▼

Tuesday, 18 August 2026

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 18 اگست 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 18 August-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۸۱/ اگست ۶۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ریاست کے اہم منصوبوں کو رفتار دینے کیلئے وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کی وزیرِ اعظم سے ملاقات۔
٭ گڑھوں سے پاک گنیش اُتسو منانے کیلئے تمام میونسپل کارپوریشنز فوری طور پر کام شروع کریں: نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے کی ہدایت۔
٭ ایس آئی آر عمل میں دو کروڑ سے زیادہ رائے دہندگان کی درخواستوں کا انتظار؛ درخواستیں جمع کرانے کی مدت ختم۔
٭ سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ کرکٹ میچ میں بھارت کو پہلی اننگز میں 178 رنوں کی برتری۔
اور۔۔۔٭ آئندہ دو دنوں میں مراٹھواڑہ کے بعض مقامات پر بارش کا امکان۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
ریاست میں بنیادی ڈھانچے، صنعتی ترقی اور مواصلاتی شعبے کے اہم منصوبوں کو رفتار دینے کیلئے وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کل نئی دہلی میں وزیرِ اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں ریاست کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں وزیرِ اعظم کو معلومات فراہم کی گئیں۔ مرکزی حکومت کے تعاون سے جاری اسکیموں اور منصوبوں کو مزید رفتار دینے کیلئے ضروری تعاون کی درخواست بھی وزیرِ اعلیٰ نے کی۔ اس موقع پر شاہراہوں، ریلوے، میٹرو، ندیوں کو جوڑنے کے منصوبے، نیز اُتّن-ویرار کوریڈور جیسے اہم منصوبوں پر اس موقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
***** ***** *****
اسی دوران،وزیر اعلیٰ پھڑنویس نے کل مرکزی وزیرِ خزانہ نرملا سیتارامن سے بھی ملاقات کی۔ ممبئی-واڑھون ایکسپریس وے رابطے کیلئے جائیکا کے ذریعے مالی امداد حاصل کرنے کے سلسلے میں مرکزی وزارتِ خزانہ سے اجازت دیئے جانے کی درخواست انہوں نے اس ملاقات میں کی۔ اس کے بعد وزیرِ اعلیٰ مرکزی وزیرِ ماحولیات بھوپیندر یادو سے ملے اور مہاراشٹر کے مختلف منصوبوں سے متعلق زیرِ التواء ماحولیاتی اور جنگلاتی منظوریوں کا جائزہ لیا۔
***** ***** *****
نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے ریاست میں گڑھوں سے پاک گنیش اُتسو منانے کیلئے تمام میونسپل کارپور یشنزکو فوری طور پر کام شروع کرنے کی ہدایت دی ہے۔ اس سلسلے میں منعقدہ جائزہ اجلاس سے وہ کل خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر انہوں نے ہدایت دی کہ برسات کے موسم میں سڑکوں کے گڑھے فوری طور پر پُر کرنے کیلئے پری کاسٹ اور جیو پولیمر ٹیکنو پیچ جیسی جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے۔ اس کے ساتھ ہی شہروں کی اندرونی سڑکوں اور مورتیوں کے وسرجن کے راستوں پر موجود گڑھوں کو فوری طور پر پُر کرنے کیلئے مقررہ مدت کے مطابق پروگرام نافذ کیا جائے۔ چھترپتی سنبھاجی نگر، لاتور، ناندیڑ سمیت دیگر اہم میونسپل کارپوریشنز کے میونسپل کمشنر اس اجلاس میں موجود تھے۔
اسی بیچ، محکمہئ ٹرانسپورٹ، ریاستی مراٹھی ترقیاتی ادارہ، ممبئی مراٹھی ساہتیہ سنگھ اور کوکن مراٹھی ساہتیہ پریشد کے زیرِ اہتمام منعقدہ ہندو ہردئے سمراٹ بالاصاحب ٹھاکرے مراٹھی زبان نصاب مہم کی اختتامی تقریب کل شندے کی موجودگی میں منعقد ہوئی۔ شندے نے اس موقع پر کہاکہ غیر مراٹھی باشندوں کی جانب سے رضاکارانہ طور پر مراٹھی زبان کو اپنانا، مہاراشٹر کی تہذیبی یکجہتی کی طاقت ہے۔
***** ***** *****
ریاست میں SIRیعنی رائے دہندگان فہرست پر خصوصی نظرثانی کے عمل کے تحت درخواستیں جمع کرانے کا کل آخری دن تھا۔ووٹروں کی ابتدائی فہرست 24 اگست کو شائع کی جائے گی اور اس پر 23 ستمبر تک اعتراضات درج کرائے جا سکیں گے۔ 22 اکتوبر تک ان اعتراضات کا ازالہ کیا جائے گا اور 27 اکتوبر کو حتمی رائے دہندگان فہرست شائع کی جائے گی۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے دی گئی معلومات کے مطابق، ریاست میں دو کروڑ سات لاکھ 93 ہزار 916 ووٹروں کی درخواستیں بوتھ سطح کے افسران BLOsکو موصول نہیں ہوئی۔ ریاست میں ووٹروں کی مجموعی تعداد 9 کروڑ 78 لاکھ 54 ہزار 49 ہے۔ اس کے مقابلے میں درخواستیں جمع نہ کرانے والے ووٹروں کی تعداد 21 فیصد سے زیادہ ہے۔ ناگپور، تھانے، پونے، ناسک، رائے گڑھ، ممبئی شہر اور مضافاتی علاقوں سمیت پال گھر اضلاع میں درخواستیں جمع نہ کرانے والے ووٹروں کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔ جبکہ ایک لاکھ سات ہزار 871 ووٹروں کا کوئی سراغ نہ ملنے کی وجہ سے انہیں درخواستیں تقسیم نہیں کی جا سکیں۔
***** ***** *****
چھترپتی سنبھاجی نگر کی چکل تھانہ صنعتی بستی میں منعقدہ ’سودیشی فیشن اینڈ لائف اسٹائل ایکسپو 2026‘ کو شہریوں کی جانب سے زبردست پذیرائی ملی۔ مائیکرو، اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائززکی مرکزی وزارت کے تعاون سے 14 سے 16 اگست کے دوران منعقدہ اس نمائش میں ملک کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے بنکر، خواتین صنعت کار اور دستکاری کے فن کار شریک ہوئے۔ بھارتی دستکاری، ہینڈلوم اور دیسی مصنوعات کو بازار فراہم کرنے کے مقصد سے یہ نمائش منعقد کی گئی تھی۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
کل ناگ پنچمی کا تہوار روایتی طریقے سے جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ گھروں میں خواتین نے ناگ دیوتا کی پوجا کی۔ سانگلی ضلع کے دیہات بتّیس شیرالا میں 41 دیہاتیوں کو صرف تعلیمی مقصد کیلئے کل کی حد تک سانپ پکڑنے کی اجازت دی گئی تھی۔
دھاراشیو ضلع میں شری تلجا بھوانی مندر میں ہون کنڈ کے روبرو ناگ دیوتا کی پوجا کرنے کیلئے صبح ہی سے مقامی خواتین کی بڑی تعداد موجود تھی۔ روایت کے مطابق ہون کے سامنے بھوانی شنکر کا پیتل کا ناگ پھن رکھا گیا تھا۔ اس کے سامنے مٹی سے ناگ دیوتا کی شکل بنا کر اس کی پوجا کی گئی۔ شام کو سازوں کی گونج میں ناگ دیوتا کی اُتّر پوجا کی گئی اور روایتی طریقے سے کلّول تیرتھ میں وسرجن کیا گیا۔
***** ***** *****
ساون مہینے کے پہلے پیر کے موقع پر کل ریاست بھر کے شیو مندروں میں عقیدت مندوں کی بڑی بھیڑ دیکھی گئی۔ بارہویں جیوترلنگ، ایلورہ کے گھُرشنیشور مندر کے درشن کیلئے بڑی تعداد میں عقیدت مند پہنچے تھے۔ چھترپتی سنبھاجی نگر سے خلد آباد جانے والی سڑک پر صبح ہی سے پولس کا سخت بندوبست کیا گیا تھا۔ بیڑ ضلع کے پرلی میں واقع ویدیہ ناتھ مندر میں بھی عقیدت مندوں کی بھیڑ کو دیکھتے ہوئے دیوستھان ٹرسٹ کی جانب سے خصوصی درشن کا انتظام کیا گیا تھا۔
ہنگولی ضلع کے اونڈھا ناگ ناتھ میں بھی شراون سوموار اور ناگ پنچمی کا دوہرا موقع ہونے کی وجہ سے صبح سویرے ہی مندر کھول دیا گیا تھا۔ مہاراشٹر کے ساتھ ساتھ آس پاس کی ریاستوں سے بھی بڑی تعداد میں عقیدت مندوں نے حاضری دی اور ناگ ناتھ کے درشن کیے۔
***** ***** *****
ہنگولی ضلع میں بسمت میونسپل کونسل اور سرکاری اراضی پر تجاوزات کرکے غیر قانونی تعمیرات کرنے کے معاملے میں دومیونسپل کونسلرز کو نااہل قرار دیا گیا۔ کونسلرزحافظ رحمان اور حبیب شیخ بشیر کے خلاف درج شکایات کی بنیاد پر انتظامیہ کی جانب سے تفصیلی تحقیقات کی گئی۔ قانونی معیار کے مطابق دونوں بلدیاتی ارکان قصوروار پائے گئے۔جس کے بعد ان پرضلع کلکٹر راہل گپتا نے نااہلی کی کارروائی کی۔
***** ***** *****
TCS کمپنی میں خواتین ملازمین کے جنسی استحصال اور مذہبی جذبات مجروح کرنے کے معاملے میں درج مقدمے کی مشتبہ ملزمہ ندا خان کو چھترپتی سنبھاجی نگر میں پناہ دینے کے الزام میں ’ایم آئی ایم‘ کے کارپوریٹر متین پٹیل کو ناسک روڈ عدالت نے کل مشروط ضمانت دے دی۔ عدالت میں سنوائی کے دوران باقاعدگی سے حاضر نہ ہونے کے سبب ان کے خلاف گرفتاری کا وارنٹ جاری کیا گیا تھا۔
***** ***** *****
لاتور ضلع کے اودگیر تعلقے میں ’پیسوں کی بارش‘ کرنے کے توہم پرستانہ عقیدے کے تحت ایک غیر انسانی رسم ادا کرنے کا چونکا دینے والا معاملہ سامنے آیا ہے۔ اس معاملے میں اودگیر دیہی پولس نے 13 ملزمان کو گرفتار کیا ہے، جبکہ عدالت نے انہیں 21 اگست تک پولس تحویل میں بھیج دیا ہے۔ اس معاملے کے دو ملزمان فرار ہیں۔
***** ***** *****
دھاراشیو ضلع میں ’ہریت دھاراشیو 2.0‘ مہم نے ماحول کے تحفظ کی سمت میں قابلِ ذکر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ’میاواکی‘ طریقے سے شجرکاری کا گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کیا ہے۔ 14 اگست کو ضلع کے آٹھ مقامات پر محض 12 گھنٹوں میں 60 سے زیادہ مقامی اور دیسی اقسام کے 10 لاکھ 7 ہزار پودے لگائے گئے۔
***** ***** *****
بیڑ ضلع میں رواں مانسون کے دوران اب تک 273 اعشاریہ 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے، جو جون سے ستمبر کے دوران ہونے والی سالانہ اوسط بارش کے مقابلے میں 48 اعشاریہ 3 فیصد ہے۔ ضلع کی سالانہ اوسط کے مقابلے میں بارش کی کمی برقرار ہونے کی وجہ سے کسان اور شہری بارش کے منتظر ہیں، یہ اطلاع ہمارے نامہ نگار نے دی ہے۔
***** ***** *****
سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ کرکٹ میچ میں بھارت کو پہلی اننگز میں 178 رنوں کی برتری حاصل ہوئی ہے۔ کل میچ کے تیسرے دن بھارت کی پہلی اننگز 462 رن پر ختم ہوئی۔ اس کے بعد سری لنکا کی پہلی اننگز 284 رن پر سمٹ گئی۔ بھارت کی جانب سے مانَو سُتار نے چار، رویندر جڈیجا نے تین، جبکہ محمد سراج، کلدیپ یادو اور پرسدھ کرشنا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
***** ***** *****
محکمہئ موسمیات نے آئندہ دو دنوں کے دوران کوکن اور ودربھ کے بیشتر مقامات پرجبکہ وسطی مہاراشٹر اور مراٹھواڑہ میں چند ایک مقامات پر بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ ریاست کے اہم منصوبوں کو رفتار دینے کیلئے وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کی وزیرِ اعظم سے ملاقات۔
٭ گڑھوں سے پاک گنیش اُتسو منانے کیلئے تمام میونسپل کارپوریشنز فوری طور پر کام شروع کریں: نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے کی ہدایت۔
٭ ایس آئی آر عمل میں دو کروڑ سے زیادہ رائے دہندگان کی درخواستوں کا انتظار؛ درخواستیں جمع کرانے کی مدت ختم۔
٭ سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ کرکٹ میچ میں بھارت کو پہلی اننگز میں 178 رنوں کی برتری۔
اور۔۔۔٭ آئندہ دو دنوں میں مراٹھواڑہ کے بعض مقامات پر بارش کا امکان۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment