Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 10 September-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۰۱/ستمبر ۶۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ دہلی-ممبئی سمیت ملک بھر میں سات مصروف ترین ریلوے لائنوں کو فور ٹریک کرنے کو مرکزی کابینہ کی منظوری۔
٭ مالیاتی نظام کو ایجنٹک AI اور کوانٹم ٹیکنالوجی کے ذریعے ایک نئی جہت ملے گی: وزیرِ اعلیٰ کا اظہارِ یقین۔
٭ وزیر اعظم کی سیاسی زندگی کے 25 سال مکمل؛ بی جے پی کی جانب سے سیوا سنکلپ ابھیان کا اعلان۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ میں کنبی ذات سرٹیفکیٹ اجراء کے مسائل حل کرنے آج سے خصوصی کیمپوں کا انعقاد۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
مرکزی کابینہ نے ملک بھر میں سات مصروف ترین ریلوے روٹس کو چار لین کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ ان میں دہلی-ممبئی، ممبئی-چنئی، چنئی-کولکتہ اور کولکتہ-دہلی طلائی چوکور پر مبنی ریلوے لائنیں شامل ہیں۔ اطلاعات و نشریات کے مرکزی وزیر اشونی ویشنو نے نئی دہلی میں کابینی اجلاس کے بعد یہ اطلاع دی۔ انہوں نے کہا...
Byte: Railway Minister Ashwini Vaishnav
تقریباً 40 فیصد ریلوے کے ذریعے سفر کرنے والے افراد ان ہی سات راستوں کا استعمال کرتے ہیں اور اس کے تحت تقریباً دو ہزار کلومیٹر ریلوے لائنوں کو فور لین کرنے کا کام مکمل ہو چکا ہے۔ کابینہ نے کل 10 ہزار 700 کروڑ روپے سے زیادہ کی لاگت کے تین ”ملٹی ٹریکنگ“ ریلوے پروجیکٹوں کو بھی منظوری دی۔ وزیرِ موصوف نے بتایا کہ ممبئی-احمد آباد بلٹ ٹرین ایک سال کے اندر شروع ہو جائے گی، اور سورت سے واپی تک 100 کلومیٹر کا راستہ سب سے پہلے کھلے گا۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندرپھڑنویس نے کہا ہے کہ مالیاتی نظام کو ایجنٹک AI اور کوانٹم ٹیکنالوجی کے ذریعے ایک نئی جہت ملے گی۔ کل ممبئی کے جیو سینٹر میں منعقدہ گلوبل فنٹیک فیسٹ 2026 سے خطاب کرتے ہوئے، وزیر اعلیٰ نے مالیاتی شعبے میں ایک بڑی تبدیلی لانے کیلئے اس واسطے کی استعداد کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کو ٹھوس نتائج میں تبدیل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے ڈیلٹا ایکٹ کی تفصیلات بھی پیش کیں۔
***** ***** *****
نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کو برطانیہ کی پارلیمان کے ایوانِ بالا یعنی ہاؤس آف لارڈز میں کامن ویلتھ پبلک لیڈرشپ ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اس موقع پر، جئے مہاراشٹر کا نعرہ لگاتے ہوئے، انہوں نے لاڈکی بہین اسکیم، حکومت آپ کی دہلیز پر اور مہاراشٹر کیلئے ایک ٹریلین ڈالر کی معیشت کے وژن کا خاکہ پیش کیا۔ اس کے علاوہ ایکناتھ شندے کو برطانوی پارلیمنٹ کے ایوانِ زیریں یعنی ہاؤس آف کامنز میں اسٹیٹس مین شپ ایوارڈ کے ساتھ ساتھ لندن کے مہاراشٹر منڈل کی جانب سے ”مہاراشٹرا گلوبل پرائیڈ ایوارڈ“ سے بھی نوازا جائے گا۔
***** ***** *****
7 اکتوبر کووزیر اعظم نریندر مودی کے سیاسی زندگی کے 25 سال مکمل ہورہے ہیں۔ اس مناسبت سے بھارتیہ جنتا پارٹی 17 تاریخ سے ایک ماہ کے سیوا سنکلپ ابھیان کا آغاز کرے گی۔ بی جے پی کے قومی صدر نتن نوین نے کل نئی دہلی میں یہ اطلاع دی۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اس مہم میں کم از کم 25 منٹ عملی طور پر حصہ لیں۔ انہوں نے کہا...
Byte: BJP President Nitin Naveen
اس سیوا سنکلپ ابھیان کا آغاز عطیہئ خون کے انعقاد سے ہوگا۔ وزیر اعظم سے اظہارِ تشکر کیلئے 7 اکتوبر کو دیہی اور شہری علاقوں کو جوڑنے والی ”سیوا جیوتی کلش یاترا“ نکالی جائے گی۔
***** ***** *****
جسٹس مہیش چندر ترپاٹھی نے کل بامبے ہائی کورٹ کے 50ویں چیف جسٹس کے طور پر حلف لیا۔ گورنر جشنو دیو ورما نے انہیں عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔ اس سے قبل جسٹس ترپاٹھی الہ آباد ہائی کورٹ میں برسرِ خدمات تھے۔ اس کے علاوہ‘ جسٹس رویندر گھوگے نے کل کولکتہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے عہدے کا حلف لیا۔
***** ***** *****
ریاست میں 2026-27 کا گنے کا کشید ہنگام 15 اکتوبر سے شروع ہوگا۔ یہ فیصلہ کل ممبئی میں وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کی موجودگی میں گنے کے کشید ہنگام سے متعلق منعقدہ اجلاس میں کیا گیا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
آبی وسائل کے وزیر گریش مہاجن نے کہا ہے کہ مراٹھا ریزرویشن کے معاملے پر ریاستی حکومت کا موقف نہایت لچکدار ہے، اور مراٹھا برادری کے 80 فیصد مطالبات اب تک منظور کیے جا چکے ہیں۔ وہ گزشتہ روز ناسک میں ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے منوج جرانگے سے اپیل کی کہ وہ مطالبات کے تعلق سے اپنی ہٹ دھرمی کو ترک کرکے بات چیت کا متبادل اختیار کریں اور ریاست میں خشک سالی کی ممکنہ صورتحال اور تہواروں کے موسم کے دوران ممبئی میں کوئی احتجاج نہ کریں۔
***** ***** *****
انتظامیہ نے کنبی، مراٹھا-کنبی اور کنبی-مراٹھا ذاتوں کے سرٹیفکیٹس کی تقسیم کیلئے جنگی پیمانے پر کوششیں شروع کر دی ہیں۔ انتظامیہ نے کل ریاستی افسران کے ساتھ ایک تفصیلی میٹنگ کی اور مراٹھواڑہ کے تمام آٹھ اضلاع میں ذات سرٹیفکیٹ کی تقسیم میں فوری اجراء کو یقینی بنانے کیلئے ضروری ہدایات دیں۔ اس مقصد کیلئے آج سے پورے مراٹھواڑہ میں خصوصی کیمپ لگائے جا رہے ہیں، اور ہدایت کی گئی ہے کہ موصول ہونے والی ایک بھی درخواست کو فیصلہ کیے بغیر نہ چھوڑا جائے۔ اس میٹنگ میں وزیر صنعت ادئے سامنت، رکنِ اسمبلی پرساد لاڈ اور ڈویژنل کمشنر جی شری کانت موجود تھے‘ جبکہ مراٹھا ریزرویشن کابینی ذیلی کمیٹی کے چیرمین اور وزیر رادھا کرشن وکھے پاٹل نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس میں ہدایت کی گئی کہ اس کام کے تازہ ترین اعدادوشمار کو ذرائع ابلاغ پر روزانہ عوام کے سامنے پیش کیا جائے۔
***** ***** *****
آب رسانی اور صفائی کے وزیر گلاب راؤ پاٹل نے کل چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع کے سلوڑ تعلقے میں جل جیون مشن پروگرام کے تحت گرڈ واٹر سپلائی اسکیم سمیت سلوڑ-سوئیگاؤں اسمبلی حلقے میں مختلف آبرسانی اسکیموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ محکمہ جاتی سطح کے افسران باہمی تعاون سے اسکیم کے کام میں درپیش مسائل کو حل کریں۔
***** ***** *****
ہنگولی ضلع نے قومی تغذیہ مہینہ 2025 کے تحت ریاست میں دوسرا مقام حاصل کیا ہے۔ ضلع کے ایک ہزار 197 آنگن واڑی مراکز میں چلائی گئیں مختلف سرگرمیاں نیوٹریشن مہینے کے سرکاری پورٹل پر درج کی گئیں۔ اس کامیابی کیلئے ہنگولی ضلعے کو کل 11 ستمبر کو ممبئی میں وزیر برائے بہبودِ خواتین و اطفال آدیتی تٹکرے کے ذریعے اعزاز سے نوازا جائے گا۔
***** ***** *****
سابق قائد ِ حزبِ اختلاف اور رکنِ کونسل امباداس دانوے نے مراٹھواڑہ سمیت پوری ریاست میں فوری خشک سالی کا اعلان کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ کل لاتور میں کھیتوں کا دورہ کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بارشیں نہ ہونے سے سویابین اور دیگر فصلوں کو کافی حد تک نقصان پہنچ چکا ہے۔
دانوے نے اپیل کی کہ حکومت کو مراٹھا ریزرویشن کے مسئلہ کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی غرض سے جرانگے کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہنا چاہیے۔
***** ***** *****
حج 2027 کیلئے منتخبہ عازمین کی طبّی جانچ کیلئے چھترپتی سمبھاجی نگر کے قلعہ ارک علاقے میں واقع حج ہاؤس میں طبّی جانچ کیمپ کا انعقاد کیا گیا ہے۔ آج سے 15 ستمبر تک طبّی کیمپ منعقد کیا گیا ہے‘ اس کیمپ میں مہاراشٹر اسٹیٹ حج کمیٹی کی زیرِ نگرانی خدماتِ حجاج کمیٹی کے تحت صبح دس بجے تا دوپہر ایک بجے کے دوران عازمین کی طبّی جانچ کی جائیگی۔ حج کمیٹی کی جانب سے دئیے گئے کوور نمبر کی بنیادپر عازمین کو سلسلہ وار اس کیمپ میں حصہ لینا ہوگا۔
***** ***** *****
بیڑ ضلعے میں گرام روزگار سیوکوں کی جانب سے کل ضلع کلکٹر دفترکے روبرو مظاہرہ کیا گیا۔ جس میں VB-G رام جی اسکیم میں تکنیکی نقائص، نظام کی خامیوں اور دیہی روزگار کارکنوں پر عائد ہونے والے الزامات کے خلاف احتجاج کیا گیا۔ مظاہرین کے مطابق‘ ضلعے میں اب تک15 سے 20 روزگار سیوکوں پر حملہ کیا جاچکا ہے اور انتباہ دیا کہ مطالبات تسلیم نہ ہونے پر مزید دھرنے اور احتجاج کیے جائیں گے۔
***** ***** *****
”میرا گاؤں، صحت مند گاؤں“ مہم کے تحت چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے میں شہریوں کی جسمانی صحت کے ساتھ ذہنی صحت کو بھی فوقیت دی جا رہی ہے۔ ضلع پریشد کے محکمہ صحت کی جانب سے آج سے 17 ستمبر تک دماغی صحت ہفتہ منعقد کیا جائے گا۔اس کے تحت اسکولوں اور کالجوں میں ذہنی صحت سے متعلق بیداری کیمپ، کونسلنگ، سیمینار اور مختلف پروگراموں کا انعقاد کیا جائے گا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ دہلی-ممبئی سمیت ملک بھر میں سات مصروف ترین ریلوے لائنوں کو فور ٹریک کرنے کو مرکزی کابینہ کی منظوری۔
٭ مالیاتی نظام کو ایجنٹک AI اور کوانٹم ٹیکنالوجی کے ذریعے ایک نئی سمت ملے گی: وزیرِ اعلیٰ کا اظہارِ یقین۔
٭ وزیر اعظم کی سیاسی زندگی کے 25 سال مکمل؛ بی جے پی کی جانب سے سیوا سنکلپ ابھیان کا اعلان۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ میں کنبی ذات سرٹیفکیٹ اجراء کے مسائل حل کرنے آج سے خصوصی کیمپوں کا انعقاد۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment