Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 31 August-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ترقی یافتہ بھارت کے لیے ”منشیات سے پاک نوجوان نسل اور منشیات سے پاک بھارت“ کا ہدف حاصل کرنا ہے، وزیر اعظم کا ’من کی بات‘ میں اظہارِ خیال۔
٭ وزیر اعظم نریندر مودی شنگھائی تعاون تنظیم کی 26ویں سربراہی کانفرنس میں شرکت کے لیے کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک پہنچے
٭ نیپال میں ہنوز 275 بھارتی شہری لاپتہ، ناگپور کے 102 سیاح واپس پہنچے۔
٭ مراٹھا برادری کو بلا استثنا کُنبی قرار دینے کا جرانگے پاٹل کا مطالبہ؛ قانونی مطالبات پر ریاستی حکومت بات چیت کے لیے تیار ہے، وزیر اعلیٰ کا بیان۔
اور۔۔۔٭ خواتین کے ایشیا کپ ٹی-20 کرکٹ مقابلے میں بھارت نے تھائی لینڈ کو شکست دے دی۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ ترقی یافتہ بھارت کے لیے ”منشیات سے پاک نوجوان نسل اور منشیات سے پاک بھارت“ کا ہدف حاصل کرنا ہے اور اس مقصد کے لیے ملک کی نوجوان نسل بڑی تعداد میں حصہ لے رہی ہے۔ وہ آکاشوانی کے پروگرام ’من کی بات‘ کے ذریعے ملک کی عوام سے خطاب کر رہے تھے۔ اس سلسلے کی 137ویں قسط کل نشر ہوئی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ منشیات کی لت کے اثرات پورے خاندان اور معاشرے کو بھی بھگتنا پڑتے ہیں۔ انہوں نے منشیات کے خلاف بیداری پیدا کرنے اور نشے کی لت سے لڑنے والے افراد کی مدد کے لیے پہل کرنے والوں کی ستائش کی۔ انہوں نے منشیات سے پاک بھارت کے لیے مؤثر نعرہ تیار کرنے اور NashaMuktYuva ہیش ٹیگ کے ذریعے سوشل میڈیا پر اس کی تشہیر کرنے کی اپیل کی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت کے یومِ آزادی کے موقع پر شروع کی گئی ’ہر گھر ترنگا‘ مہم ملک کے وقار اور فخر کے جذبے کو مزید مضبوط کرتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس مہم کے تحت آٹھ کروڑ سے زیادہ ترنگا سیلفیاں موصول ہوئی ہیں۔
وزیر اعظم نے اس موقع پر بھارت کے منفرد ’مشن شکتی سیٹ‘ پروگرام کے بارے میں بھی معلومات دیں۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے ذریعے طالبات کو سیٹلائٹ ٹیکنالوجی اورنئی موضوعات سیکھنے کا موقع مل رہا ہے۔
Byte: Prime Minister Narendra Modi
وزیر اعظم نے کہا کہ ہمارے تہوار اور تقریبات ہماری روایات کے ساتھ ساتھ ہمیں ایک دوسرے سے جڑنے کا موقع بھی فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے ایک بار پھراس تہوار کے موسم میں مقامی مصنوعات کو فروغ دینے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے خود کفیل بننے کی راہ بھارتی مصنوعات کو فخر کے ساتھ اپنانے سے ہی مزید ہموار ہوگی۔
وزیر اعظم نے ’پی ایم سوانِدھی یوجنا‘، خواتین کو بااختیار بنانے، ’سوچھتا ابھیان‘، ناگالینڈ میں پھولوں کی کاشت، اڑیسہ میں قدرتی سیاحت اور جنگلات کے تحفظ کے ساتھ ساتھ سائنس اور خلائی شعبے میں لڑکیوں کی شرکت کا بھی ’من کی بات‘ میں خصوصی ذکر کیا۔
***** ***** *****
وزیر اعظم نریندر مودی ازبکستان کا دورہ مکمل کرنے کے بعد کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک پہنچ گئے ہیں۔ وہ آج اور کل بشکیک میں منعقد ہونے والی شنگھائی تعاون تنظیم کی 26ویں سربراہی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔
دریں اثنا، وزیر اعظم مودی کے ازبکستان کے دورے کے دوران بھارت اور ازبکستان کے درمیان کل 11 اہم معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔ دونوں ممالک نے ارضیاتی علوم اور معدنی وسائل، آیوروید اور روایتی طبی نظام سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔
وزیر اعظم نریندر مودی کو کل ازبکستان کے اعلیٰ ترین اعزاز ’دوستالک آرڈر آف ہائیسٹ ڈگری‘ سے بھی نوازا گیا۔ تاشقند میں ازبکستان کے صدر شوکت مرزیایوف نے یہ اعزاز وزیر اعظم کو پیش کیا۔اس موقع پر وزیر اعظم مودی نے کہا کہ یہ ایوارڈ 140 کروڑ ہم وطنوں کے لئے عزاز ہے۔
***** ***** *****
نیپال میں اچانک آنے والے تباہ کن سیلاب میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 768 تک پہنچ گئی ہے، جبکہ تقریباً ڈھائی ہزار افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔وزارتِ خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے بتایا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے اب تک 108 بھارتی شہریوں کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے اور 50 شہریوں سے دوبارہ رابطہ قائم ہو گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ 275 بھارتی شہری اب بھی لاپتہ ہیں۔تاہم کٹھمنڈو میں پھنسے ہوئے ناگپور کے 102 سیاح کل بحفاظت اپنے وطن واپس پہنچ گئے۔
***** ***** *****
نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے تیقن دیا ہےء کہ ریاست کے کسانوں، ’لاڈلی بہن‘ اسکیم کی مستحق خواتین اور نوجوانوں کے ساتھ مرکز اور ریاست کی ڈبل انجن حکومت مضبوطی سے کھڑی ہے اور ترقیاتی کاموں کے لیے فنڈز کی کمی نہیں ہونے دی جائے گی۔وہ کل پربھنی میں منعقدہ کسانوں اور نوجوانوں کے ایک اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ شندے نے کہا کہ سرکاری خزانے پر عام کسانوں کا پہلا حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہایوتی حکومت نے اپنے دورِ اقتدار میں مسلسل کسانوں کے مفاد میں ہی فیصلے کیے۔انہوں نے یقین دلایا کہ پربھنی کی ترقی کے لیے فنڈز کی کوئی کمی نہیں ہونے دی جائے گی۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے پربھنی میں MIDC قائم کرنے کا بھی اعلان کیا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
مراٹھا ریزرویشن تحریک کے رہنما منوج جرانگے پاٹل نے مطالبہ کیا ہے کہ ریاستی حکومت مراٹھا برادری کو بلا استثنا کُنبی قرار دے۔ وہ کل انترولی سراٹی میں اپنی بھوک ہڑتال کے دوسرے روز صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ اگر یہ مطالبہ پورا نہیں کیا گیا تو ممبئی تک مارچ نکالا جائے گا اور تحریک کو مزید تیز کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ مراٹھا برادری کی مرکزی کمیٹی کا اجلاس 12 ستمبر کو انترولی سراٹی میں منعقد ہوگا۔ جس میں ممبئی میں بھوک ہڑتال کرنے کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا۔ جرانگے کی حمایت میں مراٹھا برادری کے بڑی تعداد میں افراد انترولی سراٹی میں جمع ہورہے ہیں۔
***** ***** *****
دریں اثنا، وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے کل ناگپور میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مراٹھا برادری کے مسائل کا پہلے بھی حل نکالا گیا ہے اور اس مسئلے کا بھی حل نکالا جائے گا۔ حکومت کے نمائندے منوج جرانگے سے بات چیت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ مراٹھا برادری کے جو بھی مطالبات دستور اور قانون کے دائرے کے اندر ہیں اور جو مطالبات عدالت عظمٰی کے فیصلے کو پامال نہیں کرتے ان پر گفت و شنید کے لیے حکومت تیار ہے۔
***** ***** *****
اہلیہ نگر سے بیڑ جانے والی ڈیمو ٹرین کی رفتار میں اضافہ کیا گیا ہے اور یکم ستمبر سے وسطی ریلوے کا ترمیم شدہ ٹائم ٹیبل نافذ ہوگا۔ اس کے نتیجے میں سفر کا وقت ایک گھنٹہ 35 منٹ کم ہوجائے گا۔یہ ٹرین اہلیہ نگر سے صبح پونے آٹھ بجے روانہ ہوکر پونے بارہ بجے بیڑ پہنچے گی۔ واپسی کی ٹرین بیڑ سے دوپہر 12 بجے روانہ ہوکر شام چار بجے اہلیہ نگر پہنچے گی۔ رکن پارلیمنٹ بجرنگ سونونے نے مسافروں سے نئے ٹائم ٹیبل کا نوٹس لینے اور اسی کے مطابق سفر کی منصوبہ بندی کرنے کی اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن اور انٹیک ادارے کی جانب سے کل ایک ہیریٹیج واک کا اہتمام کیا گیا۔ شہر کے نہر عنبری کے ابتدائی نقطے گومُکھ سے اس واک کا آغازہوا۔ ملک عنبر نے اُس وقت کے کھڑکی شہر کی منصوبہ بند ترقی کے لیے نہرعنبری کے ذریعے مؤثرآب رسانی کا نظام قائم کیا تھا۔تقریباً چار سو سال قبل تیار کیے گئے اس آبرسانی نظام کی تاریخی اہمیت اور اس نظام میں موجود انجینئرنگ کی مہارت کے بارے میں تاریخ کے ماہرین سنکیت کلکرنی اور آدتیہ واگھمارے نے شرکاء کو معلومات فراہم کی۔
اس موقع پر میئر سمیر راجورکر، اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین انیل مکریئے، میونسپل کمشنر امول یڈگے سمیت میونسپل کارپوریشن کے افسران، ملازمین اور شہری بڑی تعداد میں موجود تھے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میں اضافی شندرا صنعتی علاقے کے قیام کے لیے درکار زمین کے حصول کے عمل میں تیزی آگئی ہے۔ سٹانا میں 138 ہیکٹر اراضی کے حصول کی شرح بالآخر طے ہوگئی ہے، جس کے بعد کسانوں کو فی ہیکٹر 93 لاکھ 14 ہزار روپے معاوضہ ملنے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔ریاستی اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی نے اس شرح کو حتمی منظوری دے دی ہے۔
***** ***** *****
خواتین کے ایشیا کپ ٹی-20 کرکٹ مقابلے میں کل دبئی میں کھیلے گئے پہلے لیگ میچ میں بھارت نے تھائی لینڈ کو 94 رنز سے شکست دے دی۔پہلے بلے بازی کرتے ہوئے بھارتی خواتین کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے۔ جواب میں تھائی لینڈ کی پوری ٹیم 16ویں اوور میں 65 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔
***** ***** *****
محکمہ موسمیات نے وسطی مہاراشٹر اور بالائی علاقوں میں بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ جبکہ مراٹھواڑہ کے ہنگولی اور ناندیڑ اضلاع کے لیے آج بارش کا یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ ترقی یافتہ بھارت کے لیے ”منشیات سے پاک نوجوان نسل اور منشیات سے پاک بھارت“ کا ہدف حاصل کرنا ہے، وزیر اعظم کا ’من کی بات‘ میں اظہارِ خیال۔
٭ وزیر اعظم نریندر مودی شنگھائی تعاون تنظیم کی 26ویں سربراہی کانفرنس میں شرکت کے لیے کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک پہنچے
٭ نیپال میں ہنوز 275 بھارتی شہری لاپتہ، ناگپور کے 102 سیاح واپس پہنچے۔
٭ مراٹھا برادری کو بلا استثنا کُنبی قرار دینے کا جرانگے پاٹل کا مطالبہ؛ قانونی مطالبات پر ریاستی حکومت بات چیت کے لیے تیار ہے، وزیر اعلیٰ کا بیان۔
اور۔۔۔٭ خواتین کے ایشیا کپ ٹی-20 کرکٹ مقابلے میں بھارت نے تھائی لینڈ کو شکست دے دی۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment