▼

Friday, 11 September 2026

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 11 ستمبر 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 11 September-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۱۱/ستمبر ۶۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ایم پی ایس سی امتحانی نظام کی خامیوں کو دور کرنے کیلئے ضروری اقدامات کیے جائیں گے: وزیرِ اعلیٰ کی یقین دہانی۔
٭ گنیش مورتیوں کی بڑھتی ہوئی اونچائی کے ماحول پر پڑنے والے اثرات کو مدنظر رکھنے کی ضرورت کا وزیرِ اعلیٰ کی جانب سے اظہار۔
٭ بارش نہ ہونے کے باعث فصلوں کو پہنچنے والے نقصانات کے پنچ نامے کرنے کی ہدایت؛ قانون کے مطابق امداد دینے کی حکومت کی یقین دہانی۔
٭ مراٹھواڑہ میں کنبی ذات کے صداقت ناموں کی تقسیم کے عمل میں تیزی؛ بیڑ ضلع میں 25 ہزار سے زائد سرٹیفکیٹس تقسیم۔
اور۔۔۔٭ ناندیڑ ضلع میں پیش آئے سڑک حادثے میں آٹھ افراد ہلاک، چار زخمی۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کل ممبئی میں ایم پی ایس سی امتحانی نظام کے سلسلے میں ریاست بھر سے آئے ہوئے طلبہ کے نمائندوں سے ملاقات کی اور مختلف مطالبات پر تبادلہئ خیال کیا۔ انہوں نے طلباء کے تمام مطالبات منظور کر لیے۔ امتحانی نظام کی خامیوں کو دور کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات پیش نہ آئیں، اس کیلئے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پرچہ لیک ہونے کے معاملے میں حکومت کچھ بھی چھپانا نہیں چاہتی بلکہ نظام کو بہترکرنا چاہتی ہے۔
وزیرِ اعلیٰ نے بتایا کہ مجموعی طور پر جامع اصلاحات کیلئے وی. رادھا کی صدارت میں ایک نئی کمیٹی قائم کی جا رہی ہے۔ یہ کمیٹی ریاست بھر کا دورہ کرے گی اور تمام شعبوں میں طلباء، والدین، اساتذہ اور متعلقہ افراد سے بات چیت کرے گی۔
***** ***** *****
اسی دوران، وزیرِ اعلیٰ پھڑنویس نے کل نئی ممبئی کے واشی میں ماحول دوست مہا گنیش مورتی ورکشاپ میں شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے گنیش مورتیوں کی بڑھتی ہوئی اونچائی کے ماحول پر پڑنے والے اثرات کو مدنظر رکھنے کی ضرورت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ شری گنیش کی مورتیوں کی اونچائی بڑھنے کے باعث پلاسٹر آف پیرس کی مورتیاں بنائی جاتی ہیں، لیکن پلاسٹر آف پیرس اور مورتیوں کیلئے استعمال کیے جانے والے کیمیائی رنگوں کی وجہ سے آبی وسائل آلودہ ہو رہے ہیں۔ انہوں نے طلبہ سے اپیل کی کہ وہ خود سے تیار کی گئی مٹی کی مورتی اپنے گھر میں نصب کریں۔ وزیرِ اعلیٰ نے بھی اس ورکشاپ میں مٹی کی گنیش مورتی تیار کی۔
***** ***** *****
ریاست میں بارش کے رک جانے کی وجہ سے جن علاقوں میں فصلوں کو نقصان پہنچا ہے، وہاں فوری طور پر سروے کرنے کی ہدایت وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے انتظامیہ اور چیف سکریٹری کو دی ہے۔ محصول کے وزیر چندر شیکھر باون کُلے نے کل ناگپور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ محصول، زراعت اور دیہی ترقی کے محکمے مشترکہ طور پر یہ سروے کریں گے، جس کے بعد قانون کے مطابق کسانوں کو معاوضہ دیا جائیگا۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ میں کنبی، مراٹھا-کنبی اور کنبی-مراٹھا ذات کے صداقت ناموں کی تقسیم کے عمل میں بڑی تیزی آئی ہے۔ شندے کمیٹی کے قیام سے لے کر 7 ستمبر 2026 تک موصول ہونے والی تین لاکھ 17 ہزار 569 درخواستوں میں سے تین لاکھ 16 ہزار 977 کنبی سرٹیفکیٹس تقسیم کیے جا چکے ہیں۔ موصولہ درخواستوں میں سے تقریباً 99.8 فیصد درخواستوں پر کارروائی مکمل ہو چکی ہے، صرف 44 درخواستیں زیرِ التوا ہیں۔ دفتر کی جانب سے یہ اطلاع دی گئی۔ان صداقت ناموں کی تقسیم میں،بیڑ ضلع میں سب سے زیادہ 54ہزار میں سے 25 ہزار 958 سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے ہیں۔ چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع میں 25 ہزار 958، جالنہ میں 18 ہزار 653، پربھنی میں 20 ہزار 190، ہنگولی میں 13 ہزار 707، ناندیڑ میں 4 ہزار 893، لاتور میں 2 ہزار 870 جبکہ دھاراشیو ضلع میں 19 ہزار 775 سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے ہیں۔
***** ***** *****
ریاستی حکومت نے احتجاج کرنے والے منوج جرانگے کے 15 مطالبات کے سلسلے میں مثبت فیصلے کیے ہیں، اس لیے انہیں اپنا احتجاج ختم کر دینا چاہیے، جالنہ کی ضلع کلکٹر آشیما متل نے یہ اپیل کی۔ کل منعقدہ اخباری کانفرنس میں انہوں نے مراٹھا-کنبی سماج کے مختلف مطالبات کے حوالے سے گزشتہ تین برسوں کے دوران حکومت اور ضلع انتظامیہ کی جانب سے کی گئی کارروائی کی تفصیلات بتائیں۔ انہوں نے کہا کہ کنبی سرٹیفکیٹ کی درخواستیں مسترد ہونے کی شرح نہایت کم ہے اور حیدرآباد گزٹیئر کے مطابق 377 سرٹیفکیٹس تقسیم کیے جا چکے ہیں۔
***** ***** *****
مراٹھا ریزرویشن تحریک کے رہنما منوج جرانگے نے کہا ہے کہ مراٹھا سماج کے مختلف مطالبات کے لیے ممبئی میں طئے کیا گیا مورچہ نکالنے کا عزم برقرار ہے،۔ وہ کل انتروالی سراٹی میں بول رہے تھے۔ حکومت کے نمائندہ وفد کا انتظار نہ کرنے کی بات کہتے ہوئے جرانگے نے کہا کہ سماج کے لوگوں کے ایک ساتھ جمع ہونے کی تاریخ کا 12 ستمبر کو اعلان کیاجائے گا۔ ان کی غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال کا آج تیرہواں دن ہے۔
***** ***** *****
ریاستی حکومت کے انا صاحب پاٹل اقتصادی ترقی کارپوریشن کے پیچھے مضبوطی سے کھڑے رہنے کی وجہ سے مرحلہ وار اس کارپوریشن کے مستفیدین کی تعداد ایک لاکھ 80 ہزار تک پہنچ گئی ہے، کارپوریشن کے صدر نریندر پاٹل نے یہ اطلاع دی۔ وہ کل ممبئی میں ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ 2018 سے اب تک کارپوریشن کو دو ہزار کروڑ روپے فراہم کیے گئے ہیں اور مراٹھا کاروباری افراد تیار کرنے کیلئے ایک ہزار کروڑ روپیوں کے قرض تقسیم کیے گئے ہیں۔
***** ***** *****
مراٹھا ریزرویشن کے مطالبے کیلئے لاتور ضلع کے نِلنگہ تعلقہ میں واقع مسلگا میں چھاوا تنظیم کی جانب سے ٹینکی پر چڑھ کر احتجاج کیا گیا۔ محکمہئ محصول کے منڈل افسران نے احتجاج کرنے والوں کا مطالبات پر مبنی میمورنڈم قبول کیا اور ان کے مطالبات کے سلسلے میں حکومت کے سامنے فوری طور پر پیروی کرنے کی تحریری یقین دہانی کرائی۔ اس کے بعد احتجاج کرنے والے نوجوان ٹاکی سے نیچے اتر آئے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
ریاست کے تمام 36 اضلاع میں بااختیار مراٹھی زبان افسران مقرر کیے جائیں گے اور ہر ضلع میں علیحدہ مراٹھی زبان کا دفتر قائم کیا جائے گا۔ مراٹھی زبان کے وزیر ڈاکٹر اُدئے سامنت نے کل نندوربار میں یہ اعلان کیا۔ ان دفاتر کے ذریعے ضلعی سطح پر مراٹھی زبان کے محکمہ کا کام کاج چلایا جائے گا۔
***** ***** *****
پولے کا تہوار کل ہرطرف روایتی طریقے سے منایا گیا۔ سال بھر کھیتوں میں کسانوں کے ساتھ محنت کرنے والے بیلوں کے تئیں تشکر کا اظہار کرنے کیلئے یہ تہوار منایا جاتا ہے۔ پربھنی ضلع میں اس تہوار پر خشک سالی کا سایہ نظر آیا۔ ہمارے نامہ نگار نے اطلاع دی ہے کہ اس بار کسانوں نے ضلع میں پولے کا تہوار سادگی کے ساتھ منایا۔
وہیں ہنگولی ضلع میں گزشتہ ایک ماہ سے بارش نہ ہونے کی وجہ سے خشک سالی کے آثار کے باوجود کسانوں نے یہ تہوار جوش و خروش سے منایا۔ ہمارے نامہ نگار نے اطلاع دی ہے کہ بیلوں کو سجا کر مندر کا چکر لگانے کیلئے موسیقی اور ڈھول تاشوں کے ساتھ جلوس نکالے گئے۔
ناندیڑ ضلع کے اردھاپور تعلقہ کے بارس گاؤں میں شیوسینا کے رہنما اور رکنِ اسمبلی امباداس دانوے نے بیلوں کی پوجا کر کے کسانوں اور بیلوں کے درمیان اٹوٹ رشتے کا احترام کیا۔
شری تُلجا بھوانی دیوی کے مندر میں بھی پولا بڑے جوش و خروش اور روایتی طریقے سے منایا گیا۔ اس موقع پر دو مٹھوں کے علاوہ کولہاپور کے چھترپتی شاہی خاندان کے اعزازی بیلوں کو کمان ویس کے مقام پر واقع ڈُلْیا ماروتی مندر سے ڈھول تاشوں کے ساتھ شری تُلجا بھوانی مندر لایا گیا۔ اس کے بعد بیلوں کی باقاعدہ پوجا کی گئی۔
لاتور ضلع میں خشک سالی کا اثر اس تہوار پر بھی نظر آیا۔ کئی کسانوں نے ادھار لے کر اپنے پیارے بیلوں کا پولا تہوار منایا۔ چاکُور تعلقہ کے وڈوَل ناگ ناتھ میں وٹ سِدھ ناگ ناتھ مندر سے تالیوں اور تاشوں کی گونج میں بیلوں کا جلوس نکالا گیا۔
***** ***** *****
ناندیڑ-بھوکَر سڑک پر سیتاکھنڈی گھاٹ میں ایک ٹرک نے میجک آٹو کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں ہونے والے حادثے میں آٹھ افراد ہلاک جبکہ چار افراد زخمی ہو گئے۔ یہ حادثہ کل شام کے قریب پیش آیا۔ زخمیوں کو علاج کیلئے بھوکر اور ناندیڑ کے سرکاری اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔ ہلاک ہونے والوں میں میاں بیوی اور دو سگے بھائی شامل ہیں، اور یہ تمام افراد بھوکر کے رہنے والے تھے۔
***** ***** *****
دھاراشیو ضلع میں کرشنا-مراٹھواڑہ آبپاشی منصوبے کا پانی لانے کیلئے تجرباتی جانچ آئندہ ماہ کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ یہ اطلاع رکنِ اسمبلی رانا جگجیت سنگھ پاٹل نے دی۔ وہ کرشنا مراٹھواڑہ آبپاشی اسکیم نمبر دو کے تحت جاری ترقیاتی کاموں کا کل جائزہ لینے کے بعد صحافیوں سے بات کر رہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ اُجنی ڈیم کے پانی کو سینا ندی کے راستے گھاٹنے بیریج تک پہنچانے کیلئے کابینہ کی منظوری حاصل کرنے کی تجویز جلد ہی پیش کی جائے گی۔
***** ***** *****
دبئی میں جاری خواتین کے ایشیا کپ ٹی-ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں بھارتی ٹیم نے فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ کل کھیلے گئے سیمی فائنل میچ میں بھارت نے بنگلہ دیش کو 40 رنز سے شکست دے دی۔ بھارتی ٹیم نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 150 رنوں کا ہدف دیا، تاہم بنگلہ دیش کی ٹیم سات وکٹوں کے نقصان پر صرف 109 رنزہی بنا سکی۔ سیمی فائنل کا دوسرا میچ آج سری لنکا اور پاکستان کے درمیان کھیلا جائے گا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ ایم پی ایس سی امتحانی نظام کی خامیوں کو دور کرنے کیلئے ضروری اقدامات کیے جائیں گے: وزیرِ اعلیٰ کی یقین دہانی۔
٭ گنیش مورتیوں کی بڑھتی ہوئی اونچائی کے ماحول پر پڑنے والے اثرات کو مدنظر رکھنے کی ضرورت کا وزیرِ اعلیٰ کی جانب سے اظہار۔
٭ بارش نہ ہونے کے باعث فصلوں کو پہنچنے والے نقصانات کے پنچ نامے کرنے کی ہدایت؛ قانون کے مطابق امداد دینے کی حکومت کی یقین دہانی۔
٭ مراٹھواڑہ میں کنبی ذات کے صداقت ناموں کی تقسیم کے عمل میں تیزی؛ بیڑ ضلع میں 25 ہزار سے زائد سرٹیفکیٹس تقسیم۔
اور۔۔۔٭ ناندیڑ ضلع میں پیش آئے سڑک حادثے میں آٹھ افراد ہلاک، چار زخمی۔
***** ***** *****
اس کے ساتھ ہی آکاشوانی سے علاقائی خبریں ختم ہوئیں۔اس کے بعد ہمارے مرکز کا اگلا مراٹھی بلیٹن صبح گیارہ بجے نشر ہوگا۔
ان خبروں کو آپ AIR چھترپتی سمبھاجی نگر یوٹیوب چینل‘ پر دوبارہ کسی بھی وقت سن سکتے ہیں۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment