Saturday, 18 April 2026

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 18 اپریل 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 18 April-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۸۱/اپریل ۶۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ناری شکتی وَندن آئینی ترمیمی بل کو لوک سبھا میں نہیں مل سکی دو تہائی اکثریت؛ حکومت نے دیگر دو بل بھی لیے واپس۔
٭ حزبِ اختلاف کو خواتین کے غصے کا کرنا پڑے گا سامنا: وزیرِ داخلہ امت شاہ کا ردّعمل۔
٭ بیڑ کے رکنِ پارلیمان بجرنگ سونونے‘ نے مرکزی حکومت سے مراٹھواڑہ کو خصوصی آفت زدہ علاقہ قرار دینے کا کیا مطالبہ۔
٭ ناندیڑ کے ایک گڑھے میں جمع پانی میں ڈوبنے سے چار اسکولی بچوں کی موت کے معاملے میں میونسپل کارپوریشن کے دو انجینئر معطل۔
اور۔۔۔٭ چھترپتی سمبھاجی نگر، جالنہ، پربھنی، ہنگولی اور ناندیڑ اضلاع میں آج گرمی کی لہر کا الرٹ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
پارلیمنٹ اور ریاستی اسمبلیوں میں خواتین کیلئے ریزرویشن فراہم کرنے والا 131 واں ترمیمی بل یعنی ناری شکتی وندن بل‘ لوک سبھا میں منظور نہیں ہوسکا۔ اس کیلئے ووٹنگ میں 528 اراکین نے حصہ لیا، جس میں سے بل کے حق میں 298 اور مخالفت میں 230 ووٹ ڈالے گئے۔ اس آئینی ترمیمی بل کو منظوری کیلئے درکار دو تہائی اکثریت حاصل نہ ہوسکی‘ جس کے بعد اسپیکر اوم برلا نے اس بل کے نامنظور ہونے کا اعلان کردیا۔
اس آئینی ترمیمی بل سے تعلق رکھنے والے دیگر دو بل جن میں حلقہ بندیوں کی تنظیمِ نو بل 2026 اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کے قوانین کا ترمیمی بل 2026 شامل ہیں کو پارلیمنٹ میں دو تہائی اکثریت نہ مل پانے کی قیاس آرائی کے سبب واپس لے لیا گیا۔ پارلیمانی اُمور کے وزیر کرین رِجیجو نے اس کا اعلان کیا۔ انھوں نے کہا:
Byte: Minister of Parliamentary Affairs, Kiren Rijiju
***** ***** *****
مرکزی وزیرِ داخلہ امیت شاہ نے کہا ہے کہ خواتین کو 33 فیصد ریزرویشن فراہم کرنے والے اس بل کے مسترد ہونے پر جشن منانا انتہائی قابلِ مذمت اور ناقابلِ تصور ہے۔ انھوں نے سوشل میڈیا پر ایک پیغام میں کہا کہ مخالف جماعتوں کو ہر الیکشن بشمول 2029 کے لوک سبھا انتخابات اور ہر سطح پر ناری شکتی کے غصے کا سامنا کرنا پڑے گا۔
وہیں اطلاعات و نشریات کے مرکزی وزیر اشونی ویشنو نے کہا کہ کانگریس اور اس کے اتحادیوں نے اپنا اصلی چہرہ ظاہر کردیا ہے اور وہ خواتین کو بااختیار بنانے کی مخالفت کررہے ہیں۔ اسی طرح وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا کہ مخالف جماعتوں کے پاس ناری شکتی کے ساتھ کھڑے ہونے کا یہ ایک تاریخی موقع تھا جسے انھوں نے گنوادیا۔
اس سے قبل ان بلوں پر بحث کا جواب دیتے ہوئے مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ نے کہا کہ ملک خواتین کے ریزرویشن کی مخالفت کرنے والوں کو معاف نہیں کرے گا۔ انھو ں نے دعویٰ کیا کہ اس بل کی مخالفت کرنے والے اوبی سی‘ دلتوں کے مخالف ہیں۔ وزیرِ موصوف نے بتایا کہ خواتین کے ریزرویشن کے نفاذ کیلئے تمام ریاستوں میں ممبرانِ پارلیمنٹ کی تعداد میں 50 فیصد کا اضافہ ہوگا اور اس سے کسی بھی ریاست کی نمائندگی میں ناانصافی نہیں ہوگی۔ انھوں نے بتایا کہ ملک کے 120 لوک سبھا حلقوں میں 20لاکھ سے زائد رائے دہندگان ہیں اور اراکینِ پارلیمنٹ کیلئے ان سب پر توجہ دینا ممکن نہیں‘ اس لیے نئی حلقہ بندیوں کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا کہ آئین نے حکومت کو متوازن‘ جامع اور قابلِ عمل جمہوری نظام کی تعمیر کی ذمہ داری دی ہے۔ انھوں نے کہا:
Byte: Home Minister Amit Shah
اس سے قبل ان بلوں پر کل ایوان میں زوردار بحث ہوئی۔ حزبِ اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے الزام لگایا کہ مرکزی حکومت ناری شکتی وندن قانون میں ترممی کے ذریعے ملک کے انتخابی حساب کتاب کو بدلنے کی کوشش کررہی ہے۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت 2023 میں منظور کیے گئے بل کو واپس لائے تو ہم اس کی فوری حمایت کریں گے۔ انھوں نے حکومت پر تنقید کی کہ وہ ملک میں دلتوں‘ او بی سی اور دیگر طبقات کو نظر انداز کررہی ہے۔
کانگریس کے رکنِ پارلیمان ششی تھرور نے کہا ہے کہ خواتین کے ریزرویشن کو حلقوں کی تنظیمِ نو سے جوڑنا‘ خواتین کے ساتھ ناانصافی ہے۔ وہیں مرکزی وزیر راجیو رنجن سنگھ نے کانگریس پر سماجی تبدیلی میں رُکاوٹیں پیدا کرنے کا الزام لگایا۔ انھوں نے کہا کہ ”سب کا ساتھ‘ سب کا وکاس‘ سب کا وشواس‘ سب کا پریاس“ وزیرِ اعظم نریندر مودی کا وژن ہے۔ اس موقع پر صحت اور خاندانی بہبود کی مرکزی وزیرِ مملکت انوپریا پٹیل نے کہا کہ قوم کی تعمیر میں خواتین کی شراکت کو بڑھانے کا یہ تاریخی موقع ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
باربرداری کے ریاستی وزیر پرتاپ سرنائیک نے بتایا ہے کہ ریاست کے دیہی اور دور درازعلاقوں میں سفر کو محفوظ اور آرام دہ بنانے کی خاطر مرحلہ وار آٹھ ہزار نئی بسیں ایس ٹی کارپوریشن کے بیڑے میں شامل کی جائیں گی۔ وزیرِ موصوف کل کولہاپورضلع میں چار نئے بس اسٹینڈز کا افتتاح کرنے کے بعد بول رہے تھے۔ انھوں نے وضاحت کی کہ حکومت پرانی بسوں کی جگہ نئی بسیں فراہم کرکے ”لال پری“ سروس کو مزید مؤثر بنانے پر توجہ دے رہی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ آئندہ یکم جون سے ریاست کے تمام ایس ٹی بس اسٹینڈز پر مسافروں کیلئے بیت الخلاء مفت کردئیے جائیں گے۔ سرنائیک نے یہ بھی بتایا کہ بس اسٹینڈز کی کینٹینز میں صرف 30 روپؤں میں چائے اور ناشتہ فراہم کرنا لازمی کردیا گیا ہے۔
***** ***** *****
بیڑ کے رکنِ پارلیمان بجرنگ سونونے نے کل نئی دہلی میں مرکزی وزیرِ زراعت شیوراج سنگھ چوہان سے ملاقات کی اور مراٹھواڑہ سمیت خاص طور پر بیڑ ضلع میں زراعت کی نازک صورتحال پر تفصیل سے تبادلہئ خال کیا۔ اس موقع پر انھوں نے وزیرِ زراعت کو ایک محضر پیش کیا، جس میں مراٹھواڑہ کو ایک خصوصی آفت زدہ علاقہ قرار دینے کا مطالبہ کیا، ساتھ ہی فصلوں کے نقصان کا معاوضہ فوری طور پر اور براہِ راست کسانوں کے کھاتوں میں جمع کیے جانے کی مانگ کی۔ انھوں نے اس کیلئے بروقت شفاف اور ذمہ دارانہ طریقے سے پنچ نامے کرانے کیلئے مؤثر طریقہئ کار تشکیل دینے کا بھی مطالبہ کیا۔
***** ***** *****
دھاراشیو ضلع نے Chief Minister Employment Generation پروگرام کے تحت تاریخی کارکردگی کی ہے۔ مالی سال 2025-26 کے دوران ضلع نے نہ صرف روزگار کی پیداوار کے معاملے میں ہدف حاصل کیا ہے بلکہ مسلسل چوتھے برس صد فیصد زائد کارکردگی انجام دینے والا ریاست کا پہلا ضلع بن گیا ہے۔ ضلع پریشد کی سی ای او پریا وندہ مہڈدلکر نے بتایا کہ اس اسکیم کے تحت خواتین کاروباریوں کیلئے 62پروجیکٹس ہیں۔
***** ***** *****
ناندیڑ میں چار اسکولی بچوں کی موت کے معاملے میں میونسپل کارپوریشن کے دو انجینئروں کو معطل کردیا گیا ہے۔ گذشتہ 16 اپریل کو شہر کے اسلام پورہ علاقے میں 10 تا 13 برس کی عمر کے چار بچے گڑھے میں جمع پانی میں ڈوب کر ہلاک ہوگئے تھے۔ کام میں لاپرواہی برتنے کا الزام عائد کرتے ہوئے میونسپل کمشنر مہیش کمار ڈوئی پھوڑے نے تعمیراتِ عامہ محکمے کے ڈپٹی انجینئر شیوکنیا جائے بھائے اور جونئیر انجینئر کرن سوریہ ونشی کے خلاف معطلی کی کارروائی کی۔
***** ***** *****
لاتورضلع کے رابطہ وزیر شیویندر سنگھ راجے بھوسلے نے انتظامی کو پانی کی ممکنہ قلت پر پابو پانے کیلئے ابھی سے تیار رہنے کی ہدایت دی ہے۔ انھوں نے یہ ہدایت آئندہ مانسون میں توقع سے کم بارش ہونے کے پس منظر میں دی۔ وہ کل اس تعلق سے ایک جائزاتی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔
***** ***** *****
ریزرویشن کے مطالبے کو لیکر بیڑ میں مسلم سماج کی جانب سے یلغار مورچے کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر ریاستی حکومت کی جانب سے ماضی میں اعلان کیے گئے پانچ فیصد مسلم ریزڑویشن کو منسوخ کرنے پر احتجاج کیا گیا۔ اس مورچے میں ضلع بھر سے مسلم برادری نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
***** ***** *****
اب موسم کا حال: محکمہ موسمیات نے آج چھترپتی سمبھاجی نگر‘ جالنہ،پربھنی، ہنگولی اور ناندیڑ اضلاع کیلئے گرمی کی لہر کا الرٹ جاری کیا ہے۔ دریں اثناء‘ پربھنی‘ ہنگولی‘ ناندیڑ‘ لاتور ور دھاراشیو اضلاع کیلئے کل 19اور پرسوں 20 تاریخ کو غیر موسمی بارش کا یلو الرٹ جاری کیا گیاہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ ناری شکتی وَندن آئینی ترمیمی بل کو لوک سبھا میں نہیں مل سکی دو تہائی اکثریت؛ حکومت نے دیگر دو بل بھی لیے واپس۔
٭ حزبِ اختلاف کو خواتین کے غصے کا کرنا پڑے گا سامنا: وزیرِ داخلہ امت شاہ کا ردّعمل۔
٭ بیڑ کے رکنِ پارلیمان بجرنگ سونونے‘ نے مرکزی حکومت سے مراٹھواڑہ کو خصوصی آفت زدہ علاقہ قرار دینے کا کیا مطالبہ۔
٭ ناندیڑ کے ایک گڑھے میں جمع پانی میں ڈوبنے سے چار اسکولی بچوں کی موت کے معاملے میں میونسپل کارپوریشن کے دو انجینئر معطل۔
اور۔۔۔٭ چھترپتی سمبھاجی نگر، جالنہ، پربھنی، ہنگولی اور ناندیڑ اضلاع میں آج گرمی کی لہر کا الرٹ۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment