہمی کے وزیر کا اعلان۔
٭ ناسک کے دلیپ گاویت نے دولت ِ مشترکہ پیرا ایتھلیٹکس کھیلوں میں گولڈ میڈل جیتا۔
اور۔۔۔ ٭ چھترپتی سمبھاجی نگر اور جالنہ اضلاع میں آج بارش کا آرینج الرٹ، باقی مراٹھواڑہ کیلئے یلو الرٹ جاری۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
لوک سبھا میں کل صوتی رائے دہی سے عوامی امتحانات غیر معقول ذرائع کے استعمال سے متعلق ترمیمی بل منظور کر لیا گیا۔ بل پر بحث کا جواب دیتے ہوئے وزیر مملکت جتیندر سنگھ نے کہا کہ یہ ترمیم قانون کو سخت بنانے اور جلد انصاف کو یقینی بنانے کیلئے کی گئی ہے۔ اس طرح کے معاملات کی معینہ وقت میں سماعت کے ساتھ ساتھ، اس بل میں منظم طور پر پیپر لیککرنے کے ذمہ داروں کیلئے سخت سزا اور مالی جرمانے کی شق بھی شامل کی گئی ہے۔ اس جواب کے بعد اسپیکر اوم برلا نے بل پر ووٹنگ کروائی اور اپوزیشن کے ہنگامے کے دوران ہی ایوان نے اسے منظور کرلیا۔
اس سے قبل بل پر مباحثے میں حصہ لیتے ہوئے قائد ِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی کے کہے گئے کچھ الفاظ پر حکمراں پارٹی کے اراکین پارلیمنٹ نے اعتراض کیا، جس کے بعد بڑھتے ہوئے ہنگامے کے سبب ایوان کی کارروائی دو بار ملتوی کرنا پڑی۔ کارروائی دوبارہ شروع ہونے کے بعد بھی راہل گاندھی نے اپنی تقریر کے دوران وزیرِ داخلہ پر سنگین الزامات عائد کیے۔ اس کے بعد پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو نے راہل گاندھی سے اپیل کی کہ وہ اپنے بیان کی حمایت میں حقائق پیش کریں، یا معافی مانگیں‘ لیکن راہل گاندھی نے اس جواب دینے سے گریز کرتے ہوئے اپنی تقریر بھی مکمل نہیں کی۔ اپوزیشن ارکان کی جانب سے شروع ہونے والا ہنگامہ آخر تک جاری رہا۔
***** ***** *****
قومی وقار کی توہین کی روک تھام کا ترمیمی بل کل راجیہ سبھا سے منظور کر لیا گیا۔ مرکزی مملکتی وزیر رام داس آٹھولے اور ڈاکٹر جیوتی واگھمارے سمیت کئی ارکان نے اس بل پر بحث میں حصہ لیا اور وندے ماترم گیت پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اپوزیشن نے بحث کے دوران نعرے لگاتے ہوئے اجلاس سے واک آؤٹ کیا۔
***** ***** *****
رکنِ پارلیمان اجیت گوپچھڑے نے کل راجیہ سبھا کی توجہ ناندیڑ ضلع میں مسلسل سیلاب اور سرحد کے ساتھ زراعت کو ہونے والے نقصان کی طرف مبذول کروائی۔ انہوں نے درخواست کی کہ اس مسئلہ کو مستقل طور پر حل کرنے کیلئے مہاراشٹرا اور تلنگانہ کے عہدیداروں کی ایک کمیٹی تشکیل دی جائے۔
***** ***** *****
مراٹھا ریزرویشن تحریک کے رہنماء منوج جرانگے پاٹل نے انتباہ دیا ہے کہ اگر ریاستی حکومت نے 28 اگست تک مراٹھا برادری کے زیر التواء مطالبات کو تسلیم نہیں کیا تو وہ 29 اگست سے دوبارہ احتجاج شروع کریں گے۔وہ کل جالنہ ضلعے کے انتروالی سراٹی میں منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ ان مطالبات میں حیدرآباد گزٹ کے مطابق مراٹھا برادری میں کنبی سرٹیفکیٹ جاری کرنا اور سرٹیفکیٹ کی درستگی میں درپیش مسائل کو دور کرنا وغیرہ شامل ہیں۔
دریں اثناء، وزیر اعلی دیویندر پھڑنویس نے تصدیق کی ہے کہ درخواست دینے والوں کو سرٹیفکیٹ جاری کرنے کا کام باقاعدگی سے جاری ہے۔ وہ گزشتہ روز ناگپور میں صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ نے یقین دلایا کہ اگر اس سلسلے میں کوئی مسائل ہیں تو انہیں بات چیت کے ذریعے حل کیا جاسکتا ہے۔
***** ***** *****
ریاستی حکومت کی اہم”پنیہ شلوک اہلیہ دیوی ہولکر کسان قرض معافی اسکیم“ کے تحت اہل کسانوں کی پہلی فہرست کل جاری کردی گئی۔مابقی اہل کسانوں کی فہرست بھی جلد شائع کی جائیگی۔ امدادِ باہمی وزیر بابا صاحب پاٹل نے ان کسانوں سے اپیل کی ہے جن کے نام جاری کردہ فہرست میں نہیں ہیں وہ نہ گھبرائیں۔ انہوں نے اہل کسانوں سے اپیل کی کہ وہAgristackپر رجسٹریشن کریں اور آدھار کی تصدیق کا عمل فوری طور پر مکمل کریں۔
اسی دوران‘ وزیرِ زراعت دتاتریہ بھرنے‘ نے بتایا کہ اس قرض معافی کی رقم آئندہ دو تین دنوں میں کسانوں کے بینک کھاتوں میں جمع کر دی جائے گی۔ وہ گزشتہ روز پونے میں ایک اطلاعی کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگرقرض معافی کی فہرست میں رقم کم دکھائی دے تو ان تمام شکایات کو متعلقہ بینکوں کے ساتھ مل کر فوری طور پر حل کیا جا رہا ہے۔
دریں اثناء، وزیر محصول چندر شیکھر باونکولے نے ریاست کے تمام ضلع کلکٹروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ نچلی سطح تک مؤثر طریقے سے اس اسکیم پر عمل درآمدکریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ ریاست میں کوئی بھی کسان قرض کی وجہ سے خودکشی نہ کرے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جا رہی ہیں۔
***** ***** *****
خوراک و ادویہ محکمے نے ریاست کے تمام اسکولوں کے 50 میٹر کے اندر اضافی چینی، نمک اور چکنائی والے پیک شدہ کھانے پینے کی اشیاء فروخت کرنے پر پابندی لگا دی ہے۔ کمشنر تکارام منڈھے نے کہا کہ اس حکم پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ فوڈ سیفٹی ضوابط کے مطابق ہر اسکول کے کھانے کی اشیاء تیار کرنے کے ذمہ دار افراد اور اسکولوں کو کھانا فراہم کرنے والوں کے پاس لائسنس ہونا ضروری ہے۔
***** ***** *****
ایس ٹی کی بسوں میں سفر کے دوران مختلف مراعات حاصل کرنے کیلئے NCMC اسمارٹ کارڈ حاصل کرنے کی آخری تاریخ یکم ستمبر تک بڑھا دی گئی ہے۔ ٹرانسپورٹ کے وزیر اور ایس ٹی کارپوریشن کے چیئرمین پرتاپ سرنائیک نے بتایا کہ بہت سے بزرگ شہریوں اور خواتین نے NCMC اسمارٹ کارڈ حاصل نہیں کیے اور انھیں کسی قسم کی تکلیف نہ ہو اس لیے تاریخ میں یہ توسیع کی گئی ہے۔ انہوں نے مسافروں سے بھی اپیل کی کہ وہ اس عمل کو جلد از جلد مکمل کریں۔
***** ***** *****
گرو پورنیما کا تہوار کل‘ منایا گیا۔ درشن کیلئے شرڈی سمیت ریاست کے مختلف مندروں میں عقیدت مندوں کا ہجوم دیکھا گیا۔ فنون کے شعبے میں کام کرنے والے گروکلوں میں گرو وندنا سمیت کئی پروگرام بھی منائے گئے۔
بیڑ ضلعے کے سرساڑا میں کل ایک ہی دن میں گرو پورنیما کے موقع پر 20 ہزار درخت لگائے گئے۔ اس موقع پر آبی وسائل کے ماہر مینک گاندھی نے حاضرین کی رہنمائی کی۔
***** ***** *****
’گرو وندنا 2026‘ قومی ورکشاپ کا پہلا سیشن کل بیڑ میں شروع ہوا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر وجے پھلاری نے کہا کہ تعلیم سے متعلق ذہن سازی کے ذریعے خود آگاہی اور خود عکاسی کو فروغ دینا چاہیے۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلع میں چار لاکھ 42 ہزار 406 کسانوں نے فصل بیمہ کی درخواستیں داخل کی ہیں۔ اس اسکیم میں حصہ لینے کیلئے آخری دو دن باقی رہ گئے ہیں۔ ضلع کلکٹر راہل کرڈیلے نے کسانوں سے فصل بیمہ اسکیم میں حصہ لینے کی اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
منشیات سے پاک یوتھ فار ڈیولپڈ انڈیا مہم کے تحت کل پربھنی میں ضلعی سطح کے مختلف مقابلے اور بیداری پروگرام منعقد کیے گئے۔ نوجوانوں کو ”منشیات سے دور کرنے اور ترقی یافتہ ہندوستان کے نعرے کی رغبت دلانے کے مقصد سے یہ پروگرام منعقد کیے گئے تھے۔ جالنہ میں بھی اس مہم کے تحت منعقدہ پروگرام میں نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
***** ***** *****
پربھنی کی وسنت راؤ نائیک مراٹھواڑہ زرعی یونیورسٹی نے ماحولیاتی تحفظ، پائیدار ترقی اور گرین کیمپس کی تعمیر کے میدان میں نمایاں کارکردگی پیش کی ہے اور نیشنل گرین یونیورسٹی رینکنگ-2026 میں ملک بھر میں 18 واں مقام حاصل کیا ہے۔ یونیورسٹی کو 100 میں سے 91 اعشاریہ چھ پوائنٹس کے ساتھ طلائی درجہ بندی میں شمار کیا گیا۔ نیشنل گرین یونیورسٹی رینکنگ، گرین مینٹرز کے زیر اہتمام، ایک قومی سطح کی درجہ بندی کا عمل ہے جو ملک میں اعلیٰ تعلیمی اداروں کے پائیدار ترقی، ماحولیاتی انتظام اور ماحول دوست اقدامات کا جائزہ لیتا ہے۔
***** ***** *****
گلاسگو میں جاری دولت مشترکہ پیرا ایتھلیٹکس کھیلوں میں مردوں کے 100 میٹر T-47 مقابلے میں ناسک کے دلیپ گاویت نے طلائی تمغہ حاصل کیا ہے۔ اسی مقابلے میں ہندوستان کے ہی محمد باسل نے چاندی کا تمغہ جیتا‘ اس کے علاوہ مرلی سری شنکر نے بھی لانگ جمپ میں چاندی کا تمغہ اپنے نام کیا۔ ہندوستان نے ان مقابلوں میں اب تک کل 15 تمغے جیتے ہیں جن میں تین طلائی، نونقرئی اور تین کانسے کے تمغے شامل ہیں۔
***** ***** *****
کل لاتور ضلع کے کئی علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی۔ اگرچہ بارش نے فصلوں میں جان ڈال دی ہے، لیکن کسان، جنہوں نے بوائی میں تقریباً 50 فیصد تاخیر کر دی ہے، اب بھی مناسب بارش کا انتظار کر رہے ہیں۔
ناسک اور اہلیانگر اضلاع میں بارش کی وجہ سے مختلف آبی منصوبوں سے پانی کا اخراج کم ہوگیا ہے۔ اس کی وجہ سے اس وقت جائیکواڑی ڈیم میں 26 ہزار 513 ملین مکعب فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی کی آمد جاری ہے اور ڈیم میں پانی کی سطح تقریباً 68 اعشاریہ 67 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔
دریں اثناء‘ محکمہ موسمیات نے آج چھترپتی سمبھاجی نگر اور جالنہ اضلاع میں بارش کا آرینج الرٹ جاری کیا ہے، جبکہ باقی مراٹھواڑہ میں یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
سرخیاں
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر....
٭ عوامی امتحانات میں غیرمعقول ذرائع کے استعمال کی روک تھام سے متعلق ترمیمی بل لوک سبھا میں منظور۔
٭ مراٹھا ریزرویشن کے تحریک کارکن منوج جرانگے کا 29 اگست سے ایک اور احتجاج کا انتباہ۔
٭ کسانوں کی قرض معافی اسکیم کے تحت باقی اہل کسانوں کی فہرستوں کا جلد اعلان کیا جائے گا، امدادِ باہمی کے وزیر کا اعلان۔
٭ ناسک کے دلیپ گاویت نے دولت ِ مشترکہ پیرا ایتھلیٹکس کھیلوں میں گولڈ میڈل جیتا-
اور۔۔۔ ٭ چھترپتی سمبھاجی نگر اور جالنہ اضلاع میں آج بارش کا آرینج الرٹ، جبکہ باقی مراٹھواڑہ کیلئے یلو الرٹ جاری۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment