▼

Friday, 14 August 2026

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 14 اگست 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 14 August-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۴۱/ اگست ۶۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس میں 12 بل منظور، اجلاس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی۔
٭ پنجاب کے سابق نائب وزیر اعلیٰ سکھبیر سنگھ بادل پر ناندیڑ میں حملہ؛حملہ آور گرفتار۔
٭ ریاست میں ندیوں کو جوڑنے کے منصوبے کا آغاز آئندہ ایک سال میں ہوگا:وزیر اعلیٰ کی یقین دہانی۔
٭ یومِ آزادی کے موقع پر صدرِ جمہوریہ دروپدی مرمو آج قوم سے کریں گی خطاب۔
اور۔۔۔٭ چھترپتی سمبھاجی نگر میں آج وزیر اعلیٰ کی موجودگی میں ترنگا یاترا کا انعقاد۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس کل غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی ہوگیا۔ کل صبح دونوں ایوانوں کی کارروائی شروع ہوتے ہی ’وندے ماترم‘ کی ادائیگی کے ساتھ اجلاس کے اختتام کا اعلان کیاگیا۔ راجیہ سبھا کے چیئرمین اور نائب صدرِ جمہوریہ سی پی رادھا کرشنن نے کارروائی کا جائزہ لیتے ہوئے اراکین سے ایوان کے وقار کو برقرار رکھنے اوربھارتی جمہوریت کی روایات کے مطابق اپنی پارلیمانی ذمہ داریاں ادا کرنے کی اپیل کی۔ گذشتہ20 جولائی سے شروع ہونے والے اس اجلاس کے25 روزہ دورانیے میں مجموعی طور پر19 نشستیں ہوئیں۔ اجلاس کے دوران ہونے والی کارروائی کے بارے میں وزیرِ پارلیمانی امور کرن رِجیجو نے صحافتی کانفرنس میں معلومات فراہم کیں۔ انہوں نے کہا…
Byte: Kiren Rijiju, Union MInister for Parlimentary Affairs
***** ***** *****
پنجاب کے سابق نائب وزیر اعلیٰ اور اکالی دل کے رہنماء سکھبیر سنگھ بادل پر کل ناندیڑ میں حملہ کیا گیا۔ ناندیڑ ضلعے کے نجی دورے پر آئے ہوئے بادل، کل مدکھیڑ تعلقہ میں ماتا صاحب گردوارے کے ایک پروگرام میں شرکت کیلئے گئے تھے، جہاں ایک شخص نے ان پر حملہ کردیا۔ تیز دھار ہتھیار سے کیے گئے اس حملے میں بادل کے ہاتھ پر چوٹ آئی اور انہیں ناندیڑ کے ایک نجی اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ ضلع کلکٹر راہل کرڈیلے نے بتایا کہ ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ حملہ آور کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ ضلع پولس سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر نیلابھ روہن نے ماتا صاحب گوردوارے کا دورہ کرکے واقعے کی معلومات حاصل کی۔ وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ ساتھ وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے فون پر سکھبیر سنگھ بادل کی خیریت دریافت کی۔ انہوں نے اس واقعے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کا حکم بھی دیا ہے۔
***** ***** *****
مرکزی آبی کمیشن کی منظوری ملنے کے بعدرواں یا آئندہ برس کے آغاز میں دریاؤں کو جوڑنے کے منصوبے کا کام شروع کیا جائے گا، وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے یہ اعلان کیا۔ وہ کل ممبئی میں ریاست کے آبی وسائل کے انتظامی ادارے Maharashtra Water Resource Regulatory Authorityکی سالگرہ کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیر اعلیٰ نے اعتماد ظاہر کیا کہ مغربی سمت بہنے والے دریاؤں کا سمندر میں ضائع ہونے والا پانی گوداوری ندی میں لانے سے شمالی مہاراشٹر اور مراٹھواڑہ کے پانی کی کمی والے علاقوں میں توازن قائم کیا جا سکے گا۔
***** ***** *****
کسانوں کے زمینی حقوق کے تحفظ، اراضی کے حصول سے متعلق تنازعات میں کمی کرنے اور ملکیت کے اندراج کے عمل کو شفاف بنانے کیلئے ریاستی حکومت مختلف فیصلے کر رہی ہے۔ یہ اطلاع وزیرِ محصولات چندر شیکھر باونکولے نے دی۔ وہ کل پونے میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ جن کسانوں کا زمین پر حقیقی قبضہ اور استعمال تو ہے، لیکن سات بارہ یا پراپرٹی کارڈ پر ان کا نام درج نہیں ہے ایسے تقریباً دو لاکھ31 ہزار کسانوں کی زمینیں ان کے نام پر کرنے کیلئے خصوصی اسکیم نافذ کی جائے گی۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر کے سرکاری میڈیکل کالج اور اسپتال کو آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز’ایمس‘ کا درجہ دیا جائے، یہ مطالبہ رکنِ پارلیمنٹ سندیپان بھومرے نے کیا ہے۔ اس سلسلے میں انہوں نے مرکزی وزیرِ صحت و خاندانی بہبود کو تفصیلی خط دیا ہے۔ مراٹھواڑہ میں صحت کے نظام کی مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری طور پر مثبت فیصلہ کرنے کی درخواست بھومرے نے اپنے خط میں کی ہے۔
***** ***** *****
مائیکرو، اسمال اور میڈیم انٹرپرائزز کی مرکزی وزارت کی جانب سے چھترپتی سمبھاجی نگر میں آج سے تین روزہ سودیشی ایکسپو 2026 شروع ہوگا۔ کھیل اور نوجوانوں کے امور کی مرکزی وزیر مملکت رکشا کھڑسے کے ہاتھوں اس نمائش کا افتتاح ہوگا۔ ملک بھر کے 75سے زائدتجارتی ادارے اس ایکسپو میں شرکت کریں گے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
ملک کا 80واں یومِ آزادی کل منایا جائے گا۔ یومِ آزادی کی شام کی مناسبت سے صدرِ جمہوریہ دروپدی مرمو آج قوم سے خطاب کریں گی۔ شام سات بجے ان کا یہ خطاب آکاشوانی سے نشر کیا جائے گا۔
***** ***** *****
اسی بیچ جمہوریہ دروپدی مرمو کے ہاتھوں 2024-25کیلئے سنگیت ناٹک اکیڈمی کی اعزازی فیلوشپس اور ایوارڈز کی کل نئی دہلی میں تقسیم عمل میں آئی۔ معروف گلوکار ارون کشالکر کو اکیڈمی کی اعزازی فیلوشپ سے نوازا گیا۔ دیگرانعامات حاصل کرنے والے فنکاروں میں آنند بھاٹے، مکند مراٹھے، شہنائی نواز شیلش بھاگوت، رقاصہ شُبھدا وراڑکر، منیشا ساٹھے، موسیقار اشوک پتکی، اداکار ارُن نلاوڑے اور ہدایت کار پرمود پوار شامل ہیں۔
نوجوان فنکاروں کیلئے استاد بسم اللہ خاں یوا ایوارڈ اس سال ملک کے106فنکاروں کو دیا گیا۔ مہاراشٹر کے گلوکار کرشنا بونگانے، انکیتا جوشی، بھارُڈ گلوکار بھاوارتھ دیکھنے، کٹھ پتلی فنکار بال کرشن ماسگے، ہارمونیم نواز تنمے دیوچکے اور بیداری فنکار پروین جادھو کو اس برس یہ انعام ملا ہے۔
***** ***** *****
ریاست میں پولنگ مراکز کے سطحی افسران BLOsکی جانب سے گھر گھر جاکر گنتی فارم پُر کروانے کی آخری تاریخ آئندہ 17 اگست کو ختم ہو رہی ہے۔ ریاست میں مجموعی طور پرنوکروڑ 78 لاکھ54 ہزار49 رائے دہندگان ہیں، جن میں سے تقریباً 78 فیصد یعنی سات کروڑ 62 لاکھ 99 ہزار360 ووٹروں کے گنتی فارم پُر کرکے اور دستخط کے ساتھ موصول ہو چکے ہیں۔گھر گھر جاکر تصدیق کے دوران جن رائے دہندگان کا پتہ نہیں چل سکایا جو مستقل طور پر منتقل ہو چکے ہیں یا وفات پا چکے ہیں، ایسے اور دیگر ووٹروں کے ناموں کی فہرستیں سیاسی جماعتوں کی جانب سے مقرر کردہ پولنگ مرکز سطح کے نمائندوں کو فراہم کرنے کی کارروائی جاری ہے۔ تمام ضلع کلکٹر دفاتر کی سرکاری ویب سائٹس پر ایسی فہرستیں شائع کرنے کی کارروائی بھی شروع ہے۔
***** ***** *****
یومِ آزادی کے پیشِ نظر ملک بھر میں جاری ’ہر گھر ترنگا‘ مہم کے تحت مختلف پروگرام منعقد کیے جا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں آج چھترپتی سمبھاجی نگر میں وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کی موجودگی میں ترنگا ریلی نکالی جائے گی۔
***** ***** *****
دھاراشیو میں ضلع انتظامیہ کی جانب سے کل ترنگا ریلی نکالی گئی۔ ضلع پریشد کی چیف ایگزیکٹیو افسر پرینودا مہڈ ڑکر نے ریلی کو ہری جھنڈی دکھائی۔ ضلع کلکٹر کیرتی کرن پوجار سمیت تمام سرکاری محکموں کے سربراہان نے اس ریلی میں شرکت کی۔لاتور میں ضلع انتظامیہ اور ضلع پریشد کے محکمہ ثانوی تعلیم کی جانب سے کل ترنگا ریلی نکالی گئی۔ ضلع پریشد کی صدر اوشا پاٹل اور ضلع کلکٹر ڈاکٹر بھارت باسٹیواڑ نے ریلی کو ہری جھنڈی دکھائی۔ہنگولی میونسپل کونسل کی جانب سے ترنگا موٹر سائیکل ریلی نکالی گئی۔ افسران اور ملازمین کے ساتھ طلبہ نے بھی اس ریلی میں شرکت کی۔بیڑ شہر میں آج ای-بائیک ترنگا ریلی نکالی جائے گی۔
***** ***** *****
’ہر گھر ترنگا‘ مہم میں تمام شہریوں سے شرکت کرنے اور اپنے اپنے گھروں پر ترنگا پرچم لہرانے کی اپیل چھترپتی سمبھاجی نگر کے سابق فوجی کیپٹن سریندر سُروے نے کی ہے۔
***** ***** *****
پربھنی ضلعے کے والور میں منعقدہ وزیر اعلیٰ دیہی مویشی پالن کاروباری اسکیم کی رہنمائی ورکشاپ کا افتتاح کل ضلع کی نگراں وزیر میگھنا بورڈیکر کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ انہوں نے اس موقع پر اپیل کی کہ زیادہ سے زیادہ کسان اس اسکیم سے فائدہ اٹھائیں اور زراعت سے جڑے مویشی پالن کے کاروبار کے ذریعے اپنی آمدنی میں اضافہ کریں۔
***** ***** *****
ترقی یافتہ بھارت روزگار اور ذریعہئ معاش ضمانت‘ کے کاموں کی منصوبہ بندی کرکے دیہی علاقوں کی پائیدار ترقی کو یقینی بنایا جائے۔ یہ اپیل روزگار ضمانت اسکیم کے وزیر بھرت گوگاولے نے کی ہے۔ وہ کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں منعقدہ ضلعی سطح کے پنچ سمیلن سے خطاب کر رہے تھے۔
***** ***** *****
ریاست میں آج کوکن کے ساتھ ساتھ پونے، ستارا اور کولہاپور اضلاع کے بالائی علاقوں اور ودربھ کے بیشتر اضلاع کیلئے محکمہ موسمیات نے بارش کا یلو الرٹ جاری کیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس میں 12 بل منظور، اجلاس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی۔
٭ پنجاب کے سابق نائب وزیر اعلیٰ سکھبیر سنگھ بادل پر ناندیڑ میں حملہ؛حملہ آور گرفتار۔
٭ ریاست میں ندیوں کو جوڑنے کے منصوبے کا آغاز آئندہ ایک سال میں ہوگا:وزیر اعلیٰ کی یقین دہانی۔
٭ یومِ آزادی کے موقع پر صدرِ جمہوریہ دروپدی مرمو آج قوم سے کریں گی خطاب۔
اور۔۔۔٭ چھترپتی سمبھاجی نگر میں آج وزیر اعلیٰ کی موجودگی میں ترنگا یاترا کا انعقاد۔

***** ***** ***** 

No comments:

Post a Comment