Wednesday, 13 May 2026

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 13 مئی 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 13 May -2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۱۳؍مئی۲۰۲۶؁ء
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ طبی نصاب میں داخلے کے لیے منعقدکئے گئے نیٹ امتحانات منسوخ۔ناسک سے ایک شخص گرفتار
٭ بین الاقوامی نرسیس ڈے کی مناسبت سے فلورینس نائٹنگل ایوارڈ تقسیم۔
٭ NCERTاور CBSEکا مصنوعی ذہانت پر مبنی نیا نصاب ۔
٭ سانگلی میں بارش کے باعث دیوار منہدم ہونے سے 6؍افراد کی موت۔پربھنی میں ریت کے ٹپر کی ٹکر سے سابق سرپنچ ہلاک
٭ ہنگولی ضلع کے متعدد دیہاتوں میں زلزلے کے خفیف جھٹکے۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ میں آئندہ دو دنوں میں گرمی کا یلو الرٹ
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
میڈیکل ڈگر ی نصاب میں داخلے کے لیے تین مئی کو منعقدہ نیٹ امتحان منسوخ کر دیاگیا ہے۔ قومی جانچ ادارے این ٹی اے کے ڈائریکٹر جنرل ابھیشیک سنگھ نے یہ اطلاع دی۔ اس امتحان کا سوالیہ پر چہ افشاء ہو جانے کے سبب یہ فیصلہ کیا گیا۔ مرکزی تحقیقاتی ادارے سی بی آئی کو اس معاملے کی تحقیقات سپر د کر دی گئی ہے۔
از سر نو امتحانات کی تاریخ اور نئے ایڈمیشن کارڈ عنقریب جاری کئے جائیں گے۔ طلباء کو امتحانات کے لیے نئے سرے سے درخواست دینے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ ابھیشیک سنگھ نے بتایا کہ طلباء کو کوئی نئی فیس ادا کرنا نہیں ہوگابلکہ اس سے قبل ادا کی گئی فیس بھی واپس کی جائے گی۔ انہوں نے کہا
Byte : Abhishek Singh , DG of National Testin Agecy
نیٹ امتحان منسوخ ہونے پر لاتور کے طلباء و طالبات اور سرپرستوں نے شدید ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ سر پرستوں نے سخت رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ طلباء کے نفسیاتی دباؤ میں اضافہ ہوا ہے۔ تاہم طلباء کا کہنا ہے کہ خاطیوں کے خلاف سخت کا روائی کی جائے اور حقدار طلباء کو نقصان سے بچایا جائے۔
لاتور کی ایک خانگی کو چنگ کلاسیس کے خلاف ایک طالبہ کے سرپرست نے پولس سپرنٹنڈنٹ دفتر میں شکایت درج کروائی ہے۔ شکایت میں کہا گیا ہے کہ متعلقہ کوچنگ کلاس کی جانب سے لیے گئے موک ٹیسٹ میں 42سوالات ٹھیک اسی طرح نیٹ امتحان میں بھی پوچھے گئے تھے۔
دریں اثناء سوالیہ پر چہ افشاء ہونے کے معاملے میں ناسک پولس نے ایک ملزم کو گرفتار کیا ہے۔ اس طرح اس معاملے میں مہاراشٹر سے اب تک حراست میں لیے گئے افراد کی تعداد دو ہوگئی ہے۔
***** ***** *****
وزیر محصول چندر شیکھر باون کڑے نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی ، مہاتما گاندھی کے دیئے گئے سودیشی افکار کو ہی آگے لا رہے ہیں۔ کل ناگپور میں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معاشی استحکام کے لیے قومی دولت ملک ہی میں رہنا چاہئے۔ وزیر اعظم کی جانب سے کفایت شعاری کی تجویز پر حزب اختلاف کے رد عمل کو باون کڑے نے سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔
***** ***** *****
اولا۔اوبر اور ریپیڈو جیسی غیر مجاز بائیک ٹیکسی ایپ خدمات فوری بند کرکے متعلقہ کمپنیوں کے مالکوں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا سخت موقف وزیر حمل ونقل پرتاپ سرنائیک نے اختیار کیا ہے۔ اس خصوص میں ایک مکتوب مہاراشٹر سائبر محکمے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولس کو ارسا ل کیا گیا ہے۔ کسی بھی اجازت یا لائسنس کے بغیر ان ایپس کے ذریعے مسافروں کی حمل و نقل جاری ہے۔ سر نائیک نے کہا کہ حفاظت عامہ کے نکتۂ نظر سے یہ امر انتہائی تشویشناک ہے۔
***** ***** *****
پولس ملازمین کے مکانات کے لیے ایک ہزار 768؍کروڑ روپیئے کے فنڈز کو منظوری دے دی گئی ہے۔ اس سلسلے میں محکمے کے ہاوسنگ و بہبود شعبے کی تجویز کو وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے منظوری دی ۔ پولس اہلکاروں کو ذاتی گھر مل سکے اس کے لیے یہ فیصلہ کیا گیا۔ ریاست کے پانچ ہزار چار سو 59اہلکاروں کو اس فیصلے کا فائدہ ہوگا۔
***** ***** *****
بین الاقوامی نرسیس ڈے کل منایاگیا۔ اس دن کی مناسبت سے صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے اس بار کے فلورینس نائٹنگل ایوارڈز تقسیم کیئے۔ نئی دہلی کے راشٹر پتی بھون میں منعقدہ ایک تقریب میں صدر جمہوریہ نے نر سنگ شعبے میں شاندار کارکردگی پیش کرنے والے 15؍ افراد کو ایوارڈز دیئے۔ ایوارڈز حاصل کرنے والوں میں چندر پور کے سرکاری میڈیکل کالج میں گذشتہ 24برسوں سے برسر خدمت اُجولا مہادیو سویم بھی شامل ہیں۔
***** ***** *****
NCERTاور CBSEنے مشترکہ طور پر جماعت سوم تا ہشتم جماعت کے طلباء کے لیے کمپیوٹر اور مصنوعی ذہانت یعنی Artificial Intelligenceپر مبنی نئے مضامین شروع کیئے ہیں ۔ موسم گرما کی تعطیلات میں اس نئے نصاب کی اساتذہ کو تربیت دی جائے گی اور اسکول دوبارہ شروع ہونے پر ان مضامین کی تدریس کی جائے گی۔ NCERTکی جانب سے جماعت نہم ۔دہم ۔گیارہویں اور بارہویں کے لیے بھی مصنوعی ذہانت کی نصابی کتب تیار کی جا رہی ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
اسکولوں میں حق تعلیم سے متعلق قانون RTEکے تحت محفوظ 25فیصد نشستوں کے لیے داخلے کی مدت اس ماہ کی آٹھ تاریخ کو ختم ہوئی۔ اس میں چھتر پتی سمبھاجی نگر ضلع میں اب تک تین ہزار 438طلباء کا داخلہ حتمی طور پر ہو چکا ہے ۔ تاہم چند نشستیں خالی ہونے کے باعث ویٹنگ لسٹ کے طلباء کو داخلے کا موقع ملے گا۔ اس کے لیے ٹائم ٹیبل بہت جلد جاری کیا جائے گا۔
***** ***** *****
سانگلی ضلع میں تیز رفتار ہواؤں اور بارش کے سبب ایک دیوار منہدم ہونے سے چھ زائریں ہلاک اور 15تا 20؍افراد زخمی ہوگئے ۔ جت تعلقے کے موٹے واڑی میں ہر منگل اور جمعہ کو ہونے والی مرگوبائی یاترا میں یہ حادثہ پیش آیا۔ زخمیوں کو جت اور سانگلی کے سرکاری اسپتال میں داخل کیا گیاہے۔
***** ***** *****
پربھنی ضلع کے پورنا تعلقے کے سندلاپور میں پورنا ندی سے ریت لے جانے والے ٹپر کی ٹکر سے سابق سرپنچ اور موجودہ سرپنچ کے شوہر پنڈت راؤ مہاترے جائے حادثہ پر ہی ہلاک ہوگئے۔ مشتعل ہجوم نے ٹپر کو آگ لگا دی جس سے وہاں کچھ دیر کشیدگی پیدا ہوگئی تھی بعد ازاں پو لس نے حالات پر قابو پا لیا
***** ***** *****
ہنگولی ضلع کے بسمت ۔کلمنوری اور اونڈھا تعلقوں کے کئی دیہاتوں میں کل شام زمین کے اندر سے آواز اور زلزلے کے خفیف جھٹکے محسوس کیئے گئے۔زلزلہ پیما پر ان جھٹکوں کی شدت 4.3در ج کی گئی۔ گذشتہ دو ماہ میں پانچویں بار آئے اس خفیف زلزلے سے شہریوں میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔
***** ***** *****
چھتر پتی سمبھاجی نگر شہر کی پانی کی ضرورتوں کو پورا کرنے کے لیے ممبئی عدالت عالیہ کی 12؍جو ن کی ڈیڈ لائین سے قبل نئی آب رسانی اسکیم کا کام جنگی پیمانے پر جاری ہے۔ پیر کو جیک ویل پر پمپنگ کامیابی سے شروع ہوئی۔ کل یہ پانی نکشتر واڑی کے واٹر ٹریٹمنٹ مرکز پہنچ گیا۔ 22؍مئی تک اسے مرکزی ذخیرہ ٔ آب تک پہنچانے کی منصوبہ بندی ہے۔
***** ***** *****
آئندہ مانسون میں ممکنہ قدرتی آفات سے موثر مقابلے کے لیے پربھنی ضلع کے تمام محکموں کو باہمی تال میل سے کام کرنے کی ہدایت ضلع کلکٹر سنجئے سنگھ چوہان نے کی ہے۔ وہ کل مانسون سے قبل تیاری کے جائزہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر انہوں نے متعلقہ افراد کو ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔
***** ***** *****
مردم شماری کے احکامات ملنے کے باوجود ڈیوٹی پر حاضر نہ ہونے والے اساتذہ کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا انتباہ چھترپتی سمبھاجی نگر کے میونسپل کمشنر امول یڈگے نے دیا ہے۔ انہوں نے میونسپل کارپوریشن کے اسکولوں میں کام کرنے والے اساتذہ کو احکامات ملنے کے باوجود بھی غیر حاضر رہنے پر معطل کرنے کا بھی حکم جاری کیا۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ فوری کام پر رجوع ہو کر رپورٹ پیش کریں۔
***** ***** *****
موسم:
ریاست میں کل سب سے زیادہ در جۂ حرارت 45.1سیلسیس آکولہ میں درج کیا گیا۔ مراٹھواڑہ کے بیڑ میں 43.5اور چھتر پتی سمبھاجی نگر میں 43.4سیلسیس درجۂ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔
اس دوران مراٹھواڑہ کے چھتر پتی سمبھاجی نگر ۔جالنہ۔ بیڑ۔ پربھنی۔ہنگولی اور ناندیڑ اضلاع میں دو دنوں کے لیے تپش کا یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ ::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ طبی نصاب میں داخلے کے لیے منعقدکئے گئے نیٹ امتحانات منسوخ۔ناسک سے ایک شخص گرفتار۔
٭ بین الاقوامی نرسیس ڈے کی مناسبت سے فلورینس نائٹنگل ایوارڈ تقسیم۔
٭ NCERTاور CBSEکا مصنوعی ذہانت پر مبنی نیا نصاب ۔
٭ سانگلی میں بارش کے باعث دیوار منہدم ہونے سے 6؍افراد کی موت۔پربھنی میں ریت کے ٹپر کی ٹکر سے سابق سرپنچ ہلاک
٭ ہنگولی ضلع کے متعدد دیہاتوں میں زلزلے کے خفیف جھٹکے۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ میں آئندہ دو دنوں میں گرمی کا یلو الرٹ
***** ***** *****
۔

No comments:

Post a Comment