Wednesday, 29 April 2026

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 29 اپریل 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 29 April-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۹۲/اپریل ۶۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ غیر مراٹھی رکشہ اور ٹیکسی ڈرائیوروں کو مراٹھی سکھانے کیلئے یکم مئی سے خصوصی مہم کا ہوگا آغاز۔
٭ قانون ساز کاؤنسل اور ضمنی انتخابات کیلئے بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے امیدواروں کے ناموں کا اعلان۔
٭ ریاست کا علیحدہ بیج قانون بنانے کیلئے مرکزی حکومت کو تجویز پیش کی جائیگی: ریاستی وزیرِ زراعت دتاتریہ بھرنے کی اطلاع۔
٭ مزدوروں کو بڑھتے درجہئ حرارت اور گرمی کی لہروں سے بچانے کیلئے مرکزی حکومت نے رہنماء خطوط کیے جاری۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ میں گرمی کی لہر برقرار؛ پربھنی میں درجہئ حرارت 43 ڈگری سے زیادہ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
غیر مراٹھی رکشہ اور ٹیکسی ڈرائیوروں کو مراٹھی سکھانے کیلئے آئندہ یکم مئی سے 15 اگست کے درمیان ایک خصوصی مہم چلائی جائیگی۔ ریاست کے نقل و حمل کے وزیر پرتاپ سرنائیک نے یہ اطلاع دی۔ وزیرِ موصوف کل ممبئی میں محکمہئ ٹرانسپورٹ کے عہدیداروں کی میٹنگ کے بعد صحافیوں سے بات کررہے تھے۔ انھوں نے بتایا کہ ان کا محکمہ مراٹھی سکھانے کیلئے ایک کمیٹی تشکیل کرے گا جو مراٹھی نہ جاننے والے رکشہ اور ٹیکسی ڈرائیورس کا ریکارڈ رکھے گی۔ سرنائیک نے بتایا کہ مراٹھی سیکھنے والوں کیلئے آر ٹی او آفس میں جگہ فراہم کی جائیگی۔ انھوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت نے ان ڈرائیوروں کے خلاف کوئی بھی کارروائی نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے‘ تاہم غیر قانونی نقل و حمل میں ملوث مسافروں کو دھوکہ دینے والے اور قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیوروں پر کارروائی کی جائیگی اور اس سلسلے میں ان کے لائسنس بھی منسوخ کیے جاسکتے ہیں۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ پنڈھرپور کاریڈور کی تکمیل کے بعد شولاپور کی اقتصادی ترقی کو حقیقی معنوں میں فروغ ملے گا۔ وزیرِ اعلیٰ کل شولاپور میں بھارتی جنتا پارٹی کے ایک اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے بتایا کہ مرکزی حکومت نے ناسک-شولاپور- اکل کوٹ قومی شاہراہ کیلئے 20 ہزار کروڑ روپئے مختص کیے ہیں۔
اسی دوران وزیرِ اعلیٰ نے بارشی میں وزیرِ اعظم رہائشی اسکیم اور رمائی رہائشی اسکیم کے استفادہ کنندگان میں مکانات کی چابیاں تقسیم کیں۔
***** ***** *****
بھارتیہ جنتا پارٹی نے کل قانون ساز کاؤنسل اور ضمنی انتخابات کیلئے اپنے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیا۔ ان میں پرگیا ساتو‘ سنیل کرجتکر، مادھوی نائیک‘ سنجئے بھینڈے‘ ویویک کولہے‘ پرمود جٹھار شامل ہیں۔ کانگریس سے بی جے پی میں شامل ہونے والی پرگیا ساتو کو ان کی خالی نشست پر دوبارہ امیدواری دی گئی ہے۔
***** ***** *****
وزیرِ زراعت دتاتریہ بھرنے نے تمام سفارشات سمیت ریاست کے علیحدہ بیج قانون کی تجویز مرکزی حکومت کو پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔ وزیرِ موصوف کل اس خصوص میں منترالیہ میں منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اس نئے تجویز کردہ قانون میں بیج تیار کرنے والوں‘ پروسیسنگ مراکز‘ ڈسٹری بیوٹرز‘ تاجروں اور نرسریوں کے رجسٹریشن کو لازمی قرار دینے کا ارادہ ہے۔ یہ قانون کسانوں کو برانڈیڈ ناموں کے بغیر اپنے بیجوں کو ذخیرہ کرنے‘ استعمال کرنے‘ تبادلہ کرنے اور فروخت کرنے کیلئے قانونی تحفظ فراہم کرتا ہے۔
***** ***** *****
خواتین کے خلاف مظالم کی روک تھام کیلئے ریاست کے تمام سرکاری‘ نیم سرکاری اور نجی اداروں میں ایک داخلی کمیٹی کی تشکیل لازمی ہے۔ اگر یہ کمیٹی قائم نہیں کی گئی تو سخت کارروائی کی جائیگی‘ جس میں 50ہزار روپؤں تک کا جرمانہ شامل ہے اور اس کی خلاف ورزی کو دہرائے جانے کی صورت میں جرمانے کی رقم میں اضافہ کیا جاسکتا ہے یا لائسنس منسوخ کیا جاسکتا ہے۔ خواتین اور بچوں کی ترقی کے محکمے کے کمشنر جگدیش منیار نے یہ اطلاع دی۔ اگر کسی دفتر میں خواتین کی اس داخلی کمیٹی سے متعلق معلومات فراہم کرنے والا بورڈ آویزاں نہیں کیا گیا ہے تو خواتین ٹول فری ہیلپ لائن نمبر 181 پر شکایت درج کرائیں۔ کمشنر جگدیش منیار نے یہ اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
مزدوروں کو بڑھتے ہوئے درجہ حرارت اور گرمی کی لہروں سے بچانے کیلئے مرکزی حکومت نے تمام ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کیلئے رہنماء خطوط جاری کیے ہیں۔ اس سلسلے میں حکومت نے تمام ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کے چیف سیکریٹریوں اور ایڈمنسٹریٹرس کو خط لکھا ہے۔ ایمپلائز اسٹیٹ انشورنس کارپوریشن (ESIC) اور محنت کشوں کی فلاح و بہبود کے حکومتی ادارے کے ڈائریکٹر جنرل کے دائرہئ اختیار میں آنے والے تمام اسپتالوں اور صحت مراکز میں مزدوروں اور کارکنوں کیلئے‘ پینے کے پانی‘ کام اور آرام کیلئے ٹھنڈی جگہوں کا انتظام کرنے اور گرمی کی لُو لگنے پر فوری علاج کی خاطر ہیلپ رومز قائم کرنے کی ہدایت دی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ تمام ادارے اس سلسلے میں کی گئی کارروائی کی رپورٹ 15 دنوں میں پیش کریں۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میں روزانہ 400 سے زائد مریض‘ سردرد‘ پیٹ درد‘ جلاب‘ گرمی سے تھکاوٹ سمیت مختلف شکایات کے باعث طبّی مراکز پر علاج کیلئے آرہے ہیں۔ ضلع صحت افسر ڈاکٹر ابھئے دھانورکر نے کہا ہے کہ ان میں ہیٹ اسٹروک کا کوئی مریض نہیں ہے۔ دھانورکر نے شہریان سے اپیل کی کہ وہ بڑھتی گرمی سے خود کو بچائیں اور لُو لگنے کی علامات نظر آنے پر فوری طبّی مراکز سے رابطہ کریں۔
***** ***** *****
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ودربھ‘ کوکن اور وسطی مہاراشٹر کے چند مقامات پر درجہ حرارت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جبکہ مراٹھواڑہ میں یہ اضافہ معمولی ہے۔ ریاست میں کل سب سے زیادہ درجہ حرارت امراوتی میں 46.6 ڈگری سیلسیئس ریکارڈ کیا گیا۔ مراٹھواڑہ کے پربھنی میں 43.5 تپش درج کی گئی‘ وہیں چھترپتی سمبھاجی نگر‘ بیڑ اور دھاراشیو میں اوسط درجہ حرارت 42 ڈگری سیلسیئس ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ دو دنوں میں وسطی مہاراشٹر‘ مراٹھواڑہ اور ودربھ میں چند مقامات پر بجلی کی چمک اور بادلوں کی گرج کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
***** ***** *****
ریاست ِ مہاراشٹر کے حقِ خدمات قانون کے مؤثر نفاذ کیلئے بیڑ ضلع کو اوّل مقام دیا گیا ہے۔ گذشتہ برس ضلع میں درج شدہ خدمات کیلئے موصول ہونے والی درخواستوں میں سے 40 فیصد کو مقررہ مدت میں نمٹا دیا گیاتھا۔ حقِ خدمات دن کے موقع پر کل ممبئی میں منعقدہ ایک پروگرام میں ضلع کلکٹر ویویک جانسن کو خصوصی طور پر مبارکباد دی گئی۔
دھاراشیو میں کل حقِ خدمات دن کی مناسبت سے ضلع کلکٹر کیرتی کرن پجار کی موجودگی میں ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر انھوں نے توقع ظاہر کی کہ مختلف سرکاری محکموں کی جانب سے شہریوں کو فراہم کرنے والی خدمات بروقت‘ شفاف اور مؤثر انداز میں دی جانی چاہیے۔ اس موقع پر دھاراشیو کے سب ڈویژنل افسر اومکار دیشمکھ کو مہاراشٹر رائٹ ٹور سروسیز ایکٹ کے تحت ان کی بہترین کارکردگی کیلئے اعزاز سے نوازا گیا۔
پربھنی ضلع کلکٹر دفتر میں کل ”حقِ خدمت دن“ منایا گیا۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر سنجئے سنگھ چوہان نے حاضرین کو خدمت کے عہد کا حلف دلایا اور پیغام دیا کہ عوامی خدمت ہی اصل ذمہ داری ہے۔ اس موقع پر 90 فیصد سے زائد درخواستوں پر کارروائی کرنے والے دس افسران کو مبارکباد دی گئی۔
لاتور ضلع کلکٹر دفتر میں کل حقِ خدمت دن کی مناسبت سے احاطے میں آدرش سیتو کیندر کا افتتاح اضافی ضلع کلکٹر شلپا کرمرکر نے کیا۔ اس سیتو کیندر کی حال ہی میں ازسرِ نو تزئین و آرائش کی گئی ہے۔ اس موقع پر موجود شہریان میں مختلف سرکاری اسناد تقسیم کی گئیں۔
***** ***** *****
دھاراشیو نگر پریشد کا اجلاس ِ عام کل صدرِ بلدیہ نیہا کاکڑے کی زیرِ صدارت منعقد کیا گیا۔ اس موقع پر اہم اُمور کی منظوری دی گئی۔ اس اجلاس میں ابھئے یوجنا کی مدت میں توسیع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ جسے حکومت نے شہریان کی بحالی کے معاملے میں راحت فراہم کرنے‘ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے اور پارکنگ کیلئے جگہ فراہم کرنے کی خاطر شروع کی تھی۔
***** ***** *****
مردم شماری 2027 کے پہلے مرحلے میں گھروں کی فہرست سازی کے عمل کو مکمل طور پر ڈیجیٹل طور پر نافذ کیا جائے گا اور شہریان کو ”خودگنتی“ کی سہولت فراہم کی جائیگی۔ یہ سہولت ویب سائٹ SE.census.gov.in پر یکم تا 15مئی 2026 تک دستیاب رہے گی۔ ضلع کلکٹر کیرتی کرن پجار نے دھاراشیو ضلع کے تمام محکموں سے سخت منصوبہ بندی کے ساتھ ”خود گنتی“ کی مہم کو مؤثر طریقے سے نافذ کرنے کیلئے تیار رہنے کی اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ غیر مراٹھی رکشہ اور ٹیکسی ڈرائیوروں کو مراٹھی سکھانے کیلئے یکم مئی سے خصوصی مہم کا ہوگا آغاز۔
٭ قانون ساز کاؤنسل اور ضمنی انتخابات کیلئے بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے امیدواروں کے ناموں کا اعلان۔
٭ ریاست کا علیحدہ بیج قانون بنانے کیلئے مرکزی حکومت کو تجویز پیش کی جائیگی: ریاستی وزیرِ زراعت دتاتریہ بھرنے کی اطلاع۔
٭ مزدوروں کو بڑھتے درجہئ حرارت اور گرمی کی لہروں سے بچانے کیلئے مرکزی حکومت نے رہنماء خطوط کیے جاری۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ میں گرمی کی لہر برقرار؛ پربھنی میں درجہئ حرارت 43 ڈگری سے زیادہ۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment