▼

Thursday, 3 September 2026

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 03 ستمبر 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 03 September-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۳/ستمبر ۶۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ وزیر اعلیٰ کے ہاتھوں محکمہ صحت عامہ کے تین اہم منصوبوں کا افتتاح۔
٭ دسمبر کے اواخر تک بیڑ-ممبئی ریلوے خدمات شروع کرنے کیلئے جنگی پیمانے پر کام مکمل کرنے کی ہدایت۔
٭ فہرست رائے دہندگان کی خصوصی جامع نظرثانی مہم میں کسی بھی اہل ووٹر کا نام خارج نہیں ہوگا:ریاستی الیکشن کمیشن کی وضاحت۔
٭ حکومت کا خصوصی وفد آج مراٹھا ریزرویشن سے متعلق انتروالی سراٹی میں حکومتی فیصلہ پہنچائے گا۔
اور۔۔۔٭ ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی کے دو پرنسپلز اور دو پروفیسرز کو ریاستی حکومت کے مثالی اسٹیٹ ٹیچر ایوارڈ کا اعزاز۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
محکمہئ صحت عامہ کے تین اہم منصوبوں یعنی انٹیگریٹیڈ طبّی ڈیش بورڈ، انٹیگریٹیڈ طبّی سہولت مرکز اور اسپتالوں کے اسٹار ریٹنگ نظام کا کل وزیرِاعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے آغاز کیا۔ اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ نے محکمہ کو ترغیب دی کی کہ وہ ریاست میں صحت سے متعلق معلومات اکٹھا کرکے شہریوں کو بہتر معیاری صحت کی خدمات فراہم کرنے کیلئے سخت محنت کے ساتھ اسے عوامی بھلائی کیلئے استعمال کریں اور ان منصوبوں کو مؤثر طریقے سے نافذ کریں۔ فی الحال صحت عامہ کے محکمے کے مختلف پروگراموں کیلئے 40 سے زیادہ علیحدہ پورٹل کام کر رہے ہیں۔ ان پورٹلز سے اہم معلومات جمع کرنے اور اسے ایک پلیٹ فارم پر دستیاب کرنے کیلئے ایک مربوط ہیلتھ ڈیش بورڈ تیار کیا گیا ہے۔ نیز 104 کال سینٹرز کو مربوط صحت سہولت مرکز کے ذریعے جوڑا گیا ہے۔
***** ***** *****
نائب وزیر اعلیٰ اور بیڑ ضلع کی رابطہ وزیر سنیترا پوار نے کہا ہے کہ بیڑ-پونہ ریلوے خدمات کا17 ستمبر کو مراٹھواڑہ مکتی سنگم دن کے موقع پر آغاز ہوگا، اس سلسلے میں تمام ضروری تکنیکی اور حفاظتی جانچ مکمل کی جاچکی ہے۔ وہ کل ممبئی میں ”اہلیانگر-بیڑ-پرلی“ ریلوے لائن کی پیشرفت کا جائزہ لینے اور بیڑ-پونے اور بیڑ-ممبئی ریلوے خدمات شروع کرنے سے متعلق منعقدہ اجلاس سے خطاب کر رہی تھیں۔ انہوں نے تمام ضروری کاموں کو جنگی پیمانے پر مکمل کرنے کی ہدایات دیں تاکہ دسمبر کے اواخر تک بیڑ-ممبئی ریلوے سروس شروع کی جاسکے۔ سنیترا پوار نے اس یقین کا اظہار کیا کہ بیڑ-پونہ اور مجوزہ بیڑ-ممبئی صرف ایک ٹرین سروس نہیں ہوگی بلکہ بیڑ کو ترقی سے جوڑنے والی ایک نئی لائف لائن بھی ہوگی۔
***** ***** *****
کانگریس کی ”تنظیم سازی مہم“ کے تحت ضلع کانگریس کمیٹی کے صدور کے انتخاب اور تقرری کیلئے ناسک میں منعقدہ 10 روزہ رہائشی تربیتی کیمپ لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی کی موجودگی میں کل اختتام پذیر ہوا۔ کیمپ کے دوران راہل گاندھی نے ضلع کانگریس کمیٹی کے صدور اوران کے اہل خانہ سے بات چیت کی۔ انہوں نے پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے کو وسعت دینے اور کانگریس کے خیال کو دور دور تک پھیلانے کی اپیل کی۔
***** ***** *****
عدالت ِ عظمیٰ میں کل شیوسینا پارٹی اور پارٹی کے انتخابی نشان سے متعلق معاملے کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران شیوسینا کے سینئر وکیل نیرج کشن کول نے پارٹی کی تنظیمی تاریخ اور پارٹی آئین میں تبدیلیوں کا تفصیلی پس منظر پیش کیا۔ کول نے 1997 سے شیوسینا میں داخلی جمہوریت اور تنظیمی انتخابات میں الیکشن کمیشن کے کردار اور 1999 اور 2018 کے پارٹی آئین کے درمیان بنیادی اختلافات کی نشاندہی کی۔انھوں نے 2018 میں تبدیلیوں کی وجہ سے پارٹی سربراہ کو اضافی اختیارات کا مسئلہ بھی اٹھایا۔ اس سلسلے میں آئندہ سماعت 15 ستمبر کو ہوگی۔
***** ***** *****
چیف انتخابی افسر ایس چوکّ لنگم نے واضح کیا ہے کہ ریاست میں انتخابی فہرستوں کی خصوصی جامع نظرثانی مہم کے بعد فہرست ِ رائے دہندگان سے ایک بھی اہل ووٹر کو خارج نہیں کیا جائے گا۔ انھوں نے ہدایات جاری کیں کہ اعتراضات اور تجاویز کی سماعت کیلئے متعلقہ افراد کو نوٹس جاری کرنے کے علاوہ ان سے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے سماعت میں شرکت کی درخواست کی جائے اور اگر متعلقہ شخص کی جانب سے کوئی جواب نہ آئے تو نوٹس کی نقل ان کے وہاٹس ایپ نمبر پر ارسال کی جائے۔ چوکّ لنگم نے مزید کہا کہ اگر متعلقہ شخص کو سماعت میں شرکت میں دشواری ہو تو اس کے نمائندے کے طورپر کسی رشتہ دار کو بھی سماعت میں شرکت کی اجازت دی جاسکتی ہے جومتعلقہ ووٹر کی شہریت کا ثبوت پیش کرے گا۔
***** ***** *****
ممبئی عدالت ِ عالیہ نے آنجہانی اداکار سُشانت سنگھ راجپوت کی منیجر دِشا سالیان کی موت کی تحقیقات مرکزی تفتیشی بیورو(سی بی آئی) کے سپرد کرنے کا حکم دیا ہے۔ جسٹس سارنگ کوتوال اور جسٹس رنجیت سنگھ راجے بھوسلے پر مشتمل بنچ نے کل اس معاملے کی سماعت کی۔ عدالت نے اس معاملے میں ممبئی پولس کی تحقیقات پر سوالیہ نشان اٹھائے۔ تاہم عدالت نے یہ بھی واضح کیا کہ تفتیش کے دوران مضبوط ثبوت کے بغیر کسی کو ملزم قرار نہیں دیا جائے گا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
مراٹھا ریزرویشن کے مطالبات کیلئے فیصلہ کن بھوک ہڑتال کرنے والے منوج جرانگے پاٹل سے بی جے پی کے رکنِ اسمبلی پرساد لاڈ نے کل ملاقات کی۔ انہوں نے جرانگے کی طرف سے تیار کردہ مسودہ پڑھ کر سنایا اور اس پر فوری طور پر عمل کرنے کا مطالبہ کیا۔ جرانگے نے لاڈ کے ہاتھوں پانی پیا، لیکن کہا کہ ان کی بھوک ہڑتال جاری رہے گی۔ اور وہ مکمل مسودے کے نفاذ اور ذات کے سرٹیفکیٹ کی تقسیم شروع ہونے کے بعد ہی بھوک ہڑتال ختم کریں گے۔ ہمارے نمائندے نے بتایا ہے کہ ایک خصوصی حکومتی وفد جرانگے کے مطالبات کے سلسلے میں سرکاری فیصلے کو لیکر آج انتر والی سراٹی پہنچے گا۔
***** ***** *****
دریں اثناء، جرانگے کے احتجاج کی حمایت میں، سکل مراٹھا سماج کی جانب سے بیڑ-پرلی قومی شاہراہ پر جرور پھاٹے پر راستہ روکو احتجاج کیا گیا۔
لاتور میں بھی چار افراد نے سماجی انصاف بھون کی عمارت پر چڑھ کر اس بھوک ہڑتال کی حمایت میں اپنا احتجاج درج کروایا۔ سکل مراٹھا برادری نے آج لاتور ضلع بند کی اپیل بھی کی ہے۔
***** ***** *****
ریاستی حکومت ریاست میں اسکولوں کی حالت کو بہتر بنانے کیلئے”چلو اسکول جائیں“ مہم شروع کرنے جا رہی ہے۔ اسکولی تعلیم کے وزیر دادا بھوسے نے کل ممبئی میں ایک اخباری کانفرنس میں یہ اطلاع دی۔ انہوں نے کہا کہ سینئر افسران کو ضلع کو گود لے کر وہاں کے اسکولوں کے معائنہ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
***** ***** *****
پنڈت دین دیال اپادھیائے روزگار مہاکمبھ کے تحت 29 ستمبر کو ریاست بھر میں ایک ہزار مقامات پر روزگار میلوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ وزیرِ ہنرمندی منگل پربھات لوڈھا نے یہ اطلاع دی۔ وہ گزشتہ روز ”مہاراشٹر کی ہنر مندی کی صلاحیت دنیا بھر میں“عنوان کے تحت روزگار کیلئے اسرائیل جانے والے تعمیراتی مزدوروں اور ان کے اہل خانہ سے خطاب کر رہے تھے۔ ریاست سے 60 تعمیراتی مزدوروں کی پہلا دستہ آج اسرائیل کیلئے روانہ ہو رہا ہے۔
***** ***** *****
ضلع کلکٹر ونئے گوڑا جی سی نے کہا ہے کہ چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع میں سیاحت کے شعبے کو فروغ دینے کیلئے بنیادی سیاحتی ڈھانچے کی ترقی، صفائی، سیاحتی مقامات کی بین الاقوامی تشہیر اور پائیدار سیاحتی انتظامات پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔ وہ گزشتہ روز محکمہ سیاحت کے جائزہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ انھوں نے انتظامیہ، سیاحت کے شعبے سے وابستہ مختلف افراد و اداروں اور تمام متعلقہ ایجنسیوں سے مل کر اور تال میل کے ساتھ کام کرنے کی اپیل کی۔
***** ***** *****
ریاستی حکومت نے ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی کے دو پرنسپلز اور دو پروفیسرز کو ڈاکٹر جے پی نائک مثالی اسٹیٹ ٹیچر ایوارڈ دینے کا اعلان کیا ہے۔ تعلیمی سال 2024-25 کیلئے شعبہ زولوجی کے پروفیسر ڈاکٹر گلاب کھیڑکر جبکہ کنڑ کے چھترپتی شیواجی کالج کے پرنسپل ڈاکٹر وجئے بھوسلے کو پرنسپل زمرے سے منتخب کیا گیا ہے۔ تعلیمی سال 2025-26 کیلئے، پرنسپل زمرے سے سینئر پروفیسر ڈاکٹر بھارتی گولی، جبکہ پروفیسر زمرے سے لال بہادر شاستری کالج، پرتور کے پرنسپل ڈاکٹر بھارت کھندارے کو دیا جائے گا۔ یہ ایوارڈ آئندہ سنیچر کو یوم اساتذہ کے موقع پر پونے میں ایک تقریب میں پیش کیے جائیں گے۔
***** ***** *****
محکمہ امدادِ باہمی نے کل لاتور ضلع کے اودگیر شہر اور تعلقے میں غیر قانونی طریقے سے سود پر رقومات دینے والے ساہوکاروں کے خلاف پانچ مقامات پر چھاپے مارے۔ ان چھاپوں کے دوران مالی لین دین سے متعلق دستاویزات، نقد رقم، کھاتوں کی تفصیلات، بلینک چیک، بلینک اسٹامپ پیپراور غیر منقولہ جائیداد کی خرید وفروخت اور دیگر دستاویزات برآمد کیے گئے۔ اس معاملے میں مزید تفتیش جاری ہے۔
***** ***** *****
موسم: محکمہ موسمیات نے آج مراٹھواڑہ کے چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع میں بارش کا یلو الرٹ جاری کیا ہے، جبکہ جالنہ، پربھنی، بیڑ اور ہنگولی اضلاع میں ہلکی سے اوسط بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ وزیر اعلیٰ کے ہاتھوں محکمہ صحت عامہ کے تین اہم منصوبوں کا افتتاح۔
٭ دسمبر کے اواخر تک بیڑ-ممبئی ریلوے خدمات شروع کرنے کیلئے جنگی پیمانے پر کام مکمل کرنے کی ہدایات۔
٭ فہرست رائے دہندگان کی خصوصی جامع نظرثانی مہم میں کسی بھی اہل ووٹر کا نام خارج نہیں ہوگا:ریاستی الیکشن کمیشن کی وضاحت۔
٭ حکومت کا خصوصی وفد آج مراٹھا ریزرویشن سے متعلق انتروالی سراٹی میں حکومتی فیصلہ پہنچائے گا۔
اور۔۔۔٭ ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی کے دو پرنسپلز اور دو پروفیسرز کو ریاستی حکومت کے مثالی اسٹیٹ ٹیچر ایوارڈ کا اعزاز۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment